حکومت نے عوام پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا “پٹرول بم” گرا دیا حکومت کا پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ملکی تاریخ کے سب سے بڑے اضافے کا اعلان،پٹرول 137 روپے 23 پیسے اور ڈیزل 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا، 3اپریل سے فی لیٹر پٹرول 458روپے، ڈیزل 520روپے کی قیمت میں دستیاب ہوں گے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 اپریل 2026ء ) حکومت نے عوام پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا “پٹرول بم” گرا دیا۔ حکومت کا پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ملکی تاریخ کے سب سے بڑے اضافے کا اعلان، حکومت نے پٹرول 137 روپے 23 پیسے اور ڈیزل 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا، 3اپریل سے فی لیٹر پٹرول 458روپے، ڈیزل 520روپے کی قیمت میں دستیاب ہوں گے، موٹر سائیکل سواروں کو 20 لیٹر پٹرول پر 100 روپے کا ریلیف دینے کا فیصلہ، مال بردار اور مسافر گاڑیوں کو بھی ریلیف دیا جائے گا، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پٹرول کی قیمت 400 روپے کرنے کیلئے حکومت نے پٹرول پر ٹیکس میں اضافہ کر دیا، حکومت کی جانب سے فی لیٹر پٹرول پر عائد پٹرولیم لیوی کو 50 روپےسے زائد اضافے سے 161 روپے تک بڑھا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا۔ وزیرپیٹرولیم اور وزیر خزانہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کر کے عالمی بحران اور حکومتی اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیرپیٹرولیم نے بتایا کہ آج وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سارے وزرائے اعلیٰ، فوجی قیادت اور دیگر قائدین شریک تھے جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ عالمی منڈیوں کی صورت حال کے پیش نظر سبسڈی صرف مخصوص طبقے کو دی جائے گی۔

