خیبرپختونخوا ،سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں فتنۃ الخوارج کے 23دہشتگرد ہلاک

بنوں ،ایک دہشتگرد بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے بارودی مواد نصب کرتے ہوئے ہلاک ہوگیا
علاقے میں موجود کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارجی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے،آئی ایس پی آر
راولپنڈی(این این آئی)خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ آپریشن کے دوران بھارت کی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 23دہشت گردوں کا ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق17-16نومبر 2025کو خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر باجوڑ ضلع میں سیکیورٹی فورسز نے ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 11خوارج، بشمول خوارجی سرغنہ سجاد عرف ابوذر ہلاک ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن بنوں ضلع میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے مزید 12خوارج کو کامیابی سے ٹھکانے لگا دیا۔پاک فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خارجی کی تلاش اور خاتمے کیلیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے وژن (جسے نیشنل ایکشن پلان کی فیڈرل ایپکس کمیٹی نے منظور کیا)کے تحت غیر ملکی امداد یافتہ اور سرپرستی شدہ دہشت گردی کے ناسور کو ملک سے مٹانے کیلئے اپنی انسداد دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رکھیں گے۔دریں اثناء خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والا ایک دہشتگرد بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے بارودی مواد نصب کرتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ واقعہ خوارج کی بڑھتی ہوئی مایوسی کی عکاسی کرتا ہے، جو سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مسلسل اور موثر دباأ کے باعث اب آسان اہداف کے خلاف بزدلانہ کارروائیوں کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔ان کی ناکام کوششیں جاری انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے مقابلے میں ان کی کم ہوتی صلاحیت اور بڑھتی ہوئی جھنجھلاہٹ کی نشاندہی کرتی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارجی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں