امریکا میں برفانی طوفان نے تباہی مچا دی، 5 کروڑ سے زائد افراد کے لیے الرٹ جاری برفانی طوفان نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے، امریکی حکام
امریکا کے شمال مشرقی علاقے شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں آگئے ہیں، جہاں پانچ کروڑ چالیس لاکھ سے زائد افراد کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ چھ ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست نیویارک، نیوجرسی، ڈیلاویئر، روہڈ آئی لینڈ، کنیکٹیکٹ اور میساچیوسٹس میں ایمرجنسی لگانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ برفانی طوفان نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے اور شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فضائی سفر بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ پندرہ ہزار سے زائد پروازیں معطل جبکہ ساڑھے تین ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس کے باعث نیویارک، بوسٹن اور اٹلانٹا ایئرپورٹس پر ہزاروں مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں۔دارالحکومت واشنگٹن بھی شدید برفباری کے باعث سفید چادر اوڑھ چکا ہے۔ وائٹ ہاؤس اور کیپٹل ہل کے اطراف تیز ترین برفباری ریکارڈ کی گئی، جس سے سرکاری سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔
Load/Hide Comments

