All posts by mshijazi

پاکستانی کوہ پیما ساجد سدپارہ نے تاریخ رقم کردی

اسلام آباد (این این آئی)پاکستانی کوہ پیما ساجد سدپارہ نے تاریخ رقم کرتے ہوئے دنیا کی بلند ترین چوٹی بغیر مصنوعی آکسیجن کے سر کرلی۔ساجد سدپارہ بغیر آکسیجن اور بغیر شیرپا ماؤنٹ ایوریسٹ سر کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں،

ساجد سدپارہ نے اپنے مرحوم والد محمد علی سدپارہ کی خواہش کو پورا کردیا،ساجد سدپارہ تمام 14 بلند چوٹیاں بغیر مصنوعی آکسیجن کے سر کرنے کا عزم رکھتے ہیں،ساجد سدپارہ اناپورنا، کے ٹو، مناسلو، جی ون اور جی ٹو بھی بغیر آکسیجن سر کر چکے ہیں۔

سعودی طالبہ نے امریکن اورل میڈیسن ایسوسی ایشن کا ایوارڈ کا جیت لیا

واشنگٹن (این این آئی )ہارورڈ یونیورسٹی میں سعودی سکالرشپ کی طالبہ ملاک الھدلق نے اپنی تحقیق کے عوض امریکن اورل میڈیسن ایسوسی ایشن کی جانب سے پیش کردہ لیسٹر برکٹ ایوارڈ جیت لیا۔ اپنی تحقیق کے ذریعے ملاک منہ میں کینسر سے پہلے کی سفید تبدیلیوں کے علاج کے لیے ایک نئے طریقہ تک پہنچ گئی۔

انہوں نے اپنی تحقیق جارجیا کے شہر سوانا میں ایسوسی ایشن کی سالانہ کانفرنس میں پیش کی۔عرب ٹی وی کو اپنے انٹرویو میں کہا کہ میں نے کنگ سعود یونیورسٹی کے شعبہ دندان سازی سے گریجویشن کیا اور میرا ٹیچنگ اسسٹنٹ کے طور پر سپیشلائزیشن کا تقرر کیا گیا۔ اسی لیے میں نے امریکہ اور کینیڈا میں پروگراموں کے لیے درخواست دی اور مجھے ہارورڈ کے پروگرام میں قبول کرلیا گیا۔ مجھے ڈینٹل کالج اور آنکولوجی سنٹر کلینک میں تربیت دی گئی۔

قومی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کے شیڈول کا اعلان

اسلام آباد (این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے۔پاکستانی ٹیم دسمبر 2023 سے جنوری 2024 میں آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔

ٹیسٹ سیریز کو بینو قادر ٹرافی کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، اور یہ سیریز تیسری ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ پرتھ، میلبرن اور سڈنی میں کھیلے جائیں گے۔پہلا ٹیسٹ 14 سے 18 دسمبر پرتھ اسٹیڈیم ، دوسرا 26 سے 30 دسمبر میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

گوانتانامو میں تشدد کے ناقابل برداشت طریقے، پہلی مرتبہ تصاویر سامنے آگئیں

ہوانا(این این آئی)گوانتانامو جیل کے قیام کو کئی سال گزر چکے ہیں لیکن کیوبا کے انتہائی جنوب مشرق میں واقع گوانتاناموبے میں واقع اس جیل پر بین الاقوامی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے تنقید کی جاتی ہے، گوانتا نامو بے کی اس جیل میں تشدد کے کیسے ناقابل برداشت اور انسانیت سوز طریقے اپنائے جاتے رہے ان کی منظر کشی سامنے نہیں آئی تھی۔

بند کمروں میں تشدد اور اذیت کے نت نئے اور خوفناک حربے استعمال کیے جاتے رہے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اب وہاں موجود ایک قیدی ابوزبیدہ نے پہلی مرتبہ درجنوں ڈرائنگز پیش کی ہیں جو اس نے اپنے ہاتھ سے اس امریکی حراستی کیمپ میں تشدد کے طریقوں کے بارے میں بنائی ہیں۔ اس امریکی حراستی کیمپ کا ایک حصہ سی آئی اے کے نام سے جانا جاتا ہے اور اسی حصہ میں 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد گرفتار افراد پر تشدد بھی کیا جاتا رہا۔

رپورٹ کے مطابق ابو زبیدہ کی بنائی گئی ڈرائنگز کی تعداد 40 ہے اور یہ 2002 سے لیکر 2006 کے درمیان سی آئی اے کے اپنائے گئے وحشیانہ طریقوں کی جامع اور تفصیلی دستاویز ہیں۔اس حوالے سے اقوام متحدہ سے قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا اور بتایا گیا کہ یہ طریقے تمام بین الاقوامی قوانین سے مطابقت نہیں رکھتے۔ابو زبیدہ نے جو تصویریں بنائیں اور بعد میں اپنے ایک وکیل پروفیسر مارک ڈینبو کو بھیجیں۔

ان میں تشدد، جنسی اور نسلی توہین اور طویل نفسیاتی دہشت کی بھیانک کارروائیاں دکھائی گئی تھیں۔مذکورہ وکیل نے سیٹن ہال یونیورسٹی سکول آف لا کے پالیسی اینڈ ریسرچ سینٹر میں اپنے طلبہ کے ساتھ مل کر اس بدنام زمانہ جیل اور دیگر خفیہ انٹیلی جنس حراستی مراکز میں تشدد کے بارے میں ایک جامع رپورٹ میں زبیدہ کی تصاویر اور شہادتیں شامل کی ہیں۔ڈینبو نے کہا کہ ابو زبیدہ امریکی ٹارچر پروگرام کا پہلا شکار ہے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے 10کیس رپورٹ ، آٹھ کی حالت تشویشناک

اسلام آباد (این این آئی)ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 10کیس رپورٹ ہوئے اور8مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔اتوار کو این آئی ایچ کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ایک ہزار845 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے10 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے

اس طرح مثبت کیسز کی شرح0.54فیصد رہی اور اس دوران کورونا وائرس سیکوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 8مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں205ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے4کے ٹیسٹ مثبت آئے اور وہاں پر مثبت کیسزکی شرح 1.95فیصد رہی، اسی طرح گلگت میں 217ٹیسٹوں میں سے ایک ٹیسٹ مثبت ا?یا اور وہاں پر شرح0.46 فیصد رہی۔

سمندری طوفان موچا میانمار اور بنگلا دیش سے ٹکرا گیا

ڈھاکا(این این آئی)خلیجِ بنگال میں بننے والا سمندری طوفان موچا میانمار اور بنگلا دیش کے ساحلوں سے ٹکرا گیا، کیٹگری 5 شدت کے طوفان کے باعث شدید بارشوں اور تیز ہوائو ں سے درخت اکھڑ گئے،غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کیٹگری 5 شدت کے طوفان کے باعث شدید بارشوں اور تیز ہواوں سے درخت اکھڑ گئے۔

طوفان موچا کے پیشِ نظر بنگلا دیش سے پہلے ہی تقریبا 3 لاکھ افراد کا انخلا کرا لیا گیا،طوفان کے راستے میں آنے والے علاقوں کے 20 لاکھ افراد کے براہِ راست متاثر ہونے کے خدشہ ظاہر کیا گیا ،بنگلا دیش میں روہنگیا مسلمانوں کے کیمپوں کو طوفان سے شدید خطرہ ہے، طوفانی بارش سے لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔

وفاقی وزراء کی فضل الرحمان سے ملاقات، سپریم کورٹ کے باہر احتجاج نہ کرنے کی اپیل

اسلام آباد (این این آئی) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے وفاقی وزیر کی جانب سے سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج نہ کر نے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہم اعلان کر چکے ہیں ، فیصلہ اب عوام کی عدالت میں ہوگا ، کارکن پر امن ہیں اور احتجاج پر امن ہوگا ۔

اتوار کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ۔وفاقی وزراء نے مولانا فضل الرحمان سے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج نہ کرنے کی اپیل کردی ۔ وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہاکہ کچھ روز قبل بھی ملک میں حالات خراب ہوئے، وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ پی ڈی ایم ڈی چوک پر احتجاج کرے۔

مولانا فضل الرحمان نے اسحاق ڈار اور رانا ثناء اللہ کی درخواست مسترد کردی ۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ہم اعلان کر چکے ہے فیصلہ اب عوام کی عدالت میں ہوگا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوچکے ہیں، کارکنان پر امن ہے اور پر امن احتجاج ہوگا۔ سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ ہمارے کارکنان ایک گملہ یا پودہ بھی نہیں توڑے گے، ہم پر امن لوگ ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیر کو عوام نکلیں گے اور فیصلہ بھی عوام کی عدالت میں اب ہوگا۔

مفتی قوی کا عمران خان کے نکاح کو جعلی کہنے پر حریم شاہ برس پڑیں

اسلام آباد (این این آئی)ٹک ٹاکر حریم شاہ نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی تیسری اہلیہ بشریٰ بی بی کے نکاح کو جعلی کہنے پر مفتی قوی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔حریم شاہ نے ٹوئٹر پر ماضی میں مفتی قوی کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو ایک بار پھر شیئر کردی اور لکھا کہ جعلی مفتی عبدالقوی نے اپنے حالیہ انٹرویوز میں بکواس کی کہ خان صاحب کا نکاح غیرشرعی تھا یہ رہا میرا اس غیرشرعی آدمی کو جواب۔

واضح رہے کہ مفتی قوی نے حال ہی میں دیے گئے انٹرویو کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح کے معاملے پر بات کی تھی۔ اپنے انٹرویو کے دوران مفتی قوی نے کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کی خلع کا معاملہ یکطرفہ تھا جس کی وجہ سے وہ اب بھی خاور مانیکا کی بیوی ہیں، لہٰذا مفتیان کرام نے عمران خان اور بشریٰ کے جو دونوں نکاح پڑھے وہ دونوں غلط تھے۔

آسٹریلیا میں سرفنگ کرتا شخص اچانک غائب

کینبرا(این این آئی)جنوبی آسٹریلیا کی ریاست میں ایلسٹن قصبے کے قریب ساحل سمندر پر حیران کن واقعہ پیش آگیا۔سمندر میں ایک شخص سرفنگ کرتے ہوئے اچانک غائب ہوگیا۔ لاپتہ سرفر کا سراغ لگانے کی بھرپور کوشش کی گئی مگر کچھ معلوم نہ ہوسکا۔

سرفر کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ وہ شارک کا رزق بن گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ہنگامی خدمات کو ریاست کے دارالحکومت ایڈیلیڈ سے 650 کلومیٹر جنوب میں ایلسٹن قصبے کے قریب ساحل سمندر پر بلایا گیا تھا۔ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں نے 46 سالہ سرفر کی تلاش میں انتھک محنت کی لیکن سرفر نہ مل سکا۔

ریاست کی ہنگامی خدمات کے ترجمان نے بتایا کہ ایک ٹیم کشتی کے ذریعے دور تک کے علاقوں میں اس شہری کی تلاش کرتی رہی۔واضح رہے قصبہ ایلسٹن کی آبادی تقریبا ایک ہزار افراد پر مشتمل ہے۔ یہ قصبہ سرفنگ کے مقامات کے حوالے سے مشہور ہے اور بہت سے مہم جو اس قصبہ کا رخ کرتے ہیں۔

پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان

اسلام آباد(این این آئی)اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تجویز کی گئی ہے۔ذرائع پیٹرولیم ڈویڑن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 7 سے 10 روپے فی لٹر تک کمی کی جاسکتی ہے،ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز ہے۔اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری حکومت کو بھجوا دی ہے۔

وزیر خزانہ اوگرا سفارشات پر وزیر اعظم سے مشاورت کریں گے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ کل کیا جائے گا۔ آئندہ 15 دن کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 15 مئی کی شب 12 بجے کے بعد ہوگا۔واضح رہے کہ گزشتہ 14 دنوں میں برنٹ آئل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت زیادہ سے زیادہ 77.44 ڈالر فی بیرل تک رہی۔

22 سالہ نوجوان نے 48 سالہ ٹیچر سے شادی کرلی

کوالالمپور(این این آئی)ملائیشیا میں اس وقت ایک نوجوان محمد دانیال احمد علی کی اپنی استانی کی شادی کی خبریں وائرل ہو رہی ہیں جن کے درمیان کم ازکم 26 سال کا فرق ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں بھی خود سے 24 برس زیادہ عمر کی اپنی استانی سے شادی کے بعد شہ سرخیوں کا موضوع بنے رہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد دانیال احمد علی نے اپنی مستقبل کی دلہن، جمیلہ محمد سے اس وقت ملاقات کی تھی جب وہ اسکول میں پڑھتے تھے۔ 2016 میں جمیلہ نے انہیں پڑھایا تھا۔دانیال اس وقت آٹھویں جماعت میں تھے اور جمیلہ نے ایک سال تک انہیں قومی زبان ملائے کا مضمون پڑھایا تھا۔

وہ اپنی استانی کی شفقت، توجہ اور تدریس کے طریقے سے بہت متاثر ہوئے لیکن ان کے دل میں اب بھی استاد اور شاگرد کے جذبات ہی تھے۔اس کے بعد وہ نویں جماعت میں چلے گئے اور یوں جمیلہ نے اسے صرف ایک سال تک ہی پڑھایا۔ تاہم ایک ہی اسکول میں ہونے کے وجہ سے استانی سے علیک سلیک کرتے رہے۔ پھر دسویں جماعت میں جمیلہ نے ان کی تاریخِ پیدائش یاد رکھتے ہوئے انہیں سالگرہ مبارک کہا۔

اس کے بعد محمد دانیال جمیلہ سے قریب ہوتے گئے شادی کا اظہار کیا تو جمیلہ نے عمر کے فرق کے وجہ سے مسترد کردیا۔اس کی وجہ یہ ہے کہ جمیلہ 2007 میں اپنے پہلے شوہر سے طلاق کے بعد کام پر توجہ رکھنا چاہتی تھیں۔ لیکن دانیال کے بار بار کے اصرار پر ان کا دل موم ہو گیا اور جمیلہ نے شادی کی حامی بھر لی۔اس کے بعد محمد دانیال اور جمیلہ 2021 کی نومبر میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔

تاہم ان کی داستان اب دوبارہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں۔ماضی میں فرانس کے صدر عمانویل ماکروں نے جہاں سیاست کے میدان میں کامیابی کی وجہ سے شہرت پائی وہیں ان کی محبت کی کہانی کے چرچے بھی عام ہوئے۔عمانویل ماکروں کی 64 سالہ بیوی بریژٹ ٹروغنو ان سے 24 برس بڑی ہیں اور وہ اس سکول میں استاد تھیں جہاں ماکروں نے تعلیم حاصل کی تھی۔ان دونوں کی محبت کی کہانی اس وقت شروع ہوئی جب 15 سالہ عمانویل ماکروں شمالی فرانس کے ایک سکول میں زیر تعلیم تھے۔

بنگلہ دیش نے بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا

دبئی(این این آئی)آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ سپرلیگ میں بنگلہ دیش نے بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا۔تفصیلات کے مطاق بنگلہ یش نے چیمسفورڈ میں کھیلے گے دوسرے ون ڈے میں آئرلینڈ کو دلچسپ مقابلے میں 3 وکٹ سے شکست دے کر سپر لیگ میں تیسری پوزیشن سنبھال لی ،

ٹیم کے مجموعی پوائنٹس 10 کے اضافے سے اب 145 ہوگئے۔139 پوائنٹس کی حامل بھارتی ٹیم کو چوتھے نمبر پر جانا پڑا، ٹاپ پر نیوزی لینڈ 175، دوسرے نمبر پر انگلینڈ 155 پوائنٹس کے ساتھ براجمان ہے، پاکستان ٹیم 130 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں درجے پر موجود ہے۔