اسحق ڈار کی امریکی وزیرخارجہ سے ملاقات، تجارت و سرمایہ کاری سمیت اہم شعبہ جات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(این این ا ئی)نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار کی امریکی ہم منصب مارکو روبیو سے واشنگٹن ڈی سی میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں تجارتی و اقتصادی روابط کے فروغ، سرمایہ کاری، زراعت سمیت اہم شعبہ جات میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دفتر خارجہ کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار کے امریکی محکمہ خارجہ پہنچنے پر امریکی حکام کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا، جہاں ان کی مارکو روبیو سے ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی اور علاقائی امن کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور امریکا کے وزرائے خارجہ کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہے، جس میں پاک-امریکا تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں ممکنہ تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔اہم بیٹھک میں دو طرفہ تجارتی و اقتصادی روابط کے فروغ، سرمایہ کاری، زراعت، ٹیکنالوجی، معدنیات سمیت اہم شعبہ جات میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ اسحق ڈار نے عالمی امن کے فروغ کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی قیادت کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے حوالے سے ٹرمپ کا کردار اور کاشیں لائق تحسین ہیں، پاکستان اور امریکا دوطرفہ تعلقات میں مزید وسعت اور استحکام کے خواہاں ہیں۔ترجمان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ عالمی و علاقائی امن کے حوالے سے پاکستان نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔پاک-امریکا وزرائے خارجہ کی ملاقات میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی موجود تھے۔وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں دونوں فریقین کی جانب سے سینئر حکام شریک ہوئے۔

