آنجہانی زوبین گارگ کی اہلیہ نے شوہر کے ہاتھ کا لکھا آخری خط شیئر کردیا ممبئی (این این آئی)آنجہانی گلوکار زوبین گارگ کی اہلیہ گریما گارگ نے شوہر کا ہاتھ سے لکھا ہوا آخری خط شیئر کردیا ہے۔آسام سے تعلق رکھنے والے گلوکار و اداکار زوبین گارگ 19 ستمبر کو سنگاپور میں مردہ پائے گئے تھے، جن کی موت کی خبر نے ان کے لاکھوں مداحوں کو افسردہ کردیا تھا۔زوبین گارگ کی اہلیہ نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک خط شیئر کیا ہے، جو گلوکار کی آخری فلم روئی روئی بینالے کی تشہیری مہم کا حصہ تھا، جو 31 اکتوبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔گریما نے انسٹاگرام پر زوبین کا یہ خط شیئر کرتے ہوئے اپنے جذباتی پیغام میں لکھا کہ تم نے 15 ستمبر کو جو خطوط لکھے تھے، اپنے پیارے لوگوں کے لیے ایک محبت بھرا پیغام! ہر لفظ دل کو چھو جاتا ہے، گولڈی۔زوبین گارگ کی اہلیہ نے مزید لکھا کہ مگر میرے دل کے خلا میں ایک آگ جل رہی ہے، آخر 19 ستمبر کو کیا ہوا؟ کیسے؟ کیوں؟ جب تک اس سوال کا جواب نہیں ملتا، سانس لینا بھی مشکل لگتا ہے۔آنجہانی زوبین کے ہاتھ سے لکھے اس خط میں لکھا تھا ذرا انتظار کرو، میری نئی فلم آ رہی ہے۔ ضرور دیکھنے آنا۔ محبت کے ساتھ، زوبین دا۔یہ خط جو کبھی فلم کی تشہیر کا حصہ تھا، اب ان کے آخری پیغام کی علامت بن چکا ہے۔فلم کے ڈائریکٹر راجیش بھویان نے بتایا کہ یہ زوبین کا خواب تھا۔ اب یہ ہماری زندگی کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی آخری فلم ریلیز کریں۔ وہ ہمیں آخری لمحے میں چھوڑ گئے، مگر ہم ان کا خواب پورا کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔فلم میں زوبین ایک بینائی سے محروم موسیقار کا کردار ادا کر رہے ہیں۔زوبین گارگ کی موت اب بھی کئی سوالات چھوڑ گئی ہے۔

افشاں قریشی نے اپنی خوبصورت محبت کی کہانی سنادی میرے شوہر نے کبھی براہِ راست اظہارِ محبت نہیں کیا بلکہ سیدھا والدین کے پاس رشتہ لے کر پہنچ گئے میں نے جوانی میں بیوگی کا صدمہ برداشت کیا، مگر ہمیشہ اللہ کی رضا پر راضی رہی اور اپنی زندگی اکیلے ہی گزاری کراچی (این این آئی)معروف سینئر اداکارہ اور فیصل قریشی کی والدہ افشاں قریشی نے اپنے شوہر سے جڑی خوبصورت محبت کی کہانی سنادی۔افشاں قریشی چار دہائیوں سے شوبز انڈسٹری میں اپنی شاندار اداکاری سے پہچانی جاتی ہیں۔ وہ نجی ٹی وی کے پروگرام کی مہمان بنیں جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے یادگار لمحات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ میں فیصل کے پاپا سے بیحد محبت کرتی تھی، ایک موقع پر میں نے ایک فلم سائن کی لیکن شوٹنگ پر جانے کے بجائے کراچی واپس آ گئی تاکہ ان سے ملاقات کر سکوں، جب فلم کے ڈائریکٹر مجھے ڈھونڈتے ہوئے گھر پہنچے تو میں بستر کے نیچے چھپ گئی۔افشاں قریشی نے مزید بتایا کہ میری ملاقات فیصل قریشی کے والد سے ایک فلم کے سیٹ پر ہوئی تھی، ہم دونوں ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے اور یہ ایک خاموش وعدہ تھا، میرے شوہر نے کبھی براہِ راست اظہارِ محبت نہیں کیا بلکہ سیدھا والدین کے پاس رشتہ لے کر پہنچ گئے تاہم میرے والدین نے ابتدا میں انکار کردیا تھا کیونکہ وہ اپنے بچوں کی شادیاں صرف میمن خاندانوں میں کرتے تھے، میں ایک ماہ تک روتی رہی، بالآخر میری والدہ نے والد کو راضی کیا اور شادی طے پا گئی۔انہوں نے اپنی زندگی کے مشکل ترین دور کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ میں صرف 25 سال کی تھی جب میرے شوہر کا انتقال ہوگیا، جبکہ فیصل قریشی اس وقت صرف 8 سال کے تھے۔ افشاں قریشی نے کہا کہ میں نے جوانی میں بیوگی کا صدمہ برداشت کیا، مگر ہمیشہ اللہ کی رضا پر راضی رہی اور اپنی زندگی اکیلے ہی گزاری۔

ساحر لودھی نے اپنی نجی زندگی سے متعلق ایک اہم انکشاف کردیا میر ی اہلیہ کی اپنی پسند اور ناپسند ہے، وہ ایک الگ شخصیت رکھتی ہیں اور عوام کے سامنے آنا پسند نہیں کرتیں کراچی (این این آئی)معروف میزبان، اداکار اور ریڈیو انانسر ساحر لودھی نے اپنی نجی زندگی سے متعلق ایک اہم انکشاف کیا ہے۔ساحر لودھی دو دہائیوں سے زائد عرصے سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں، انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ریڈیو سے کیا اور بعدازاں وہ ایک کامیاب مارننگ شو ہوسٹ کے طور پر مشہور ہوئے، انہوں نے ایک فلم میں بھی مرکزی کردار ادا کیا۔ساحر لودھی کی شادی کو کئی سال گزر چکے ہیں اور وہ ایک بیٹی کے والد بھی ہیں، تاہم ان کی اہلیہ اور بیٹی کبھی کسی شو یا عوامی تقریب میں نظر نہیں آئیں، حتی کہ جب ساحر خود مارننگ شو ہوسٹ کرتے تھے، تب بھی ان کی اہلیہ ان کے پروگرام میں شریک نہیں ہوئیں۔ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے ساحر لودھی نے بتایا کہ ان کی اہلیہ کی اپنی پسند اور ناپسند ہے، وہ ایک الگ شخصیت رکھتی ہیں اور عوام کے سامنے آنا پسند نہیں کرتیں۔ ساحر نے مزید بتایا کہ شادی کے ابتدائی دنوں میں ان کی اہلیہ چند تقریبات میں شریک ہوئیں، لیکن بعد میں انہوں نے خود کو میڈیا سے دور رکھنا ہی بہتر سمجھا۔