All posts by mshijazi

عمران خان کی آڈیو لیک پر ریحام کا ردعمل آ گیا

اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیراعظم عمران خان کی امریکی کانگریس کی خاتون رکن کے ساتھ گفتگو کی مبینہ آڈیو لیک سامنے آنے پر سابقہ اہلیہ ریحام خان نے طنزیہ ردعمل دیتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کس دنیا کی بات کر رہے ہیں؟

گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی امریکی کانگریس کی خاتون رکن میکسین مور واٹرز کے ساتھ مبینہ آڈیو لیک سامنے آئی تھی۔عمران خان نے گفتگو میں تحریک عدم اعتمادکا سارا ملبہ سابق آرمی چیف پر ڈال دیا اور کہا کہ پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، مجھے گولیاں ماری گئیں، تاریخ کا بدترین ریاستی جبر ہم پر ہو رہا ہے، میری حکومت کی معاشی کارکردگی گزشتہ 17 سالوں میں سب سے بہترین تھی۔

مبینہ آڈیو لیک میں عمران خان نے امریکی رکن کانگریس سے آواز اٹھانے کی درخواست بھی کی تھی۔ اس مبینہ آڈیو لیک کو آصف محمود نامی ٹوئٹر صارف نے شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ امریکی سازش سائفر کیا ہم غلام کے بعد پیش ہے ہماری مدد کرو ۔ صارف کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ریحام خان نے طنزیہ سوال کیا کہ گزشتہ 17 سالوں کی بہترین معاشی کارکردگی؟ پہلے کبھی کسی سیاسی جماعت پر ظلم نہیں ہوا؟ یہ آپ کس دنیا کی بات کررہے ہیں؟

ٹی20 بلاسٹ: پاکستانی فاسٹ بالر حسن علی انجری کا شکار

لندن (این این آئی)برطانیہ میں ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں پاکستانی فاسٹ بالر حسن علی انجری کا شکار ہوگئے۔حسن علی یارکشائر کے خلاف برمنگھم بیئرز کا افتتاحی میچ نہیں کھیل سکیں گے۔حسن علی کی انجری کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات کا انتظار ہے۔حسن علی میچ سے چند لمحات قبل گرائونڈ میں وارم آپ کے دوران انجری کا شکار ہوئے، جس کے بعد انہیں برمنگھم بیئرز کا اسٹاف اٹھاکر گرانڈ سے باہر لے کرگیا۔

ایشیاکپ، 4 ممالک کی ہاں سے بھارت مشکل میں پڑگیا

لاہور (این این آئی)ایشیا کپ کے نئے ہائبرڈ ماڈل اور 4 ممالک کی ہاں نے بھارت کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کے ایشیا کپ اور ورلڈکپ کے حوالے سے سخت موقف نے بھی بھارت کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق اے سی سی کے سربراہ اور بھارتی بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کیلئے فیصلہ مشکل ہوگیا ہے، نجم سیٹھی سے ملاقات کرنے والے اے سی سی کے نائب صدر نے جے شاہ کو تمام تر تفصیلات سے آگاہ کر دیا ہے۔

4 ممالک کی رضامندی کے بعد جے شاہ کیلئے آپشنز بہت کم رہ گئے ہیں، بھارت ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی کے لیے پاکستان کے ورلڈکپ کے لیے بھارت آنیکی شرط رکھ سکتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان ہا ئبرڈ ماڈل کے مشروط ہونے پر حکومت سے مشاورت کریگا، سری لنکا، بنگلا دیش، نیپال اور افغانستان ہائبرڈ ماڈل کے پہلے مرحلے کیلئے پاکستان آنے پر رضامند ہیں، دوسرے مرحلے کے لیے دبئی اور سری لنکا پر ڈیڈلاک ہے، پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک سری لنکا میں انعقاد کے حامی ہیں۔

ذرائع کے مطابق جے شاہ بی سی سی آئی کی اسپیشل میٹنگ کے موقع پر عہدیداران سے ایشیا کپ پر بھی رائے لے سکتے ہیں، جے شاہ کی آئی پی ایل میں مصروفیات کے باعث ایشیا کپ اور ورلڈکپ کے معاملات التوا کا شکار ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کے حوالے سے فیصلیکا منتظر ہے، پی سی بی آئندہ ہفتے کے دوران ایشیا کپ کے حتمی فیصلے کے لیے پر امید ہے۔

ایشیا کپ کے فیصلے کے بعد پاکستان ورلڈکپ کے حوالے سے فیصلہ کریگا، پاکستان نے بھارت میں ورلڈ کپ کھیلنے کا تاحال کوئی گرین سگنل نہیں دیا اور نہ وینیوز پر ہاں کہا ہے۔ذرائع کے مطابق ہائبرڈ ماڈل میں 4 میچز پاکستان میں ہوں گے، وینیو لاہور ہونیکا امکان ہے، پاکستان اور نیپال کا پہلا میچ ہوگا، ایونٹ ستمبر کے پہلے ہفتے میں شروع ہو گا، سری لنکا، بنگلا دیش اور افغانستان کی ٹیمیں اپنے گروپ کے تین میچز پاکستان میں کھیلیں گی۔

شدید زلزلہ کے لیے تیار رہیں! ولندیزی ماہر کی خوفناک زلزلہ سے متعلق نئی پیش گوئی

ایمسٹرڈیم(این این آئی)ڈچ سیسمولوجسٹ فرینک ہوگریبِٹس ایک مرتبہ پھر زلزلوں کی پیشین گوئی کے ذریعے شہ سرخیوں کا موضوع بن رہے ہیں۔ فرینک ہوگریبِٹس نے اپنی تازہ ترین وراننگ نما پیشین گوئی کی بنیاد سیاروں اور زمین سے مربوط ان کی نقل وحرکت پر رکھی ہے جو عمومی طور پر زلزلے کا باعث بنتی ہیں۔

میڈیارپورٹس کے مطابق متنازع سائنسدان نے پیشین گوئی کی کہ سیاروں کی جیومیٹری شدید اور ہائی رسک زلزلے کا باعث بن سکتی ہے۔انہوں نے SSGEOS سے وابستہ ارضیاتی اتھارٹی کے اکائونٹ پر پوسٹ کردہ وارننگ میں بتایا کہ اتوار چاند اور سیاروں کی بننے والی جیومیٹری ریختر سکیل پر چھ درجے زلزلے کا باعث بن سکتی ہے۔

امکانی طور پر 22 مئی کو اس سے بھی شدید زلزلے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔انہوں نے اس سے پہلے مریخ اور زحل سیاروں کی حرکت کا حوالہ دیتے ہوئے ریکٹر سکیل پر 8 درجے شدت کے زلزلے کی پیش گوئی کی تھی۔ انہوں نے آنے والے مہینوں میں زلزلے کی شدت میں اضافے اور اگست میں سب سے زیادہ شدید زلزلے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا گیا،ہارون رشید سلیکشن کمیٹی کی سربراہی کرینگے

لاہور( این این آئی)پاکستان کرکٹ بورد نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا گیا۔ہارون رشید سلیکشن کمیٹی کی سربراہی کریں گے جبکہ حسن چیمہ ٹیم ڈائریکٹر ،مکی آرتھر اور ہیڈ کوچ اورگرانٹ بریڈبرن ممبر ہوں گے۔

حسن چیمہ کو سلیکشن کمیٹی سیکرٹری اور منیجر اینالیٹکس ہوں گے۔سلیکشن کمیٹی اگلے ماہ لاہورمیں ہونے والے فاسٹ اور سپن بالنگ کیمپ کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی۔

ملک میں مزید 10 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص

لاہور( این این آئی)نیشنل کمانڈ اینڈآپریشنز سینٹر نے کہا ہے کہ ملک میں مزید 10 افراد میں کوویڈ19 کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ 7 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔این سی او سی کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ19 کے 3249 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 10میں کووڈ19 کی تشخیص ہوئی ہے۔

اس وقت ملک میں کووڈ19 کی شرح 0.31 فیصدہے۔ اعدادوشمارکے مطابق اس وقت 7 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں 238 ٹیسٹ کئے گئے اور6 افراد میںکوویڈ کی تشخیص ہوئی۔ لاہورمیں اس کی شرح 2.52 فیصدہے۔پشاور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 556 ٹیسٹ کئے گئے اورایک مریض میں بیماری کی تشخیص ہوئی ہے،پشاورمیں مثبت ہونے کی شرح 0.18 فیصد ہے۔

عیدالاضحی پر سنیما جانیوالے ایک ٹکٹ پر تین فلموں کو انجوائے کرسکیں گے

اسلام آباد (این این آئی)عیدالاضحی پر سنیما جانے والے ایک ٹکٹ پر تین فلموں کو انجوائے کرسکیں گے۔بڑی عید پر ریلیز ہونے والی تیری میری کہانیاں 3 کہانیوں پر مبنی ایک مختلف شارٹ فلم ہے جس کی کاسٹ میں جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل تیرے بن کے ہیرو اداکار وہاج علی بڑے پردے پر جلوہ گر ہوں گے جبکہ پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی جانی مانی اداکارہ مہوش حیات ان کے ہمراہ دکھائی دیں گی ۔

جیو ڈیجیٹل سے گفتگو میں پرڈیوسر سیمی نوید نے فلم پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک بڑے بجٹ کی فلم ہے جسے کراچی کے مختلف مقامات پر فلمایا گیا ہے، اگر فلم کی سب سے اچھی بات پوچھی جائے تو وہ یہ ہے کہ تیری میری کہانیاں میں آپ کو پاکستان کے 3 نامی گرامی ڈائریکٹرز کا کام نظر آئیگا۔سیمی نوید کے مطابق ‘ان ڈائریکٹرز میں سر فہرست ندیم بیگ، مرینہ خان اور نبیل قریشی ہیں گو کہ تینوں ہدایتکاروں نے الگ الگ کہانی پر کام کیا ہے لیکن ان کا ساتھ میں ہونا ہی ایک منفرد تجربہ ہے۔

اس سوال کے جواب پر کہ کیا حالیہ مقبولیت کی وجہ سے وہاج علی کو اس فلم میں جگہ دی گئی ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ تھی؟ سیمی نے جواب دیا کہ یقینا اس کے پیچھے ایک عنصر وہاج کی مقبولیت کا بھی تھا لیکن جب ہم نے اس فلم پر کام کرنیکا سوچا تو سب سے پہلے وہاج علی ہی ذہن میں آئے ۔انہوں نے فلم کی ہیروئن سے متعلق کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی مہوش حیات کے ساتھ کام کیا ہے اور وہ ایک بہت ہی کمال اداکارہ ہیں لہذا ہم نے انڈسٹری کے ہارٹ تھراب وہاج کے ساتھ اداکارہ مہوش حیات کا انتخاب کیا جن کے کام کے بین الاقوامی سطح پر چرچے ہیں۔

سیمی نے کہا کہ ناظرین اس فلم میں ایک ٹکٹ پر تین فلموں کو انجوائے کرسکیں گے۔فلم کی کاسٹ میں وہاج علی اور مہوش حیات کے ساتھ رمشا خان، ہرا مانی، سلمان ثاقب خان (مانی)اور دیگر اداکار شامل ہیں جب کہ فلم کی کہانی لکھنے والوں میں نامور لکھاری، خلیل الرحمن قمر، واسع چوہدری، علی عباس نقوی اور باسط نقوی شامل ہیں۔

عمران خان امریکی خاتون رکن کانگریس کی منتیں کر رہا ہے،خواجہ آصف

سیالکوٹ (این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان امریکی خاتون رکن کانگریس سے بات کر کے ترلے منتیں کر رہا ہے، یہ اس کے ترلے کر رہا ہے، جسے امریکا میں بھی کوئی نہیں جانتا۔

میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہاکہ ایک سال پہلے جیب سے جعلی خط لہرا کر دکھایا گیا، کہا کہ بیرونی سازش ہے، کدھر گئی سازش؟انہوں نے کہا کہ ابھی عمران خان کہہ رہا ہے کہ نومئی کو جو ہوا مجھے اس کا علم نہیں تھا، میں تو قید میں تھا۔ آٹھ، نو دن تو مذمت بھی نہیں کی، کہتا ہے کہ ایجنسیوں کے لوگ تھے۔خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان جھوٹ بولنے کا ماسٹر ہے، لیکن اب اسکا جھوٹ چل نہیں رہا۔

پی ٹی آئی کو چھوڑنے کی خبروں میں صداقت نہیں، غلام سرور خان

لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما غلام سرور خان نے پارٹی چھوڑنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ افواج پاکستان پر حملہ، پاکستان پر حملہ اور پاکستانیوں کے دل پر حملہ ہے۔

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے جی ایچ کیو اور کور کمانڈر کے گھر پر حملہ کیا ہے، ان کے خلاف اگر آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے تو اسی کے تحت کارروائی ہونی چاہیے، میں ان واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

فوج کے بارے میں مزاحیہ لطیفہ سنانے پر چینی کامیڈین کو دو ملین ڈالر جرمانہ

بیجنگ(این این آئی)فوج کے بارے میں ایک چینی کامیڈین کے مذاق نے انٹرنیٹ پر ہنگامہ برپا کر دیا جس کے بعد فوج کا مذاق اڑانے والے مزاحیہ ادا کار کو تقریبا 2 ملین ڈالر جرمانہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے کامیڈین سے تفتیش کی ہے اور اس کے کئی کامیڈی شوز منسوخ کر دیے گئے ۔

میڈیارپورٹس کے مطابق یہ ہنگامہ گذشتہ ہفتے کو بیجنگ میں چینی اداکار لی ہاوشی کی طرف سے کیے گئے ایک لطیفے کی وجہ سے ہوا۔ انہوں نے فوج کے نمائندے کے بارے میں تفریح طبع کے لیے مزاح میں بات کی تھی مگر یہ ان کا اب تک کا سب سے بڑا سکینڈل بن گیا۔

چین میں COVID-19 کی وبا کے دوران کامیڈی شوز مقبول ہوئے، کیونکہ لوگوں نے انہیں دیکھنے میں زیادہ وقت گھر کے اندر گذارا۔کامیڈین لی کو اس وقت شہرت ملی جب کسی نے 13 مئی کو ایک شو میں کیے گئے ایک لطیفے کی تفصیل پوسٹ کی، جسے چینی فوج کی توہین کے طور پر دیکھا گیا۔

روٹ ٹو مکہ، 26 ہزار پاکستانی سعودی عرب پہنچیں گے

ریاض(این این آئی )پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن مالکی نے کہاہے کہ روٹ ٹو مکہ کے تحت 26 ہزار پاکستانی سعودی عرب پہنچیں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے سے گفتگومیں انہوں نے کہاکہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا،ان کا کہناتھا کہ سعودی عرب میں پاکستانی حجاج کاخاص خیال رکھیں گے ۔

عرب لیگ میں واپسی کے باوجود شام پر حملہ کریں گے، اسرائیل

تل ابیب (این این آئی )ایک اسرائیلی عہدیدار نے اعلان کیا ہے کہ عرب لیگ میں شام کی واپسی سے اسرائیل کی جانب سے شام کی سرزمین کے اندر کی گئی کارروائی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق صہیونی عہدیدار نے کہا ان کی حکومت نے اس سلسلے میں عالمی برادری کو واضح پیغامات پہنچا دیے ہیں۔

یہ واضح کردیا گیا کہ ایک مرتبہ پھر عرب دنیا میں شام کی قانونی حیثیت کی بحالی اسرائیل کو اس پر حملہ کرنے سے نہیں روکے گی۔اسرائیلی عہدیدار نے مزید کہا کہ اس سے شام میں اسرائیل کے اقدامات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اسرائیلی عہدیدار کی یہ یقین دہانی اسرائیلی سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے اس خدشے کے اظہار کے بعد سامنے آئی ہے کہ شام کی عرب لیگ میں واپسی سے وہاں اسرائیل کی کارروائیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔

اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے ایک اجلاس منعقد کیا، اس اجلاس میں اعلی سکیورٹی حکام نے شرکت کی اور شام کی عرب لیگ میں واپسی کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل مستقبل قریب میں صورتحال کا جائزہ لینے کا انتظار کر رہا ہے لیکن اس وقت وہ اپنی پالیسی تبدیل نہیں کرے گا۔