All posts by mshijazi

عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کی کھل کر مذمت کرنی چاہیے، صدر عارف علوی

اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت عارف علوی نے کہاہے کہ عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کی کھل کر مذمت کرنی چاہیے،کارروائی میں انسانی حقوق کا خیال رکھنا چاہیے، مارپیٹ نہیں ہونی چاہیے، ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دینی چاہیے،واقعات کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہیے، عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تقرری کی مخالفت نہیں کی تھی، عمران خان نے کہا تھا جنرل باجوہ کو کہہ دیں جس کو ادارہ آرمی چیف بنائے قبول کریں گے۔

ایک انٹرویومیں صدر عارف علوی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی بھی ہونی چاہیے۔صدر مملکت نے کہاکہ کارروائی میں انسانی حقوق کا خیال رکھنا چاہیے، مارپیٹ نہیں ہونی چاہیے، ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دینی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ واقعات پرصرف مذمت نہیں، کارروائی بھی ہونی چاہیے، لوگوں کو بہت تکلیف ہوئی ہے، عمران خان ایسے واقعات کی مذمت کریں۔انہوںنے کہاکہ واقعات سے لوگوں کو تکلیف پہنچی، ان واقعات کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر کی شہادت کے بعد سابق صدر آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر اچھا کام کیا، بے نظیر بھٹو کی شہادت پر بہت نقصان ہوا۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سیاستدانوں کو آرمی ایکٹ کے تحت عدالتیں لگانے پر غور کرنا ہو گا۔صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بڑھ گئیں، ان واقعات کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے خط کے ذریعے واقعات کی مذمت کی اور خط میں غم اورافسوس کا اظہارکیا۔

عارف علوی نے کہا کہ احتجاج کرنا ہے تو قانون کے دائرے میں رہ کر کیا جائے، ملک بھی ہمارا ہے اور فوج بھی ہماری ہے،عوام بھی ہمارے ہیں ۔صدر مملکت نے کہا کہ عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تقرری کی مخالفت نہیں کی تھی، عمران خان نے کہا تھا کہ جنرل باجوہ کو کہہ دیں جس کو ادارہ آرمی چیف بنائے قبول کریں گے سابق وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی، سابق وفاقی وزیر دفاع پرویزخٹک بھی اس بات کے گواہ ہیں۔نو مئی کے واقعات کے حوالے سے ایک بار پھر صدر مملکت نے کہا کہ جو کچھ ہوا اس کی کوئی جسٹی فکیشن نہیں ہے، میں پاکستان کے ساتھ ہوں فوج میری ہے، کسی کے خلاف ہونے کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔

ریاست کیلئے آرڈرز کو شکست دینے کے 101راستے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے ہیںکہ میں ان کے خلاف کارروائی کر سکتا ہوں جو اسلام آباد میں ہیں، وہ عدالتی رٹ کو شکست دینا چاہتے ہیں، ریاست کے لیے آرڈرز کو شکست دینے کے 101راستے ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پی ٹی آئی کی رہنماء شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف درخواست پرسماعت کی۔

درخواست گزار ایڈووکیٹ ایمان مزاری کی جانب سے زینب جنجوعہ ایڈووکیٹ پیش ہوئیں اور دلائل دیے۔وکیل زینب جنجوعہ نے کہاکہ کل عدالت نے گرفتاری سے روکنے کا حکم دیا،راولپنڈی پولیس نے اسلام آباد پولیس کی معاونت سے رات شیریں مزاری کو گرفتار کرلیا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پوچھا کہ کیا حراست میں لینے کا آرڈر ہے؟ راولپنڈی ڈی سی کا حراست میں لینے کا آرڈرعدالت میں پیش کیا گیا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ میں کیا کر سکتا ہوں؟

جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عدالت اسلام آباد پولیس کو نوٹس جاری کرکے توہین عدالت کی کارروائی کرے ۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ میں ان کے خلاف کارروائی کرسکتا ہوں جو اسلام آباد میں ہیں، وہ عدالتی رٹ کو شکست دینا چاہتے ہیں، ریاست کے لیے آرڈرز کو شکست دینے کے 101 رستے ہیں ، یہ سب کچھ کرکے دنیا کو کیا دیکھا رہے ہیں۔پولیس نے عدالت کو شیریں مزاری کے خلاف 3مقدمات درج کرنے کا بتایا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اٹارنی جنرل کو بلانے کے ریمارکس دیے تو پولیس نے بتایا کہ سینیٹر فلک ناز کے خلاف کوئی کیس نہیں۔عدالت نے کہا کہ اس حوالے سے مناسب آرڈر پاس کریں گے۔

ایشیا کپ،افغانستان اور نیپال بھی پاکستان میں کھیلنے کیلئے تیار

لاہور (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل نے منظوری کیلئے ایک اور رکاوٹ عبور کر لی، پی سی بی کیلئے ایشیا کپ میں راہیں ہموار ہونا شروع، افغانستان اور نیپال نے بھی پاکستان میں کھیلنے کیلئے رضامندی ظاہر کردی۔

ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش اور سری لنکا کے بعد افغانستان اور نیپال نے بھی پاکستان میں کھیلنے کیلئے رضامندی ظاہر کردی، دونوں نے ای میل کے ذریعے پی سی بی کو پاکستان میں کھیلنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل میں بھارت کا پاکستان میں کھیلنا سرے سے شامل ہی نہیں، اس لیے بھارت کا ہائبرڈ ماڈل پر اعتراض کسی اہمیت کا حامل نہیں۔

ذرائع کے مطابق ہائبرڈ ماڈل میں شامل دیگر تمام کرکٹ بورڈز نے پاکستان کو سپورٹ کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے، ہائبرڈ ماڈل کے منظور ہونے کے بعد نیوٹرل وینیو پر بات چیت ہو سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق دیگر بورڈز تاحال عرب امارات میں کھیلنے پر آمادہ نہیں اور انہوں نے ستمبر میں یو اے ای میں گرمی کے باعث کھلاڑیوں کی انجری کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی ٹکٹوں کی زیادہ فروخت اور گیٹ منی کے باعث یو اے ای میں ایشیا کپ کروانا چاہتا ہے، ماضی میں ستمبر میں ہوئے ایشیا کپ اور آئی پی ایل کی بنیاد بنا کر پی سی بی اپنا موقف پیش کرے گا۔

آئی ایم ایف نے پاکستان کے سامنے شرط رکھی ہے کہ دوستوں سے 6 ارب ڈالر لیں،مفتاح اسماعیل

کراچی(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنمااور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے سامنے شرط رکھی ہے کہ دوستوں سے6ارب ڈالر لیں، کوئی پاکستان کوڈیفالٹ نہیں دیکھناچاہتا، رواں سال بیرونی ادائیگیوں کے لیے 2ارب ڈالرکی کمی کاسامناہے۔

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک بارپھر1.5ارب ڈالر آئی ایم ایف سے مانگ رہے ہیں، الیکشن کا سال ہے کس طرح سخت بجٹ دیں گے۔سابق وزیرخزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے شرط رکھی دوستوں سے 6 ارب ڈالر لیں، چین نئے قرضے نہیں دے رہا لیکن اے ڈی بی کے ذریعے مدد کر رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کوئی پاکستان کوڈیفالٹ نہیں دیکھناچاہتا، رواں سال بیرونی ادائیگیوں کے لیے 2ارب ڈالرکی کمی کاسامناہے۔انھوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے3معاہدوں کی خلاف ورزی کی گئی، پاکستان کے پاس آئی ایم ایف کیعلاوہ کوئی راستہ نہیں بچا، امید ہے جلد آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوجائے گا۔9 مئی کے واقعات کے حوالے سے سابق وزیرخزانہ نے کہا کہ عسکری تنصیبات کوجلانابہت شرمناک عمل تھا، بسیں، ایمبولینس اور ریڈیو اسٹیشن جلائے گئے ہم اتنے برے نہیں تھے، جس نے ورغلایا اس کو سزا ملنی چاہیے۔

انوشکا شرما کو بائیک پر بٹھانا گارڈ کو بھاری پڑگیا

ممبئی (این این آئی) بالی و وڈ اداکارہ انوشکا شرما کے ساتھ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل پر سواری باڈی گارڈ سونو شیخ کو بھاری پڑگئی۔سوشل میڈیا پر بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما کی گاڑی کے بجائے موٹر سائیکل پر سوار ی کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس پر سوشل میڈیا صارفین نے ہیلمٹ نہ پہننے پر اداکارہ سمیت ان کے گارڈ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ابھارتی میڈیا کے مطابق اب یہ سلسلہ تنقید سے نکل کر جرمانے پر پہنچ گیا ہے۔ دہلی پولیس نے باڈی گارڈ سونو شیخ پر ہیلمٹ نہ پہننے اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے ڈرائیونگ کرنے پر 10ہزار 500روپے کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اداکارہ کی تصویر وائرل ہو نے پر دہلی پولیس نے کارروائی کا فیصلہ کیا تھا۔

پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کو دہشت گردی میں پی ٹی آئی کے ملوث ہونے کےٹھوس شواہد دیدئیے

لاہور( این این آئی) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اورالیکشن کمیشن کے ممبران نے وزیر اعلی آفس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے ملاقات کی – چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کا وزیر اعلی آفس آمد پر نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے خیر مقدم کیا -نگران وزیراعلیٰ پنجاب اور چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا بریفنگ اجلاس منعقد ہوا-

اجلاس کے شرکاء نے 9 مئی کے دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا -چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کوایک سیاسی جماعت کے 9 مئی کے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد پیش کئے گئے-بریفنگ اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو تصاویر، ویڈیوز اور میسجنگ کے ثبوت بھی پیش کئے گئے-نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ9 مئی کو ایک سیاسی جماعت نے پوری پاکستانی قوم کو شرمسار کیا۔

عسکری تنصیبات پر حملے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کئے گئے۔جیو فینسنگ کے ذریعے حملہ آوروں اور زمان پارک میں موجود سیاسی لیڈرشپ کے درمیان رابطوں کے ثبوت سامنے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاست کی آڑ میں گھناؤنا کھیل کھیلا گیا اور ابتدائی تخمینے کے مطابق 600 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں عوام کے تحفظ کیلئے بہترین اور جرأتمندانہ اقدامات کئے ہیں۔

ہم پنجاب حکومت کی ٹیم سے مطمئن ہیں، وہ اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کر رہی ہے۔الیکشن کمیشن کا مقصد آزادانہ، منصفانہ اور پرامن عام انتخابات کو یقینی بنانا ہے۔ہمارا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں اور نہ کوئی سیاسی مقصد ہے۔چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ ہمیشہ میرٹ پر فیصلے کئے ہیں، نگران حکومت بھی غیر جانبدار ہے اور فری اینڈ فیئر الیکشن اس کا مینڈیٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے لئے سکیورٹی اقدامات کا دوبارہ جائزہ لیں گے۔الیکشن کمیشن پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لئے ہرممکن سپورٹ کرے گا۔

چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ آپ کو کسی بھی دباؤ میں آنے کی ضرورت نہیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔اجلاس میں پنجاب میں عام انتخابات کے انعقاد کے لئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور موجودہ حالات کے تناظر میں سکیورٹی انتظامات پر از سر نو نظرثانی کرنے پر اتفاق کیا گیا-اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو 9 مئی کو پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات کے بارے میں بریفنگ دی گئی-انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے 9 مئی کو جناح ہاؤس اور دیگر عسکری تنصیبات پر حملوں کی تفصیلات سے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو آگاہ کیا-

ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے دہشت گردوں کے حملوں سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ مجموعی طور پر 3 روز میں 256 پرتشدد واقعات ہوئے۔فوجی تنصیبات اور مقامات کو خصوصی طو رپر نشانہ بنایا گیا۔پولیس سمیت دیگر اداروں کی 108 گاڑیوں اور 23 عمارتوں کو نقصان پہنچایا گیا۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پرتشدد واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 127 پولیس افسران و جوان اور 15 شہری زخمی ہوئے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبر سندھ نثار احمد درانی، ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی، ممبر کے پی کے جسٹس (ر) اکرام اللہ خان، ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ، سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان عمر حمید خان، سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان ظفر اقبال حسین،صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری قانون، سیکرٹری پراسیکیوشن، سی سی پی او لاہور اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے بریفنگ اجلاس میں شرکت کی ۔

یاسمین ڈار پہلی پاکستانی مسلم خاتون مانچسٹر لارڈ میئر منتخب

مانچسٹر(این این آئی)یاسمین ڈار مانچسٹر کی پہلی پاکستانی نژاد مسلم خاتون لارڈ مئیر منتخب ہوگئیں، یاسمین ڈار کے خلاف کسی نے ووٹ نہیں ڈالا۔یاسمین ڈار کا کہنا تھا کہ وہ مانچسٹر میں دوسروں کو بااختیار بنائیں گی۔

میڈیارپورٹس کے مطابق پاکستان نژاد کونسلر یاسمین ڈار ڈونکاسٹر میں پیدا ہوئیں لیکن ان کی پرورش مانچسٹر میں ہوئی ہے۔دوسری جانب کونسلر اختر زمان بولٹن سٹی کونسل کے ڈپٹی لیڈر منتخب ہوگئے، اختر زمان کا تعلق ضلع گجرات سے ہے۔کونسلر راجہ محمد ایوب خان میئر آف بولٹن منتخب ہوئے، کونسلر ایوب خان کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلہ سے ہے۔ادھر کونسلر حاجی محمد فیاض نے چرویل ڈسٹرکٹ کونسل بانمبری آکسفورڈ کے میئر کا حلف اٹھا لیا ہے۔

بنگلادیش کی ایشیا کپ کے میچز دبئی میں کرانے کی مخالفت

ڈھاکہ ( این این آئی) بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی)نے ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ 2023ء کے میچز دبئی میں کرانے کی مخالفت کر دی۔بی سی بی کے ذرائع مطابق ہائبرڈ ماڈل پر کوئی اعتراض نہیں، یو اے ای کا وینیو قبول نہیں، وہاں گرمی بہت زیادہ ہے، کرکٹرز راضی نہیں ہیں۔ایونٹ کے سری لنکا میں بھی ہونے پر کوئی اعتراض نہیں، پی سی بی سے اچھے تعلقات ہیں، پاکستان جانے سے انکار نہیں ہے۔

ایشیا کپ ایک ہی وینیو پر ہو تو یہ زیادہ مناسب بات ہے، پاکستان میزبان ہے، اے سی سی اور پاکستان نے مل کر فیصلہ کرنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر ایونٹ پاکستان کی میزبانی میں نیوٹرل وینیو پر کرانے پر بات ہو گی، اے سی سی کے اہم اجلاس میں تمام تر معاملات پر بات ہو گی۔بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے کی تحریری حامی بھر سکتا ہے، بھارت کے حامی بھرنے کی صورت میں پاکستان ورلڈ کپ کھیلنے بھارت جا سکتا ہے۔

قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار کی والدہ انتقال کر گئیں

لاہور ( این این آئی) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار کی والدہ انتقال کر گئیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ندا ڈار کی والدہ گزشتہ چند دنوں سے شدید علیل تھیں ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کپتان ندا ڈار کی والدہ کے انتقال پر گہرے غم کا اظہار کیا گیا ہے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ندا ڈار کی والدہ کے انتقال کی خبر سن کر دکھ ہوا۔نجم سیٹھی نے ندا ڈار کے اہلخانہ سے اظہارِ تعزیت بھی کیا۔یاد رہے کہ ندا ڈار دائیں ہاتھ کی بیٹر اور دائیں ہاتھ سے آف بریک بالر کے طور پر کھیلتی ہیں اور اپریل 2023 میں انہیں پاکستان ویمنز کرکٹ کی کپتان مقرر کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف نے مارچ 2023 میں ویمنز ٹیم کی قیادت سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے ندا ڈار کے کپتان مقرر کیے جانے کی منظوری دی تھی۔

ریسٹورنٹ میں مچھلی پر پابندی کا فیصلہ

قاہرہ(این این آئی )مصر کے ایک گورنر نے پہلی مرتبہ ریسٹورنٹس، دکانوں اور بازاروں میں بحیرہ احمر کی مچھلیوں کو پکڑنے اور ان کی تجارت کو روکنے کا فیصلہ کرلیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق بحیرہ احمر کے گورنر میجر جنرل عمرو حنفی نے ایک حکم نامہ جاری کیا جس میں 15 مئی سے یکم اگست تک ہر قسم کی مچھلیاں پکڑنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

رات کے وقت تفریحی کشتیوں کو چھوڑنے پر پابندی عائد کردی گئی اور ان کشیتوں کو دن کے وقت کام کرنے تک محدود کردیا گیا۔ اسی طرح پابندی کی مدت میں رات کے وقت قیام کو بھی ممنوع کردیا گیا ہے۔پہلی مرتبہ اس فیصلے سے گورنری کے بازاروں، ریسٹورنٹس اور دکانوں میں بحیرہ احمر کی مچھلیوں کی تجارت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

گورنر نے بحیرہ احمر کے ذخائر، ڈائریکٹوریٹ آف سپلائی اینڈ فشریزاور انوائرمنٹ پولیس کے افراد پر مشتمل ایک کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا جو مچھلی منڈیوں اور دکانوں سے گزرے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ یہاں بحیرہ احمر کی مچھلیاں تو موجود نہیں ہیں۔خلاف ورزی کرنے والے یونٹ یا فلوٹ کو دو ماہ کی مدت کے لیے معطل کردیا جائے گا۔ ماہی گیری کے آلات کو ضبط کرلیا جائے گا اور ان افراد کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا۔ایک سرکاری ذریعہ کے مطابق گورنر کا یہ فیصلہ بحیرہ احمر میں ماحولیاتی توازن پیدا کرنے کی خواہش اور ماحولیاتی کنسلٹنٹ سے ملنے والی سفارشات کی بنا پر سامنے آیا ہے۔

امارات پوسٹ کے نئے اسکینڈل کے بعد مکینوں کوذاتی معلومات شیئرنہ کرنے کا انتباہ

ابوظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات میں نئے گھوٹالوں کی اطلاعات کے بعددبئی کے مکینوں کوخبردارکیاگیا ہے کہ وہ کمپنیوں یا سرکاری اداروں کا روپ دھارنے والے دھوکابازوں سے محتاط رہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق متعدد مکینوں نے یواے ای کے محکمہ امارات پوسٹ سے ٹیکسٹ پیغامات موصول ہونے کی اطلاع دی اور وصول کنندگان کو بیرونی لنک پر کلک کرنے کاکہا گیا۔

اس کے بعد یہ پیغام نمودارہوتا ہے:پتے کی غلط معلومات کی وجہ سےآپ کے پیکج کی ترسیل نہیں کی گئی تھی اور پیکج کو گودام میں واپس کردیا گیا تھا۔ براہ کرم اپنے شپنگ ایڈریس کواپ ڈیٹ کریں اور اپنی ترسیل کو ری شیڈول کریں۔یہ عام گردش کرنے والا پیغام جی میل اکائونٹ سے بھیجاجاتا ہے اورپھر یہ وصول کنندہ کوغیرسرکاری ویب سائٹ پرری ڈائریکٹ کرتا ہے۔اس اسکینڈل کا پتا چلنے کے بعد امارات پوسٹ نے عوام کودھوکابازوں سے محتاط رہنے کی تنبیہ کی ہے۔

ایک بیان میں اس نے کہا:امارات پوسٹ متحدہ عرب امارات کے اندراورباہر بڑی کوریئر اور ای کامرس کمپنیوں کے صارفین کو نشانہ بنانے والے گھوٹالوں اوردھوکادہی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے آگاہ ہے۔کمپنی دھوکا دہی پرمبنی آن لائن اسکیموں کا فعال طور پرمقابلہ کرکے اپنے صارفین کااعتماد برقرار رکھنے کے لیے چوکنا ہے۔امارات پوسٹ نے اپنے صارفین کومشورہ دیا ہے کہ وہ اس کی کالز، ای میلز،ایس ایم ایس اور وٹس ایپ پیغامات کا جواب دیتے وقت انتہائی احتیاط برتیں۔

اس نے واضح کیا ہے کہ امارات پوسٹ سے ایس ایم ایس پیغامات صرف رجسٹرڈ اکانٹس سے ہوں گے۔ امارات پوسٹ، ای پی جی سی اور امارات پی ایس ٹی اور ادائی کے لیے کسی بھی ذاتی نمبر یا ای میل کا استعمال نہیں کریں گے۔امارات پوسٹ اپنی ویب سائٹ emiratespost.ae اور امارات پوسٹ ایپ کے ذریعے ایک محفوظ ادائی پورٹل کی سہولت مہیا کرتا ہے۔ وہ اس کی شپمنٹ اور خوردہ مصنوعات کے لیے آن لائن ادائی کا واحد ذریعہ ہیں۔

تمام ویب ادائی امارات پوسٹ کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ سے کی جاسکتی ہیں نہ کہ کسی بھی لنک کے ذریعے۔ترجمان نے کہا کہ امارات پوسٹ ان سرگرمیوں کے بارے میں صارفین کی آرا کودیکھ رہا ہے اوران کے سوالوں کا جواب دے رہا ہے اوراس ضمن میں ٹیلی کمیونی کیشن اور ڈیجیٹل گورنمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی اور متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ ان جعلی اکانٹس کو شروع کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔ امارات پوسٹ نے بیرون ملک ان فراڈیوں کا سراغ لگانے اورپکڑنے کے لیے بین الاقوامی پلیٹ فارمز کے ساتھ بھی شراکت داری کی ہے۔

امارات پوسٹ اپنے عوامی اور ڈیجیٹل میڈیا چینلز کا استعمال صارفین کو اس طرح کے فراڈ کی شناخت اور اس سے بچنے اورآگاہ کرنے کے لیے کر رہا ہے۔اس نے اپنے صارفین سے کہا ہے کہ خط و کتابت کی صداقت کی وضاحت اورتصدیق کے لیے امارات پوسٹ کی کسٹمرسروس ٹیم سے 99999 6005یا ای میل CS@emiratespost.ae پر رابطہ کریں۔ صارفین دھوکا دہی کی ان کوششوں کی اطلاع مخصوص ویب پیج کے ذریعے بھی دے سکتے ہیں: www.emiratespost.ae/scam-prevention۔گذشتہ ماہ دبئی پولیس نے عوام کو خبردارکیا تھا کہ وہ مالیاتی معلومات حاصل کرنے کے مقصد سے فون گھوٹالوں میں حکومت یابینکوں کا روپ دھارنے والے دھوکیبازوں سے محتاط رہیں۔

پولیس نے واضح کیا تھاکہ کوئی بھی حکومت یا بینکنگ ایجنسی صارفین کو سی سی وی (کارڈ سکیورٹی کوڈ) نمبر اور او ٹی پی (ون ٹائم پاس ورڈ) سمیت خفیہ بینک ڈیٹا فراہم کرنے کے لیے نہیں کہے گی۔یہ مشاورت اور رہ نمائی ایک آگاہی مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد عوام کو دھوکادہی سے کال کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی گفت وشنید کے خطرات کے بارے میں آگاہ کرنا ہے جو بینک اور ذاتی تفصیل فراہم کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔جنرل ڈپارٹمنٹ برائے تفتیش جرائم کے ڈائریکٹر میجرجنرل جمال سلیم الجلاف نے کہاکہ آگاہی مہم عوام کوفون گھوٹالوں کے بارے میں آگاہ کرنے کی وسیع ترکوشش کا حصہ ہے،

جس میں دھوکاباز متاثرین کو قائل کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ وہ متاثرین کے مالی ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کے لیے سرکاری اداروں یا بینکوں کے ساتھ اپنی ذاتی معلومات کو اپ ڈیٹ کریں اوربالآخران کے اکانٹس سے رقوم نکال کرانھیں خالی کردیتے ہیں۔میجر جنرل الجلاف نے کہا کہ اگرکسی بھی شخص کو ایسی کال موصول ہوتی ہے جس میں بینک کی خفیہ معلومات فراہم کرنے کا کہاجاتا ہے تو وہ اسے دھوکادہی سمجھے اور فون کرنے والے کے ساتھ مزید کوئی گفتگو نہ کرے۔

انھوں نے مشورہ دیا کہ ایسے واقعات کی اطلاع فوری طور پر قریبی اسمارٹ پولیس اسٹیشن (ایس پی ایس) یا دبئی پولیس کی ویب سائٹ اور اسمارٹ ایپ پر ‘ای کرائم’ اور ‘پولیس آئی’ سروسز کے ذریعے دی جائے۔اس مہم میں دبئی کی اہم سڑکوں، رہائشی محلوں، پولیس گشت اور 20 اسمارٹ پولیس اسٹیشنوں پر آگاہی کے پیغامات پوسٹ کیے گئے ہیں۔مہم کے بارے میں آگاہی کا مواد اے ٹی ایم مشینوں، دبئی ایئرپورٹ کی اسکرینوں، سوشل میڈیا اور کارپوریٹ ای میلزکے ذریعے بھی نمایاں کیا جائے گا۔

30سے 40دہشتگردوں نے زمان پارک میں پناہ لے رکھی ، حوالے نہ کیا تو قانون کے مطابق کارروائی ہو گی، حکومت کا الٹی میٹم

لاہور ( این این آئی) نگران پنجاب حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو آخری الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ 9مئی کے دلخراش واقعات میں ملوث شر پسند عناصر کو فوراً قانون نافذ کرنے والے ادارے کے حوالے کیا جائے، ابتدائی انکوائری میں یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ ان شرپسند عناصر نے زمان پارک میں سابق وزیر اعظم کے گھر پناہ لے رکھی ہے،

اگر 24گھنٹے میں پی ٹی آئی قیادت نے ان شر پسند عناصر کو قانون کے حوالے نہ کیا تو زمان پارک میں قانون کے مطابق کارروئی ہوگی،تخریب کاری اور شرپسندی کا وائرس کورونا سے بھی خطر ناک اور اس کا علاج صرف اور صرف سرجری سے ممکن ہے،مہومیو پیتھک طریقہ علاج سے صرف وقتی افاقہ ہوتا ہے،دہشت گردی اور شرپسندی کی بیماری کے مکمل خاتمے کے لئے بڑی سرجری کی ضرورت ہے، جو جلد کر دی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار نگران صوبائی وزیر ا طلاعات و ثقافت عامر میر نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس واضح شواہد موجود ہے کہ 9مئی کے روز ملک بھر میں جس طرح کی دہشت گرد کارروائیاں کی گئی ان کی منصوبہ بندی پی ٹی آئی کی جانب سے پہلے سے کی گئی تھی ۔ جو اقتدار چھن جانے کے بعد تحریک طالبان پاکستان کی طرح ایک نان سٹیٹ ایکٹر بن چکی ہے۔ جو آئین اور قانون کی پاسداری پر یقین نہیں رکھتی اور شرپسندی کے ذریعے ریاست کی رٹ کو چیلنج کرتی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ایک نام نہاد سیاسی جماعت نے جی ایچ کیو، جناح ہائوس اور دیگر آرمی تنصیبات پر حملے کیے۔ اس سے پہلے ایسے حملے صرف اور صرف ٹی ٹی پی کی جانب سے کیے گئے تھے۔ سابق وزیر اعظم نے اپنی گرفتاری سے قبل جو آخری وڈیو پیغام جاری کیا تھا اس میں انہوں نے اپنی گرفتاری کی صورت میں ورکرز کو جلائو گھیرائو کرنے کا واضح پیغام دیا تھا۔

اس سے پہلے بھی وہ متعدد دفعہ قومی سلامتی کے ذمہ دار اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کررہے تھے اور اپنے ورکرز کو فوج کے خلاف اکسارہے تھے۔ عامرمیر نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ملک کا سیاسی لیڈر گرفتار ہوا ہو۔ اس سے پہلے بھی مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نہ صرف گرفتار ہوتے رہے بلکہ ان میں سے بے شمار ایسے ہیں جنہوں نے کئی کئی سال نیب کے عقوبت خانوں میں گزارے اور برسوں جیلیںکاٹی لیکن ان میں سے کسی نے بھی اپنے ورکرز کو فوج کے خلاف حملے کرنے کے لئے نہیں اکسایا۔

یہ پہلے موقع ہے کہ عمران خان کی ہدایات پر پی ٹی آئی نے فوج اور ریاست کے خلاف دہشت گردی کے کارروائیوں شروع کیں۔ جو ناقابل قبول ہیں۔ صوبائی وزیر عامر میر نے کہا کہ نگران حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو 9مئی واقعات میں ملوث شرپسند عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرنے کی ہدایات جاری کر دیں ہیں تاکہ ان شرپسند عناصر کو نشان عبرت بنایا جاسکے اور آئند کوئی ایسا کرنے کی جرات نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ 9مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کی گرفتاری کے لئے نادرہ سے مدد لی گئی ہے اور جیوفنسنگ کے ذریعے بھی شناخت کا عمل جاری ہے اور آخری حملہ آور کی گرفتاری تک کارروائی جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ شہر میں دفعہ 144نافذ ہے اور جلسے اور جلوس کرنے پر مکمل پابندی ہے۔ صوبائی وزیر عامر میر نے کہا کہ 9مئی کوپنجاب کی نگران حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صبر تحمل کا مظاہر کیا تاکہ کوئی لاش نہ گرے۔ لیکن شرپسند عناصر نے تمام حدوں کو کراس کر دیا۔لہٰذا اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے بھر پور کارروائی کی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ انٹیلی جنس اور ٹیکنکل معلومات کے مطابق آرمی کی تنصیبات پر حملے کرنے والے 30سے 40دہشت گرد اس وقت بھی زمان پارک میں موجود ہیں۔ حکومت نے پی ٹی آئی کے اعلیٰ قیادت سے درخواست کی ہے کہ زمان پارک میں موجود ان دہشتگردوں کو فوراً پولیس کے حوالہ کیا جائے تاکہ ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کورکمانڈر ہائوس لاہور پر حملوں کے وقت شرپسند عناصر کے زمان پارک سے مسلسل رابطوں کے بھی شواہد موجود ہیں اور مسلسل زمان پارک میں موجود پی ٹی آئی کے رہنمائوں سے ہدایات لے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کی جانب سے زمان پارک میں موجود ان دہشت گردوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے نا کیاگیا تو حکومت راست اقدامات کرنے پر مجبور ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث دہشتگردوں کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں ہوگا ۔ا س سلسلے میں وفاقی اور پنجاب حکومت پہلے سے منظوری دے چکی ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے پولیس کو ان بلوائیوں سے نمٹنے کے لئے فری ہینڈ دے دیا ہے اور جلد 9مئی کے واقعات میں ملوث تمام شرپسند عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا جائے گا۔