28ویں ترمیم بارے باضابطہ کوئی بات ہوئی نہ کوئی مسودہ تیار ہوا ‘ عطا اللہ تارڑ

جب حکومت نے ترمیم لانی ہوگی تو اتحادی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی’ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات
لاہور( این این آئی)وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 28 ویں آئینی ترمیم پر ابھی کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، جب حکومت نے ترمیم لانی ہوگی تو اتحادی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران عطا اللہ تارڑ نے 28 ویں آئینی ترمیم سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ابھی اس ترمیم کے حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی مسودہ تیار ہوا ہے۔ اس حوالے سے جب کوئی پیشرفت ہوگی تو اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 27 ویں ترمیم کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایم کیو ایم نے مقامی حکومتوں کے کے حوالے سے جو تجاویز دی ہیں وہ ہمارے ذہن میں ہیں اور ہم نے اس کی حمایت بھی کی، اسی طرح صوبوں کی مرضی کے بغیر این ایف سی کو نہیں چھیڑا جائے گا۔انہں نے کہاکہ 18ویں ترمیم رول بیک نہیں کی جائے گی، ایک مشاورتی عمل ہوگا جس کے تحت سیاسی جماعتوں اور صوبائی حکومتوں کو آن بورڈ لیا جائے گا، میڈیا میں 28ویں ترمیم پر بحث ہورہی ہے مگر اس حوالے سے ابھی کوئی سنجیدہ گفتگو نہیں ہوئی ، جب کوئی تجویز آئے گی تو سامنے لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ این ایف سی کے حوالے سے بحث یہ بھی چل رہی تھی کہ جس صوبے کی آبادی زیادہ ہے اسے زیادہ شیئرز ملے، آبادی کے حوالے سے اور تعلیم کے حوالے سے ترمیم لائی جائے گی، سارے ملک میں یکساں تعلیم ہو، آبادی کنٹرول کرنے کا جو محکمہ ہے وہ سینٹرلائزڈ ہو اور صوبے اور وفاق مل کر اس کو چلائیں، اس پر بحث ہوتی رہی ہے۔
50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں