All posts by mshijazi

یوم تکبیر محض ایک دن نہیں ،ہماری قوم کی کم سے کم دفاعی صلاحیت کوبرقراررکھنے کی جانب شاندار سفر کی کہانی ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم تکبیر محض ایک دن نہیں بلکہ ہمارے قوم کی کم سے کم دفاعی صلاحیت کو برقرار رکھنے کی جانب شاندار سفر کی کہانی ہے، اس عظیم کامیابی کا حصول قومی طاقت کے تمام مراکز کے درمیان اتفاق رائے سے ممکن ہوا، اس دن پاکستان نے اپنے دفاع کیلئے ایک ریڈ لائن مقرر کی اور خطہ میں امن و استحکام کیلئے کھیل کے اصول وضع کئے۔

اتوار کو یوم تکبیرکی مناسبت سے اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ یوم تکبیرکی سلو جوبلی پر میں سیاسی اور عسکری قیادت، سائنس دانوں، انجینئرز اور ان تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ہمارے ایٹمی پروگرام سے وابستہ رہے، ان کی محنت، عزم اور ولولہ نے پاکستان کے عوام کو اپنی آزادی کی کسی بھی خطرہ سے حفاظت کو ممکن بنایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے جوہری پروگرام کا آغاز کیا اور میرے قائد محمد نواز شریف نے تمام دبائو اور لالچ کو جھٹلاتے ہوئے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔ اس کے ساتھ ساتھ ہماری مسلح افواج نے ہمارے دشمنوں کے مذموم عزائم کے خلاف اس پروگرام کی سرپرست اور حفاظت کی ذمہ داری نبھائی۔

بشریٰ بی بی ہی عمران خان کو بندگلی میں لے گئیں،فردوس عاشق اعوان

سیالکوٹ (این این آئی)تحریک انصاف کی سابق رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی ہی عمران خان کو بند گلی میں لے گئی ہیں۔ایک انٹرویومیں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے متعدد بار اْنہیں میڈیا مینیج کرنے کو کہا اور حامد میر اور سلیم صافی کے پروگرام میں شرکت کرنے پر بشریٰ بی بی نے ان کو شدید تنقیدکا نشانہ بنایا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے انہیں کہا تھا کہ حامد میر اور سلیم صافی کے پروگراموں کو بندکر دیں، بشریٰ بی بی ہی عمران خان کو بند گلی میں لے گئی ہیں۔

خواجہ آصف کا عمران خان کی جانب سے اعلان کردہ مذاکراتی کمیٹی پر طنز

اسلام آباد(این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے حکومت سے مذاکرات کیلئے بنائی جانے والی کمیٹی پر طنز کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر آنے والے دنوں میں یہ افراد پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ گئے تو مذاکرات کیلئے متبادل ناموں کا ابھی سے اعلان کر دیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کیلئے 7 رکنی کمیٹی کا اعلان کیا تھا۔

شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد قیصر،حلیم عادل شیخ، عون عباس، مراد سعید اور حماد اظہر مذاکراتی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔پی ٹی آئی کی یہ کمیٹی انتخابات کے حوالے سے حکومت کے ساتھ لائحہ عمل طے کرے گی۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی پر طنز کیا اور کمیٹی کے ناموں کا نوٹیفکیشن ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھاکہ اگر آنے والے دنوں میں یہ افراد پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ گئے تو مذاکرات کیلئے متبادل ناموں کا ابھی سے اعلان کر دیں۔

8 سالہ بچی کی 60 کلو وزن اٹھانے کی ویڈیو وائرل

نئی دہلی (این این آئی)بھارت سے تعلق رکھنے والی ارشیا گوسوامی نے 8 سال کی عمر میں 60 کلو وزن اٹھا کر سب کو حیران کردیا۔ میڈیا رپور ٹ کے مطابق ارشیا گوسوامی کا تعلق بھارت کے شہر ہریانہ سے ہے اور اس نے بھاری بھرکم وزن اٹھانے کی صلاحیت سے سب کو حیران کردیا ہے۔حال ہی میں ارشیا کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ 60 کلو وزن اٹھا رہی ہے،

سوشل میڈیا پر ارشیا کو کم عمر مضبوط لڑکی کا لقب دیا گیا ہے اور وہ اولمپکس میں تمغہ حاصل کرنے کی خواہش مند ہے جس کیلئے وہ جی توڑ محنت کر رہی ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کم عمر ارشیا نے آسانی سے وزن اٹھایا اور وہ پر اعتمادی سے اسٹیج سے اترتی بھی دکھائی دی۔سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ارشیا کی ویڈیو پر مختلف تبصروں کا سلسلہ جاری ہے، کسی نے لکھا آپ مضبوط لڑکی ہو تو کسی نے لکھا آپ لیجنڈ ہو۔

چین آخرکار اپنا مسافر طیارہ تیار کرنے میں کامیاب ہوگیا

بیجنگ(این این آئی)لڑاکا طیارے بنانے، سیٹلائیٹس خلامیں چھوڑنے اور بہترین برقی مصنوعات بنانے والا ملک چین آخرکار اپنا مسافر طیارہ تیار کرنے میں کامیاب ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق چین نے دسمبر 2022 میں ہی مقامی ساختہ پہلا مسافر طیارہ تیار کرلیا تھا، مگر اس کی پہلی کمرشل پرواز مسافروں کو لے کر28 مئی کو روانہ ہوئی۔

یہ فحریفوں سے دہائیوں سے جاری مسابقت کے حوالے سے چین کے لیے ایک سنگ میل لمحہ تھا۔چین کو توقع ہے کہ سی 919 نامی مسافر طیارہ غیر ملکی ماڈلز جیسے بوئنگ 737 میکس اور ائیر بس اے 320 کی بالادستی چیلنج کر سکے گا۔چینی میڈیا کے مطابق پہلے مسافر طیارے سے چین کو غیر ملکی ٹیکنالوجی پر انحصار ختم کرنے پر مدد ملے گی۔چینی حکومت کو توقع ہے کہ مستقبل میں بیشتر مسافر مقامی طور پر تیار طیاروں پر سفر کرنے کو ترجیح دیں گے۔چائنا ایسٹرن ائیرلائنز کی پرواز ایم یو 9191 کے لیے اس طیارے کو استعمال کیا گیا جو شنگھائی ائیرپورٹ سے 130 مسافروں کے لے کر روانہ ہوا۔

اس طیارے کو چینی سرکاری ادارے کمرشل ائیرکرافٹ کارپوریشن ا?ف چائنا (سی او ایم اے سی) نے تیار کیا ہے، تاہم فی الحال اس کے بیشتر حصوں بشمول انجنوں کو بیرون ملک سے حاصل کیا گیا۔29 مئی سے اس طیارے کو فضائی کمپنی کی جانب سے شنگھائی اور چینگڈو کے درمیان پروازوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔اس طیارے میں مجموعی طور پر 164 مسافر سفر کر سکتے ہیں اور یہ دسمبر 2022 میں چائنا ایسٹرن ائیرلائنز کے حوالے کیا گیا تھا۔اس طیارے کی تیاری پر کافی عرصے سے کام کیا جارہا تھا اور 2017 میں پہلی آزمائشی پرواز سے اسے جانچا گیا جبکہ اپریل 2022 میں اس کی فروخت کا پہلا معاہدہ طے پایا۔

سائنسدانوں نے بڑھاپے کی جانب سفر روکنے کا ممکنہ آسان حل دریافت کرلیا

نیویارک(این این آئی)سائنسدانوں نے ممکنہ طور پر عمر کے اضافے سے جسم پر مرتب ہونے والے اثرات کی روک تھام کا آسان حل تلاش کرلیا ہے۔امریکا کی مشی گن یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ بھوک کا احساس عمر کے اضافے سے مرتب اثرات کی روک تھام کا آسان ترین طریقہ ثابت ہو سکتا ہے۔

اس تحقیق میں مکھیوں کی ایک قسم فروٹ فلائیز کا جائزہ لیا گیا تھا۔ان مکھیوں کو تحقیق کا حصہ بنانے کی وجہ یہ تھی کہ ان کے جینز کے 75 فیصد حصے انسانوں سے ملتے جلتے ہیں جبکہ میٹابولزم اور دماغ بھی ممالیہ جانداروں سے مماثلت رکھتے ہیں۔تحقیق کے دوران ان مکھیوں کو بھوک کا احساس دلایا گیا تو ان کی عمر میں اضافہ ہوگیا۔

تحقیق میں خیال ظاہر کیا گیا کہ کبھی ختم نہ ہونے والی بھوک کے احساس سے انٹرمٹنٹ فاسٹنگ کے عمر میں کمی لانے والے اثرات کو متحرک کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔واضح رہے کہ تحقیق کے دوران ان مکھیوں کو صرف بھوک کا احساس دلایا گیا، کھانے سے دور نہیں رکھا گیا تھا۔محققین نے بتایا کہ ہم نے دریافت کیا کہ مناسب غذا کی فراہمی کے باوجود یہ احساس کرنا کہ ہمیں کھانا نہیں مل رہا، عمر میں اضافے سے جسم پر مرتب ہونے والی منفی اثرات کی روک تھام کرتا ہے۔

خیال رہے کہ انٹرمٹنٹ فاسٹنگ طریقہ کار میں روزانہ ایک خاص دورانیے تک کھانے سے دوری اختیار کی جاتی ہے۔حالیہ برسوں میں جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے اس طریقہ کار کو کافی مقبولیت حاصل ہوئی جبکہ تحقیقی رپورٹس سے معلوم ہوا کہ انٹرمٹنٹ فاسٹنگ سے ورم سے لڑنے میں مدد ملتی ہے جبکہ صحت مند زندگی کا حصول ممکن ہوجاتا ہے۔نئی تحقیق میں برانچ چین امینو ایسڈ (بی سی اے اے) نامی غذائی جز کا استعمال کیا گیا جو مکھیوں میں پیٹ بھرنے کا احساس متحرک کرتا ہے تو انہیں ایسی غذا استعمال کرائی گئی جس میں بی سی اے اے کی مقدار کم تھی جس سے خوراک کے استعمال کے باوجود بھوک برقرار رہی۔

بی سی اے اے پر مبنی غذا کے استعمال پر مکھیوں میں کاربوہائیڈریٹس کی بجائے پروٹین کو ترجیح دینے کا رجحان نظر آیا۔محققین نے مکھیوں میں براہ راست ایسے نیورونز کو متحرک کر دیا جو بھوک کے ردعمل کو متحرک کرتے ہیں اور دریافت کیا کہ ایسی بھوکی مکھیاں زیادہ وقت تک زندہ رہتی ہیں۔محققین نے بتایا کہ بھوک سے زندگی کی مدت میں اضافے سے انکشاف ہوتا ہے کہ اس سے عمر میں اضافے کے اثرات کی روک تھام ہوتی ہے تاہم انہوںنے کہاکہ تحقیق کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ انسانوں پر بھی ایسے ہی اثرات مرتب ہوتے ہیں یا نہیں۔اس تحقیق کے نتائج جرنل سائنس میں شائع ہوئے۔

ایشیا اور یورپ کو ملانے کیلئے عراق کا 17 ارب ڈالر کے منصوبے کا اعلان

بغداد (این این آئی)عراق نے 17 ارب ڈالر کے ایک منصوبے کا اعلان کیا ہے جو ایشیا اور یورپ کو آپس میں ملائیگا۔منصوبے کے ذریعے علاقائی تعاون اور معاشی مواقعوں میں اضافہ ہوگا۔بغداد میں ایک روزہ کانفرنس میں خلیج تعاون تنظیم (جی سی سی) ممالک، ایران، ترکیہ، شام اور اردن کے ٹرانسپورٹ منسٹرز نے ’ڈیولپمنٹ روڈ‘ منصوبے پر بات چیت کی۔

یہ قوی الجثہ انفرااسٹرکچر پروجیکٹ جنوبی عراق کو ترکیہ کی سرحد سے جوڑے گا اور یہاں سے آگے جاکر یورپ کے ریلوے ٹریک اور سڑکوں کے جال سے منسلک ہوجائے گا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عراق کے وزیراعظم محمد شیعہ السوڈانی نے کہا کہ یہ منصوبہ معاشی لائن فراہم کرے گا اور تاریخ اور ثقافتوں کو جوڑ کر ایسا خطہ بنائے گا جہاں کوئی بھی سرمایہ کاری کرسکے۔

انہوں نے کہاکہ آج آپ کی یہاں ایک مستحکم اور محفوظ بغداد میں موجودگی، مواقعوں اور ارادوں سے بھرپور ہے، اور اس کے ذریعے ہم حل تلاش کریں گے۔منصوبے میں 1200 کلومیٹر طویل دو رویہ ریل نیٹ ورک شامل ہے، الفاء بندرگاہ سے روانہ ہونے والے مسافروں اور سامان کیلئے نیا موٹروے بھی تعمیر کیا جائے گا،اس کی جنوبی ساحل پر واقع بندرگاہ کو ترکیہ سے متصل سڑکوں اور ریلوے ٹریکس سے جوڑے گا۔لاجسٹکس سینٹرز اور انڈسٹریل شہر بھی نیٹ ورک کے ساتھ تعمیر کیے جائیں گے۔عراقی حکومت نے منصوبے کا تخمینہ 17 ارب ڈالر لگایا ہے جس سے 4 ارب ڈالر سالانہ کی آمدنی ہوگی اور تقریباً ایک لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

پی ٹی آئی کو چھوڑنے والے رہنمائوں کے جہانگیر ترین سے رابطے اور ملاقاتیں جاری

لاہور( این این آئی)تحریک انصاف کو چھوڑنے والے رہنمائوں کی سینئر سیاستدان جہانگیر خان ترین سے رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ، ممکنہ رجسٹرڈ کرائی جانے والی نئی جماعت کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔

ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کو خیر باد کہنے والے سابق رکن قومی اسمبلی احمد شاہ کگھہ نے سینئر سیاستدان جہانگیر خان ترین سے ملاقات کر کے سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے تبادلہ خیال کیا ۔

جہانگیر ترین گروپ کے سابق رکن پنجاب اسمبلی سعید اکبر نوانی نے بھی جہانگیر ترین سے ملاقات کر کے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر عون چوہدری بھی موجود تھے ۔ ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں ممکنہ رجسٹرڈ کرائی جانے والی نئی جماعت کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔

چینی سرمایہ کار پاکستان کے کاٹن اور چمڑے کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہاں

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں کاٹن اور چمڑے کے شعبوں کو گوانگزو انٹرپرائزز کی جانب فروغ ملے گا ،چینی صنعت کاروں نے سیکرٹری تجارت اور سیکرٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کیساتھ ملاقات کے دوران ان شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

گوادر پرو کے مطابق گوانگزو میں چینی کاروباری اداروں کے نمائندوں نے پاکستان میں سیکرٹری تجارت محمد صالح احمد فاروقی سے ملاقات کی اور سرمایہ کاری کے ذریعے ٹیکسٹائل کے شعبے میں پاکستان کی مدد کی یقین دہانی کروائی۔ اس سرمایہ کاری سے نئی ٹیکنالوجی لانے، پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور نئی ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے۔

گوادر پرو کے مطابق فاروقی نے کہا کہ پاکستانی کاروباری ادارے پاکستان میں ٹیکسٹائل اور چمڑے کی صنعتوں کے امکانات کو دیکھ رہے ہیں جو کہ گزشتہ چند سالوں سے مسلسل بڑھ رہی ہے، انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری اور تعاون سے یہ شعبے مزید بلندیوں تک پہنچ سکتے ہیں۔ اس سے بہت سے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرکے مقامی معیشت میں بھی مدد ملے گی۔

گوادر پرو کے مطابق گوانگزو کے ایک وفد کے ساتھ ایک سائیڈ لائن ملاقات کے دوران، ٹی ڈی اے پی کے سیکرٹری فرید اقبال قریشی نے کہا کہ پاکستانی کاروباری ادارے چینی کاروباری اداروں کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری قائم کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ دونوں ممالک میں اپنی سرمایہ کاری سے باہمی فائدے کو یقینی بنایا جا سکے۔

گوادر پرو کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ اس سرمایہ کاری سے پاکستان اپنے کاٹن اور چمڑے کے شعبوں کے روشن مستقبل کی طرف دیکھ سکتا ہے۔ انہوں نے چینی کاروباری اداروں کو اس بات کو بھی یقینی بنایا کہ انہیں چینی شہریوں کی حفاظت سمیت بہترین کاروباری ماحول فراہم کیا جائے گا۔

گوادر پرو کے مطابق فرید نے کہا کہ ہمارے بینک آر ایم بی میں تجارت کی بھی اجازت دیتے ہیں، آپ کو دوسری کرنسی حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ آر ایم بی اب کسی بھی دوسری کرنسی کی طرح اوپننگ لیٹر آف کریڈٹ ( ایل سی ) کے لیے ایک اچھی کرنسی ہے۔ مجموعی ماحول ترقی اور تجارت کے لیے بہت سازگار ہے۔ دونوں ممالک میں اور ہمیں پوری امید ہے کہ آپ کو یہاں موقع مل جائے گا۔

پولیس نے سرچ وارنٹ کے بغیر دوبارہ میرے گھر پر چھاپہ مارا، عمر ایوب

اسلام آباد (این این آئی)رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ شالیمار تھانے کی اسلام آباد پولیس نے گزشتہ شب تقریباً ساڑھے 12 بجے کسی سرچ وارنٹ کے بغیر دوبارہ میرے گھر پر چھاپہ مارا اور میری گاڑی چوری کر لی۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ اسلام آباد پولیس غیر قانونی تلاشی اور اب گاڑیوں کی چوری میں بھی ملوث ہے،

عدلیہ، سرکاری ملازمین اور سفارت کاروں کو اپنی گاڑیوں کا خیال رکھنا چاہیے کیونکہ پولیس اس انتہائی مہنگائی کے دور میں اپنی آمدن بڑھانے کیلئے گاڑیاں چوری کررہی ہے۔عمر ایوب نے سوال کیا کہ مجھے اپنی چوری شدہ گاڑی کے لیے ایف آئی آر کہاں درج کرانی چاہیے؟ کیا میں چوروں سے ہی کہوں کہ چوروں کو پکڑیں؟

نیشنل گیمز میں جڑواں بہنوں نے گولڈ میڈل جیت لیا

ہنزہ (این این آئی)نیشنل گیمز میں ہنزہ سے تعلق رکھنے والی جڑواں بہنیں ووشو میں گولڈ میڈل جیت گئیں۔منیشا نے 70 کے جی میں اور ملیحہ نے 65 کے جی میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ہنزہ سے تعلق رکھنے والی جڑواں بہنیں انٹرنیشنل سطح پر بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں اور دونوں بہنیں لڑکوں کے ساتھ ٹریننگ کرتی ہیں۔

منیشا اور ملیحہ نے بتایا کہ مارشل آرٹ کے کھیل میں پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فوکس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنا ہے، کبھی کسی سطح پر دونوں آمنے سامنے آئیں تو پروفیشنل انداز سے کھیلیں گی۔منیشا نے کہا کہ بچپن میں بھی دونوں لڑتی تھیں، انٹرنیشنل سطح پر تیاری کا موقع ملا تو مایوس نہیں کریں گی۔ملیحہ نے کہا کہ دنیا کو بتانا چاہتی ہیں کہ پاکستان کے کونے کونے میں بھرپور ٹیلنٹ ہے۔

جونیئر ایشیا کپ ہاکی، پاکستان اور بھارت کا میچ ایک ایک گول سے برابر

صلالہ (این این آئی)اومان کے شہر صلالہ میں جاری جونیئر ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونیوالا میچ ایک ایک کی برابری پر ختم ہوگیا۔گروپ بی میں شامل روایتی حریف ٹیموں کے درمیان میچ سنسنی خیز ثابت ہوا، دونوں ٹیموں کی جانب سے شروع ہی سے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا گیا اور دونوں ہی نے اچھے مووز بنائے۔

میچ میں پہلی کامیابی انڈیا کو 24 ویں منٹ میں ملی جب شردآنند تواری نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کردیا بھارت کی یہ برتری 44 ویں منٹ میں اس وقت ختم ہوگئی جب پاکستان کے بشارت علی نے گیند کو جال تک پہنچا کر مقابلہ ایک ۔ ایک سے برابر کردیا۔پاکستان کو اس کے بعد برتری کا موقع ملا مگر گرین شرٹس اس سے مستفید نہ ہوسکے اور ایک ۔ ایک کی برابری پر مقابلہ ختم ہوا۔

پاکستان کے عبدالحنان شاہد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ایونٹ میں پاکستان اگلا میچ جاپان کیخلاف پیر کو کھیلے گا۔پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 7 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے، بھارت کے بھی 7 پوائنٹس ہے تاہم بھارت کا گول ڈیفرنس 20 جبکہ پاکستان کا گول ڈیفرنس 23 ہے۔