All posts by mshijazi

9مئی کو ریڈ لائن کراس ، ریاست کیخلاف بغاوت ہوئی، خواجہ محمد آصف

لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ لاہور میں گورنر ہاوس اور دیگر عمارتیں بھی ہیں لیکن خاص منصوبہ بندی کے تحت ریڈ لائن کراس کی گئی ،9مئی کو ریاست کے خلاف بغاوت کی گئی،لاہور ،گوجرانوالہ،پشاور،مردان سمیت جائزہ لیں تو ایک ہی واردات ہوئی،پی ٹی آئی ورکرز کو سمجھایا گیا اور انہیں ان مقامات کی شناخت کرائی گئی تھی،9 مئی کے واقعات حادثہ نہیں ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ تھے اگر یہ عوام کا ردعمل ہوتا تو پھر گورنر ہائوس بھی جلتا صرف فوجی املاک کو نقصان نا پہنچتا، سیاسی اشرافیہ کو ایک میز پر بیٹھ کر خود کو نئے عمرانی معاہدے پر متفق کرنا ہو گا۔

جناح ہائوس /کور کمانڈر ہائوس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جناح ہائوس پرحملہ افسوسناک ہے،جناح ہائوس میںجس بے دردی سے حملہ کیا گیا وہ پلان تھا،آٹھ سے دس دن کی تیاری کے بعد یہ حملہ کیا گیا، عوام کا ردعمل اس طرح کا نہیں ہوتا ،صرف ایک ہی ادارے کی تنصیبات پر حملہ کیا گیا،عمران خان پر قاتلانہ حملے کا اتنا سخت ردعمل نہیں آیا لیکن گرفتاری پر ایک پلان کے تحت حملہ کیا گیا، عمران خان نے پلان کے تحت خاص ادارے کے خلاف تقریریں کیں،بانی پاکستان کی یادگار چیزوں اور تصویروں کو تباہ کیا گیا،

فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے شریعت یا شناختی کارڈ کے حساب سے تو پاکستانی ہو سکتے ہیں مگر نظریاتی طور پر پاکستانی نہیں ہیں،پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والوں کی یادگار پر حملہ کیا گیا۔اداروں اور سیاستدانوں میں سو اختلافات ہو سکتے ہیںلیکن جو 9 مئی کو کیا گیا وہ 75 سالوں میں نہیں کیا گیا،9 مئی کو یادگار شہداء کی توہین کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور گورنر ہائوس ہے دیگر عمارتیںہیں لیکن خاص منصوبہ بندی کے تحت ریڈ لائن کراس کی گئی ،کہا جاتا ہے یہ سویلین رہائش گاہ ہے ،جناح ہائوس میں کورکمانڈر کا گھر تھا،جناح ہائوس میں کورکمانڈر کی رہائش تھی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ 9مئی کو ریاست کے خلاف جو بغاوت ہوئی، اللہ نے ہمیں اس کی مزید تباہی سے بچایا۔اس دن پنڈی، فیصل آباد، گجرانوالہ، مردان، پشاور سمیت ہر شہر میں ایک ہی طریقہ کار نظر آیا جو تحریک انصاف کے کارکنان نے اس دن اختیار کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کو باقاعدہ تربیت دی گئی،پی ٹی آئی ورکرز کو سمجھایا گیا اور انہیں ان مقامات کی شناخت کرائی گئی تھی،9 مئی کو دنیا کو بتایا گیا کہ حساس تنصیبات غیر محفوظ ہیں، یہ ایک دشمن ملک تو کر سکتا ہے لیکن پاکستان کے شہری نہیں کر سکتے ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ایک شخص اقتدار کھو بیٹھا ہے، اقتدار کی حوس میں اتنا دور جا سکتا ہے 9مئی کا دن ہمیشہ اس دن کی گواہی دے گا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ جن شہدا نے ملک اور ہماری بقا کے لیے اپنی جانیں قربان کیں ان کی یادگاروں اور مجسموں کی بھی توہین کی گئی۔انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کو چھوڑنے والوں کا سیاسی کیرئیر کیا ہے،ان کا 7سے 8سال کا کیرئیر ہے ،عمران خان کو لانچ کرنے کے لئے ان سب کو لایا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت فوج کی سیاست میں کوئی مداخلت نہیں ہے وہ سیاسی معاملات سے کنارہ کشی کر چکی ہے ،اس کو سیاست میں فریق بنانا سب سے بڑا جرم ہے کہ ایک ادارہ خود کو سیاست سے علیحدہ کر رہا ہے تو دوبارہ ان کو کہتے ہیں کہ بات ان سے کرنی ہے۔۔انہوں نے کہا کہ نیب کسی کے خلاف کاروائی کرنا چاہتا ہے تو وہ آزاد ہے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے کہا کہ جب میں نے کسی کے حوالے سے بات کی تھی تب جمہوری دور نہیں تھا۔

عامر خان جلد ہی بیٹی کی عمر کی لڑکی سے شادی کرنے والے ہیں

ممبئی (این این آئی)بالی وڈ اداکاروں سے متعلق پیشگوئیاں کرنے والے فلمی ناقد اور اداکار کمال راشد خان (کے آر کے) نے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی جلد شادی کی پیش گوئی کردی۔کے آر کے نے عامر خان کے حوالیسے ٹوئٹ کی جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عامر خان جلد اپنی بیٹی کی عمر کی لڑکی فاطمہ ثنا شیخ سے شادی کرنے جارہے ہیں ۔کے آر کے نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ عامر خان نے فلم دنگل کے وقت سے ثنا کے ساتھ ڈیٹ کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ فاطمہ ثنا شیخ کے عامر خان کی بیٹی آئرا خان سمیت ان کے خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں۔ فاطمہ ثنا شیخ نے عامر خان کے ساتھ فلم ’دنگل‘ اور ’ٹھگز آف ہندوستان‘ میں کام کیا تھا۔بھارتی میڈیا پر اکثر ان دونوں اداکاروں کے درمیان قریبی تعلقات ہونے کے بارے میں خبریں گردش کرتی رہتی ہیں۔کچھ رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ عامر خان اور کرن رائو کے درمیان طلاق ہونے کی وجہ فاطمہ ثنا شیخ ہیں۔

گوہرخان نے 10دن میں 10کلو وزن کم کرکے مداحوں کو حیران کردیا

ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ اداکارہ گوہر خان نے بچے کی پیدائش کے بعد 10 دنوں میں 10 کلو وزن کم کر کے اپنے فالوورز کو حیران کر دیا ہے۔بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس سیزن 7 کی فاتح، 39 سالہ گوہر خان کی جانب سے حال ہی میں سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی گئی ہے۔

اس اسٹوری میں گوہر خان نے اپنی مِرر سیلفی شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو بتایا ہے کہ انہوں نے 10 دنوں میں 10 کلو وزن کم کر لیا ہے، اب بس 6 کلو مزید کم کرنا باقی رہ گیا ہے۔گوہر خان کا اسٹوری کو شیئر کرنا ہی تھا کہ بھارتی سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے اسے خوب شیئر کیا گیا اور یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔

گوہر خان کے 10 دنوں میں 10 کلو وزن کم کرنے پر وزن کم کرنے کے خواہشمند انٹرنیٹ صارفین گوہر خان سے ڈائیٹ پلان اور اتنی تیزی سے وزن کم کرنے کا طریقہ کار پوچھ رہے ہیں۔یاد رہے کہ اداکارہ گوہر خان اور ٹک ٹاکر زید دربار کی شادی دسمبر 2020ء میں کوویڈ19 کے دوران ہوئی تھی۔اداکارہ گوہر خان کے ہاں رواں ماہ 10 مئی کو بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، یہ اداکارہ کی پہلی اولاد ہے۔

60 سالہ بھارتی اداکار اشیش ودیارتھی نے رپالی بروہا سے دوسری شادی کرلی

نئی دہلی(این این آئی) بھارتی کے نامور اداکار اشیش ودیارتھی نے 60 سال کی عمر میں دوسری شادی کر لی۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار اشیش ودیارتھی نے رپالی بروہا سے دوسری شادی کی۔ شادی کی تقریب کولکتہ میں منعقد ہوئی جس میں خاندان کے افراد اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔

اداکار ساتھیوں کے لیے ایک بڑی دعوت کا اہتمام بعد میں کیا جائے گا۔60 سال کی عمر میں دوسری شادی کرنے پر اداکار اشیش ودیارتھی نے کہا کہ عمر کے اس مرحلے میں روپالی کے ساتھ ان کی شادی انوکھا اور عجیب طرح کا احساس ہے۔واضح رہے کہ روپالی اور اشیش کی ملاقات کچھ عرصہ قبل ہی ہوئی تھی اور دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اشیش ودیارتھی نے اس سے قبل اداکارہ اور گلوکار راجوشی سے شادی کی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا آرتھ بھی ہے۔اشیش بھارتی شوبز انڈسٹری کے مشہور اداکار ہیں اور وہ 11 زبانوں میں سینکڑوں فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

حجاج کرام کو طیارے میں چار چیزیں لانے سے روک دیا گیا

ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے ضیوف الرحمن کے لیے ہوائی سفر کے دوران ممنوعہ سامان لانے سے اجتناب برتنے کی ہدایت کردی۔ وزارت نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا مقدس سفر کرنے والے مسافروں کو طیارے میں چار چیزیں لانے سے روک دیا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق وزارت نے اپنے ٹویٹر اکانٹ پر ایک انفوگرافک میں 4 اشیا کی نشاندہی کی ہے جو ہوائی جہاز میں سفر کرتے وقت ممنوع ہیں ۔ ان چیزوں میں پلاسٹک کے تھیلے، پانی کی بوتلیں اور کھلا مواد، بے تربیت اور پیک نہ کیا گیا مواد اور کپڑے میں لپٹا ہوا سامان شامل ہے۔

بابر اعظم اور محمد رضوان کی جی ایچ کیو میں یادگارِ شہدا پر حاضری

راولپنڈی ( این این آئی) یومِ تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو)میں ہونے والی مرکزی تقریب میں قومی کرکٹرز بابر اعظم اور محمد رضوان بھی شریک ہوئے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور شہدا کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔

اس حوالے سے بابر اعظم نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہر پاکستانی اپنی مٹی کی محبت میں شہید ہونے والے سے بہت پیار کرتا ہے۔بابر اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام شہدا کی خدمات کو کبھی بھولے ہیں نا بھولیں گے۔اس کے علاوہ تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بڑی کمی

اسلام آباد (این این آئی)مہنگائی کے ستائے عوام کے لئے اچھی خبر آگئی۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کا گھی اور کوکنگ آئل سستا ہوگیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز نے کوکنگ آئل 76 روپے تک فی لیٹر سستا کردیا جبکہ گھی کی فی کلو قیمت میں 69 روپے تک کمی کردی گئی۔یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ جس کے مطابق قیمتوں میں کمی کا اطلاق فوری ہوگا۔

بی سی سی آئی نے پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل پر کھیلنے سے انکار کر دیا

نئی دہلی (این این آئی)بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل کو ماننے والی خبروں کی تردید کردی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی ہائبرڈ ماڈل پر کھیلنے کیلئے رضامند نہیں ہوئی، بی سی سی آئی ایشیا کپ کو کسی ایک نیوٹرل مقام پر شفٹ کرنا چاہتی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ چاہتا ہے کہ ایشیا کپ کو سری لنکا منتقل کیاجائے اور فی الحال بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل پرکھیلنے سے انکار کردیا ہے۔

عمران خان، بشریٰ بی بی سمیت 600 سے زائد افراد کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل، ذرائع

اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان، سابق خاتون اول بشریٰ بی بی سمیت 600 سے زائد افراد کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کردئیے گئے۔ذرائع کے مطابق یہ نام 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ واقعات میں ملوث ہونے کے تناظر میں ڈالے گئے ہیں،جن افراد کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کیے گئے ہیں ان سے زائد سابق ارکان اسمبلی، عہدیداروں کے نام نوفلائی لسٹ میں شامل ہے۔

بیرون ممالک جانے سے روکنے کیلیے نام ایف آئی اے کی پی این آئی ایل میں ڈالے گئے۔گزشتہ 3 روز میں بعض عہدیداروں نے بیرون ممالک جانے کی کوشش بھی کی، بیرون ممالک جانے کی کوشش کرنے والے پی ٹی آئی ارکان، عہدیداروں کو ہوائی اڈوں پر روکا گیا۔اسی طرح مراد سعید، ملیکہ بخاری، فواد چوہدری، حماد اظہر کا نام بھی نو فلائی لسٹ میں شامل ہے۔قاسم سوری، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال اور اسد قیصر کا نام بھی نو فلائی لسٹ میں شامل کردیا گیا ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق بیرون ممالک سفر سے روکنے کیلیے نام پولیس، سی ٹی ڈی، خفیہ اداروں نے ارسال کیے۔

ایران نے 2 ہزار کلومیٹر تک مار کرنیوالا بیلسٹک میزائل بنا لیا

تہران (این این آئی)ایران نے 2 ہزار کلو میٹر تک مار کرنے والا بیلسٹک میزائل خیبر بنا لیا۔ایرانی میڈیا کے مطابق بیلسٹک میزائل خیبر کی آج ایک تقریب میں رونمائی کی گئی۔بیلسٹک میزائل خیبر 1500 کلو وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ایرانی میڈیا کا کہنا تھا کہ نیا بیلسٹک میزائل خیبر ایرانی ایرو اسپیس انڈسٹریز آرگنائزیشن نے بنایا ہے۔

چینی کمپنی کا حاملہ ملازمین سے عجیب و غریب مطالبہ

بیجنگ(این این آئی)چین میں ایک کمپنی نے اپنی حاملہ ملازمین سے چھٹیوں کے معاملے پر عجیب و غریب مطالبہ کردیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق کمپنی کی 3 خواتین ملازمین کو میٹرنٹی چھٹیوں کی ضرورت پڑی تو کمپنی کو یہ ناگوار گزرا۔

جب کمپنی کے سینئر ایگزیکٹیوز کو اس کا علم ہوا تو انہوں نے ان خواتین کے ساتھ میٹنگ کی اور انہیں بتایا کہ کمپنی میں اسٹاف کی کمی کے باعث ہونے والی پریشانی کو کم کرنے کے لیے انہیں الگ الگ وقت میں حاملہ ہونا چاہیے۔رپورٹس کے مطابق ایک اعلی عہدے پر کام کرنے والے نے خواتین سے کہا کہ آپ لوگوں کو حاملہ ہونے کے لیے باریاں لینی چاہئیں۔چینی اخبار کے مطابق اس خبر کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر کمپنی کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

امریکا اور سعودی عرب کا سوڈان میں عارضی جنگ بندی معاہدے کی پاسداری پر اصرار

ریاض (این این آئی )سعودی عرب اورامریکا نے سوڈان کے متحارب فریقوں پرزوردیا ہے کہ وہ عارضی جنگ بندی کے معاہدے کی پاسداری کریں۔ انھوں نے سوڈان میں متحارب فریقوں کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزیاں کی اطلاعات کے بعد ایک مشترکہ بیان جاری کیا اور اس میں متحارب فریقوں کو تنبیہ کی گئی ہے،

میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب اور امریکا نے کہا کہ معاہدے کے نفاذ سے پہلے اور 48 گھنٹوں کے دوران میں سوڈان کا کوئی بھی فریق مکمل طور پر جنگ بندی پر کاربند نہیں رہا ہے۔اگرچہ خرطوم میں لڑائی حالیہ دنوں کے مقابلے میں کم شدید دکھائی دیتی ہے ، لیکن سہولت کاروں نے دونوں فریقوں کو ان رپورٹس سے آگاہ کیا کہ انھوں نے اس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کارروائیوں میں خرطوم اور العبید میں مبینہ جارحانہ کارروائیاں، فضائی حملے اور توپ خانے کا استعمال شامل ہے۔سعودی عرب کے شہر جدہ میں گذشتہ ہفتے سوڈانی فوج اور نیم فوجی ملیشیا سریع الحرکت فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان قلیل مدتی جنگ بندی اور انسانی انتظامات سے متعلق سات روزہ معاہدے پر اتفاق کیا گیا۔ یہ ملک میں انسانی بحران کو کم کرنے کے لیے سعودی عرب اور امریکا کی قیادت میں تازہ کوشش تھی۔