All posts by mshijazi

عمران خان کی دوبارہ گرفتاری پر کارکنوں سے ہنگامہ نہ کرنے کی اپیل

لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دوبارہ گرفتاری کی صورت میں کارکنوں سے ہنگامہ نہ کرنے کی اپیل کر دی۔اپنے جاری کیے گئے پیغام میں انہوں نے آج (منگل ) عدالت میں پیشی کے موقع پر اپنی دوبارہ گرفتاری کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوبارہ گرفتار کیا جائوں تو کارکن ہنگامہ نہ کریں۔

کارکنوں نے ہنگامہ کیا تو پی ڈی ایم کو بیانیہ ملے گا، کارکنوں کے ہنگامے کو حکومت کریک ڈائون کے لیے استعمال کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت سے خوفزدہ حکومت بے امنی کو کریک ڈائون کے لیے استعمال کر سکتی ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تمام سروے بتا رہے ہیں کہ انتخابا ت میں پی ٹی آئی دو تہائی اکثریت سے جیتے گی۔

کامیابی کی پیشگوئیاں دیکھ کر حکومت پی ٹی آئی کو کرش کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پتہ چل گیا تھا کہ باجوہ میری حکومت ختم کرنے جا رہے ہیں، چاہتا تو باجوہ کو بطور آرمی چیف برطرف کر سکتا تھا۔چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ باجوہ کو اس لیے نہیں ہٹایا کہ فوج کے معاملات میں مداخلت نہیں چاہتا تھا، فوج وہ ادارہ ہے جس میں آپ مداخلت نہیں کرتے۔

9 مئی کے واقعات پاکستان مخالف اور دہشتگرد ایجنڈے کی عکاسی کرتے ہیں، یہ کوئی حب الوطنی نہیں، وزیر اعظم

کوئٹہ (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات پاکستان مخالف اور دہشت گرد ایجنڈے کی عکاسی کرتے ہیں، یہ کوئی حب الوطنی نہیں، دہشت گردی اور پاکستان دشمنی ہے،ہمیںدہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے چاہے وہ کوئٹہ ہو، پشاور کراچی یا لاہور ہو یا پھر بلوچستان کے دور درواز علاقے ہوں،ابھی بھی دہشت گرد سر اٹھا رہے ہیں لیکن ان کا سر ضرور کچلا جائے گا، لہٰذا شہیدوں اور غازیوں کی حرمت کو سلام کرنا چاہیے۔

34ویں نیشنل گیمز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج سے 15 سال قبل دہشت گردی نے پاکستان میں تباہی مچائی تھی اور کوئی بھی شہر و علاقہ دہشت گردی سے نہ بچا تھا تاہم بلاخر افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مل کر یہ فیصلہ کیا کہ ہمیں اس دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے چاہے وہ کوئٹہ ہو، پشاور کراچی یا لاہور ہو یا پھر بلوچستان کے دور درواز علاقے ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری افواج کے جوانوں، افسران اور ان کے بچوں نے قربانیاں دیں، جی ایچ کیو، پشاور آرمی پبلک اسکول پر حملے ہوئے اور کس طرح ایک منظم دہشت گردی نے پورے پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا لیکن پاک فوج کے جوانوں نے ہر جگہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرکے ان کا خاتمہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ابھی بھی دہشت گرد سر اٹھا رہے ہیں لیکن ان کا سر ضرور کچلا جائے گا، لہٰذا شہیدوں اور غازیوں کی حرمت کو سلام کرنا چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ پاکستان کی تاریخ میں بڑا دلخراش تھا، جس طرح دہشت گردوں نے زیارت میں قائد اعظم کے گھر پر حملہ کی اسی طرح لاہور میں بھی ان کے گھر کو راکھ بنادیا گیا، یہ کوئی پاکستانی سوچ نہیں ہو سکتی، یہ کام کوئی پاکستانی نہیں کر سکتا بلکہ یہ دہشت گرد اور پاکستان دشمن کا کام ہے۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ریڈیو پاکستان کو جلایا گیا، جی ایچ کیو پر حملہ کیا گیا، یہ کوئی حب الوطنی نہیں، دہشت گردی اور پاکستان دشمنی ہے، 9 مئی کا دن ہمیشہ پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے 9 مئی کے واقعات پاکستان مخالف اور دہشت گرد ایجنڈے کی عکاسی کرتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ قانون عمل میں آئے گا ان کو گرفت میں لے گا اور قانون و آئین کے تحت ان کو سزا دی جائے گی تاکہ قیامت تک کوئی اس طرح کی جرئت نہ کر سکے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ نیشنل گیمز 19 برس بعد کوئٹہ میں منعقد کی جارہی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج بہت بڑا مبارک والا دن ہے کہ 19 سال بعد نیشنل گیمز اس شہر میں آئی ہیں جہاں 1948 میں قائد اعظم محمد علی جناح تشریف لائے تھے اور بلوچستان کے لوگوں نے پاکستان کے حق میں قرارداد پاس کی تھی۔شہباز شریف نے کہا کہ آج اس تاریخی شہر میں کھیلوں کا انعقاد قومی یکجہتی اور پاکستان کے ساتھ والہانہ محبت کا عظیم شاہکار ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کے نواجوں، بیٹوں اور بیٹیوں میں بے پناہ صلاحیت ہے جس کو بروئے کار لاکر آپ نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کا نام ستاروں تک لے جا سکتے ہیں، بشرط یہ کہ آپ کو مواقع ملیں اور آپ کی صلاحیتیں بڑھائی جائیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ جس طرح ماضی میں ہماری حکومت نے پورے پاکستان میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے، اسکول بنائے، ہاکی اور کرکٹ کے کھیلوں کے میدان سجائے اور اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے والوں کو انعامات دیے گئے اسی طرح وفاقی حکومت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ کھیلوں کے میدان میں جتنے بھی وسائل دیے جائیں وہ کم ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ وہی قوم توانا ہوتی ہے جس کے نوجوان توانا ہوں، وہی قوم ترقی کرتی ہے جس کے نوجوان بیٹے اور بیٹیاں تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوں۔

نیب مکمل طور پر غیر سیاسی رہے گا اور قانون کے مطابق کام کرے گا، جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد

اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا ہے کہ شائستگی، تہذیب اور انصاف پسندی نیب کی پہچان ہوگی ،نیب مکمل طور پر غیر سیاسی رہے گا اور قانون کے مطابق کام کرے گا۔ پیر کوچیئر مین نیب نے نیب راولپنڈی کے دفتر میں عوام سے دھوکہ دہی کے مختلف فراڈ کیسز کے متاثرین میں معاوضے کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت کی۔

چیئرمین نیب نے شرکاء سے خطاب کے دوران اس بات کا اعادہ کیا کہ نیب مکمل طور پر غیر سیاسی رہے گا اور قانون کے مطابق کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں یہ ادارہ مختلف تنازعات کا حصہ رہا جس کی وجہ سے یہ اپنے اصل کام پر توجہ مرکوز نا رکھ سکا اور اس کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ ان کا مقصد نیب کا ایک منصفانہ اور غیر جانبدار ادارہ کے طور پر امیج بحال کرنا ہے۔

چیئرمین نیب نے عالمی کرپشن انڈیکس میں ملک کی تنزلی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے پورے معاشرے کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے لوٹی گئی رقم کی واپسی پر متاثرین کے صبر کو سراہا تاہم چیئرمین نیب نے عزم کیا کہ اب کیسز قانون کے مطابق مقررہ معیاد کے مطابق نمٹائے جائیں گے۔

قبل ازیں ڈی جی نیب راولپنڈی مرزا عرفان بیگ نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں کہا کہ نیب راولپنڈی نے 5 فراڈ کیسز میں 3.5 ارب روپے کی ریکوری کی، جس میں سے 27 ملین روپے متاثرین میں آج تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ ان کیسیز میں سندھ ٹریکٹرز اسکیم میں جعلی اکاؤنٹس میں 130 ملین روپے حکومت سندھ کے حوالے کئے جا رہے ہیں، عسکریہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں 500 ملین روپے، نیشنل ہاؤس بلڈنگ ڈیویلپمنٹ کارپوریشن فراڈ میں 1.9 بلین روپے اور دیگر شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سارک، پلڈاٹ اور اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی اداروں نے نیب کی کارکردگی کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی پیک منصوبوں پر شفاف عملدرآمد کے لیے چین کے ساتھ ایک ایم او یو پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔ بعد ازاں نیب راولپنڈی کے ملازمین سے اپنے خطاب میں چیئرمین نیب نے لوٹی گئی رقم کی واپسی میں ان کے کام کو سراہا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کا کوئی فیورٹ نہیں ہے اور ادارہ صرف ایمانداری اور غیر جانبداری کے اصول پر سختی سے کام کرتا ہے،

تفتیشی مرحلے کے دوران تمام ملزمان شائستگی اور تہذیب کے مستحق ہیں،ان کے ساتھ ویسا ہی سلوک برتیں جیسا اپنے لئے چاہتے ہیں۔ ملازمین کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ ملازمین کے مسائل کے جلد از جلد حل کے ذریعے ملازمین بالخصوص خواتین عملے کے لیے کام کے ماحول کو ہر ممکن حد تک آرام دہ بنانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ روٹیشن پالیسی کو ہر صورت میں لاگو کیا جائے گا۔ چیئرمین نیب نے اس موقع پر پودا بھی لگایا اور نیب راولپنڈی کے ملازمین کے ساتھ گروپ فوٹو میں شرکت کی۔

آرمی چیف کا 25 مئی کو ’’یومِ تکریمِ شہداء ِ پاکستان ‘‘ منانے کا اعلان

راولپنڈی(این این آئی)پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے 25 مئی کو ’’یومِ تکریمِ شہداء ِ پاکستان ‘‘ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہداء کی حرمتوں پر حملے انتہائی افسوس ناک اور ناقابلِ برداشت ہیں،پاک فوج بطور ادارہ اپنے سے منسلک ہر فرد کو اور اسکے لواحقین کو ہمیشہ یاد رکھتا ہے اور ہمارا یہ رشتہ بطور خاندان قابلِ فخر اور فقید المثال ہے۔

آرمی چیف نے کہاکہ افواجِ پاکستان کا ہر سپاہی اور آفسر تمام علاقائی، لسانی، اور سیاسی تعصبات اور امتیازات سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو مقدم رکھتا ہے۔ پیر کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں شہداء اور غازیوں کے اعزاز میں تقریب تقسیم اعزازات منعقد ہوئی جس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرنے آپریشنز کے دوران بہادری اور قوم کے لئے شاندار خدمات پر پاک فوج کے افسران و جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازا۔

تقریب میں بڑی تعداد میں پاک فوج کے سینئر افسران اور شہداء کے اہلخانہ نے شرکت کی ۔بیان کے مطابق 51 افسران کو ستارہ امتیاز(ملٹری) ،22 افسران و جوانوں کو تمغہ بسالت اور 2 جوانوں کو اقوامِ متحدہ کے خصوصی میڈل کے اعزاز سے نوازا گیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاکہ بلاشبہ شہداء کی فرض شناسی اور عظیم قربانیوں کے طفیل ہم ایک آزاد فضا میں زندگی بسر کر رہے ہیں،شہداء کی قربانیاں اور غازیوں کی خدمات ہمارا قیمتی اثاثہ اور سرمایہِ افتخار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاک فوج بطور ادارہ اپنے سے منسلک ہر فرد کو اور اسکے لواحقین کو ہمیشہ یاد رکھتا ہے اور ہمارا یہ رشتہ بطور خاندان قابلِ فخر اور فقید المثال ہے۔ آرمی چیف نے کہاکہ افواجِ پاکستان کا ہر سپاہی اور آفسر تمام علاقائی، لسانی، اور سیاسی تعصبات اور امتیازات سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو مقدم رکھتا ہے۔ آرمی چیف نے کہاکہ مضبوط فوج مملکت کی سلامتی اور اتحاد کی ضامن ہوتی ہے۔آرمی چیف نے حالیہ دنوں میں فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہداء کی حرمتوں پر حملوں کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابلِ برداشت ہیں۔

سابق صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پیر سید سعید الحسن شاہ کابھی تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان

نارووال ( این این آئی )سابق صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پیر سید سعید الحسن شاہ نے بھی پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ جو بات کرنا چاہتا ہوں اس کا تعلق ملکی سلامتی اور بقا ء سے ہے،

پی ٹی آئی کا ہر محاذ پر بھرپور ساتھ دیا، 9 مئی کو جو واقعات رونما ہوئے ان سے میری اور میرے حلقہ کے عوام کی دل آزاری ہوئی، ظفر وال شہدا ء اور غازیوں کی زمین ہے، 9 مئی کو شہدا ء کی یادگاروں اور عسکری اداروں پر حملے کئے گئے، ہم نے ہمیشہ پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو عزت واحترام دیا ہے۔

9مئی کے پرتشدد اور شدت پسندی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں، میں اور میرے حلقہ کے عوام پی ٹی آئی کی سیاست سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں ،تمام سیاسی جماعتیں اپنی انا ء سے باہر نکلیں اور ملکی مفاد کے بارے میں سوچیں۔سابق صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن 2018 میں حلقہ پی پی 46 ظفروال سے آزاد حیثیت میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور بعدازاں انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر کی تھی اور عثمان بزدار کی کابینہ میں صوبائی وزیر بنے۔

ملک بھرمیں الیکشن ایک ہی دن ہوں گے اوراسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی، رانا ثنااللہ خان

مکوآنہ (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ و صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ عمران خان مکافات عمل کاشکار ہوئے، کسی جماعت پر پابندی لگتی ہے یا کچھ لوگ مائنس ہوتے ہیں تو یہ ان کے کئے کا نتیجہ ہوگا،ملک بھرمیں تمام الیکشن ایک ہی دن ہوں گے اوراسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی،

فتنے کو 2018 میں اس وقت کی جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ اوراسٹیبلشمنٹ نے مل کر عوام پر مسلط کیا مگر اس نے ملک کوترقی دینے کی بجائے اس کی تباہی نکال دی، فتنے نے 2014 سے سیاست کا آغاز دھرنے اور لانگ مارچ سے کیا، مخالین کے خلاف گالم گلوچ کا کلچر متعارف کروایا،اسے جعلی طریقہ سے اقتدار دیاگیاجس نے جھوٹے مقدمے قائم کئے، خودان کے خلاف اس نے جھوٹا کیس بنایا،

میاں صاحبان اور دوسروں کے خلاف مقدمات کئے لیکن جب اپنی باری آئی تو چھ ماہ لنگڑا ہوکر بیٹھا رہا مگر جس دن رینجر نے پکڑا اس کی ٹانگ اسی وقت نہ صرف ٹھیک ہوگئی بلکہ اس نے بھاگنا شروع کردیا،اس کو اپنے مخالفین کو جیل بھیج کر خوشی ہوتی تھی لیکن اب جیل کے خوف سے 4 ماہ لوگوں کو ڈھال بنائے رکھااور نوجوانوں کو گمراہ کرتا رہا، نوجوانوں کو ٹریننگ دیتا رہا،فوج کے خلاف کہانیاں گھڑتا رہا،

اس نے لوگوں کو کہا میری گرفتاری پر ملکی تنصیبات پر حملے کرنے ہیں،جن لوگوں کویہ غلط سبق پڑھاتا رہا ان لوگوں نے گھروں کو آگ لگائی، سرکاری املاک کو آگ لگائی،یہ نوجوانوں کو سکھاتا تھا کہ میری گرفتاری ریڈ لائن ہے مگرکسی شہر میں 5 سے 10 ہزارلوگوں اکٹھے نہیں ہوئے بلکہ صرف 2 ڈھائی سو کے قریب شرپسند اکٹھے ہوئے اور انہوں نے جناح ہاؤس جلایا، حساس تنصیبات پر حملے کئے، آئی ایس آئی کے دفتر پر دھاوا بولا،شہدا کی یادگاریں تباہ کیں، میرے گھر پر حملہ کیا حتیٰ کہ غلام محمد آباد ہسپتال کو بھی نہیں بخشا لہٰذاایسے لوگ کسی رعایت کے مستحق نہیں لیکن وہ یقین دلاتے ہیں کہ کسی بے گناہ کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہوگی۔

بارشوں اور ژالہ باری کے حوالے سے الرٹ جاری

لاہور( این این آئی)پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے آندھی/ جھکڑ ، بارشوں اور ژالہ باری کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں داخل ہونے والی مغربی ہوائیں رواں ہفتے وقفے وقفے سے اثر انداز ہو ںگی۔

26 مئی تک اسلام آباد، مری، راولپنڈی، چکوال، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیخوپورہ ،ننکانہ، گوجرانوالہ، لاہور ،سیالکوٹ ، منڈی بہائوالدین، ناروال، قصور، پاکپتن ، اوکاڑہ ، ساہیوال، رحیم یار خان، ڈی جی خان، راجن پور ، ملتان اور بہاولنگر میں آندھی/جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے ۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق23 سے 25 مئی کے دوران پنجاب میں آندھی/ جھکڑ کے باعث کھڑی فصلوں اور کمزورعمارات کو نقصان کا خطرہ ہے۔کسان حضرات موسمیاتی پیشگوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں۔بارش کے دوران سیاح اور مسافر غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش کے باعث گرمی کی جاری لہر کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔

جب اداس ہوتی ہیں تو اپنے بال کاٹ لیتی ہیں، اداکارہ میرب کا انکشاف

لاہور( این این آئی) شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل میرب علی نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ اداس ہوتی ہیں تو اپنے بال کاٹ لیتی ہیں ۔اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اپنے بالوں کی کٹنگ کے پیچھے چھپے راز سے پردہ اٹھا یا۔انسٹاگرام پر اداکارہ میرب علی نے تصاویر شیئر کیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میرب علی اپنے بال چھوٹے کروالیے ہیں۔

اداکارہ نے کیپشن میں لکھا کہ حادثاتی طور پر اپنے بال اتنے چھوٹے کرلیے ہیں مگر یہ ہیئر اسٹائل پسند آرہا ہے۔اس پوسٹ پر میرب علی کے منگیتر معروف گلوکار عاصم اظہر نے بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ اگر یہ ہیئر کٹ اتنا اچھا لگ رہا ہے تو یہ کوئی حادثہ نہیں ہے۔بعد ازاں میرب علی نے ایک لائیو سیشن میں بالوں کے ہیئر کٹ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر جواب دیتے ہوئے بتایا کہ وہ جب بھی اداس ہوتی ہیں اپنے بال کاٹ لیتی ہیں۔میرب علی کا اپنے ویڈیو سیشن میں بتانا تھا کہ انہیں اپنے بال کاٹ کر اچھا لگتا ہے، وہ اداس ہوتی ہیں تو بال کاٹ کر اچھا محسوس کرتی ہیں۔

اداکارہ نادیہ خان نے اپنی زندگی کی ففٹی مکمل کر لی

لاہور( این این آئی)اداکارہ نادیہ خان نے اپنی زندگی کی ففٹی مکمل کر لی ۔انہوں نے گزشتہ روز اپنی سالگرہ کا کیک اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کاٹا۔ نادیہ خان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ کسی نجی ٹی وی چینل سے مارننگ شو کی میزبانی کرنے والی پہلی خاتون میزبان ہیں ۔نادیہ خان 22مئی 1973میں پیدا ہوئی تھیں ۔انہوںنے گزشتہ روز اپنی پچاسویں سالگرہ منائی ۔ دوست احباب اور عزیز و اقارب نے انہیں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی ہے۔

9مئی کے واقعات میں جو بھی ملوث ہے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا، شہباز شریف

لاہور( این این آئی )وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9مئی کے واقعات میں جو بھی ملوث ہے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا،سویلین تنصیبات کو نقصان پہنچانے میں ملوث تمام افراد پر انسداد دہشتگردی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا، فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث افراد کو آئین کے تحت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا،

9 مئی کو عمران نیازی کے حکم پر ان کے جتھوں نے ملک دشمنی کی اور بدقسمتی سے وہ کام کردکھایا جو 75 برس میں دشمن نہ کر سکا،جلد بازی میں قانونی تقاضے نظر انداز نہیں ہونے چاہئیں،نادرا اور سکیورٹی ایجنسیز کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ شر پسند عناصر کے خلاف جلد از جلد گھیرا تنگ کیا جا سکے۔وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت لاہور میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں وزیر اعظم کو9 مئی کے واقعات میں ملوث کرداروں پرقانونی گرفت کے لئے اب تک کے اقدامات، گرفتاریوں اور قانونی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعظم شہبازشریف کو 9 مئی کے واقعات میں ملوث کرداروں کی قانونی گرفت کے لئے اب تک کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ د ی اورجناح ہائوس پر حملہ کرنے والوں کی گرفتاریوں اور قانونی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم یہاں اہم مقصد کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں۔

اجلاس کا مقصد گزشتہ ہفتے کے اجلاس میں ہونے والے معاملات کا جائزہ لینا ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نو مئی کو ملکی تاریخ کے سیاہ اور تاریخ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ اس دن پاکستان کے لبادے میں دہشتگردی اور ملک دشمنی کی گئی۔عمران نیازی نے وہ کام کیا جو 75سال میں دشمن نہ کر سکا۔ کالعدم ٹی ٹی بی نے قائد اعظم زیارت کو جلایا ،عمران نیازی اور اس کے جتھے نے قائد اعظم ہائوس لاہور کو جلایا ، کالعدم ٹی ٹی پی نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا تھا،9مئی کو پاکستان دشمنوں نے پھر جی ایچ کیو پر حملہ کیا ،ریڈیو پاکستان پشاور اور ایف سی سکول کو جلایا گیا،بے شمار واقعات ہوئی جنہوں نے پوری قوم کو ذہنی اذیٹ میں مبتلا کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جناح ہائوس پر حملہ کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیاجائے گا،یہ یقینی بنایا جائے کہ کسی بے گناہ سے زیادتی نہ ہو جبکہ گھنائونے فعل کا ارتکاب کرنے والا ایک بھی مجرم سزا سے بچنا نہیں چاہیے ۔یہ بات کوئی مذاق نہیں ہے کہ دہشتگرد کراچی میں ایئرفورس کی تنصیبات پر حملہ کریں اور اربوں روپے کی املاک کو نقصان پہنچائیں اور عمران نیازی کے جتھے میانوالی میں پہنچ جائیں اور دشمن کے خلاف استعمال کرنے کے لیے قوم کی خون پسینے کی کمائی سے خریدے گئے ہوائی جہازوں کو آگ لگانے کی منحوس کوشش کریں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ طے ہوا تھا کہ کسی شخص کو، چاہے وہ منصوبہ بندی میں شامل ہے، اکسانے میں شامل ہے، چاہے اس نے غلیظ گالیاں دیں اور نعرے لگوائے اور چاہے وہ توڑ پھوڑ میں شامل تھا، کوئی بھی قانون کے آہنی ہاتھوں سے بچ نہیں سکتا۔شہباز شریف نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں طے ہوا تھا کہ سویلین تنصیبات کو نقصان پہنچانے میں ملوث تمام افراد پر انسداد دہشتگردی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا،فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث افراد کو آئین کے تحت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے 9 مئی سے متعلق گرفتاریوں اور کارروائیوں کی رپورٹ پیش کی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف کو وفاقی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس ، آئی بی ، نادرا، سی ٹی ڈی ،وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات اور سیف سٹی کا کردار قابل تعریف رہا ہے۔ وزیراعظم نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ شر پسند عناصر کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور مثل مقدمہ میں کوئی سقم چھوڑے بغیر کاروائی مقدمہ کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاے ۔

وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ مقدمہ جات میں پیشرفت کو گھنٹوں کی بنیاد پر مانیٹر کیا جاے۔اجلاس کے شرکا ء میں وفاقی وزیر داخلہ ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات،وفاقی وزیر ریلویز ،وفاقی وزیر قانون و انصاف،مشیروزیراعظم احد چیمہ ،نگران وزیر اعلی پنجاب ،معاونین خصوصی عطا تارڑ، ملک محمد احمد خان، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پولیس پنجاب اور دیگر متعلقہ سرکاری افسران شامل تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے وفاقی وزراء اور پارٹی رہنمائوں نے بھی ملاقات کی جس میں معاشی،سیاسی اور قانونی معاملات کا جائزہ لیاگیا ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے لیگل ٹیم سے سپریم کورٹ میں جاری مقدمات بارے بھی مشاورت کی ،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اجلاس کو سپریم کورٹ میں جاری مقدمات بارے میں بریفنگ دی۔

بھارت جائیں، ٹرافی جیتیں ، وہاں جاکر ورلڈکپ اٹھانا بی سی سی آئی کیلئے زوردار طمانچہ ہوگا،شاہد آفریدی

کراچی (این این آئی)پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارت جاکر ورلڈکپ 2023 کھیلنے اور ٹرافی جیت کر آنے پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ بھارت جائیں، ٹرافی جیتیں ، وہاں جاکر ورلڈکپ اٹھانا بی سی سی آئی کیلئے زوردار طمانچہ ہوگا۔

ایک انٹرویومیں شاہد آفریدی نے کہاکہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) اتنا اٹل کیوں ہے اور کیوں کہا جارہا ہے کہ ہم بھارت نہیں جائیں گے، پی سی بی کو چیزوں کو واضح کرنے اور یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ ایک انٹرنیشنل ٹورنامنٹ ہے جسے مثبت لینا چاہیے ، جائیں اور کھیلیں۔شاہد آفریدی نے کہا کہ ہمیں اپنے لڑکوں سے کہنا چاہیے کہ جائیں اور ٹرافی جیت کر لائیں ،پوری قوم آپ کے پیچھے کھڑی ہے،

پاکستان کی ورلڈکپ میں جیت نہ صرف بڑی ایک جیت ہوگی بلکہ بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی ) کے لیے زوردار طمانچہ ہوگا۔دوران گفتگو شاہد آفریدی نے کہا کہ پی سی بی کے پاس بہت سے آپشن موجود نہیں ہیں اس کے بجائے پی سی بی ورلڈکپ کے حوالے سے دورہ بھارت کیلئے مثبت ہونے کی ضرورت ہے یہی نہیں ٹرافی جیت کر لانے سے روایتی حریفوں کو بھی واضح پیغام دے سکتے ہیں،بھارت جائیں اچھی کرکٹ کھییں اور ٹرافی جیت کر یہ بتائیں کہ ہم کہیں بھی جاکر کھیل سکتے ہیں۔

80 فیصد امکانات ہیں منگل کو جب میں اسلام آباد جائوں گا تو مجھے گرفتار کر لیا جائیگا،عمران خان

لاہور( این این آئی)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اس بات کے 80فیصد امکانات ہیں منگل کو جب میں اسلام آباد جائوں گا تو مجھے گرفتار کر لیا جائے گا،اگر مجھے دوبارہ جیل بھیج دیا گیا تو تشدد نہیں چاہتا ، لیکن اتحادی حکومتچاہتی ہے لوگ مشتعل ہوں تاکہ سب کچھ میرے خلاف استعمال کیا جا سکے ،اپنی ہی فوج کے خلاف مقابلہ کرکے کوئی کیسے جیت سکتا ہے، ایسی صورتحال میں اگر آپ جیت بھی جاتے ہیں تو ملک ہار جاتا ہے،

میں اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہوں کہ پاکستان کو ایک مضبوط دفاعی نظام کی ضرورت ہے، مجھے فوج سے کوئی مسئلہ نہیں ہے،مجھے ابھی تک یہ سمجھ نہیں آیا کہ میری حکومت گرانے کا مقصد کیا تھا،ہم جنگل کے قانون کی جانب بڑھ رہے ہیں،مجھے فوج سے کبھی مسئلہ نہیں تھا، پچھلے 60سال کا آدھا عرصہ ملک میں فوجی حکومت رہی،ہم آج سری لنکا سے بھی بدتر معاشی حالت میں ہیں، پاکستان کو اس وقت استحکام کی ضرورت ہے جو صرف انتخابات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان نے عرب میڈیا الجزیرہ اور امریکی میڈیا سی این این کو انٹرویو میںکیا۔عمران خان نے کہا کہ جب حکومت سپریم کورٹ کے احکامات ماننے سے انکار کردے تو ملک میں جمہوریت ممکن نہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت 10ہزار سے زیادہ پی ٹی آئی ورکرز جیل میں ہیں، فوجی عدالتوں میں ہمارے خلاف مقدمات چلانے کی بات ہو رہی ہے۔عمران خان نے کہا کہ مجھ پر قاتلانہ حملے کی ایک وجہ یہ تھی کہ میری جماعت مقبول سے مقبول تر ہو رہی ہے، میری سیاسی جماعت پر پابندی لگانے کی کوشش ہو رہی ہے ۔

عمران خان نے کہا کہ اگر مجھے دوبارہ جیل بھیج دیا گیا تو ملک میں تشدد نہیں چاہتا لیکن پی ڈی ایم لوگوں کو مشتعل کروا کر احتجاج کرانا چاہتی ہے تاکہ آئندہ عام انتخابات میں مجھے روکنے کے لیے اسے استعمال کیا جا سکے، ہم دو تہائی اکثریت سے الیکشن جیتیں گے۔ امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت قانون کی حکمرانی نہیں ہے، ہماری پوری قیادت جیل میں ہے اور اس بات کے 80 فیصد امکانات ہیں کہ منگل کو جب میں اسلام آباد جائوں گا تو مجھے گرفتار کر لیا جائے گا۔

عمران خان نے سوال اٹھایا ہے کہ اپنی ہی فوج کے خلاف مقابلہ کرکے کوئی کیسے جیت سکتا ہے، ایسی صورتحال میں اگر آپ جیت بھی جاتے ہیں تو ملک ہار جاتا ہے۔ میں اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہوں کہ پاکستان کو ایک مضبوط دفاعی نظام کی ضرورت ہے، مجھے فوج سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے آخری چھ ماہ تک سابق آرمی چیف نے مجھے ہٹانے کے لیے کام کیا اور دعویٰ کیا کہ میں ملک کے لیے خطرناک ہوں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ فوج کے ساتھ مل گئی ہے اور مجھے باہر رکھنے کے لیے جمہوری نظام کو ختم کر رہی ہے۔

9 مئی کو میری گرفتاری کے بعد پیش آئے واقعات کا بہانہ بناتے ہوئے میری پارٹی کو توڑ رہے ہیں، سیکڑوں خواتین اور بچوں کو جیلوں میں ڈالا گیا ہے، اب وہ فوجی عدالتوں میں ہمارا مقدمہ چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ حکومت مجھے مارنا چاہتی تھی کیونکہ وہ الیکشن ہارنے سے خوفزدہ تھی،میں نے پیشگوئی کی تھی کہ ایک مذہبی جنونی پر مجھے قتل کرنے کا مقدمہ چلایا جائے گا جیسا کہ ایک گورنر کو قتل کیا گیا تھا،میری جان کو اب بھی خطرہ ہے۔

عرب میڈیا الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیراعظم نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے آرمی چیف سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، میں نے آرمی چیف کے خلاف کوئی کام نہیں کیا، ان کے پاس میرے خلاف کچھ ہے جس کا میں نہیں جانتا۔انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ محض کٹھ پتلی ہیں، پولیس نے ہمارے 7500مظاہرین کو گرفتار کیا ہے، میں اپنے کارکنوں کو ایک مرتبہ پھر پر امن رہنے کی ہدایت کرتا ہوں، میری پارٹی کی پوری اعلیٰ قیادت گرفتار ہے، مجھ پر تقریباً 150 مقدمات ہیں، اس لیے مجھے کسی بھی وقت گرفتار کیا جا سکتا ہے لیکن بات یہ ہے کہ آپ کسی ایسے خیال کو گرفتار نہیں کر سکتے جس کا وقت آ گیا ہے۔

انہوں نے الزام دہرایا کہ وہ جانتے ہیں کہ سابق چیف آف آرمی سٹاف قمر جاوید باجوہ نے انہیں ہٹانے کی کوشش کی، بطور وزیر اعظم اپنی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے باجوہ کو ان کے عہدے سے ہٹا سکتے تھا، میں فوج کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتا تھا، پاک فوج ایک مضبوط ادارہ ہے، جہاں آپ مداخلت نہیں کر سکتے۔انٹرویو کے دوران عمران خان نے دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پرتشدد مظاہرے سے لاعلم تھا کیونکہ میں تو حراست میں تھا، اس دوران ہمارے 25کارکن بھی مارے گئے،اگر مجھے دوبارہ جیل بھیج دیا گیا تو تشدد نہیں چاہتا لیکن 12جماعتوں کی اتحادی حکومت پی ڈی ایم چاہتی ہے لوگ مشتعل ہوں تاکہ سب کچھ میرے خلاف استعمال کیا جا سکے، میرے خلاف درج درجنوں فوجداری مقدمات اور ان کی پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی گرفتاری کا مقصد آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے سے روکنا ہے،ہم دو تہائی اکثریت سے الیکشن جیتیں گے، اس لیے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ پی ٹی آئی کو کچلنا چاہتی ہے۔