All posts by mshijazi

تمام تعلیمی ادارے (آج ) معمول کے مطابق کھلیں گے

لاہور( این این آئی)پنجاب حکومت کے مطابق تمام تعلیمی ادارے آج ( جمعرات) کے روز معمول کے مطابق کھلیں گے۔وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام تعلیمی ادارے آج جمعرات کے روز کھلیں گے۔ تعلیمی اداروں میں چھٹیاں بڑھانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔عظمی بخاری کے کہا کہ آئندہ کے حوالے سے فیصلہ صورتحال کو دیکھ کر کریں گے۔

بچوں اور 31معصوم شہریوں کو شہید کرنا بھارتی دہشتگردی ہے ،بھرپور جواب دیں گے،ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی(این این آئی)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بچوں اور 31معصوم شہریوں کو شہید کرنا بھارت کی دہشت گردی ہے اور اس کا بھرپور جواب دیں گے،کون سامذہب دوسرے مذاہب کی عبادت گاہوں ،ان کی مقدس کتابوں کوشہیداوربے حرمتی کرنے کی اجازت دیتاہے؟پاکستان نے دفاع میں صرف ملٹری ٹارگٹس کا انتخاب کیا اور معصوم لوگوں کو نشانہ نہیں بنایا، الحمد اللہ جھڑپوں یا دراندازی میں پاک فوج کے کسی بھی اہلکار یا فضائیہ کے کسی بھی طیارے کو نقصان نہیں پہنچا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ معصوم بچے جنہیں زندگی کی بہاریں دیکھنی تھیں کیا یہ وہ دہشت گرد ہیں جنہیں بھارت نے نشانہ بنایا،ہمیں بھارت سے اسی طرح کی چیزوں اور بربریت کی امید تھی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے دہشت گردی کو فروغ دینے کے ثبوت دنیا کے سامنے ہیں اور آج عالمی سطح پر سب جانتے ہیں کہ بھارت دہشت گردی و قتل و غارت میں ملوث ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ریاست پاکستان نے جب دہشت گردوں پر زمین تنگ کرنی شروع کی تو وہ خود اپنی فوج کے ساتھ دہشت گردی کی کارروائی پر اتر آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 6اور 7کی شب بچوں کو نشانہ بنانا دہشت گردی ہے، ہم اس دہشت گردی کا بھرپور جواب دیں گے،کس طرح پاکستان میں مساجد کو نشانہ بنا کر قرآن پاک کو شہید کیا گیا جبکہ 31معصوم شہری شہید ، 71زخمی ہوئے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے سوال کیا کہ وہ کون سا مذہب اور انسانیت ہے جس میں کسی بھی مذہب کی عبادت گاہوں اور مقدس کتابوں کی بے حرمتی کرنے کی اجازت دی جائے۔انہوں نے بتایا کہ ایک اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان نے دفاع میں صرف اور صرف ملٹری ٹارگٹس کا انتخاب کیا اور معصوم لوگوں کو نشانہ نہیں بنایا، یہ وہ اہداف تھے جنہوں نے پاکستان کو نشانہ بنایا۔انہوںنے کہاکہ دشمن اپنے ہتھیاروں سے لیس ہوکر آیا تو پاکستان کی بہادر ایئرفورس نے جدید طیاروں کو مار گرایا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں بھارت کے بریگیڈ ہیڈ کوارٹر، لائن آف کنٹرول پر چیک پوسٹیں تباہ کرنے کی تصاویر بھی دکھائیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت مسلسل دراندازی کررہا ہے جس پر پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیا جارہا ہے اور اب تک بھارت نے مختلف سیکٹرز پر سفید پرچم بھی لہرایا ہے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ الحمد اللہ جھڑپوں یا دراندازی میں پاک فوج کے کسی بھی اہلکار یا فضائیہ کے کسی بھی طیارے کو نقصان نہیں پہنچا۔ انہوں نے بتایا کہ مرید کے اور دیگر علاقوں میں عالمی و آزاد میڈیا کو دکھایا گیا اور انہوں نے یہ سب دیکھا۔انہوں نے بتایا کہ جب بھارت نے حملہ کیا تو 67مسافر طیارے فضا میں تھے اور ان میں سیکڑوں مسافر سوار تھے، یہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کی ایئرلائنز تھیں، ان تمام مسافروں کو بھارت نے اپنے جنون کی بھینٹ چڑھایا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ قوم کو پاک فوج اور پاک فوج کو اپنے بہادر قوم پر بھروسہ ہے اور ہم متحدہ ہوکر وطن کا دفاع کریں گے، عوام کی حفاظت کیلیے پاک فوج کبھی کمپرومائز نہیں کرے گی۔ قوم تمام اختلافات کو بھلا کر فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی جس پر میں انہیں فوج کی جانب سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

شاہ رخ خان کی میٹ گالا 2025 میں دھواں دار انٹری

ممبئی (این این آئی)شاہ رخ خان کی میٹ گالا 2025 میں شاندار انٹری نے فیشن کی دنیا میں نیا باب لکھ دیا۔ بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے فیشن کی دنیا کے سب سے بڑے ایونٹ”میٹ گالا 2025”کے ریڈ کارپٹ پر شاندار انداز میں جلوے بکھیرتے ہوئے سب کی نظریں اپنی طرف مبذول کروائیں اور دنیا بھر میں تہلکہ مچا دیا۔شاہ رخ خان نے ایونٹ کی تھیم کی مناسبت سے مکمل سیاہ لباس کا انتخاب کیا۔ طویل کوٹ، گہری وی نیک شرٹ اور ہم رنگ پتلون کے امتزاج نے ان کی دلکش شخصیت کو مزید اجاگر کیا، اس مکمل مونوکروم لک نے شائقین اور بین الاقوامی میڈیا کو حیرت میں ڈال دیا۔بالی ووڈ کنگ کے میٹ گالا انداز میں زیورات کا انتخاب بھی خاصا توجہ طلب رہا، انہوں نے اپنی گردن پر چاندی کی کئی تہوں پر مشتمل چین بھی پہنی، ان کے گلے میں آویزاں بڑا ”K” پینڈنٹ سب کی توجہ کا مرکز بنا رہا جو بلاشبہ ”کنگ خان”کی پہچان بن گیا۔شاہ رخ نے ہاتھوں میں کئی انگوٹھیاں پہن کر اپنے لک میں ڈرامائی اثر پیدا کیا جبکہ سبیاساچی کی پہچان سمجھی جانے والی منفرد بروچ کو بھی اپنے کوٹ کا حصہ بنایا۔شاہ رخ خان کی یہ پہلی میٹ گالا موجودگی تھی، لیکن ان کی انٹری، اعتماد اور فیشن کا انتخاب ایسا تھا کہ ہر طرف صرف ان کا تذکرہ سنائی دیا۔ سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں، ان کے لک کو لاکھوں افراد نے پسند کیا، جبکہ بین الاقوامی فیشن ناقدین نے بھی ان کے انداز کو بے حد سراہا۔

بھارت اور جنوبی افریقا کی خواتین ٹیموں کا پانچواں میچ آج ہوگا

کولمبو(این این آئی)بھارت اور جنوبی افریقا کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان سہ ملکی سیریز کا پانچواں میچ آج (بدھ کو) کھیلا جائے گا۔ یہ میچ آرپریماداسا سٹیڈیم، کولمبو میں کھیلا جائے گا اور صبح 9 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔سہ ملکی سیریز میں میزبان سیر لنکا،بھارت اور جنوبی افریقا کی خواتین ٹیمیں پنجہ آزما ہیں۔بھارتی ویمنز ٹیم نے سہ ملکی سیریز کا اپنا پہلا میچ میزبان سری لنکن خواتین ٹیم سے 9 وکٹو ں سے جیت لیا تھا جبکہ دوسرا میچ جنوبی افریقا سے 15 رنز سے جیتا تھا۔ سہ ملکی سیریز کا پانچواں میچ جنوبی افریقا اور بھارت کی خواتین ٹیموں کے درمیان 7مئی کو آر پریما داسا سٹیڈیم،کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ سہ ملکی سیریز کاچھٹا میچ 9 مئی کو میزبان سری لنکا اور جنوبی افریقا کی ویمنز ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گاجبکہ تین ملکی سیریز کا فائنل میچ 11 مئی کو کھیلا جائے گا۔سہ ملکی سیریز میں ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف چار،چارمیچز کھیلے گی جس میں سرفہرست دو ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔تین ملکی سیریز کے فائنل سمیت تمام میچز آر پریما داسا سٹیڈیم،کولمبو میں کھیلے جائیں گے اور صبح 9 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوں گے۔

سنسنی خیز میچز جاری’فخر زمان نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا

لاہور(این این آئی)پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن میں سنسنی خیز میچز جاری ہیں فخر زمان نے پی ایس ایل کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 ویں ایڈیشن کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہے۔ لاہور قلندرز کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان نے لیگ کا ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔فخر زمان نے گزشتہ روز کراچی کنگز کے خلاف 33 گیندوں پر 51 رنز اسکور کیے۔ لاہور قلندرز گوکہ یہ میچ نہ جیت سکی لیکن اس کے جارح مزاج اوپنر نے نصف سنچری بنا کر پی ایس ایل کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان کی یہ پی ایس ایل میں اپنی ٹیم کے لیے 24 ویں نصف سنچری تھی اور وہ پاکستان سپر لیگ میں کسی بھی ایک ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ نصف سنچری بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں۔ان کے پیچھے دو سال سے پشاور زلمی کی نمائندگی اور قیادت کرنے والے بابر اعظم ہیں جنہوں نے کراچی کنگز کی جانب سے 23 نصف سنچریاں اسکور کی ہوئی ہیں۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان 22 نصف سنچریوں کے ساتھ تیسرے، کامران اکمل پشاور زلمی کی جانب سے 15 نصف سنچریاں اسکور کرکے چوتھے جبکہ بابر اعظم اپنی حالیہ فرنچائز پشاور زلمی کے لیے 14 نصف سنچریاں بنا کر اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔

خواجہ آصف کے بیان کو سیاسی مخالفین اپنے فائدے کیلئے استعمال کر رہے ہیں، مولانا فضل الرحمن

لاہور (این این آئی) سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کے حالیہ بیان نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے، تاہم ان کا نقطہ نظر ذاتی نہیں لگتا بلکہ اس بیان کو سیاسی مخالفین اپنے فائدے کیلئے استعمال کر رہے ہیں، ہندوستان کے اندر خود نریندر مودی پر شدید تنقید ہو رہی ہے، پاکستان میں سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن وطن کی حفاظت کیلئے پوری قوم متحد ہے۔پروفیسر ساجد میر کی وفات پراظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر سویلین کو قتل کرنے کا الزام بے بنیاد اور بلاجواز ہے، اور اس طرح کے الزامات سے وہ خود مشکوک ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے اندر خود نریندر مودی پر شدید تنقید ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن وطن کی حفاظت کیلئے پوری قوم متحد ہے اور ہر پاکستانی وطن کے دفاع کیلئے ایک صف میں کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کے حالیہ بیان نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے، تاہم ان کا نقطہ نظر ذاتی نہیں لگتا بلکہ اس بیان کو سیاسی مخالفین اپنے فائدے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔مولانا فضل الرحمن نے دینی مدارس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کو سوسائٹی سے الگ نہیں رکھا جا سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ شوال میں دینی مدارس کے داخلے ہوتے ہیں اور اس سال اتنا زیادہ رش ہے کہ وقت سے پہلے ہی داخلے بند کرنا پڑ گئے، مدارس اب مزید داخلے لینے کی گنجائش نہیں رکھتے۔

پاک بھارت کشیدگی میں روس صورتحال کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،آصف زرداری

اسلام آباد (این این آئی)صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی میں روس صورتحال کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،نازی ازم کے خلاف روسی عوام کی فتح عوامی طاقت، امن و خوشحالی کیلئے روس کے پختہ عزم کی مظہر ہے۔ دوسری جنگ عظیم میں نازی ازم کیخلاف روسی فتح کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف زرداری نے روسی ہم منصب، حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ نازی ازم کے خلاف روسی عوام کی فتح عوامی طاقت، امن و خوشحالی کیلئے روس کے پختہ عزم کی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے دوران موجودہ پاکستان کے علاقوں سے بھی بہت سے افراد نے نازی ازم کو شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا۔صدر زرداری نے اپنے 2011ء کے دور روس کو یادگار قرار دیا اور پاک روس دوستی کے فروغ میں روسی صدر کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اعلی سطحی تبادلوں نے بہتر تعلقات اور افہام و تفہیم کی بنیاد رکھی ہے۔صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان روس کو ایک اہم عالمی طاقت اور علاقائی امن و استحکام میں کلیدی عنصر کے طور پر دیکھتا ہے۔ انہوں نے خطے میں بالخصوص پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں روس کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس اس صورتحال کو بہتر بنانے میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہے اور کر رہا ہے۔خطاب کے اختتام پر صدر مملکت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دوستی کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا اور دونوں ممالک کے مابین مفاہمت اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔صدر آصف علی زرداری نے کہاآئیے خطے اور دنیا کے بہتر مستقبل کے لیے مل کر کام کریں۔

بھارت کی پاکستان کیلئے نفرف یکطرفہ ہے،فیصل قریشی

کراچی (این این آئی)پاکستان شوبز کے اداکار اور میزبان فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کی پاکستان کیلئے نفرف یکطرفہ ہے۔فیصل قریشی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران اپنی فنی زندگی کے ساتھ ساتھ پاک بھارت تعلقات، بھارتی فلموں کی پاکستان میں ریلیز، اور بھارت کی جانب سے اختیار کیے گئے نفرت انگیز رویے پر تفصیل سے بات کی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے لیے نفرت کا رویہ یکطرفہ ہے، جبکہ پاکستانی فنکار ہمیشہ فن، محبت اور امن کے حامی رہے ہیں۔فیصل قریشی نے بھارتی فلم انڈسٹری اور مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فلموں اور سیریز میں بلاوجہ پاکستان مخالف مواد شامل کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عوام کے ذہنوں میں نفرت بھرنا ہے۔انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ایک سیریز میں ریلیز سے قبل پاکستان مخالف مواد شامل کروایا گیا۔ فیصل قریشی نے بتایا کہ ان کے بھارتی دوست خود اس منفی پروپیگنڈے پر شرمندہ ہیں، اور تسلیم کرتے ہیں کہ بھارت میں تاریخ کو مسخ کر کے توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے تاکہ نئی نسل کو تعصب کی راہ پر لگایا جا سکے۔فیصل قریشی نے کہا کہ فنکار نفرت نہیں، بلکہ امن کے سفیر ہونے چاہئیں، کیونکہ نفرت کی سیاست سے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔

شاہ رخ خان نیویارک پہنچ گئے، میٹ گالا ڈیبیو سے پہلے مداحوں سے ملاقات

نیویارک (این این آئی)بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان میٹ گالا 2025 میں ڈیبیو کر رہے ہیں۔اس تاریخی لمحے سے قبل نیویارک ایئرپورٹ پر ان کی آمد کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ویڈیوز میں شاہ رخ خان اپنی منیجر پوجا دادلانی کے ہمراہ ایئرپورٹ سے باہر آتے دکھائی دیتے ہیں، جہاں مداحوں نے انہیں خوش آمدید کہا۔اس موقع پر بھی شاہ رخ خان نے ہمیشہ کی طرح سادگی اور وقار کے امتزاج سے سب کا دل جیتا۔ایک اور ویڈیو میں امریکی مداح کی شاہ رخ خان سے ملاقات کو دکھایا گیا، جس میں مداح کا جذباتی ردعمل دیکھنے لائق تھا۔مداحوں کی نظریں اب شاہ رخ خان کے ریڈ کارپٹ لک پر جمی ہوئی ہیں کہ وہ کیسا انداز اپنائیں گے۔

بڑی انجری کے بعد براہ راست پی ایس ایل کھلانے کو مشتاق احمد نے بڑی غلطی قرار دیدیا

لاہور(این این آئی)صائم ایوب طویل انجری کے بعد پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں دکھائی دے رہے ہیں تاہم سابق کرکٹر نے اس کو جلد بازی کا فیصلہ قرار دیا ہے۔پاکستان کے نوجوان اوپنر صائم ایوب جو رواں برس کے آغاز میں جنوبی افریقہ کیخلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں ٹخنے کی انجری کا شکار ہونے کے بعد طویل عرصہ کے بعد پاکستان سپر لیگ 10 میں پشاور زلمی کی جانب سے ایکشن میں دکھائی دے رہے ہیں۔باصلاحیت قومی بیٹر پی ایس ایل میں ابتدائی میچ کے علاوہ جس میں انہوں نے نصف سنچری اسکور کی تھی آف کلر نظر آ رہے ہیں اور سات میچز کھیل کر مجموعی طور پر صرف 70 رنز ہی اسکور کر سکے ہیں۔صائم ایوب کو بڑی انجری کے بعد براہ راست پاکستان سپر لیگ میں کھلانے کو پشاور زلمی کے بالنگ کوچ مشتاق احمد نے بڑی غلطی قرار دے دیا ہے۔مشتاق احمد نے کہا کہ انجری کے طویل عرصہ بعد میدان میں واپس لوٹنے کے لیے صرف نیٹ سیشنز کافی نہیں ہوتے بلکہ فارم اور ردھم کو چیک کرنے کے لیے میچ پریکٹس کی ضرورت ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صائم ایوب کو پی ایس ایل کھیلنے سے قبل میچ فٹنس اور ردھم حاصل کرنے کے لیے کچھ کلب میچز کھیلنے چاہیے تھے۔مشتاق احمد نے کہا کہ ٹورنامنٹ سے قبل صائم ایوب کو کچھ کلب میچز کھیلنا چاہیے تھے یا ہم ان کیلئے پریکٹس کا اہتمام کرتے تاکہ وہ اپنا کویا ہوا ردھم حاصل کرسکیں لیکن ایسا نہیں ہوا۔واضح رہے کہ اپنی بہترین کارکردگی سے پاکستان کو جنوبی افریقہ کو اسی کی سر زمین پر پہلی بار ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کرانے میں اہم کردار ادا کرنے والے صائم ایوب ٹیسٹ سیریز کے دوران زخمی ہونے کے باعث 8 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے دور ہو گئے تھے۔نوجوان بیٹر اسی وجہ سے 29 سال بعد پاکستان کی سر زمین پر ہونے والے آئی سی سی ایونٹ چیمپئنز ٹرافی کھیلنے سے بھی محروم رہے تھے۔

وزیراعلیٰ سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور ارکان اسمبلی عاصم میکن اور خرم ورک کی ملاقاتیں

لاہور (ا ین این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں رکن پنجاب اسمبلی سردار محمد عاصم شیر میکن اورخرم خان ورک موجود تھے۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ملکی و سیاسی امور،بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سپیکرملک محمد احمد خان کو پنجاب اسمبلی امور بطریق احسن سرانجام دینے کو سراہا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام میں ریکارڈ گھر بنانے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ طلبہ کے لئے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ پراجیکٹس کو سراہتے ہیں۔ رکن پنجاب اسمبلی سردار محمد عاصم شیر میکن کا وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو محمد نوازشریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پراجیکٹ میں دلچسپی کو سراہا۔ رکن پنجاب اسمبلی خرم خان ورک کاوزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی پراجیکٹس شروع کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ترقیاتی منصوبوں میں مشاورت کوقابل تحسین قرار دیا۔ رکن صوبائی اسمبلی عاصم شیر میکن نے کہا کہ سرگودھا میں محمد نوازشریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پراجیکٹ اپنی مثال آپ ہے۔ رکن پنجاب اسمبلی خرم خان ورک نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے قائد محمد نوازشریف اور شہبازشریف کی یاد تازہ کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ارکان صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مسلم لیگ(ن) کی حکومت آتی ہے تو لوگوں کے مسائل حل ہوتے ہیں۔ پورے پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا ہے۔صحت، تعلیم،انفراسٹرکچر اور ماحولیاتی آلودگی جیسے اہم شعبوں پر حکومت کام کررہی ہے۔ عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پورے صوبے میں روٹی کی قیمت دیگر صوبوں سے کم ہے۔ موجودہ حکومت کسانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے۔

پاکستان میں سولر انرجی کا انقلاب،دنیا کا تیسرا بڑا درآمد کنندہ بن گیا

اسلام آباد(این این آئی)ملک میں سولر انرجی کا انقلاب آگیا، پاکستان سولر پینلزدرآمد کرنے والا دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن گیا ۔امپورٹرز کے مطابق ماہانہ دو سے ڈھائی ہزار کنٹینرز بندرگاہ پہنچ رہے ہیں۔ملک میں توانائی بحران اور مہنگی بجلی سے تنگ عوام نے شمسی توانائی کا رخ کر لیا ہے، اور پاکستان سولر پینلز درآمد کرنے والا دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن چکا ہے۔ بندرگاہوں پر ہر ماہ دو سے ڈھائی ہزار کنٹینرز سولر پینلز کے اتر رہے ہیں، جس سے دکانداروں اور امپورٹرز کا کاروبار بھی چمک اٹھا ہے۔