All posts by mshijazi

نواز شریف سمیت باقی ساری کابینہ دھماکوں کی مخالف تھی،شیخ رشید

لاہور( این این آئی) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت کوئی شوگرفیکٹری نہیں ہوتی عوام کے دلوں میں ہوتی ہے ،آج جو(ن)لیگ فصل بورہی ہے کل اسے کاٹے گی ،قصورکابریانی جلسہ لال حویلی کاکچھ نہیں بیگاڑسکتا،یوم تکبیرکے ایٹمی دھماکوں پرراجہ ظفر الحق گوہرایوب اورخودشیخ رشیدکوکریڈیٹ دیتاہوں ،باقی ساری کابینہ نواز شریف سمیت دھماکوں کی مخالف تھی۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ 13جماعتی ٹولہ عوام میں نفرت کا نشان بن چکاہے ،ووٹ مانگنے والے پارٹیاں چھوڑ رہے ہیں ووٹ دینے والے ابھی نہیں بدلے، آئی ایم ایف سے چھٹی اوردوستوں سے کٹی ہے ،سزا یافتہ مجرم مفرورنوازشریف مذاکرات کیوں کرے گا ،الیکشن کیوں کرائے گا ،رات جو لندن کے کیفے میں اس کے ساتھ ہواوہی اس کی مقبولیت کامنہ بولتا ثبوت ہے۔انہوںنے کہا کہ جن کاجینا مرنا پاکستان میں ہے ان کوای سی ایل میں ڈالا جا رہاہے ،

جن سزایافتہ مفرورمجرموں کی جائیدائیں اولادپاکستان سے باہرہے ان کوسفارتی پاسپورٹ جاری کیا گیا ہے ،جب اقتدارکے باہرہوتیہ یں توپرائیوٹ جہازوں سے بھاگتے ہیںان کو ای سی ایل میںڈالناچاہیے،13جماعتوںکے لیڈرنیلامی میں اورعوام پریشانی میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اداروں سے درخواست ہے کہ9مئی کی غیرجانبدارتحقیقات کرائی جائیں جو بھی ملوث ہے اسے سخت سزادی جائے لیکن کس کے کہنے پرپولیس خواب خرگوش سوئی رہی یہ سب سے اہم ترین سوالیہ نشان ہے اس کی بھی تحقیقات ہو ں،کوئی بھی محب وطن پاکستانی اپنی فوج کے خلاف نہیں ہوسکتالیکن پی ڈی ایم کے چوروں کے اتھ بھی کھڑانہیں ہوسکتا۔

امریکا کئی دہائیوں تک ایسے ہی جوہری ہتھیار یورپ میں نصب کرتا رہا ،ہمیں لیکچر نہ دے،روس

ماسکو (این این آئی)روس نے بیلاروس میں ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار نصب کرنے کے منصوبے پر امریکی صدر جو بائیڈن کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کئی دہائیوں تک ایسے ہی جوہری ہتھیار یورپ میں نصب کرتا رہا ہے۔روس نے کہا کہ وہ 1991 میں سوویت یونین کے زوال کے بعد پہلی بار اپنی سرحدوں کے باہر اس طرح کے ہتھیار نصب کررہا ہے جبکہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے کہا کہ ہتھیاروں کی منتقلی کا عمل شروع ہوچکا ہے۔

جوبائیڈن نے گزشتہ روز روس کی جانب سے بیلاروس میں ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار نصب کیے جانے کے منصوبے پر انتہائی منفی ردعمل ظاہر کیا تھا، امریکی محکمہ خارجہ نے بھی روس کے جوہری ہتھیار نصب کرنے کے منصوبے کی مذمت کی ہے۔امریکا میں روس کے سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا کہ یہ روس اور بیلاروس کا خود مختار حق ہے کہ وہ اپنے تحفظ کو یقینی بنائیں جسے ہم اس تناظر میں ضروری سمجھتے ہیں کہ امریکا کی جانب سے ہمارے خلاف بڑے پیمانے پر ہائبرڈ جنگ شروع ہونے والی ہے، ہم جو اقدامات اٹھاتے ہیں وہ ہماری عالمی قانونی ذمہ داریوں سے پوری طرح مطابقت رکھتے ہیں۔

امریکا نے کہا ہے کہ یوکرین جنگ کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ریمارکس کی وجہ سے دنیا کو 1962 کے کیوبا کے میزائل بحران کے بعد سب سے بڑے جوہری خطرے کا سامنا ہے، تاہم اس حوالے سے روس کا کہنا ہے کہ اس کے موقف کی غلط تشریح کی گئی ہے۔یوکرین کی جنگ کو مغربی جارحیت کے خلاف روس کی بقا کی جنگ قرار دینے والے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بارہا خبردار کیا ہے کہ روس (جس کے پاس کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ جوہری ہتھیار ہیں) اپنے دفاع کے لیے تمام ذرائع استعمال کرے گا۔

واضح رہے کہ ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار میدان جنگ میں مخصوص حکمت عملی کے تحت استعمال کیے جاتے ہیں اور یہ عام طور پر امریکی، یورپی یا روسی شہروں کو تباہ کرنے کے لیے بنائے گئے اسٹریٹجک جوہری ہتھیاروں کے مقابلے میں چھوٹے ہوتے ہیں۔روسی سفارت خانے نے جوہری ہتھایر نصب کرنے کے منصوبے پر امریکا کی جانب سے تنقید کو منافقانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’دوسروں پر الزام لگانے سے پہلے امریکا ذرا اپنا جائزہ لے، امریکا نے کئی دہائیوں سے یورپ میں اپنے جوہری ہتھیاروں کے بڑے ذخیرے نصب کر رکھے ہوئے ہیں، اپنے نیٹو اتحادیوں کے ساتھ مل کر، امریکا جوہری اشتراک کے انتظامات اور روس کے خلاف جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے لیے ٹریننگز مین حصہ لیتا ہے۔

روس نے یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے اپنی شرائط پیش کر دیں

ماسکو /کیف (این این آئی)روس کے ڈپٹی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اگر کیف دوبارہ نیوٹرل اسٹیٹس اپنانے اور نئی علاقائی حقیقتوں کو تسلیم کرنے کو تیار ہے تو تنازع کو حل کیا جا سکتا ہے۔روسی میڈیا کے مطابق ڈپٹی وزیر خارجہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ روس کا ماننا ہے کہ امن صرف اس صورت میں ممکن ہو سکتا ہے جب یوکرینی فوج عداوت کو ترک کرتے ہوئے مغربی ہتھیاروں کی ترسیل کو روک دے۔

انہوں نے کہا کہ دیرپا قیام امن کیلئے لازمی ہے کہ یوکرین اپنی نیوٹرل اور نان الائن پوزیشن پر واپس آجائے، نیٹو اور یورپی یونین کی رکنیت سے انکار کردے اور لوگوں کے حق خودارادیت کے اظہار کے بعد نئی علاقائی حقیقتوں کو تسلیم کرے۔اپنے انٹرویو میں روسی ڈپٹی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ قیام امن کیلئے یوکرین وہاں آباد روسی زبان بولنے والوں سمیت دیگر اقلیتوں کے حقوق کا احترام کرے اور روسی بطور سرکاری زبان نافذ کرے۔دوسری جانب یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی شرائط کو مسترد کرتے ہوئے روسی فوج سے یوکرینی علاقے خالی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

امریکا کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے قرض حد مقرر کرنے کے بل پر اتفاق

واشنگٹن (این این آئی) امریکا کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے قرض حد مقرر کرنے کے بل پر اتفاق ہو گیا۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ڈیموکریٹ اور ری پبلکنز کا قرض حد مقرر کرنے کے بل پر اتفاق ہوا ہے ، اس بل پر اتفاق امریکی صدر بائیڈن اور سپیکر ایوان نمائندگان میک کارتھی کے درمیان ملاقات میں ہوا۔

امریکی میڈیا کے مطابق اکتیس اعشاریہ چارٹریلین ڈالر کے قرض کی حد کو دو سال کیلئے بڑھانے پر اتفاق کیاگیا ہے ، سپیکر ایوان نمائندگان کاکہنا ہے کہ معاہدے کیمطابق اخراجات محدود کیے جائیں گے۔معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے بل پر رائے شماری بدھ کو ہو گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بل منظوری کے بعد امریکا پر ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل جائے گا۔

میرا یقین ہے کوئی بھی حادثہ آپ کو مزید مضبوط بنا دیتا ہے، ثناء

لاہور( این این آئی) اداکارہ ثنا ء نے کہا ہے کہ میرا یہ یقین ہے کہ کوئی بھی حادثہ آپ کو مزید مضبوط بنا دیتا ہے ، جب کوئی مشکل وقت یا حادثہ پیش آئے تو انسان کو اپنی زندگی کو ان لمحات کی یاد میں قید نہیں کر لینا چاہیے بلکہ دلیری کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرنا چاہیے ۔

ایک انٹر ویو میں ثناء نے کہا کہ ہر انسان کی زندگی میں دکھ اور سُکھ ساتھ ساتھ چلتے ہیں لیکن یہ آپ پر منحصر ہے آپ دونوں طرح کے حالات میں کس طرح رہتے ہیں ۔ اگر آپ مشکلات اور دکھوں کو اپنی کمزوری بننے دیں گے تو آپ زندگی میں کبھی آگے نہیں بڑھ سکتے ۔

مشکل حالات سے لڑنا چاہیے اور ان سے تقویت لے کر نئی منازل طے کرنے کا ہدف مقرر کرنا چاہیے ۔ ثناء نے کہا کہ میں اپنے بچوں کے ساتھ خوشگوار زندگی گزار رہی ہوں اور میری خواہش ہے کہ میرے بچے معاشرے کے اچھے اور مہذب انسان بنیں۔

شبنم مجید نے ’’ اے پتر ہٹاں تے نہیں وکدے ‘‘ سنا کر حاضرین کوآبدیدہ کر دیا

لاہور( این این آئی)گلوکارہ شبنم مجید نے ’’ اے پتر ہٹاں تے نہیں وکدے ‘‘ سنا کر حاضرین کوآبدیدہ کر دیا ۔ گلوکارہ شبنم مجید نے گزشتہ روز ایک تقریب میں پرفار م کیا جہاں انہوں نے ملکہ ترنم نور جہاں کا شہرہ آفاق نغمہ ’’اے پتر ہٹاں تے نہیں وکدے ‘‘سنایا تو تقریب میں موجود شرکاء کی آنکھوں میں آنسو آ گئے ۔ اس دوران گلوکارہ شبنم مجید خود بھی آبدیدہ ہو گئیں ۔ تقریب کے شرکاء کی جانب سے پاک فوج کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے ۔

گرفتار ہوا تو شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک جیسے سینئر رہنما پارٹی کے معاملات دیکھیں گے، عمران خان

لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ گرفتار ہوا تو شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک جیسے سینئر رہنما پارٹی کے معاملات دیکھیں گے، جو لوگ چھوڑ کر جا رہے ہیں کچھ مجبور اور کچھ بے نقاب ہوئے ہیں،جلد وقت تبدیل ہونے والا ہے، آنے والے دنوں میں بڑے سرپرائز دوں گا،

حلف دیتا ہوں تشدد اور توڑ پھوڑ کا کبھی نہیں کہا، فوج سے کوئی لڑائی نہیں یہ فوج میری ہے،گرفتار کارکنوں کی رہائیوں کے لئے وکلا ء کی میٹنگ بلائی ہے،موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے، الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں۔زمان پارک میں اپنی رہائشگاہ پر سینئر صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پارٹی کیلئے نوجوان بہترین سرمایہ ہیں آئندہ ٹکٹ ان کا حق ہے، مراد سعید مستقبل کا لیڈر ہے۔

عمران خان نے مزید کہا ہے کہ اس چیز پر حلف دیتا ہوں تشدد اور توڑ پھوڑ کے حوالے سے کبھی نہیں کہا، اگر مجھے گولیاں لگنے پر توڑ پھوڑ نہیں ہوتی تو اب کیسے ممکن تھا، سب کچھ پلاننگ کے تحت ہمارے خلاف کیا گیا، جب ہم عوامی طور پر جیت رہے ہیں تو ہم کیوں توڑ پھوڑ کی طرف جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی آئین کے مطابق کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جوتحریک انصاف چھوڑ کر جا رہے ہیں کچھ مجبور اور کچھ بے نقاب ہوئے ہیں، پارٹی کے لئے نوجوان بہترین سرمایہ ہیں اورٹکٹ ان کا حق ہے۔عمران خان نے کہا کہ انتخابات تحریک انصاف ہی جیتے گی، آج بھی ریفرنڈم کروا کر دیکھ لیں نتیجہ سامنے آجائے گا،میری گرفتاری، نااہلی اور قتل کرنے تک کی پلاننگ ہو چکی ہے۔

پروفیشنل ریسلر سیمی زین نے عمرہ ادا کرلیا

ریاض ( این این آئی) کینیڈا سے تعلق رکھنے والے پروفیشنل ریسلر سیمی زین نے عمرہ ادا کرلیا۔سیمی زین نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ پروفیشنل ریسلر اور ریسلنگ کی دنیا میں رہتے ہوئے میں ایسی جگہوں پر گیا اور میں نے ایسی چیزیں دیکھیں جن کا میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔

انہوں نے لکھا کہ ریسلنگ کی دنیا (ڈبلیو ڈبلیو ای)نے مجھے ناقابل یقین تجربات سے بھری زندگی فراہم کی ہے جسے میں ہمیشہ پسند کروں گا اور اس فہرست میں مسجد الحرام سب سے اوپر ہے۔واضح رہے کہ 38سالہ سیمی زین کا اصلی نام رامی سبعی ہے اور وہ ریسلنگ کیریر کے دوران کئی ٹائٹلز جیت چکے ہیں۔سیمی زین کینیڈا میں پیدا ہوئے اور ان کے والدین کا تعلق شام سے ہے جنہوں نے کینیڈا نقل مکانی کی تھی۔

جنوبی کوریا، دوران پرواز جہاز کا دروازہ کیوں کھلا؟مسافرنے وجہ بتادی

سیول(این این آئی )جنوبی کوریا میں ایشیانا طیارے کے مسافر کے ڈیگو ایئر پورٹ پر لینڈنگ سے قبل ہی طیارے کا دروازہ کھولنے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ایگزٹ کے ساتھ بیٹھے مرد مسافر نے لینڈنگ سے 2 یا 3 منٹ قبل زمین سے تقریبا 200 میٹر (656 فٹ)کے فاصلے پر ہوائی جہاز کا دروازہ کھول دیا تھا۔

ایسا کرنے والے شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا تھا جس نے اب پولیس کو بتایا ہے کہ اس نے ایسی حرکت کیوں کی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق مسافر نے پولیس کو بتایا کہ وہ آرام دہ محسوس نہیں کر رہا تھا اور جہاز سے جلد اترنا چاہتا تھا۔مسافر نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ وہ حال ہی میں اپنی ملازمت کھونے کے بعد تناو کا شکار تھا۔

سوشل میڈیا پر زیرِ حراست مسافر کا بیان سامنے آنے کے بعد لوگوں نے اس پر غصے اظہار کیا ۔انٹرنیٹ پر صارفین کا کہنا تھا کہ مسافر کی اس لاپرواہی اور غلطی سے تمام مسافروں کی جان جاسکتی تھی۔واضح رہے کہ طیارے میں سوار 9 مسافروں کی دروازہ کھلنے کے باعث حالت غیر ہوگئی تھی جنہیں سانس لینے میں دشواری پیش آرہی تھی جس کے باعث انہیں مقامی اسپتال منتقل کرنا پڑا تھا۔

ملک میں آئندہ ہفتے گرج چمک کیساتھ طوفانی بارشوں کی پیشگوئی،الرٹ جاری

اسلام آباد (این این آئی) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آئندہ ہفتے سے طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 28 سے 31 مئی تک آزاد کشمیر بھر میں شدید بارش کا امکان ہے، سرگودھا، چیچہ وطنی، بہاولنگر اورخانیوال سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آزاد کشمیرمیں نے نئی ایڈوائزری جاری کردی ہے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، شدید بارش سے ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے، ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ سیاح اور مقامی لوگ سفر سے محتاط کریں۔محکمہ موسمیات کے مطابق (آج) اتوار سے ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں ہوائیں داخل ہوں گی جو 31 مئی تک بارشوں کا سبب بنیں گی۔

سیمنٹ کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر15 فیصد کمی، برآمدات میں اضافہ

اسلام آباد (این این آئی)ملک میں سیمنٹ کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر15 فیصدکی کمی ہوگئی۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق جولائی سے اپریل تک کی مدت میں 36.62 ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت ہوئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 15 فیصدکم ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 42.66 ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی، ابتدائی اندازوں کے مطابق مئی 2023 میں ملک میں 3.22 ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت ہوئی جوگزشتہ سال مئی کے مقابلہ میں دوفیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال مئی میں ملک میں 3.15 ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سیمنٹ کی مجموعی برآمدات کاحجم 4.07 ملین ٹن ریکارڈ کیاگیا ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 18 فیصدکم ہے۔دوسری جانب گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 4.97 ملین ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں، مئی میں 0.61 ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت کااندازہ ہے جو گزشتہ سال مئی کے مقابلہ میں زیادہ ہے، گزشتہ سال مئی میں 0.17 ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت ریکارڈکی گئی۔

روسی عہدیدار کا یوکرین پرپیشگی جوہری حملے کا عندیہ

ماسکو (این این آئی )روسی قومی سلامتی کونسل کے نائب چیئرمین دمتری میدویدیف نے کہا ہے کہ اگر روس نے نازیزم پر فیصلہ کن فتح کے ساتھ اسے حل نہیں کیا تو یوکرین کا تنازع کئی دہائیوں تک جاری رہ سکتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اشتعال انگیز بیانات کی وجہ سے متنازع سمجھے جانے والے روسی عہدیدار نے کہا کہ یوکرین جنگ کا پانسہ پلٹنے یا روس کو لاحق خطرے کی صورت میں کیئف پر جوہری حملہ کیا جا سکتا ہے۔

میدویدیف نے ویتنام کے دورے کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ یوکرینی تنازع طویل عرصے، شاید دہائیوں تک جاری رہ سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک نئی حقیقت ہے اور زندگی کے لیے نئے حالات ہیں۔ جب تک یہ قوت موجود رہے گی، مثال کے طور پر تین سال کی جنگ بندی کے بعد دو سال کی لڑائی، ہر بار صورتحال بھڑکتی رہے گی۔اسی تناظر میں انہوں نے کہ یورپ پاگل ہو چکا ہے اور ہر طرح سے حالات کو ہوا دینے کی کوشش کر رہا ہے،

انھوں نے اس بات کو رد نہیں کیا کہ یورپی ممالک اور امریکا کیئف کو جوہری ہتھیار فراہم کریں گے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ یورپی یونین اور امریکا کی طرف سے کیف کو F-16 لڑاکا طیارے فراہم کرنے کے فیصلے سمیت موجودہ پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ مغرب بھی جوہری ہتھیاروں کو جنگ میں پھینکنے کا رجحان رکھتا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو اس کے لیے روس کو پیشگی حملہ کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ جوہری چارج والا میزائل ان تک پہنچ جائے گا۔ یہ جنگ کے ناقابل واپسی قوانین ہیں۔