نوجوان ملک کا روشن مستقبل ، تعلیم ،ریسرچ ،خدمت خلق کے ذریعے ملکی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،گورنربلوچستان
کوئٹہ(این این آئی) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل سے دانیال جیانی کی قیادت میں نیشنل یوتھ اسمبلی کے ایک وفد نے بلوچستان ہاوس کراچی میں ملاقات کی. ملاقات کے دوران کراچی میں نوجوانوں کی خوابیدہ صلاحیتوں کو ملک و قوم کے بہترین مفاد میں بروئے کار لانے، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور قومی یکجہتی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے قومی اتحاد کو فروغ دینے اور ترقیاتی عمل میں نوجوانوں کی شرکت کو یقینی بنانے اور نوجوانوں کی ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار پر زور دیا۔ نیشنل یوتھ اسمبلی کے دانیال جیانی نے گورنر کو تنظیم کی سرگرمیوں، یوتھ ڈیویلپمنٹ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ گورنر مندوخیل نے نوجوانوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی کوششوں کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ملک اور صوبے کے مستقبل کی تشکیل میں نوجوانوں کے کردار کی اہمیت پر زور دیا اور ان کی تعمیر اور ترقی کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ گورنر بلوچستان نے کہا نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں وہ ایجوکیشن، ریسرچ اور خدمت خلق کے ذریعے ملک کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں. ملاقات میں توقیر احمد، کراچی یونیورسٹی سے ڈائریکٹر پوسٹ گریجویٹ ایڈمیشن کمیٹی ڈاکٹر انیلا امبر ملک، یاسر چانڈیو، ممتاز اسکالر لئیق احمد، عارف بروہی اور ارتضیٰ بھی شریک تھے۔
Load/Hide Comments

