پیپلز پارٹی کے 17 سالہ دورِ اقتدار میں کرپشن اور ڈاکو راج سندھ کی شناخت بن چکا ہے، کاشف سعید شیخ

پیپلز پارٹی کے 17 سالہ دورِ اقتدار میں کرپشن اور ڈاکو راج سندھ کی شناخت بن چکا ہے، کاشف سعید شیخ
کراچی سے گڑھی خیرو تک عوام ڈاکوں اور بھتہ خوروں کا نشانہ بنے ہوئے ہیں، ہر جگہ سسٹم کے کارندے عوام کا خون چوس رہے ہیں
حیدرآباد(این این آئی) امیر جماعتِ اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے 17 سالہ دورِ اقتدار میں کرپشن اور ڈاکو راج سندھ کی شناخت بن چکا ہے، کراچی سے گڑھی خیرو تک عوام ڈاکوں اور بھتہ خوروں کا نشانہ بنے ہوئے ہیں، ہر جگہ سسٹم کے کارندے عوام کا خون چوس رہے ہیں جنہیں حکومت میں بیٹھے بااثر افراد کی سرپرستی حاصل ہے، عوام کی داد فریاد سننے والا کوئی نہیں، جماعتِ اسلامی مظلوموں کی آواز بن کر میدان میں ہے اور بدل دو نظام کو مہم میں پیپلز پارٹی کی عوام دشمن اور سندھ دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔وہ حیدرآباد میں ضلعی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جس میں حیدرآباد، میرپور خاص اور نواب شاہ ڈویژنوں کے رہنما شریک ہوئے۔جماعتِ اسلامی نے بدلو نظام کو، سنوارو دو سندھ کو کے نعرے کے تحت یکم جنوری سے پورے سندھ میں بڑے پیمانے پر عوامی رابطہ مہم چلانے کا اعلان کیا ہے، سکھر اور میرپور خاص میں بدل دو نظام کے جلسہ عام منعقد کیے جائیں گے جن سے جماعتِ اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن و دیگر قائدین خطاب کریں گے۔صوبائی امیر کاشف شیخ نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ زمینوں کی غیر قانونی بندر بانٹ، کارونجھر کی کٹائی سے لے کر سندھ کے حقوق کی سودے بازی تک پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت ملوث ہے۔ کراچی میں اجرک والی نمبر پلیٹ کی آڑ میں عوام کو لوٹا جا رہا ہے، دوسری جانب کراچی سے کشمور تک سندھ کی سڑکیں غیر محفوظ اور تباہ حال ہیں، مگر مراد علی شاہ کی حکومت سب کچھ ٹھیک ہونے کا راگ الاپ رہی ہے۔ سندھ میں قبائلی تصادم ایک ناسور کی شکل اختیار کر گیا ہے، شکارپور میں افسوناک واقعہ پیپلز پارٹی کے سندھ میں سترہ سالہ سیاہ دور کا نتیجہ ہے۔ بدل دو نظام مہم میں حکومت کی سندھ و عوام دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کریں گے، انہوں نے زور دیا کہ حکومت کراچی سے کشمور تک امن و امان کی بحالی، کرپشن کے خاتمے، عوام کی جان و مال کے تحفظ، جرائم کے خاتمے اور عوام کو صاف پانی، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔جماعتِ اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری محمد یوسف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی نااہل حکومت نے سندھ کو تباہ کر دیا ہے، تیل گیس کوئلہ کارونجھر سمیت قدرتی دولت سے مالامال صوبہ کے عوام غربت و افلاس کی تصویر بنے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ 18 سال گزرنے کے باوجود اور اقتدار میں رہتے ہوئے بھی پیپلز پارٹی بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کر سکی، ہفتے کو لاڑکانہ کے جلسے میں بھی قاتلوں، منصوبہ بندی کرنے والوں کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی حالانکہ قاتل روز آئینے میں اپنی تصویر دیکھتا ہے۔اس موقع پر صوبائی رہنما الطاف احمد ملاح، سہیل احمد، عبدالقدوس احمدانی، زاہد راجپر اور اطلاعات سیکریٹری مجاہد چنا بھی موجود تھے۔
50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں