وزیر اعظم کی جانب سے تاجروں کو آسان شرائط پر قرض کی فراہمی کے احکامات کا خیر مقدم

وزیر اعظم کی جانب سے تاجروں کو آسان شرائط پر قرض کی فراہمی کے احکامات کا خیر مقدم
مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ تاجر دوست حکومت ہونے کا ثبوت دیا ہے ‘ صدر آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی
لاہور( این این آئی) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے چھوٹے تاجروں کو آسان شرائط پر قرض اور کاروبار میں سہولیات کی فراہمی کے احکامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ تاجر دوست حکومت ہونے کا ثبوت دیا ہے ، پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کی زد میں آنے والے تاجروں کوجس طرح بروقت سہارا دیا وہ بھی قابل ستائش ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفتر میں وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اظہار تشکر کے لئے منعقد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل محبوب سرکی، لاہو رکے صدر میاں طارق فیروز، ملک ناظم، نعیم بادشاہ، شہزاد اشرف بھٹی، عطا جٹ، رفعت سنی، مرزا اظہر، رضا بھٹی، ملک شہباز،خواجہ ندیم سمیت دیگر شریک ہوئے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجر طبقے کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے ، ایسے حالات میں وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے اعلان ہوا کا تازہ جھونکا ہے، حکومت آسان شرائط پر قرض کی فراہمی کے لئے مارکیٹوں کی سطح پر فوکل پرسن مقرر کرے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر طبقہ سالانہ اربوں روپے ٹیکس کی ادائیگی کے ساتھ روزگار کی فراہمی کابھی بڑا ذریعہ ہیںاس لئے انہیںبھی مرکزی اسٹیک ہولڈر کے طور پر دیکھا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں