All posts by mshijazi

اسحاق ڈار کا پیٹرول کی قیمت میں 12روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کردیا

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 12روپے کم کرنے کا اعلان کردیاہے اورہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 30روپے اورمٹی کے تیل میں 12روپے فی لیٹر کمی کردی ہے۔وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردبدل کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ پیٹرول کی قیمت میں 12روپے فی لیٹرکمی کی گئی ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 30روپے اورمٹی کے تیل میں 12روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

اسحق ڈار نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی حکومت کی ہر مہینے بھرپور کوشش ہوتی ہے کہ عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ ریلیف بین الاقوامی مارکیٹ کی بنیاد پر پاس کی جائے۔انہوں نے کہا کہ رات12بجے کے بعد پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر12روپے کمی کے بعد 282روپے سے کم ہو کرنئی قیمت 270روپے ہوگئی ہے،ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 30روپے فی لیٹر کمی کے بعد288روپے سے کم ہو کر نئی قیمت258روپے اورمٹی کے تیل میں 12روپے فی لیٹر کمی کے بعد176روپے 7پیسے سے کم ہو کر نئی قیمت164روپے 7پیسے ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت164روپے 68پیسے سے کم ہو کر152روپے 68پیسے مقررکردی ہے۔انہوں نے کہا کہ 16مئی سے31مئی تک کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کی گی ہے۔اسحق ڈار نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز اور ڈیزل کے استعمال والے مختلف محکموں اور اداروں سے گزارش ہے کہ وہ کرایوں اور دیگر مد میں عوام کو ریلیف دیں تاکہ عوام کو بھی نہ صرف براہ راست قیمتوں میں فرق ہو۔انہوں نے کہاکہ جب قیمتیں بڑھتی ہیں تو اس کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز کرایہ بڑھا دیتے ہیں، سبزیاں اور دیگر کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے، اس لیے پاکستان کے عوام کے لیے کرایوں اور باقی معاملات میں کمی کا اعلان کریں۔

بھارتی بحریہ کا برہموس سپرسونک کروز میزائل کا تجربہ کرنے کا دعویٰ

نئی دہلی(این این آئی)بھارتی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے برہموس سپرسونک کروز میزائل کا تجربہ کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی بحریہ کے ایک عہدیدار نے بتایاکہ جدید ترین گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر INS Mormugao نے اپنے پہلے براہموس سپرسونک کروز میزائل کے تجربے کے دوران کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ جہاز اور اس کے طاقتور ہتھیار جودونوں دیسی ہیں،نے سمندر میں بھارتی بحریہ کے فائر پاور کی ایک اورشاندار مثال قائم کی ہے۔BrahMos Aerospace Pvt Ltd بھارت اور روس کاایک مشترکہ منصوبہ ہے جو سپرسونک کروز میزائل تیار کررہاہے جو آبدوزوں، بحری جہازوں، ہوائی جہازوں یا سطح زمین سے چلائے جا سکتے ہیں۔برہموس میزائل آواز کی رفتار سے تقریبا تین گنا زیادہ رفتار کے ساتھ اپنے ہدف کو نشانہ بناتا ہے۔ میزائل تجربے کا مقام واضح نہیں ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت نے گزشتہ سال جنوری میں میزائل کی تین بیٹریوں کی فراہمی کے لیے فلپائن کے ساتھ 375ملین ڈالر کا معاہدہ کیا تھا۔

دو سعودی خلا باز 21 مئی کو سائنسی سفر پر روانہ ہوں گے

ریاض(این این آئی)دو سعودی خلا باز کے 21 مئی کو سائنسی سفر پر روانہ ہونے کا اعلان کردیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پہلی سعودی اور عرب مسلم خاتون خلا باز ریانہ برناوی اور علی القرنی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس)کے پہلے سعودی خلاباز بھی ہیں۔

21 مئی کو ان دونوں کی سائنسی سفر پر روانگی سعودی عرب کے لیے ایک تاریخی واقعہ شمار ہوگی۔ یہ خلائی میدان میں مملکت کے لیے ایک مرحلے کا آغاز ثابت ہوگا۔سعودی سپیس اتھارٹی نے کہا کہ یہ سفر سعودی خلاباز پروگرام کے فریم ورک کے اندر آتا ہے جو 22 ستمبر 2022 کو شروع کیا گیا تھا۔

اس پروگرام میں مائیکرو گریوٹی ماحول میں 14 اہم سائنسی تحقیقی تجربات شامل ہیں۔ یہ تجربات ایسے جوابات فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے جو انسانوں کو مزید بااختیار بنائیں گے۔تحقیق کے نتائج خلائی تحقیق اور انسانیت کی خدمت کے میدان میں سعودی عرب کی عالمی پوزیشن کو بھی بہتر بنائیں گے۔

یہ اقدام سعودی تحقیقی مراکز کے صحت، پائیداری اور خلائی ٹیکنالوجی جیسے متعدد ترجیحی شعبوں میں اثر انداز ہونے کی بھی تصدیق کرتا ہے۔ یہ خلائی پروگرام سعودی ویژن 2030 کے اہداف کو حاصل کرنے کی جانب ایک سفر ہے۔خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہدہ شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی خلا بازوں ریانہ برناوی اور علی القرنی کی خلا میں روانگی کے موقع پر ان سے ملاقات کی اور سائنسی سفر میں ان کی کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

مسئلہ بھارت نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر کے کھڑا کیا، نجم سیٹھی

لاہور ( این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ مسئلہ بھارت نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر کے کھڑا کیا۔بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ہماری حکومت بھی دہشت گردی کو بھڑکانے کا الزام بھارت پر لگا سکتی ہے۔

2008ء کے بعد سے اب تک دونوں ممالک میں دہشت گردی کے حوالے سے بہتری آ چکی ہے، 2009ء میں سری لنکا پر حملہ ہوا تو اس کے بعد اب مکمل انٹرنیشنل کرکٹ واپس آ چکی ہے۔پاکستان اور بھارت کی دونوں حکومتیں ایک دوسرے پر الزام لگا سکتی ہیں، اب کسی ایک کو آگے بڑھنا ہے اور کھیلنا ہے، پاکستان میں صورتحال بہت اچھی ہے۔

مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ چار برسوں سے پاکستان میں مسلسل کرکٹ ہو رہی ہے، ہنگامے تو دہلی میں بھی ہوئے تھے تو کیا یہ شہر غیر محفوظ تھا، عمران خان جب سڑکوں پر تھے تو نیوزی لینڈ کی ٹیم کرکٹ کھیل رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صورتحال کچھ اوپر نیچے ہے لیکن ستمبر میں معاملات بہتر ہوں گے، اگر بھارتی حکومت اپنی ٹیم کو پاکستان آنے سے روکے گی تو پاکستان حکومت بھی ایسا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھارت میں کہیں بھی کھیل لیں گے لیکن پہلے ایشیا کپ اس ماڈل پر ہو جس کی ہم نے تجویز دی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ جلد فیصلہ ہونا چاہیے کہ ایشیا کپ کیسے منعقد ہونا ہے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ایشیا کپ کے حوالے سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، جے شاہ کی طرف سے اس بارے میں کچھ سننے کو نہیں ملا، ہم نے کئی مشکلات کا حل نکال لیا ہے۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ایشیا کپ کے ہم میزبان ہیں اے سی سی وینیوز کے حوالے سے ہم سے بھی پوچھے گی، جے شاہ نیوٹرل وینیو پر ایشیا کپ کھیلنا چاہتے ہیں ہم چاہتے ہیں پاکستان میں ہو۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے ہائبرڈ فارمولا دیا، چار میچز پاکستان میں باقی میچز کسی اور وینیو پر ہوں، یہ فارمولا قبول ہو جاتا ہے تو پھر ورلڈ کپ کے لیے بھی کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔

عمران خان نے اپنے سپورٹرز کا دماغی توازن خراب کردیا ہے ،عفت عمر

اسلام آبا د(این این آئی)اداکارہ عفت عمر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے سپورٹرز کا دماغی توازن اتنا خراب کردیا ہے کہ انہوں نے میری ماں کی پوسٹ کو بھی نہیں بخشا۔

میں اداکارہ نے انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے سپورٹرز اتنے ظالم ہیں کہ انہوں نے میری ماں کی پوسٹ کو بھی نہیں بخشا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر عفت عمر نے اپنی والدہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ میں نے ماں کے عالمی دن پر اپنی والدہ کی تصویر لگائی تھی لیکن پی ٹی آئی کے سپورٹرز اتنے ظالم ہیں، ان کے لیڈر نے پی ٹی آئی کارکنوں کا دماغی توازن اتنا خراب کردیا ہے کہ انہوں نے میری ماں کی پوسٹ کو بھی نہیں بخشا۔انہوں ویڈیو جاری کرتے ہوئے الزام لگایا کہ آپ لوگوں نے مجھے، میرے خاوند، اور میری اولاد تک کو نہیں بخشالیکن ماں ایک ایسی ہستی ہے جس پر سب کو شرم آجاتی ہے۔عفت عمر نے کہا کہ عمران خان اور ان کے سپورٹرز کو کسی بات پر شرم آئے، یہ ممکن نہیں۔

کرپشن کیسز میں شامل تفتیش ہوں، وزیراعظم کا عمران خان کو مشورہ

لاہور ( این این آئی) وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین وسابق وزیراعظم عمران خان کو کرپشن کیسز میں شامل تفتیش ہو کر بات ختم کرنے کا مشورہ دے دیا۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عمران خان کے ٹوئٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اِدھر ادھر کی من گھڑت باتیں چھوڑیں۔ شامل تفتیش ہوں اور اپنی کرپشن کا حساب دیں۔ بات ختم!

سلمان خان کی بھانجی ماموں کے نقش قدم پر چل پڑی، تصاویر وائرل

ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ اداکار سلمان خان عرف سلو بھائی کی بھانجی بھی اپنے ماموں کے نقشِ قدم پر چل پڑی ہے۔سلمان خان اکثر اوقات ہی بچوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے ویڈیوز اپلوڈ کرتے نظر آتے ہیں۔

سلمان خان نے انسٹاگرام پر بھانجی آیت کے ہمراہ ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی ہے جسے بھائی کے مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔سلمان خان کا اپنی اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھنا ہے کہ ان کی بھانجی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے۔

پاکستان کو متحد رکھنے کی آخری طاقت فوج ہے، اگر فوج کمزور ہوگی تو پاکستان ٹوٹے گا، مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کسی بھی قیمت پر عدالتوں کے انجینئرڈ فیصلوں کو قبول نہیں کریگی، فیصلہ سپریم کورٹ میں بیٹھے کچھ لوگ نہیں پاکستان کے عوام کرینگے،تمام اداروں کو اپنی ذمہ داریاں ’اپنی حدود میں‘ میں رہتے ہوئے پوری کرنی چاہئیں،

چیف جسٹس صاحب ہم آپ کو جانتے ہیں، آپ کا احترام بھی کرتے ہیں،آپ اور آپ کے وفادار، جن مہذب کرسیوں پر بیٹھے ہیں ان پر بیٹھ کر نہ تو پارلیمان اور عوام کی اور نہ ہی کسی سیاستدان کی تذلیل کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے، کسی طرح ہتھوڑا گردی کو منظور نہیں کر سکتے،پاک فوج کو اس لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ پاکستان کو متحد رکھنے کی آخری طاقت فوج ہے، اگر فوج کمزور ہوگی تو پاکستان ٹوٹے گا،

عمران خان اسی ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔سپریم کورٹ کے باہر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ فیصلہ اس عمارت (سپریم کورٹ) میں بیٹھے کچھ لوگ نہیں کر سکتے بلکہ فیصلہ پاکستان کے عوام کریں گے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جانبدار جج اپنی عدالتی حیثیت کو مجروح کر چکا ہے اس لیے یہاں عوام کی عدالت براہ راست موجود ہے اور عوامی عدالت نے فیصلہ دے دیا ہے کہ سپریم کورٹ کا چیف جسٹس اور ان کا مختصر ٹولہ پاکستانی عدالت کی توہین کر رہا ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے زور دے کر کہا کہ ان کی جماعت کسی بھی قیمت پر عدالتوں کے ’انجینئرڈ فیصلوں‘ کو قبول نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کو اپنی ذمہ داریاں ’اپنی حدود میں‘ میں رہتے ہوئے پوری کرنی چاہئیں اور عدلیہ کو سیاست میں ملوث ہونے سے خبردار کیا۔پی ڈی ایم سربراہ نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے مخاطب ہوکر کہا کہ ہم آپ کو جانتے ہیں، آپ کا احترام بھی کرتے ہیں تاہم آپ اور آپ کے وفادار، جن مہذب کرسیوں پر بیٹھے ہیں ان پر بیٹھ کر نہ تو پارلیمان اور عوام کی اور نہ ہی کسی سیاستدان کی تذلیل کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ ہماری تذلیل کریں گے تو آپ کے ہتھوڑے سے ہمارا ہتھوڑا مضبوط ہے، کسی طرح ہتھوڑا گردی کو منظور نہیں کر سکتے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اگر آپ کو سیاست کرنی ہے تو میدان پر آئیں۔انہوں نے کہا کہ آج کہاں ہے وہ جتھا، آج حملہ کرے تو پتا چلے، تحریک انصاف کا دہشت گرد کہاں ہے، ساری پولیس اور رینجرز ہٹ جائے ہم خود اس عمارت کی حفاظت کریں گے لیکن اس عمارت کی عزت و تقدس پر سودا نہیں کیا جا سکتا۔پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ ہماری تین سو سالہ تاریخ پڑھ لیں ہم نے ہمیشہ غلامی کی زنجیریں توڑی ہیں اور آج بھی غلامی کی زنجیر کو توڑنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت پر ناجائز ہاتھ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو ہم، عوام کی منتخب قومی اسمبلی، وزیر اعظم کا تحفظ کریں گے پھر آپ کو پریشانی ہوگی۔ پی ڈی ایم سربراہ نے چیف جسٹس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر بات پر کہتے ہیں کہ یہ دستور کے مطابق ہے، کیا دستور کو ہم نہیں جانتے، جس دستور کی تشریح تم کرتے ہو وہ دستور ہم نے بناکر آپ کے بھیجا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے کہا تھا کہ آپ درست سمت پر نہیں جا رہے اگر پاکستان پر کوئی مشکل آئی تو یہ یوتھیے وغیرہ آپ کے ساتھ کھڑے نہیں ہوں گے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پاک فوج کو اس لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ پاکستان کو متحد رکھنے کی آخری طاقت فوج ہے، اگر فوج کمزور ہوگی تو پاکستان ٹوٹے گا، عمران خان اسی ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کسی پر انصاف کی ذمہ داری ہو تو ہر فریق کو ایک جیسی توجہ دینی چاہیے۔مولانافضل الرحمان نے کہا کہ ہم عدالت کی قدر ومنزلت بحال کرنا چاہتے ہیں، آج اس تاریخی اجتماع نے بتادیا فیصلہ عوام کو کرنا ہے، ساری پولیس اور رینجرز ہٹ جائے ہم اس سپریم کورٹ کی عمارت کی حفاظت کریں گے، کوئی مائی کا لعل میلی آنکھ سے بھی اس عمارت کو نہیں دیکھ سکے گا۔مولانافضل الرحمان نے کہا کہ آج اسلام آباد میں عوام کی عدالت لگی ہے، اسلام نے عدل و انصاف کا حکم دیا ہے، پنجاب اور کے پی اسمبلیاں نہ توڑی جاتیں تو آج بحران نہ ہوتا۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے دھرنا ختم کر نے کا اعلان کیا۔

مہنگے ترین ممالک کی فہرست جاری،پاکستان دنیا بھر میں 13ویں نمبر پر

مکوآنہ (این این آئی) مہنگے ترین ممالک کی فہرست جاری کردی گئی ہے جس میں پاکستان نے مہنگائی کی دوڑ میں سری لنکا کو بھی مات دیدی ہے۔ غذائی افراط زر کی فہرست میں پاکستان دنیا بھر میں 13 ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ ڈیفالٹ ہونے والے ملک سری لنکا کا فہرست میں 18 واں نمبر ہے۔

ٹریڈنگ اکنامکس نامی ویب سائٹ کی جانب سے غذائی افراط زر سے متعلق دنیا بھر کے ممالک کی فہرست جاری کی گئی ہے۔فہرست کے مطابق لبنان 352 فیصد مہنگائی کے ساتھ دنیا کا مہنگا ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔ 0.4 فیصد کے ساتھ چین غذائی افراط زر کے حوالے سے دنیا کا سستا ترین ملک ہے۔

مہنگے ترین ممالک کی فہرست میں وینیزویلا 158 فیصد کے ساتھ دوسرے، زمبابوے 108 فیصد کے ساتھ تیسرے جبکہ ایران کا 71.5 فیصد کے ساتھ فہرست میں چوتھا نمبر ہے۔ اسی طرح اسلامی ملک ترکی 53.92 فیصد کے ساتھ ا?ٹھویں نمبر پر موجود ہے۔ مہنگائی میں اضافے کے بعد پاکستان 48 فیصد کے ساتھ 13 ویں نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان کا ہمسایہ ملک بھارت 3.84 فیصد کے ساتھ 152 ویں جبکہ بنگلہ دیش کو 9.09 فیصد کے ساتھ 111 واں نمبر دیا گیا ہے

سعودی عرب میں بنگلہ دیشی ورکر کی شادی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی

ریاض(این این آئی )ایک سعودی خاندان نے اپنے بنگلہ دیشی گھریلو ملازم کی شادی دھوم دھام سے کرادی ۔ خوشی اور مسرت کے اس موقع پر گھر سے لے کر شادی کی تقریب کے مقام تک تمام امور میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

شادی کی تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوئیں تو تو لوگوں نے بڑے پیمانے پر اس اقدام کی تعریف کی اور بنگلہ دیشی ورکز جھیر کی خوشیوں میں حصہ ڈالا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ویڈیو کلپ سعودی عرب کے مختلف مواصلاتی پلیٹ فارمز پر وسیع پیمانے پر پھیل گیا۔ ویڈیو کلپ میں سعودیوں نے اپنے ورکر کے لیے خوشی کا اظہار کیا گیا۔ بنگلہ دیشی نژاد جھیر نے زبردست خوشی کے درمیان سعودی لباس اور بشت بھی زیب تن کیا۔

سوشل میڈیا پر متحرک افراد نے ویڈیو پر رد عمل کا اظہار کیا اور اسے ایک خوبصورت اور انسانی اقدام قرار دیا۔ لوگوں نے دولہا کے لیے ازدواجی زندگی میں کامیابی کے لیے دعائیں بھی کیں۔سماجی کارکن حسن بصر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خوبصورت انسانی اقدام ہے۔ اس اقدام میں تعاون کرنے والے ہر فرد کا شکریہ ادا کیا جاتا ہے، سعودی خاندان نے اپنے گھریلو ملازم کی شادی کا جشن منایا یہ دوسروں کے لیے بھی قابل تقلید عمل ہے۔

کسی سیاسی پارٹی نہیں بلکہ مسلح جتھوں کیخلاف کارروائی ہورہی ہے،آئی جی پنجاب

لاہور ( این این آئی) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ 9مئی کا دن ملکی تاریخ کا سیاہ باب ہے، پرتشدد واقعات میں ملوث افراد سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، یہ کسی سیاسی پارٹی کیخلاف نہیں مسلح جتھوں کیخلاف کارروائی ہورہی ہے۔اپنے ایک بیان میں آئی جی عثمان انور کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے بھی پرتشدد واقعات پر گرفتاریاں کی ہیں،

پنجاب میں حالات کو دیکھتے ہوئے ایکشن لیا گیا، جناح ہاس پر حملہ خطرناک تھا، تمام واقعات کی جیوفینسنگ کی ہے۔انہوں نے کہا گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، قانون اپنا راستہ خود بناتا ہے، سیف سٹی کیمروں میں تمام ویڈیو اور شواہد موجود ہیں، ابھی تک 3200لوگ گرفتار کیے جاچکے ہیں، آئندہ وہی کیا جائے گا جو قانون میں لکھا ہے۔آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ شرپسند ہمارے مس گائیڈڈ لوگوں، خواتین کی آڑ میں ہنگامہ آرائی کریں یا جلا گھیرا کریں تو ایسے میں پولیس کا گولی چلانا بہت مشکل ہوتا ہے۔

نیوز اینکر عمران ریاض کی گرفتاری پر ایس ایچ او معطل

لاہور ( این این آئی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے نیوز اینکر عمران ریاض خان کو گرفتار کرنے والے ایس ایچ او کو معطل کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ میں نیوز اینکر عمران ریاض خان کی گرفتاری کے خلاف ان کے والد محمد ریاض کی درخواست پر سماعت ہوئی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے استفسار کیا کہ عمران ریاض تو پہلے ہی ملک سے باہر جا رہے تھے پھر گرفتاری کی کیا ضرورت تھی؟

ائیرپورٹ سے گرفتار کیا، ایس ایچ او سیالکورٹ تھانہ کیا نظر بندی کے احکامات لے کر گئے تھے؟۔ایچ ایچ او نے جواب میں بتایا کہ نظر بندی کے احکامات بعد میں جاری ہوئے۔ جس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پھر گرفتاری کس بات کی تھی؟جب آپ ائیرپورٹ گرفتار کرنے گئے دکھائیں کہاں روزنامچے میں اندارج کیا؟۔عدالت کی حکم پر ایس ایچ او نے ریکارڈ عدالت میں پیش کردیا۔

چیف جسٹس امیر بھٹی نے استفسار کیا کہ اس روزنامچہ میں تو واپسی پر اندارج ہوا ہے، مجھے دکھائیں آپکی راونگی کہاں ہے؟ مجھے دکھائیں آپ کے پاس کہاں نظر بندی کے احکامات تھے؟۔ایس ایچ او نے بتایا کہ انہوں نے اینکر عمران ریاض خان کو پہلے گرفتار کیا اور جیل بھیجا اسکے بعد اندارج کیا۔چیف جسٹس نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے نظر بندی کے احکامات موصول کیے بغیر عمران ریاض کو کیسے گرفتار کرلیا؟ اگر آپ نے روزنامچہ میں چیزیں نہ دکھائی تو ابھی معطل کر کہ جیل بھجوائوں گا۔

آپ نے خلاف قانون کے ایک شہری کو گرفتار کرلیا، مجھے ثابت کریں کہ آپ نے روزنامچہ میں لکھا، ڈپٹی کمشنر نے فون کیا یا کوئی ثبوت دیں، عدالت آپ کے خلاف تادیبی کاروائی کا حکم دے گی اور آپ کو معطل کردیا جائے گا۔سرکاری وکیل نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران ریاض سے یقین دہانی کے بعد اسے چھوڑ دیا گیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جو بندہ ملک سے باہر جا رہا ہے تو اس سے کیسی یقین دہانی چاہیے آپکو، آپ تو اس کی فلائٹ مس کرانا چاہتے تھے، بتائیں کہاں اس نے تقریر کی جو روزنامچہ میں لکھا ہے، پولیس نے غیر قانونی کام کیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیوں نہ ڈی پی او سیالکوٹ کو بھی عہدے سے فارغ کر دیا جائے۔ آپ نے گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے اسکا ریکارڈ کہاں ہے، میں وہاں تک پہنچنا چاہ رہا ہوں جہاں سے آپ کو آرڈر مل رہے تھے۔ڈی پی او سیالکوٹ نے ایس ایچ او کو قربانی کا بکرا بنا دیا ۔اپنے بیان میں کہا کہ ایس ایچ او کے کردار کو جسٹیفائی نہیں کروں گا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے عمران ریاض کی جیل سے رہائی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کمرہ عدالت میں چلانے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے ایس ایچ او کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 7روز میں جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا اور 7روز کے لئے انہیں معطل کر دیا۔چیف جسٹس امیر بھٹی نے ایس ایچ او کو خبردار کیا کہ آپ 7روز تک معطل رہیں گے اگر عدالت کو مطمئن ناں کر سکے تو پھر عدالت سزا سنائے گی۔یاد رہے کہ نیوز اینکر عمران ریاض خان کو سیالکوٹ ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ انہیں عدالتی حکم پر جیل سے رہا کر دیا گیا تھا تاہم وہ رہائی کے بعد سے لاپتہ ہیں۔