لاہور ( این این آئی) پاکستانی کرکٹر محمد عامر نے کہا ہے کہ بابر اعظم ان کے جونیئر تھے اور انہوں نے ہمیشہ عزت کی۔ایک پروگرام کے دوران مداح کے سوال پر عامر نے بتایا کہ بابر سے میری نہیں بنتی یہ سوال اچھا ہے لیکن بابر سے میری منگنی نہیں ٹوٹی ہے جو مجھے اچھا نہ لگے، میں نے بابر کے ساتھ 5سال کرکٹ کھیلی،
اس دوران میری اور بابر کی کبھی لڑائی نہیں ہوئی ، ہماری انڈرسٹینڈنگ بہت اچھی رہی ہے، بابر ہمارا جونیئر تھا اس نے ہمیشہ ہماری عزت کی ہے۔فاسٹ بولر نے کہا کہ میری رائے کو لوگ ہمیشہ غلط سمت دے دیتے ہیں کیوں کہ کسی بھی انسان کی کسی سے متعلق رائے علیحدہ ہوتی ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اسے پسند نہیں کرتا، میں نے ہمیشہ بابر کی کرکٹ پر بات کی ہے اس سے ذاتی ہوکر بات نہیں کی، میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ بابر اچھا انسان نہیں ہے، اگر بولرز میں کسی کو شاہین اچھا لگتا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ میرے دشمن ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بابر سے متعلق میری رائے یہی رہی ہے کہ وہ ون ڈے اور ٹیسٹ کا بہترین پلیئر ہے لیکن ٹی ٹونٹی کے حوالے سے بابر سے متعلق میری رائے مختلف ہے، بطور بولر مجھے شاید بابر مشکل نہیں لگتا اگر میری اس رائے پر لوگ مجھے بابر کے مخالف کہیں تو بس اتنا کہوں گا کہ ایسے لوگوں کو اللہ ہدایت دے۔محمد عامر نے یہ بھی کہا کہ بابر پاکستان کیلئے اس وقت کا بہترین بیٹسمین ہے اور اگر ایسے ہی چلتا رہا تو وہ آگے چل کر اس جنریشن کا بہترین بیٹسمین بھی بن جائے گا ۔