ٹرمپ کو صیہونیت نے رُسوا کردیا ہے’لیاقت بلوچ

ٹرمپ کو صیہونیت نے رُسوا کردیا ہے’لیاقت بلوچ
فلسطینیوں اور کشمیریوں کا مسئلہ حق و انصاف کی بنیاد پر حل کیا جائے’اجلاس سے خطاب ، صحافیوں سے گفتگو
لاہور( این این آئی)نائب امیر جماعتِ اسلامی، صدر مجلسِ قائمہ سیاسی و انتخابی اُمور لیاقت بلوچ نے کہا ہیکہ امریکی صدر ٹرمپ کو امریکی آلہ کار اسرائیل اور صیہونیت نے رُسوا کردیا ہے۔ فلسطین پر ہر معاہدہ کو اسرائیل سبوتاژ کررہا ہے، امریکہ نے اسرائیل کی ناجائز سرپرستی کے لئے اقوامِ متحدہ سکیورٹی کونسل میں ویٹو کے استعمال کی سنگین غلطیاں کیں۔ فلسطینیوں اور کشمیریوں کا مسئلہ حق و انصاف کی بنیاد پر حل کیا جائے۔لیاقت بلوچ نے منصورہ میں سیاسی مشاورتی اجلاس میں کہا کہ 30 دسمبر کو امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پنجاب میں جماعتِ اسلامی کے انتظامی یونٹس اور اضلاع کے ذمہ داران کا بلدیاتی کالے قانون کے خلاف، بااختیار بلدیاتی نظام اور عوام کو بااختیار بنانے کی جدوجہد کو تیزتر کرنے کے لئے گرینڈ کنونشن طلب کیا ہے۔ 15 جنوری کو پنجاب بلدیاتی کالے قانون کے خلاف ریفرنڈم کی تفصیلات کا بھی اعلان کیا جائے گا۔لیاقت بلوچ نے کراچی سے ڈھاکہ کے لئے پروازوں کے آغاز کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا ہے،بنگلہ دیش میں عام انتخابات کی مہم پُرجوش ہے اور آخری مراحل کی طرف بڑھ رہی ہے۔ پاکستانی عوام بنگلہ دیش کے ساتھ مضبوط تعلقات اور انتخابات کے نتائج کے ساتھ بنگلہ دیش میں استحکام اور ترقی کے لئے دُعاگو ہیں۔ بنگلہ دیش میں 8 جماعتوں کا مِل کر انتخاب لڑنے کا فیصلہ بنگلہ دیش کے عوام کے لئے بہتر چوائس اورو سیاسی استحکام کا ذریعہ ہوگا۔ عوامی لیگ کی بھارتی پروردہ لوگوں کی بی این پی میں پناہ لینے کے ردعمل میں 8 جماعتی انتخابی اتحاد بہت اہم اور بنگلہ دیشی عوام کے انڈین بالادستی سے نجات کے لئے مثبت، مؤثر سیاسی جمہوری اقدام ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کو امریکی آلہ کار اسرائیل اور صیہونیت نے رُسوا کردیا ہے۔ فلسطین پر ہر معاہدہ کو اسرائیل سبوتاژ کررہا ہے، امریکہ نے اسرائیل کی ناجائز سرپرستی کے لئے اقوامِ متحدہ سکیورٹی کونسل میں ویٹو کے استعمال کی سنگین غلطیاں کیں۔ فلسطینیوں اور کشمیریوں کا مسئلہ حق و انصاف کی بنیاد پر حل کیا جائے، وگرنہ عالمی امن مستقل بحرانوں سے دوچار رہے گا اور دُنیا دہشت گردوں کے نرغے میں رہے گی۔ سوڈان اور صومالیہ کے قدرتی وسائل ہڑپ کرنے کیلئے سازشیں امریکہ، برطانیہ اور یورپی سرپرستی میں جاری ہیں۔ امریکہ اور یورپ دُنیا پر نیا نوآبادیاتی نظام مسلط کرنا چاہتے ہیں لیکن اب ایسا ممکن نہیں۔لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ 2025ء کا سال غریب طبقات، مڈل کلاس گھرانوں کے لئے بدترین سال رہا۔ اپنے مفادات کی خاطر مظلوم اور کمزور عوام پر جنگیں مسلط کرکے انسانوں کو بنیادی حقوق سے محروم اور قحط میں مبتلا کیا گیا۔ انسانوں پر بدترین ظلم مسلط کرکے امدادی سرگرمیوں کو بھی مشکل ترین کام بنادیا گیا۔ 2026ء میں عالمی اداروں، عالمی قیادت بالخصوص عالمِ اسلام کی قیادت کو ماضی کی غلطیوں سے رجوع کرکے دُنیا کو امن و سکون کا گہوارہ بنانا ہوگا۔ امن، ترقی، انصاف اور انسانی وسائل کی منصفانہ تقسیم کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی تک رسائی نئی نسل کا حق ہے۔
50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں