لاہور(این این آئی)پاکستان شوبز کے اداکار اور ٹی وی میزبان فہد مصطفی نے حالیہ بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستان کے مثر دفاعی ردعمل کو سراہتے ہوئے پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔نجی ٹی وی چینل پر اپنے شو کے آغاز میں فہد مصطفی نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج مزہ ہی آگیا دل خوش ہوگیا، انہوں نے بھارت کو پیغام دیا کہ یہ وہ ملک ہے جس میں ہندو مسلمان سکھ عیسائی سب ایک ساتھ رہتے ہیں اور ان کی عزتیں ہمیشہ برقرار رہتی ہیں ایک دوسرے کو پیار اور عزت سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے بھارت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ وہ ملک نہیں ہے جہاں صرف ہندوتوا کا راج ہو بلکہ یہ وہ ملک ہے جہاں ہر بچہ سکون سے سانس لے سکتا ہے صرف اس لئے کیونکہ ہمارے دل ہمارے ذہن بہت کھلے ہوئے ہیں پاکستانی بہت بڑا دل رکھتے ہیں۔انہوں نے پاکستانی میڈیا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے بہت طریقے سے رپورٹنگ کی ہے اور تمیز کے دائرے میں رہتے ہوئے رپورٹنگ کی ہے۔ بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری میڈیا نے کوئی جھوٹ نہیں بولا وہی بتایا جو ہوا اور جو ہوا وہ بھارت کو محسوس ہوا۔انہوں نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دوبارہ نہیں کرنا بیٹا ورنہ اس بار نہ چھوڑیں گے فلم نہیں چل رہی ہے جب سچ میں ہوتا ہے تو ایسا ہوتا ہے تو اب انجوائے کرو اس کو۔فہد مصطفی نے مزید کہا کہا بھارت کو سمجھنا ہوگا کہ پاکستانی قوم اور افواج متحد ہیں، اور کسی بھی جارحیت پر خاموش نہیں رہیں گے۔ ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے اور صارفین کی جانب سے انہیں خوب سراہا جا رہا ہے۔