ہمایوں سعید اچھے اداکار ہیں لیکن پاکستان کے بہترین اداکار نہیں،سینئر اداکار شبیر جان
کراچی (این این آئی)سینئر اداکار شبیر جان نے کہا ہے کہ ہمایوں سعید اچھے اداکار ہیں لیکن پاکستان کے بہترین اداکار نہیں ہیں۔شبیر جان نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔ان کا کہنا تھا کہ 80 کی دہائی میں اتنے چینلز نہیں تھے، صرف ایک پی ٹی وی تھا، اسی وجہ سے ڈرامے میں ایک چھوٹے سے کردار ادا کرنے والے کو بھی لوگ پہچانتے تھے، جب کہ آج کل بہت سارے چینلز ہیں اور اداکاروں کی دن رات کی محنت کے باوجود لوگ انہیں پرانے وقتوں کی طرح نہیں پہچانتے۔انہوں نے کہا کہ ان کے زمانے کے اداکار ٹیسٹ میچ جیسے تھے، جو اداکاری کرنے سے پہلے باقاعدہ ریہرسل کرتے تھے، جب کہ آج کل کے اداکار ٹی ٹوئنٹی کے کھلاڑی ہیں، وہ جلدی جلدی کام کرتے ہیں، خاص طور پر نئے آنے والے اداکار ریہرسل بالکل نہیں کرتے اور بس اداکاری کر دیتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں ڈائیلاگز کی ادائیگی بھی صحیح سے نہیں آتی اور افسوس کہ اسی غلط ادائیگی کے ساتھ ڈراما بھی نشر ہو جاتا ہے۔شبیر جان نے یہ بھی کہا کہ آج کل کے اداکار زیادہ تر اداکار کم اور ماڈل زیادہ لگتے ہیں اور شاید ان کے لیے سب سے زیادہ اہمیت اسی بات کی ہے کہ اچھے بال بنا، باڈی بنا اور خوبصورت نظر آ۔

