All posts by mshijazi

پاکستان ریلویز کاتمام لگژری سیلونز مسافروں کی بکنگ کے کرایوں کا اعلان کر دیا

لاہور(این این آئی)پاکستان ریلویز نے تمام لگژری سیلونز مسافروں کی بکنگ کے کرایوں کا اعلان کر دیا۔جاری بیان کے مطابق پاکستان ریلویز نے تمام لگژری سیلونز مسافروں کی بکنگ کے کرایوں کا اعلان کر دیا ہے۔وزیراعظم سیلون میں کراچی تا لاہور چھ لاکھ روپے جبکہ اسلام آباد سے لاہور ڈیڑھ لاکھ روپے کرایہ ہوگا ۔دیگر سلونز میں کراچی تا لاہور چار لاکھ جبکہ اسلام آباد سے لاہور ایک لاکھ روپے کرایہ ہوگا۔

شاہ رخ دنیاکے چوتھے امیرترین اداکاربن گئے

ممبئی(این این آئی)بھارتی سینما کے بادشاہ کہلانے والے شاہ رخ دنیاکے چوتھے امیرترین اداکاربن گئے۔تفصیلات کے مطابق بالی وڈ کے کنگ خان سال 2025کے دنیا کے 10امیر ترین اداکاروں میں شامل ہو گئے ہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان 2025کے 10سب سے امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں اور ان کی مجموعی دولت کا تخمینہ تقریباً 87کروڑ 65لاکھ ڈالر ہے۔صرف یہی نہیں بلکہ شاہ رخ خان نے ہالی وڈ کے مشہور اداکاروں جیسے بریڈ پٹ، جارج کلونی، ٹام ہینکس، رابرٹ ڈی نیرو یہاں تک کے جیکی چن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ پوزیشن حاصل کی ہے۔اس فہرست میں آرنلڈ شوارزنیگر 1.49ارب ڈالر کے ساتھ سرفہرست ہیں، اس کے بعد ڈوین دی راک جانسن 1.19ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے جبکہ ٹام کروز 891ملین ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔شاہ رخ چوتھے نمبر پر براجمان ہیں جن کے بعد جارج کلونی 742.8ملین ڈالر کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں، دیگر لیجنڈز جیسے رابرٹ ڈی نیرو، جیک نکلسن اور جیکی چن بھی 2025کے 10امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں کے دوران شاہ رخ خان کی دولت میں حیران کن طور پر 46فیصد اضافہ ہوا ہے۔سال2025میں شاہ رخ خان کی کل دولت 80کروڑ 76لاکھ ڈالر تک پہنچ چکی ہے جبکہ سال 2020میں ان کی دولت 60کروڑ ڈالر تھی۔

جنگ کے خطرے کی وجہ سے وطن واپس آگئی،جنت مرزا

لاہور(این این آئی)پاکستانی ٹک ٹاک جنت مرزانے کہاہے کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوتی یہ صرف تباہی اور بربادی لاتی ہے ،اپنے پیارے وطن پاکستان کیلئے ایک پرامن حل اور ایک روشن مستقبل کی امید کرتے ہیں،میرے لیے اپنے ملک کی سلامتی اور خوشحالی سے زیادہ اہم کچھ نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق پاک بھارت ممکنہ جنگ کی صورتحال کے حساس موضوع پر ہاتھ کے اشارے سے خاموشی اختیار کرنے کا اظہار کرنے والی ٹک ٹاکر نے مداحوں کیلئے وضاحت جاری کردی۔جاری بیان میں جنت مرزا نے کہاکہ میں اپنی چھٹیاں لندن میں گزارنے والی تھی لیکن بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کی وجہ سے میں نے اپنا سفر مختصر کرنے اور گھر واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کیلئے میری محبت بے حد ہے اور میرے لیے اپنے ملک کی سلامتی اور خوشحالی سے زیادہ اہم کچھ نہیں ہے۔جنت نے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوتی یہ صرف تباہی اور بربادی لاتی ہے اور میرا پختہ یقین ہے کہ مسائل کو پرامن مذاکرات اور میز پر بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے نہ کہ تشدد اور جارحیت کے ذریعے۔انہوںنے کہاکہ آئیے اپنے پیارے وطن پاکستان کیلئے ایک پرامن حل اور ایک روشن مستقبل کی امید کریں۔

پہلگام واقعہ’ بھارت نے محمد رضوان اور بابر اعظم کا یوٹیوب چینل بھی بلاک کردیا

لاہور(این این آئی) پہلگام واقعے میں اپنی فوجی ناکامی کو چُھپانے اور پاکستان پر الزام تراشی کے بعد بیانات سے بچنے کیلئے بھارت نے قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان اور سٹار بلے باز بابراعظم کا یوٹیوب اکاؤنٹ بھی بلاک کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ کی سفارش پر مجموعی طور پر 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کی گئی تھی، جس میں 3 سابق پاکستانی کرکٹرز کے یوٹیوب چینلز بھی شامل ہیں۔تاہم بھارت کو دوٹوک جواب دینے والے سابق کپتان شاہد آفریدی کا سچ ہضم نہ ہوا، نریندر مودی کی انتہاپسند حکومت نے آل راؤنڈر کا یوٹیوب اکاؤنٹ بھی بلاک کردیا تاکہ بھارتی انکے ردعمل کو نہ سُن سکیں۔قبل ازیں بھارت نے سابق کپتان راشد لطیف، شاہد آفریدی، اسپیڈ اسٹار شعیب اختر اور باسط علی کے یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کی تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ غلط تھا، مگر کیوں؟

لاہور(این این آئی) قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل 10 کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس کیلئے نقصان کا باعث بنا۔اسلام آباد یونائیٹڈ مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 143 رنز بنا سکی اور اس کے کھلاڑی ریت کی دیوار کی مانند یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے چلے گئے اور ٹیم پشاور زلمی کے ہاتھوں 6وکٹوں سے ہار گئی۔سابق کرکٹر اور تجزیہ نگار باسط علی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی حالیہ شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹیم کی ناکامی کی اصل وجوہات بیان کیں۔باسط علی کے مطابق ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا جو فیصلہ کیا وہ ان کی شکست کا باعث بنا کیونکہ گزشتہ رات ہی لاہور میں طوفانی بارش ہوئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں جب بارش ہوئی ہو تو باؤنسی پچ پر پہلے بیٹنگ کرنا میرے لیے حیران کن تھا اگر اس جگہ میں ہوتا تو کبھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ نہیں کرتا۔اس موقع پر کامران اکمل کا کہنا تھا کہ یہ بات سب جانتے ہیں کہ یہ رات کا میچ تھا اور سارا دن مطلع ابر آلود رہا اس لیے پچ کو دھوپ نہیں لگی اس میں نمی برقرار تھی۔ اس کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے اہم کھلاڑیوں کو اس میچ میں شامل نہیں کیا، میر ے خیال میں شکست کی وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں گزشتہ رات کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا جانے والا 145 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے صاحبزادہ فرحان 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ بین ڈی وارشز 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

آزادی صحافت جمہوری معاشرے کی بنیاد اورزندہ قوم کی پہچان ہے’مریم نواز

لاہور (ا ین این آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ آزادی صحافت پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ آزادی صحافت جمہوری معاشرے کی بنیاد اورزندہ قوم کی پہچان ہے۔آزاد، خودمختار اور ذمہ دار میڈیا ہی وہ طاقت ہے جو حکمرانوں کو جوابدہ بناتا ہےـآزادی صحافت کے لئے صحافی برادری کی کاوشیں اور قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ جمہوریت اور آزادی صحافت ایک دوسرے سے جُڑے ہوئے ہیں۔صحافت آزاد اور ذمہ دار ہو تو جمہوریت مضبوط ہوتی ہےـآزادی صحافت کی جدو جہد میں ساتھ ہیں،صحافیوں کے تحفظ کے لئے بھرپور اقدامات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہےـوزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ صحافی برادری کے لیے”اپنے گھر”کا خواب پورا کرنے کیلئے کوشاں ہیںـجمہوریت کی سر بلندی کے سفر میں اہل صحافت کے ساتھ ہیں۔

امریکی نائب صدر کا بیان قابل ِ مذمت ، حکومت امریکی سفیر کو طلب کرے ‘ حافظ نعیم الرحمن

لاہور( این این آئی)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پہلگام میں بھارت کے فالس فلیگ آپریشن پر امریکی نائب صدر کے بیان کی شدید مذمت کی اور حکومت ِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی سفیر کو طلب کرے اور پوچھے کہ ان کے نائب صدر نے بغیر تحقیقات کے یہ بیان کیسے دیا ؟ بھارت پہلگام واقعے پر پاکستان کے تحقیقات کے مطالبے سے بھاگ رہا ہے ، امریکی نائب صدر کے بیان سے تاثر ملتا ہے کہ امریکہ بھارت کے موقف کو درست تسلیم کر رہا ہے ، ہم اس موقع پر اپنے دوست ملک چین کی حمایت کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،اس وقت قومی یکجہتی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے ، ہمیں بلوچستان کے زخموں پر مرہم رکھنا ہوگا ، 26اپریل کو فلسطین کے لیے کی جانے والی ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال میں پورا بلوچستان بند تھا ، ہمیں بلوچوں کو ان کے حقوق دینے ہوں گے ، لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کرنا ہوگا ۔پاک بھارت کشیدگی کی صورتحال میں مسئلہ فلسطین و اہل غزہ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ، دونوں محاذوں پر کام کرنا ہوگا ، اسرائیل اور بھارت دونوں کو امریکی حمایت حاصل ہے اور تینوں کا ایک شیطانی اتحاد ہے ، بڑے شہروں میں ملین مارچ اور 26اپریل کی ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کے بعد 17مئی کو ایبٹ آباد اور 18مئی کو مالا کنڈ میں عظیم الشان اور تاریخی ”یکجہتی غزہ مارچ” کیا جائے گا اور صہیونی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم بھی تیز اور موثر بنائی جائے گی ۔ کراچی ملک کا اقتصادی حب ہے لیکن اس کے ساتھ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت بدترین سلوک کر رہی ہے اور پیپلز پارٹی کی کراچی دشمنی مسلسل جاری ہے ، کے فور منصوبہ تاحال نا مکمل ہے ، ہائیڈرینٹس کو تو پانی مل جاتا ہے لیکن شہریوں کے گھروں کے نلکوں میں پانی نہیں آتا اور عوام مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں ۔ پچھلے چار دن سے آدھے شہر کا پانی بند ہے اور لوگ شدید اذیت کا شکار ہیں ،8ماہ میں 6مرتبہ پانی کی بڑی لائین پھٹ چکی ہیں ، سندھ حکومت، واٹر بورڈ ، مرتضیٰ وہاب کہاں ہیں ؟ ٹائون کو فنڈز نہیں دیئے جارہے اور پیپلز پارٹی اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے پر تیار نہیں ، کنالز کے معاملے پر ہم نے بھر پور آواز اُٹھائی ہے ، اس پر نظر ثانی کرنا اچھا اقدام ہے اس حوالے سے متبادل طریقے اختیار کرنے کی ضرورت ہے ، سندھ میں جو پانی آرہا ہے اس کی مناسب تقسیم کا کوئی نظام نہیں ہے ، پیپلز پارٹی کے وڈیرے سیلابی صورتحال میں پانی کا رخ دوسری طرف کر دیتے ہیں اور جب خشک سالی ہوتی ہے تو سارا پانی کھینچ کر اپنے پاس لے آتے ہیں جس سے عام لوگوںکا بُرا حال ہو جاتا ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ 3مئی کو صحافت کا عالمی دن منایا جاتا ہے ، اس موقع پر ہمیں غزہ کے صحافیوں کو ضرور یاد رکھنا چاہیے ،غزہ میں 211صحافی جاں بحق ہوچکے ہیں ،جن میں 28خواتین صحافی بھی شامل ہیں ، انہو ں نے کہاکہ ہر آنے والی حکومت صحافت پر حملہ آور ہوتی ہے اور صحافیوں کی آواز دبانے کی کوشش کرتی ہے ، ہم سمجھتے ہیں کہ صحافت کو غیر جانبدار ہونا چاہیے ،ہم صحافی برادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں ،جماعت اسلامی کا بہت واضح موقف ہے کہ تمام میڈیا ورکرز کو ان کے بنیادی حقوق ملنے چاہیں ۔امیر جماعت نے کہا کہ غزہ میں امریکی سرپرستی میں اسرائیلی دہشت گردی جاری ہے ،وہاں اب تک تقریباََ52ہزار افراد شہید ہوچکے ہیں ، افسوس کہ مسلم دنیا کے حکمران اپنے اقتدار کے خاطر امریکہ کے آگے سربسجود ہیں ،اسرائیل نے اب شام پر بھی بمباری شروع کردی ہے اوروہ وہاں مختلف سازشیں کرکے خانہ جنگی کروانا چاہتا ہے ، وہ لبنان پر بھی حملے کررہا ہے اور ایران کو اس نے نشانے پر رکھا ہوا ہے ، اسرائیل صہیونیوں کی بات کرتا ہے اور بھارت ہندوتوا کی اور ان دونوں کو امریکہ کی حماعت حاصل ہے ، بد قسمتی سے ہمارے ملک کی پالیسیاں امریکہ کے حکم پر بنتی ہیں ،ہماری معیشت اس کے یہاں گروی ہے ، جماعت اسلامی نے پاکستان میں اسرائیل کے خلاف احتجاج کو ازسرنو منظم کیا ہے اوراہل غزہ سے یکجہتی و بائیکاٹ مہم تیزی سے جاری ہے جبکہ دوسری جانب الخدمت کی امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں اور اہل غزہ کے لیے امدادی سامان روانہ کیا جا رہا ہے ، اسرائیل نے فلوٹیلا آرگنائزیشن جو امدادی سامان لے کر جارہی تھی پر مالٹا کے قریب حملہ کیا ہے ،ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ بھارت نے پہلگام میں اپنے ہی سیاحوں کو قتل کرکے جو فالس فلیگ آپریشن کیاہے یہ پہلا آپریشن نہیں ہے ، اس سے پہلے بھی یہ کبھی تاج ہوٹل کبھی پارلیمنٹ پر حملہ کروا چکا ہے ، کبھی یہ الفاران نامی تنظیم بناکر سیاحوں کو اغوا اور کبھی سکھوں کا قتل کرواتا ہے ، بھارت پاکستان کے غیر جانبدارانہ تحقیقات کے مطالبے سے بھاگ رہا ہے ، بھارت کی آبی دہشت گردی کا تو کوئی تذکرہ ہی نہیں کررہا، بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا ہے ،اس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیاجاسکتا ، اس حوالے سے پاکستان کواپنی سفارتی کوششیں تیز کرنی چاہیئے ،پاکستان جب سے امریکہ کی جنگ میں کودا ہے ، یہاں پر بم دھماکے ،ڈرون حملے ہونے لگے ، ریمنڈ ڈیوس جیسے کرداریہاں آکر اپنا کھیل کھیلنے لگ گئے، قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو امریکہ کے حوالے کردیا گیا ، امریکی جنگ میں کودنے کے بعد پاکستان میں ایک لاکھ سے زائد لوگ قتل ہوچکے ہیں جس میں ہماری فوج کا بھی بہت بڑا نقصان ہوا ہے ، معیشت کو تقریباًدوسو ملین ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے ۔ پریس کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان، نائب امیر واپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ،ایم پی اے محمد فاروق،نائب امیر کراچی راجہ عارف سلطان،سیکرٹری کراچی توفیق الدین صدیقی ، سینئر ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد ، سیکریٹری پبلک ایڈ کمیٹی نجیب ایوبی ، کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے نگراں عمران شاہد و دیگر بھی موجود تھے۔

اسحق ڈار کے ساتھ گفتگو میں یونانی وزیر خارجہ کا پہلگام واقعے کی شفاف انکوائری کی تجویز کا خیرمقدم

اسلام آباد(این این آئی)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں یونانی وزیر خارجہ جارج گیراپیٹرائٹس نے پہلگام واقعے کی غیرجانبدارانہ اور شفاف انکوائری کیلئے پاکستان کی تجویز کا خیرمقدم کیاہے۔تفصیلا ت کے مطابق اسحق ڈار نے یونان کے وزیر خارجہ جارج گیراپیٹرائٹس سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔اسحق ڈار نے ہم منصب کو موجودہ علاقائی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کے بے بنیاد الزامات، گمراہ کن اطلاعات کی مہم اور یکطرفہ غیر قانونی اقدامات کو یکسر مسترد کرتا ہے، جن سے علاقائی امن و سلامتی اور استحکام شدید خطرات سے دوچار ہو گئے ہیں۔نائب وزیراعظم نے بھارت کی طرف سے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کی۔اسحق ڈار نے خود مختاری اور قومی مفادات یقینی بناتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے حقائق معلوم کرنے کیلیے پہلگام واقعے کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کی پاکستان کی پیشکش کو دہرایا۔یونانی وزیر خارجہ نے کشیدگی میں اضافے سے بچنے اور امن و استحکام کیلئے صبر و تحمل کی اہمیت پر زور دیا۔جارج گیراپیٹرائٹس نے واقعے کی غیرجانبدارانہ اور شفاف انکوائری کیلئے پاکستان کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں سمیت خصوصا کثیر ملکی فورمز میں بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی صورتحال کے بارے میں قریبی رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا۔

مودی اور پی ٹی آئی والے چاہتے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف پروگرام معطل ہوجائے،راناثناء اللہ

فیصل آباد /مکوانہ(این این آئی) وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مودی اور پی ٹی آئی والے چاہتے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف پروگرام معطل ہوجائے،بھارتی مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کہا کہ پاکستان ہرقسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے، پہلگام کے واقعے میں سویلین ہلاک ہوئے۔انہوںنے کہاکہ بھارت نے پہلگام واقعے کی آڑ میں سندھ طاس معاہدے کو معطل کردیا ،بھارت پہلگام واقعے کی آڑ میں پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کررہا ہے۔راناثناء اللہ نے کہاکہ پاکستان نے بھارت کو پہلگام واقعے کی غیرجانبدارانہ اور آزاد تحقیقات کرنے کی پیشکش کی ہے،اگر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو منہ توڑ جواب دیں گے،بھارت پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر ظلم کرنا چاہتا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا، بھارتی مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے آئی ایم ایف سے پاکستان کا پروگرام معطل کرنے کا کہا ہے، مودی اور پی ٹی آئی والے بھی چاہتے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف پروگرام معطل ہوجائے، مودی کا مقصد پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے ۔مشیروزیراعظم نے کہاکہ پاکستان نے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، ابدالی میزائل ایٹمی ہتھیار بھی لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت پر گامزن ہے۔

مجھے نہیں پتہ پاکستان بھارت کا کیا ہو رہا ہے، سوشل میڈیا نہیں دیکھتا، محمد رضوان

لاہور (این این آئی)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ کرکٹ میں سیاست نہیں ہونی چاہیے، مجھے نہیں پتہ پاکستان بھارت کا کیا ہو رہا ہے، میں سوشل میڈیا نہیں دیکھتا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ ہم جب ویرات کوہلی اور جوروٹ سے ملتے ہیں تو ہم کرکٹ فیملی کی طرح ملتے ہیں، ان دونوں کھلاڑیوں سے سیکھتے ہیں، ہم بھی انھیں بتاتے ہیں۔ملتان سلطانز کے کپتان نے کہا کہ کنڈیشنز کے مطابق ٹیم کا انتخاب کیا جاتا ہے، سب ٹیموں نے اسپنرز کا انتخاب کیا ہے، ہم ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکے، باہر ہونے کے ہم حقدار تھے، غلطیاں تو ہوئی ہیں، فیلڈنگ میں مومینٹم نہیں حاصل کیا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان ٹیم کا دباؤ ہے میں ٹیم کا کپتان ہوں لوگ دیکھ رہے ہیں اور اس کا دباؤ ہے، ملتان ٹیم کا دباؤ بھی ہے ہمیں یہ دباؤ لینا چاہیے، اپنی غلطیوں کو دور کرنا چاہیے۔ملتان سلطانز کے کپتان نے کہا کہ کہا جاتا ہے ہمیں ماڈرن ڈے کرکٹ کھیلنا چاہیے لیکن کنڈیشنز کا کیا کریں، ہمارے ہاں کبھی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی ٹیسٹ والی باتیں کرنا پڑتی ہیں، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کیا ہوا، 120 اسکور مشکل ہو رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دوسروں کو نہیں دیکھنا چاہیے کہ وہ کیا کررہے ہیں، ہمیں یہ دیکھنا پڑتا ہے کہ کنڈیشنز کیا ڈیمانڈ کر رہی ہیں، لاہور قلندرز کا جوش الگ ہے، کوئٹہ نے مومنٹم پکڑا ہوا ہے، کراچی اور اسلام آباد کی ٹیمیں بہت اچھی بنی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں رضوان نے کہا کہ بابراعظم کی پشاور زلمی کو دعاؤں کی ضرورت ہے ان کے لیے دعا کروں گا، اگر ہم کیچز پکڑ لیتے تو آج ہم اس صورتحال میں نہ ہوتے۔

شاہ رخ خان اپنے ہی گھر میں مذاق بن گئے

ممبئی (این این آئی) بالی ووڈ کنگ خان شاہ رخ خان نے کہاہے کہ بچے میری باتوں کوسیریس نہیںلیتے، ڈانٹنے پر ہنستے ہیں۔ممبئی میں ہونے والی ورلڈ آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ کے دوران شاہ رخ خان نے ایک سیشن میں دیپیکا پڈوکون کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے زندگی کے کئی راز افشا کئے۔انہوں نے کہا کہ آپ سے اکثر پوچھا جاتا ہے کہ جب آپ بلندی پر پہنچتے ہیں تو تنہائی ہوتی ہے؟ تو میں سب کو کہنا چاہتا ہوں گا کہ اگر آپ اپنے بچوں کو ہنسا سکتے ہیں، تو آپ کبھی تنہا نہیں ہوں گے۔شاہ رخ خان نے کہا کہ میرے بچے آریان، سہانا اور ابرام میری کسی بات کو سنجیدگی سے نہیں لیتے، جب میں انہیں کسی بات پر ڈانٹتا ہوں یا سمجھاتا ہوں تو بچے مجھ پر ہنستے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اتنا مزاحیہ ہوں اپنے بچوں کیلئے کہ جب میں کہتا ہوں کہ رات 10بجے سو جانا ہے تو وہ کہتے ہیں ‘اوہ مائی گاڈ، ایس آر کے۔

خواجہ آصف کی زیر صدارت اجلاس، پاک بھارت کشیدگی پر مشاورت

اسلام آباد (این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف کی زیر صدارت اجلاس میں پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں ملکی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں جس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت بیرسٹر عقیل شریک ہوئے۔ اجلاس میں پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں ملکی صورتحال اور حکومتی موقف پر مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق قومی سلامتی سے متعلق امور پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے اور اپوزیشن سیبات چیت پر بھی مشاورت کی گئی اور پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے پر بھی غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس پانچ مئی کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں قانون سازی سمیت دیگر نکات پر مشاورت کی گئی، قومی اسمبلی میں بھارت کے خلاف مذمتی قرار داد لانے اور اس کے مسودہ پر بھی مشاورت کی گئی۔