چینی کی قیمتوں میں ناجائز منافع خوری پر 6 ہزار 418 دکانداروں کے خلاف کارروائیاں
لاہور(این این آئی)پنجاب بھر میں مہنگے داموں چینی فروخت کرنیوالوں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 418 دکانداروں کیخلاف چینی کی قیمتوں میں ناجائز منافع خوری پر کارروائیاں کی گئیں، سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ کے مطابق پنجاب بھر میں 429 افراد گرفتار، 78 کیخلاف مقدمات درج، 5 ہزار 911 افراد کو جرمانے اور نوٹسز جاری کیے گئے،لاہور ڈویژن میں 398 گراں فروشوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 22 افراد کیخلاف مقدمات درج،8 کو گرفتار کیا گیا، گوجرانوالہ ڈویژن میں1063 جبکہ فیصل آباد ڈویژن میں 311 دوکانداروں کیخلاف چینی کے نرخوں کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کی گئیں، بہاولپور ڈویژن میں 370,ڈی جی خان 323، جبکہ ملتان میں 198 چینی کی قیمت میں گراں فروشوں کیخلاف کارروائیاں کی گئیں،سرگودھا ڈویژن میں 569، ساہیوال 49 جبکہ راولپنڈی میں159 دوکانداروں کیخلاف مہنگے داموں چینی فروخت کرنے پر کارروائیاں کی گئیں،سیکرٹری پرائس کنٹرول کا کہنا تھا کہ عام مارکیٹ اور ہول سیل مارکیٹ میں چینی نرخوں میں مصنوعی مہنگائی کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،عوام تک مقرر کردہ نرخوں پر چینی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، ڈاکٹر احسان بھٹہ نے واضح کیا کہ صوبہ بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تمام کارروائیاں بذریعہ جیو ٹیگنگ مانیٹر کی جارہی ہیں۔

