All posts by mshijazi

پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے ایک اور چوٹی سر کرلی

کھٹمنڈو( این این آئی) پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے مانٹ ایورسٹ سر کرنے کے 2 روز بعد چوتھی بلند ترین چوٹی لوٹسے کو بھی سر کر لیا۔نائلہ کیانی نے 8516 میٹر بلند لوٹسے کو نیپالی وقت کے مطابق 8بج کر 13منٹ پر سر کیا۔نائلہ کیانی 8ہزار میٹر سے بلند 6چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔انہوں نے 2دن قبل بلند ترین چوٹی مانٹ ایوریسٹ کو سر کیا تھا اور وہ اس سے قبل کے ٹو، اناپورنا، گیشر برم ون اور گیشر برم ٹو بھی سر کر چکی ہیں۔

ایشیا کپ، بنگلادیش اور سری لنکا نے نئے ہائبرڈ ماڈل کیلئے گرین سگنل دیدیا

لاہور ( این این آئی) بنگلادیش اور سری لنکا نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو نئے ہائبرڈ ماڈل کے لیے گرین سگنل دے دیا، دونوں ممالک کو پہلا رائونڈ پاکستان میں کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلادیش اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز نے بذریعہ ای میل پی سی بی کو یقین دہانی کرا دی، بی سی سی آئی اور پی سی بی کا تاحال براہ راست کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی)کا اندرونی اجلاس آئندہ ایک دو دنوں میں دبئی میں متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق اے سی سی کے سربراہ جے شاہ بھی اجلاس میں شرکت کریں گے، جس میں پی سی بی کے نئے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل پر بات چیت ہو گی۔ایشین کرکٹ کونسل کے اندرونی اجلاس کے بعد حتمی اجلاس بلایا جائے گا، حتمی اجلاس رواں ماہ کے آخری ہفتے میں بلایا جا سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی گیٹ منی کے باعث متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ کا انعقاد کروانا چاہتا ہے، یو اے ای میں ٹکٹوں کی فروخت سری لنکا اور بنگلادیش کی نسبت زیادہ مالی فائدہ پہنچا سکتی ہیں۔ہائبرڈ ماڈل کی منظوری کے بعد پی سی بی نیوٹرل وینیو پر بھی لچک دکھا سکتا ہے، پی سی بی کو ہائبرڈ ماڈل کی منظوری لیکن یو اے ای بطور نیوٹرل وینیو مسترد ہونا قبول قابلِ ہو سکتا ہے۔پی سی بی کو لاجسٹک معاملات میں سری لنکا کی نسبت یو اے ای سستا نیوٹرل وینیو پڑے گا، دوسرے آپشن پر سری لنکا کے دمبولا اور پالیکیلے اسٹیڈیم بطور نیوٹرل وینیو استعمال ہو سکتے ہیں۔

اسپیشل کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیے کو اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اسپیشل کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیے کو اہمیت کا حامل سمجھتی ہے۔افواجِ پاکستان کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کے اعلامیے پر پی ٹی آئی کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ افواج میں واقعات پر سوچے سمجھے منصوبے کے احساس کو درست پیش رفت سمجھتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ بعض سرکاری عمارات، عسکری املاک، سیکڑوں پر امن شہری اس انتشار کی زد میں آئے، سمجھتے ہیں کہ دستورِ پاکستان ہماری انفرادی و اجتماعی رہنمائی کا وسیلہ ہے۔اعلامیے میں پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان کے 9 مئی کو عدالتی احاطے سے اغوا پر احتجاج فطری نتیجہ تھا، شواہد ہیں کہ مظاہرین کی صفوں میں منصوبے کے تحت مسلح انتشار پسند داخل کیے گئے۔

پی ٹی آئی نے اعلامیے میں کہا کہ انتشار پسندوں نے جلاو گھیراو کیا، پرامن شہریوں پر گولیاں برسائیں، انتشار پسندوں کی فائرنگ میں درجنوں شہری شہید، سینکڑوں زخمی ہوئے۔اعلامیے میں پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا کہ عام شہریوں کے ساتھ ہمارے کارکنان کو بڑے پیمانے پر گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، فساد کی آڑ میں سیاسی قوت اور افواجِ پاکستان کو مدِمقابل لانے کی کوشش کی گئی۔پی ٹی آئی نے کہا کہ فتنہ و انتشار کے اس واقعے میں کار فرما عناصر کی نشاندہی کے لیے تحقیقات ناگزیر ہیں، عمران خان نے سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل با اختیار کمیشن بنانے کی تجویز دی ہے۔

اعلامیے میں پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے پاس آزادانہ تحقیق یا انکوائری میں پیش کرنے کے لیے کافی شواہد ہیں، منصوبہ تھا کہ افراتفری پھیلا کر اس کا الزام پی ٹی آئی کو دے کر کریک ڈاون کا جواز تراشہ جا سکے۔پی ٹی آئی نے اعلامیے میں کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف آئین و قانون کی بالا دستی پر غیر متزلزل یقین رکھتی ہے، فوری، صاف و شفاف انتخابات کے ذریعے حقِ فیصلہ سازی عوام کو واپس لوٹایا جائے۔

ہم جیل میں تھے، نہیں پتہ باہر کیا ہوا؟ فواد چوہدری

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم جیل میں تھے، گرفتار تھے، نہیں پتہ باہر کیا ہوا؟ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے یہ بات کہی۔صحافی نے سوال کیا کہ رویہ کیسا رہا؟ کیا دباو ڈالا جا رہا ہے؟

فواد چوہدری نے جواب دیا کہ ضمانت ہو لینے دیں بعد میں بات کرتے ہیں، فوجی تنصیبات پر حملے کی پہلے بھی مذمت کی ہے، جیل میں اگر کوئی اہم ملاقات ہوتی تو یہ حال ہوتا؟ دورانِ گرفتاری گزشتہ روز فیملی سے رابطہ ہوا۔انہوںنے کہاکہ کیس ہی مذاق ہے، یہاں سے نکلیں گے تو کسی اور مقدمے میں گرفتار کر لیں گے، 8 سے 10 ہزار افراد اس وقت جیلوں میں ہیں۔

کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ گزشتہ روز کہا گیا کہ آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمات چلائے جائیں گے۔فواد چوہدری نے سوال کیا کہ 8 سے 10 ہزار لوگوں کے خلاف مقدمات کیسے چلائیں گے؟ سیاسی درجہ حرارت بھی نیچے نہیں آ رہا، بہتر ہے کہ معاملہ صلح صفائی کی طرف جائے۔انہوں نے بتایا کہ مجھے سی آئی اے بلڈنگ میں چھوٹے سے سیل میں رکھا گیا، 3 بائی 6 کا سیل اور واش روم بھی وہیں تھا، دیگر قیادت اڈیالہ جیل میں ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کا شیریں مزاری کو فوری رہا کرنے کا حکم

اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کو فوری رہا کرنے کا حکم دیدیا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کرتے ہوئے دلائل سننے کے بعد شیریں مزاری کی رہائی کے احکامات جاری کیے۔عدالتِ عالیہ نے شیریں مزاری کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کا آرڈر کالعدم کر دیا۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کی عدالت میں نہ سیاستدان بچانے کیلئے ہوں گے نہ کوئی اور، جس مٹیریل کی بنیاد پر تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کا حکم ہوا وہ پٹیشنر کو بھی دیں، یہ بھی بتائیں اگر اس مٹیریل پر تھری ایم پی او کا آرڈر نہ ہو تو کس مواد پر ہو گا؟عدالت نے شیریں مزاری کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کا ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کا آرڈر کالعدم قرار دے دیا۔

پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف ان کی صاحبزادی ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔قبل ازیں سماعت شروع ہوئی تو پٹیشنر ایمان مزاری کی جانب سے زینب جنجوعہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئیں جنہوں نے عدالت کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے نقصِ امن کے خدشے پر شیریں مزاری کی گرفتاری کا آرڈر جاری کیا، شیریں مزاری پر کارکنوں کو اکسانے اور اشتعال دلانے کا الزام ہے۔

وکیل زینب جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ شیریں مزاری 9 مئی کے بعد سے گھر پر تھیں، انہوں نے کوئی پبلک اسٹیٹمنٹ بھی نہیں دیا، سی سی ٹی وی فوٹیج اور سی ڈی آر ریکارڈ سے بھی گھر پر ان کی موجودگی کو چیک کیا جا سکتا ہے۔عدالت نے سوال کیا کہ یہ بتائیے کہ شیریں مزاری کی عمر کیا ہے؟وکیل زینب جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ شیریں مزاری کی عمر 72 سال ہے، انہیں میڈیکل ایشوز بھی ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بطور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے ان سے سوال کیا کہ آپ ریکارڈ کے بغیر کیوں آئے؟ مٹیریل لے کر آئیں جس کی بنیاد پر ڈیٹنشن آرڈر جاری کیا۔اس کے ساتھ ہی عدالت نے سماعت میں کچھ دیر کے لیے وقفہ کر دیا تھا۔

آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی، یہ میں ہر کسی کو کہتا ہوں، چیف جسٹس پاکستان

اسلام آباد (این این آئی)چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی، یہ میں ہر کسی کو کہتا ہوں۔سول مقدمے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے وکیل اصغر سبزواری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کافی وقت بعد آپ میری عدالت آئے، آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ مجھے گڈ ٹو سی یو کہنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ میں ہر ایک کو احترام دیتا ہوں، ادب و اخلاق تو سب کے لیے ضروری ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ ادب و اخلاق کے بغیر مزہ نہیں۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے مکالمہ کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے کہا تھا کہ ویلکم خان صاحب!آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔جس کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارات کابینہ اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر چیف جسٹس کے کلمات کی شدید مذمت کی گئی تھی۔

وزٹ ویزا پر حج و عمرہ کی اجازت نہیں ہے،سعودی عرب

ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں حج و عمرہ کی وزارت نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ کے ذریعے تصدیق کی ہے کہ وزٹ ویزا مناسک حج کی ادائیگی کی اجازت نہیں دیتا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت نے مزید کہا کہ ویزٹ ویزا پر مکہ مکرمہ آنے والے ضیوف الرحمن کو ہم یاد دلانا چاہتے ہیں کہ ویزٹ ویزا پر حج کے مناسک ادا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویزٹ ویزا 90 دن کا ہے اور مدت ختم ہونے سے قبل عمرہ ادا کر لینا بھی ضروری ہے۔ لہذا ضوابط کی خلاف ورزی سے گریز کیا جائے۔واضح رہے لگ بھگ 350 کمپنیاں اور ادارے ہیں جو عازمین کو ان کی آمد سے لے کر عمرہ کی مناسک ادا کرنے کے بعد اپنے وطن روانگی تک بہترین خدمات فراہم کر رہی ہیں۔

ترکیہ انتخابات،تیسرے نمبرپررہنے والے صدارتی امیدوارکنگ میکربن گئے

انقر ہ(این این آئی)ترکیہ میں منعقدہ انتخابات میں تیسرے نمبر پر رہنے والے قوم پرست صدارتی امیدوارسنان اوگن اب کنگ میکر بن گئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے کہا کہ وہ صرف اسی صورت میں حزب اختلاف کے امیدوار کمال کلیچ داراوغلو کی صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں حمایت کر سکتے ہیں اگر وہ کردنواز جماعت کوکوئی رعایت نہ دینے پر رضامند ہوں۔

سنان اوگن نے ابتدائی انتخابی نتائج کے بعدکہاکہ ہم انتخابات میں اپنے فیصلے کے لیے اپنے ووٹروں سے مشاورت کریں گے۔ لیکن ہم پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اورپناہ گزینوں کو واپس بھیجنا ہماری سرخ لکیریں ہیں۔صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ میں سنان اوگن نے 5.17 فی صد ووٹ حاصل کیے ہیں۔ صدررجب طیب ایردوآن کو جیتنے کے لیے صرف اعشاریہ 50 ووٹ درکار ہیں جبکہ کل ڈالے گئے ووٹوں میں سے 99 فی صد کی گنتی مکمل ہوچکی ہے۔انھوں نے 4951 فی صد ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل کلیچ داراوغلو 4488 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبرپررہے ہیں۔

اب ان دونوں کے درمیان 28 مئی کو صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مقابلے کا امکان ہے۔دونوں صدارتی امیدواروں نے کہا ہے کہ وہ دوسرے مرحلے کی پولنگ کے لیے تیارہیں۔ترکیہ کے سپریم الیکٹورل بورڈ کے مطابق سمندرپار رہنے والے ترک شہریوں کے ووٹوں گنتی ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے اورزیادہ تربیلٹ پیپرزکی گنتی ہونے والی ہے۔واضح رہیکہ دوسرے ممالک میں مقیم 34 لاکھ ترکِ تارکینِ وطن ووٹ دینے کے اہل ہیں۔صدرایردوآن نے 2018 کے انتخابات میں بیرون ملک مقیم ترکوں کے قریبا 60 فی صدووٹ حاصل کیے تھے

پاکستان کا مجموعی قرض 57 ہزار 122 ارب 50 کروڑ روپے تک پہنچ گیا

لاہور( این این آئی)اسٹیٹ بینک نے پاکستان کے قرض کی تفصیلات جاری کردیں ہیں۔رواں سال مارچ میں مجموعی قرض 57 ہزار 122 ارب 50 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔فروری میں پاکستان کا مجموعی قرض 54 ہزار 400 ارب روپے تھا، مارچ میں پاکستان کے قرض میں فروری کے مقابلے میں 2 ہزار 685 ارب روپے کا اضافہ ہوا جو 4.9 فیصد بنتا ہے۔

دسمبر 2022 میں پاکستان کا مجموعی قرض 51 ہزار 58 ارب 20 کروڑ روپے تھا، جون 2022 میں پاکستان کا مجموعی قرض 47 ہزار 832 ارب 40 کروڑ روپے ہو گیا ۔گزشتہ سال مارچ میں پاکستان کا مجموعی قرض 43 ہزار 12 ارب 70 کروڑ روپے تھا جو رواں سال 32.8 فیصد اضافے سے 57 ہزار 122 ارب روپے ہوگیا ہے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق مارچ 2022 سے مارچ 2023 کے عرصے میں پاکستان کے قرض میں 14 ہزار 109 ارب 80 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

تحریک انصاف جمعرات سے جلسوں کا آغاز کرے گی

لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف جمعرات کو جلسوں کا آغاز کرے گی ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جمعرات کے روز مریدکے میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب کے مطابق دوسرا جلسہ گکھڑ منڈی، تیسرا لالہ موسی اور اس کے بعد اٹک میں جلسہ ہوگا۔اس سے قبل تحریک انصاف نے 10 مئی سے جلسوں کا اعلان کیا تھا تاہم عمران خان کی گرفتاری کے بعد یہ جلسے منسوخ کر دئیے گئے تھے۔

لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیدیا

لاہور( این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے لاہور ہائیکورٹ میں نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست دائر کر رکھی تھی جسے اعلی عدالت نے منظور کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار الحق پنوں نے فرخ حبیب کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا۔

فلمسٹار ثناء نے اپنانام تبدیل کر لیا

لاہور( این این آئی)فلمسٹار ثناء نے اپنانام تبدیل کر لیا ۔ اداکارہ نے علیحدگی کے بعد اپنے نام کے ساتھ جڑا ہوا شوہر کا نام ہٹا دیا ہے ۔ اداکارہ نے اب اپنا نام ثناء فخر سے تبدیل کر کے ثناء نواز رکھ لیا ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ اداکارہ نے زیر تکمیل پراجیکٹس میں بھی اپنا نام تبدیل کرا لیا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی اپنے نام کی تبدیلی کی ہے ۔ اداکارہ نے کہا کہ آئندہ مجھے ثناء فخر کی بجائے ثناء نواز کے نام سے مخاطب کیا جائے اور پراجیکٹس کی تشہیر میں بھی ایسا ہی کیا جائے ۔