جتنی مرضی کسی کی صلح کرا لیں، ہم آپس میں ایک دوسرے کیساتھ کھڑے ہوں تو بہتری آئے گی، بیرسٹرگوہر امید ہے حکومت کے ساتھ ایک ڈیڑھ ماہ تک بات چیت کا کوئی سلسلہ چل پڑے گا، بات چیت کا اختیار اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے پاس ہے، امید ہے کوئی نہ کوئی پیشرفت ہو جائے گی؛ میڈیا سے گفتگو

راولپنڈی ———- پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ جتنی مرضی کسی کی صلح کرا لیں، ہم آپس میں ایک دوسرے کیساتھ کھڑے ہوں تو بہتری آئے گی۔ داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو سراہا گیا، امید ہے نیا مذاکراتی سیشن جلد ہوگا، تاکہ مستقل سیز فائر ممکن ہو، ایران اور امریکہ کے مذاکرات کیلئے جس نے بھی جو بھی کردار ادا کیا ہم اُسے سراہتے ہیں، وزیراعظم، فیلڈ مارشل، چیف جسٹس سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ہم اس ملک کے شہری ہیں، جتنی مرضی کسی کی صلح کرا لیں، بہتری تب آئے گی جب ہم ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوں گے کیوں کہ داخلی اتحاد کے بغیر عالمی امن کا کردار ممکن نہیں۔
ایک سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پراپیگنڈہ مسترد کرتا ہوں پارٹی مؤقف واضح ہے، میرے پاس پارٹی چیئرمین شپ عمران خان کی امانت ہے، وہ جب کہیں گے میں یہ عہدہ چھوڑ دوں گا، میرے خلاف پھیلائی گئی سب باتیں افواہیں ہیں، اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، امید ہے حکومت کے ساتھ ایک ڈیڑھ ماہ تک بات چیت کا کوئی سلسلہ چل پڑے گا، بات چیت کا اختیار اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے پاس ہے، امید ہے کوئی نہ کوئی پیشرفت ہو جائے گی، فی الوقت ہمارے کسی سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں