پاکستان نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا،پاکستان پیس بورڈ میں صرف فلسطین میں قیام امن کیلئے شامل ہوا ‘ احسن اقبال

پاکستان نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا،پاکستان پیس بورڈ میں صرف فلسطین میں قیام امن کیلئے شامل ہوا ‘ احسن اقبال
اُدھر بھارت کو اور پاکستان میں اپوزیشن کو اس امر سے بے حد تکلیف ہے، دوسروں کو چور ڈاکو کہنے والے نے ملکی معیشت پر60 ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا
عمران خان نے پاکستان کی سیاست میں نفرت کا زہر گھولا، جس نے کبھی ایک یونین کونسل نہیں اسے ملک کا وزیر اعظم بنا دیا گیا’ وفاقی وزیر
نارووال ( این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا،پاکستان پیس بورڈ میں صرف فلسطین میں قیام امن کے لئے شامل ہوا ہے،اُدھر بھارت کو اور پاکستان میں اپوزیشن کو اس امر سے بے حد تکلیف ہے، دوسروں کو چور ڈاکو کہنے والے نے ملکی معیشت پر60 ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا اور آج 14 سال کی سزا بھگت رہا ہے،عمران خان نے پاکستان کی سیاست میں نفرت کا زہر گھولا، جس نے کبھی ایک یونین کونسل نہیں چلائی اسے ملک کا وزیراعظم بنادیا گیا جس نے معیشت کا بھٹہ بٹھادیا۔نارووال کے علاقے فتووال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ سے وعدوں کی تکمیل کے بعد آپ کی عدالت میں پیش ہوتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے،مخالفین اپنے جھوٹے الزامات کی سزا خود بھگت رہے ہیں،پی ٹی آئی کی حکومت اتنا خسارہ چھوڑ گئی جس کو سنبھالنا کسی کے لئے بھی مشکل تھا،آج دنیا پاکستان کو معیشت کی کامیاب بحالی پر مبارکباد پیش کررہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر پاکستان دیوالیہ ہوجاتا تو ہم معرکہ حق نہیں جیت سکتے تھے،بھارت کے حملہ کا ایسا جواب دیا جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،جو قوم کو غیرت کی تعلیم دیتا تھا وہ خود بھارت سے خوفزدہ دکھائی دیا،بھارتی پائلٹ کو بھی چوبیس گھنٹوں میں واپس بھیج دیا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو وہ جواب دیا کہ بھارت کی نسلیں یاد رکھیں گی۔آج تاریخ آپ کو سچ اور جھوٹ کا فرق دکھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف وزیراعظم تھے تو امریکہ کے دبا ئوکے باوجود دھماکے کرکے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنادیا، نوجوانوں کو کٹے اور مرغیوں کی بجائے لیپ ٹاپ دے رہے ہیں،ایک ہزار ماہرین چین بھیجے ہیں تاکہ وہ زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی سیکھ کر وطن واپس آئیں۔ انہوں نے کہا کہ فتوال کو پاکستان میں سب سے زیادہ پھول پیدا کرنے والا علاقہ بنائیں گے،ہم دن رات پاکستان کی خدمت میں مصروف ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے آج برادر ملکوں کے ساتھ مثالی تعلقات ہیں ،وزیراعظم محمد شہباز شریف کو دنیا بھر میں عزت مل رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب پروگرام ہو تب ہی پی ٹی آئی اور بھارت پریشان ہوجاتے ہیں۔پی ٹی آئی کی وہی زبان ہے جو بھارت کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا،پنجاب میں وزیراعلی مریم نواز شریف کی قیادت میں بے مثال ترقی ہورہی ہے،عثمان بزدار کے دور میں حکومت تعویزوں گنڈوں سے چلانے کی کوشش کی گئی۔ انہوںنے کہاکہ وہ شخص مسلمان نہیں ہوسکتا جو ختم نبوت پر ایمان نہیں رکھتا،چوبیس کروڑ عوام ناموس رسالت کے سپاہی ہیں، جو اس بات پر لوگوں کو تقسیم کرتا ہے وہ مسلمان نہیں،یہ ملک پاکستان مسلم لیگ نے بنایا، مسلم لیگ اسلام اور ریاست کی حفاظت کرنا جانتی ہے،ایک ہی جماعت ہے جو ملک اور اس کے نظریہ کی حفاظت کرسکتی ہے اور وہ مسلم لیگ (ن) ہے۔
50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں