سانحہ سوات،بروقت مدد ملتی تو قیمتی جانیں بچ سکتی تھیں’ مریم نواز شریف
لاہور (این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سانحہ سوات میں سیالکوٹ کے ایک ہی خاندان کے متعدد افراد جاں بحق ہونے پر شدید دکھ اور افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت مدد ملتی تو قیمتی جانیں بچ سکتی تھیں۔مریم نواز شریف نے سانحہ سوات میں سیالکوٹ کے ایک ہی خاندان کے متعدد افراد کی جانوں کے ضیاع پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ سوات دل دہلا دینے والا واقعہ ہے، غمزدہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ان کے ساتھ کھڑی ہوں، اللہ تعالی مرحومین کو جوار رحمت میں جگہ دے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے سیاحتی مقامات پر انتظامیہ اور ریسکیو سروسز کو مزید متحرک کر دیا گیا ہے، حالیہ بارشوں کے پیش نظر پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122اور پی ڈی ایم اے مزید الرٹ رہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ریسکیو و ریلیف آپریشنز میں ذرا سی غفلت بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔

