عرب ممالک کی بھرپور حمایت سے پاکستان مستحکم ہو رہا ہے، گورنر سندھ

عرب ممالک کی بھرپور حمایت سے پاکستان مستحکم ہو رہا ہے، گورنر سندھ
یو اے ای حکومت پاکستانی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے، گورنر ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو
کراچی (این این آئی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ عرب ممالک کی بھرپور اور مسلسل حمایت نے پاکستان کو معاشی اور سفارتی طور پر مستحکم کیا ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات کی حکومت پاکستانی سرمایہ کاروں کو بھرپور سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سفیرSalem Mohammed Salem Al Bawab Al Zaabi اور قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتھی کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ یو اے ای کے سفیر نے پاکستان کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جس پر میں سفیر اور قونصل جنرل کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کی حمایت پوری دنیا دیکھ رہی ہے اور دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی متحدہ عرب امارات کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ عرب ممالک وہ مخلص دوست ہیں جو پاکستان کو معاشی طور پر مزید مستحکم اور ترقی کرتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔ گورنر سندھ نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترقی کی نئی اڑان بھرے گا اور دشمن اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہوگا۔گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ رواں برس بھی رمضان المبارک کے دوران پانچ لاکھ افراد کے لیے افطار و سحر کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے سانحہ اے پی ایس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قوم آج بھی ان معصوم بچوں کی قربانیوں کو یاد رکھے ہوئے ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف پوری جرات سے نبرد آزما ہیں۔اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر نے گورنر ہاؤس میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا، پرچم کشائی کی، امید کی گھنٹی بجائی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے دفتر کا دورہ کیا۔ متعلقہ حکام نے سفیر کو گورنر سندھ کے مختلف فلاحی اقدامات اور گورنر انیشیٹیوز پر بریفنگ دی۔ یو اے ای کے سفیر نے کہا کہ گورنر انیشیٹیوز کے تحت عوامی فلاح و بہبود کو مؤثر انداز میں یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں