گال(این این آئی)سری لنکا نے اینجلو میتھیوز اور دھننجیا ڈی سلوا کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنا لیے ، پاکستانی بائولر شاہین آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کر لیں۔
گال میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، سری لنکن کپتان دمتھ کرونارتنے نے ٹاس جیتا اور بابر اعظم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔سری لنکا نے اننگز کا آغاز کیا تو شاہین شاہ آفریدی نے اپنے دوسرے ہی اوور میں نشان مدھشکا چار رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے اور اس کامیابی کے ساتھ ہی شاہین نے ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹوں کا سنگ میل بھی عبور کر لیا۔
کپتان دمتھ کرونارتنے اور کوشل مینڈس نے اسکور کو 22 تک پہنچایا ہی تھا کہ شاہین نے ایک اور شکار کرتے ہوئے مینڈس کی 12 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ 53 کے مجموعی اسکور پر کرونارتنے بھی 29 رنز بنا کر چلتے بنے۔ابھی سری لنکن ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ نسیم شاہ نے بھی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے تجربہ کار دنیش چندیمل کو کپتان بابر اعظم کی مدد سے قابو کر لیا۔
پہلے ہی سیشن میں 54 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد سری لنکن ٹیم شدید مشکلات سے دوچار تھی اور اس مرحلے پر میدان میں میتھیوز کا ساتھ دینے دھننجیا ڈی سلوا آئے۔دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ناصرف کھانے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی بلکہ اگلے سیشن میں بھی جم کر کھیلتے ہوئے پاکستان کو وکٹ لینے سے باز رکھا۔
دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 131 رنز جوڑے لیکن چائے کے وقفے سے چند لمحے قبل میتھیوز 64 رنز بنانے کے بعد ابرار احمد کو وکٹ دے بیٹھے۔دوسرے اینڈ سے ڈی سلوا نے بھی بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور نئے بلے باز سدیرا وکراما کے ساتھ مل کر اسکور کو 226 تک پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی جس کے باعث میچ کو روکنا پڑا گیا۔
جب بارش کی وجہ سے کھیل روکا گیا تو سری لنکا نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنائے تھے۔شاہین نے اوپنر اوپنر نشان مدھشکا کو 4 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کیا، اس وکٹ کے ساتھ شاہین آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کر لیں۔وہ ایک سال سے یہ سنگ میل عبور کرنے کے منتظر تھے کیونکہ گزشتہ سال گال ٹیسٹ سے قبل وہ اسی گراؤنڈ پر انجری کا شکار ہوگئے تھے اور اسی وجہ سے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔
سری لنکا کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کوشل مینڈس تھے، وہ بھی 12 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔23 سالہ شاہین شاہ آفریدی نے 2018 میں اپنے عالمی کرکٹ ڈیبیو کے بعد سے وائٹ بال کرکٹ میں 134 وکٹیں حاصل کیں، وہ بابر اعظم کی زیر قیادت ٹیم کے لیے اسٹار باؤلر کے طور پر ابھر کر سامنے آئے۔فاسٹ باؤلر نے ہمبنٹوٹا میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی پر بہت خوش ہوں کیونکہ میری واپسی اسی ملک میں ہو رہی ہے جس میں مجھے انجری ہوئی تھی۔
انہوں نے کہاکہ میں ہمیشہ ریڈ بال کرکٹ سے لطف اندوز ہوا ہوں اور اب میں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹوں سے صرف ایک وکٹ کی دوری پر ہوں جو یقیناً میرے لیے بہت اہم بات ہے۔سنگ میل عبور کرنے پر سابق کپتان وسیم اکرم نے شاہین شاہ آفریدی کو مبارکباد دی اور اسے مستقبل میں مزید ملنے والے اعزازات میں سے ایک قرار دیا۔اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کرکٹ پریذیڈنٹ الیون کے خلاف دو روزہ وارم اپ میچ کھیلا جو ڈرا ہو گیا تھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 24 سے 28 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔گال ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی فائنل الیون میں کپتان بابر اعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق، سعود شکیل، شان مسعود، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، نسیم شاہ، نعمان علی، ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔