All posts by mshijazi

اردن، بہن کو دفنانے کے چند گھنٹے بعد بھائی بارش میں بہہ کر چل بسا

عمان(این این آئی)دنیا میں قابل افسوس اور الم سے بھرپور کہانیاں آئے روز سامنے آتی رہتی ہیں۔ ایسی ہی ایک کہانی اردن کے ایک نوجوان خلیل عبد النعیمات کی سامنے آئی ہے جس نے لوگوں کے دلوں کو گھائل کردیا ہے۔ یہ دردناک داستان اردن کے شہریوں کے ذہنوں میں نقش ہوکر رہ گئی ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق اردن کی عقبہ گورنری کے علاقے الشامیہ میں خلیل عبد النعیمات کی بہن کا انتقال شام ہوا اوراس کے بعدطوفانی بارشوں کے باعث آنے والے پانی کے ریلے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔35 سالہ خلیل زرعی کریڈٹ کارپوریشن میں کام کرتا ہے۔ وہ اپنی مرحوم بہن فائزہ کی تدفین کے لیے گیا ۔

سوگواروں کے جانے کے بعد خلیل نے قرآن کریم کی تلاوت کی ۔ آخری الوداع کے لیے اس نے اپنی بہن کی قبر کے پاس رہنے کا فیصلہ کیا۔ وہ اپنی بہن کی قبر پر جا کر بیٹھا رہا۔ اپنی بہن کی قبر پر وقت گزار کر خلیل قبرستان سے نکلا اور اس کے کچھ ہی دیر بعد بارش کے پانی اسے اپنے ساتھ بہا لے گیا۔خلیل النعیمات کی موت کی خبر نے زرعی برادری اور عقبہ گورنریٹ اور جنوبی بادیہ کے لوگوں کو صدمہ میں مبتلا کردیا اور سارے علاقے میں غم کی کیفیت طاری ہوگئی۔ بعد ازاں اس کی نعش مل گئی ۔

السیسی اور ایردوان کا سفارتی تعلقات بہتر بنانے اور سفیروں کے تبادلے کا فیصلہ

قاہرہ(این این آئی)مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور ان کے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوان نے فوری طور پر سفارتی تعلقات کو اپ گریڈ کرنے اور سفیروں کے تبادلے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مصری ایوان صدر کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ السیسی اور ایردون نے ایک فون کال کے دوران اس بات کی تصدیق کی کہ دونوں ملکوں اور مصری اور ترک عوام کے درمیان تاریخی گہرے تعلقات ہیں۔

دونوں نے تعلقات کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔السیسی نے صدارتی انتخابات میں فتح اور نئی صدارتی مدت کے لیے ترکیہ کے صدر کے طور پر دوبارہ منتخب ہونے پر ایردوان کو فون کے دوران مبارکباد دی۔ واضح رہے 13 اپریل کو مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری نے اپنے ترک ہم منصب مولود چاوش اوغلو کی دعوت پر ترکی کے دارالحکومت انقرہ کا دورہ کیا تھا۔

یہ دورہ بات چیت کے اس تسلسل کے طور پر سامنے آیا تھا جو گزشتہ مارچ میں ترک وزیر خارجہ کے دورہ قاہرہ کے دوران ہوئی تھیں۔ قاہرہ اور انقرہ کے درمیان ہونے والی بات چیت کا مرکز دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں پر تھا۔ چاوش اوغلو نے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے 10 سال بعد گزشتہ ماہ قاہرہ کا دورہ کیا تھا۔

روس کی مدد کا جواب، یوکرینی پارلیمنٹ میں ایران کیخلاف پابندیوں کی منظوری

ماسکو(این این آئی)یوکرین کی پارلیمنٹ نے ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کے مسودہ قانون کی منظوری دے دی۔میڈیارپورٹس کے مطابق یوکرین ایران پر روس کو ہتھیار فراہم کرنے کا الزام لگاتا ہے۔ اس بنا پر کیف اور تہران کے درمیان کشیدگی بڑھتی جارہی ہے۔یوکرین کی پارلیمنٹ نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ یہ فیصلہ یوکرین کی پابندیوں اور پوری مہذب دنیا کی جانب سے ایران کو مکمل طور پر تنہا کرنے کی کوششوں سے بھی ہم آہنگ ہے۔

نمائندے یاروسلاو زیلیزنیاک کے اعلان کے مطابق اس فیصلے کے تحت کیف کی جانب سے ایران پر 50 سال کی مدت کے لیے پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 328 ارکان پارلیمنٹ نے اس فیصلے کے حق میں ووٹ دیا۔ 28 مئی کو یوکرین کے صدر زیلنسکی نے یوکرین کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور دفاعی کونسل کے فیصلے کی منظوری کے لیے قرار داد کا مسودہ پیش کیا تھا۔ قرارداد میں ایران کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

عائد کی گئی پابندیوں میں ایران کے ساتھ فوجی تجارت پر پابندی، یوکرین کے راستے سامان کی آمدورفت کو روکنا اور ایرانی باشندوں کے حق میں اقتصادی اور مالی ذمہ داریوں کی معطلی شامل ہے۔ اس فیصلے کی منظوری کے لیے ابھی زیلنسکی کے دستخط ہونا باقی ہیں جو بظاہر ایک رسمی کارروائی ہے۔یوکرین کے صدارتی مشیر میخائیلو پوڈولیاک نے کو ٹویٹر پر لکھا کہ تہران اس جنگ میں ماسکو کا اہم اتحادی بن گیا ہے اور وہ جان بوجھ کر اسے آبادی والے شہروں پر حملے کرنے کے لیے ہتھیار فراہم کر رہا ہے۔صدر زیلینسکی نے گزشتہ ہفتے ایک ویڈیو کلپ میں ایرانی عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈرونز شاہدسے یوکرین میں ہر رات دہشت پھیل جاتی ہے۔

اسلام قبول کرنے والی بھارتی اداکارہ کا شوبز کو خیرباد کہنے کا اعلان

ممبئی (این این آئی)بھارتی ٹی وی شو ’ سسرال سمر کا ‘ سے مشہور ہونے والی اداکارہ دپیکا ککڑ نے شوبز کو خیر باد کہہ دیا۔دیپیکا ککڑ 2018 میں بھارتی ڈرامہ سیریل’سسرال ثمر کا ‘ کے کو اسٹار شعیب ابراہیم سے شادی سے قبل دائرہ اسلام میں داخل ہو گئی تھیں، مسلمان ہونے کے بعد اداکارہ نے اپنا نام بھی دیپیکا سے فائزہ میں تبدیل کرلیا تھا حال ہی میں شعیب ابراہیم نے اہلیہ کے حاملہ ہونیکی خبر دی تھی۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ اپنے پہلے حمل اور بچے کی آمد سے لطف اندوز ہورہی ہوں، میں کم عمری سے ہی کام کر رہی ہوں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس شعبے میں 10 سے 15 سال کا عرصہ ہوگیا ہے لیکن جب میں حاملہ ہوئی تو میں نے شعیب سے کہا کہ میں مزید کام نہیں کرنا چاہی اور اداکاری کو خیر باد کہنا چاہتی ہوں، میں آگے کی زندگی بطور ماں اور بطور ہاؤس وائف گزارنا چاہتی ہوں۔

میچ میں بارش کی وجہ شردھا بنیں، مداح کا تبصرہ اداکارہ کو بھاگیا

ممبئی (این این آئی)بھارت میں شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات اکثر کھیلوں سے متعلق تبصروں میں بھی دکھائی دیتی ہیں، ایسے ہی اداکارہ شردھا کپور بھی بھارتی کرکٹ لیگ کے سلسلے میں ایک ٹیلی ویژن چینل کی مہمان بنیں۔ بھارتی لیگ آئی پی ایل کے طے شدہ فائنل کے دن بارش کے باعث میچ ریزرو ڈے پر کھیلا گیا۔

میچ کے پہلے دن جب شردھا کپور ٹیلی ویژن پر تبصرہ کر رہی تھیں تو اس وقت ان کے ایک مداح نے اس کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔ یہی نہیں بلکہ ساتھ میں اس صارف نے یہ بھی تحریر کردیا کہ اسٹیڈیم پر بارش کی وجہ شردھا کپور ہیں۔ اداکارہ کو بھی اپنے مداح کا دلچسپ تبصرہ بھا گیا، انہوں نے اس کا یہ تبصرہ اور اسکرین شاٹ فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ویب سائٹ انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کردیا۔ یہی نہیں بلکہ شردھا سے متعلق اس دلچسپ تبصرے کو لے کر میمز کا بھی نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہوا۔

جاوید شیخ نے تیسری شادی سے متعلق سوالوں پر خاموشی توڑ دی

لاہور (این این آئی) پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار جاوید شیخ نے تیسری شادی سے متعلق سوالوں پر خاموشی توڑ دی۔حال ہی میں جاوید شیخ ایک انٹرویو میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنے کیرئیر اور نجی زندگی سے متعلق کھل کر بات کی۔شادی سے متعلق سوال پر اداکار کا کہنا تھا کہ ایک عرصے سے بغیر شادی کے رہنا شاید ان کی قسمت کا لکھا تھا کیونکہ انسان خود اپنی قسمت نہیں لکھ سکتا۔تیسری شادی کب کریں گے؟

اس سوال پر جاوید شیخ نے قہقہ لگا کر جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ’نو کمنٹس بس یہاں بات ہی ختم۔یاد رہے کہ اس سے قبل ایک انٹرویو میں سرحد پار مشہور اداکار جاوید شیخ نے اپنی شادیوں سے متعلق انکشاف کیا تھا ان کا کہنا تھا کہ وہ تیسری شادی اس لئے نہیں کرتے کہ کہیں لوگ ان کے بارے میں یہ رائے نہ قائم کرلیں کہ وہ بس شادیاں ہی کرتے رہتے ہیں۔جاوید شیخ کی پہلی شادی ان کی مداح زینت منگی سے ہوئی تھی جن سے ان کے دو بچے مومل اور شہزاد ہیں جبکہ اداکار کی دوسری شادی ساتھی اداکارہ سلمیٰ آغا سے ہوئی جو 3 سال بعد ہی ختم ہوگئی۔

پی ٹی آئی سینیٹرز کی 9 مئی کوپیش آنے وا لے پر تشدد واقعات کی مذمت

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرز نے 9 مئی کوپیش آنے وا لے پر تشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ،9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کر کے ملوث افراد کو سزا دی جائے،پاک فوج کی وجہ سے ہم محفوظ ہیں ،ہم شہدا کا لہو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار سینیٹر فیصل سلیم رحمن ،سینیٹر ہمایوں مہمند ، سینیٹر سیمی ایزدی، سینیٹر فلک شیر ناز ،سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی،سینیٹر ذیشان خانزادہ،سینیٹر فدا محمد خان و دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر فیصل سلیم رحمن نے کہاکہ نو مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں،پاک فوج کی وجہ سے ہم محفوظ ہیں،ہم نے کئی دن پہلے سینیٹ میں قراداد جمع کرائی تھی۔

انہوں نے کہاکہ پاک فوج ہے تو ہم ہیں،پاک فوج مجھ سے ہیں اور ہم پاک فوج سے ہیں۔سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہاکہ نو مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں،اس جیسا واقعہ پہلے کبھی پیش نہیں آیا۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کو اگر واقعہ پر افسوس ہوتا تو ڈان لیکس اور میموگیٹ سکینڈل نہ ہوتے۔ انہوں نے کہاکہ میرا تعلق آرمی خاندان سے ہیں،کسی بھی املاک کو جلانا قابل مذمت ہیں۔ انہوںنے کہاکہ انشاء اللہ ایک اچھا ٹائم ضرور آئے گا۔

سینیٹر سیمی ایزدی نے کہاکہ نو مئی کو جناح ہائوس،ریڈیو پاکستان کی عمارت کو جلانے کی مذمت کرتی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ میرے والد نے دوسری جنگ عظیم میں حصہ لیا،ہم شہدا کا لہو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ اس واقعہ کی تحقیقات ہونی چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ اگرپاکستان ہے تو ہم ہیں،اگر فوج نہ ہوتی تو ہم آزادفضا میں سانس نہ لے رہی ہوتیں۔ سینیٹر فلک ناز نے کہاکہ 9مئی میری زندگی کا بھی منحوس ترین دن ہے،سب سے پہلے پاکستان اور پاک فوج ہے ۔

سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی نے کہاکہ نو واقعہ کی شدید مذمت کرتی ہوں،سب سے پہلے پاکستان ہے اس کے بعد پارٹی ہے۔سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کہاکہ نو مئی کے واقعات کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے ہر خاندان کا فوج اور شہدا سے تعلق ہے،ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں۔سینیٹر فدا محمد خان نے کہاکہ نو مئی تاریخ کا بدنمادن ہے، سب سے پہلے اس ملک کی خیر ہونی چاہیے ۔ نہوںنے کہاکہ اگرملک ہے تو باقی چیزیں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نومئی کے واقعات میں ملوث لوگوں کی مذمت کرتے ہیں۔

مودی کی موجودگی میں بھارتی پارلیمنٹ سورہ رحمن کی تلاوت سے گونج اْٹھی

نئی دہلی(این این آئی)بھارت میں پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر سورہ رحمن کی تلاوت کی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ کی نئی عظیم الشان عمارت کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر مودی نے ہندوئوں کی رسومات ادا کیں اور پنڈتوں نے بھجن بھی گائے۔پارلیمنٹ کی افتتاحی تقریب میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب ایک قاری صاحب کو مدعو کیا گیا اور انھوں نے سورہ رحمن کی تلاوت کی۔اس موقع پر وزیر اعظم مودی سمیت تمام ارکان سر جھکائے سورہ رحمن کی تلاوت سنتے رہے۔

اکثر مسلم ارکان اسمبلی نے سورہ رحمن کی تلاوت کو سراہا تاہم کچھ مسلم رہنمائوں نے وزیرِ اعظم مودی اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار نے اپنے تعصبانہ اور امتیازی سلوک کو چھپانے کیلئے ایسا کیا۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے دنیا کو نام نہاد سیکولر اسٹیٹ ظاہر کرنے کیلئے یہ اقدام کیا وگرنہ گجرات فسادات ہوں، متنازع شہریت بل، کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ ہو یا تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی ہو۔ مودی سرکار کا چہرہ بے نقاب کرنے کیلئے کافی ہیں۔

آڈیولیکس کمیشن کالعدم قرار نہیں دیا، تحقیقات کرانی ہیں تو طریقہ کار سے آئیں،چیف جسٹس

اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان میں پنجاب میں انتخابات کرانے کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست کی سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے ہیں کہ عدالت نے کمیشن کالعدم قرار نہیں دیا، آپ نے آڈیو لیکس کمیشن کیس میں ہمارا حکم نامہ پڑھا ہوگا،کسی چیز پر تحقیقات کرانی ہیں تو باقاعدہ طریقہ کار سے آئیں۔

پیر کو چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بینچ کا حصہ ہیں۔سماعت کا آغاز ہوا تو اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے نظرثانی کے قوانین منظور ہوچکے ہیں، سپریم کورٹ کے نظر ثانی کے قوانین کا اطلاق جمعے سے ہو چکا۔

جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے کہ اسی لیے الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی کے چہرے پر مسکراہٹ آئی ہے۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ سپریم کورٹ کے اصل دائرہ اختیار آرٹیکل 184 تھری میں نظرثانی کا قانون بنایا گیا ہے، سپریم کورٹ کے نظر ثانی اختیار کو وسیع کیا گیا ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ یہ عدالت عدلیہ کی آزادی کے قانون کو لاگو کرتی ہے، سمجھتے ہیں کہ آرٹیکل 184 تھری کے دائرہ اختیار کے کیسز میں نظر ثانی ہونی چاہیے،

سپریم کورٹ کے ہی فیصلے آرٹیکل 187 کے تحت نظرثانی کا دائرہ اختیار بڑھانیکی راہ دے رہے ہیں، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ میں حکومت نے نیا عدالتی دائرہ اختیار بنادیا، حکومت نے عدالت کے انتظامی امور میں بھی مداخلت کی کوشش کی، خوشی ہے کہ موجودہ قانون صرف 184 تھری کے بارے میں ہے، سب کو دوبارہ سوچنا ہوگا۔چیف جسٹس نے کہا کہ جج کی جانبداری کا بھی معاملہ اٹھایا گیا ہے،کیوریٹیو ریویو کا جو معاملہ آپ نے اٹھایا اس کو بھی دیکھ رہے ہیں، دوسری جانب سے کون آیا ہے؟

اٹارنی جنرل نے بتایا کہ بیرسٹر علی ظفر آج نظر نہیں آئے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیا آپ نے علی ظفر کو کچھ برا کہا ہے؟ اٹارنی جنرل نے جوب دیا کہ میں نے بیرسٹر علی ظفر کو کچھ نہیں کہا۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اس کیس کو فی الحال ملتوی کر رہے ہیں، تحریک انصاف کو بھی قانون سازی کا علم ہوجائیگا، جمعرات کو جوڈیشل کمیشن والا کیس مقرر ہے، اٹارنی جنرل اس بارے میں بھی حکومت سے ہدایات لے لیں۔

انہوں نے کہاکہ آپ نے آڈیو لیکس کمیشن کیس میں ہمارا حکم نامہ پڑھا ہوگا، ذہن میں رکھیں کہ عدالت نے کمیشن کالعدم قرار نہیں دیا، عدالت نے عدلیہ کی آزادی کا تحفظ کرنا ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ خفیہ ملاقاتوں سے معاملات نہیں چل سکتے، یہ تاریخی ایکسیڈنٹ ہے کہ چیف جسٹس صرف ایک ہی ہوتا ہے، ہم نے میمو گیٹ،ایبٹ آباد کمیشن اور شہزاد سلیم قتل کے کمیشنز کا نوٹیفکیشن دکھایا، تمام جوڈیشل کمیشنز چیف جسٹس کی مرضی سے تشکیل دئیے جاتے ہیں،

کسی چیز پر تحقیقات کرانی ہیں تو باقاعدہ طریقہ کار سے آئیں، میں خود پر مشتمل کمیشن تشکیل نہیں دوں گا، کسی اور جج سے تحقیقات کرائی جاسکتی ہیں، یہ سیاسی پارہ معیشت اور امن و امان کو بہتر نہیں کریگا۔عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 4 اپریل کو فیصلہ سناتے ہوئے 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کرانیکا حکم دیا تھا تاہم 14 مئی کی ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود عدالتی حکم پر عمل نہیں ہوا، 3 مئی کو الیکشن کمیشن نے عدالتی فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائرکی تھی۔وفاقی حکومت، نگران پنجاب حکومت اور تحریک انصاف مقدمے میں جوابات جمع کراچکے ہیں۔

جناح ہائوس حملے میں 260سے زائد شرپسندوں کی گرفتاری کے لئے فہرستیں تیار

لاہور( این این آئی) جناح ہائوس حملے میں ملوث 260 سے زائد شرپسندوں کی گرفتاریوں کے لیے فہرستیں تیار کرلی گئیں ۔پولیس حکام کے مطابق جناح ہائوس پر حملہ کرنے والوں،توڑ پھوڑ کرنے والوں اورآگ لگانے والوں کوسخت سزائیں دلوانے کے لیے مزید 260سے زائد شرپسندوں کی گرفتاریوں کے لیے فہرستیں تیار کر لی گئیں۔

گرفتار شرپسندوں کے موبائل میں واٹس ایپس گروپوں سے متحرک کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ قیادت اور گرفتارشرپسندوں سے رابطے میں رہنے والے دوسروں کو متحرک کرنے والے کارکنان کی لوکیشنز اور ویڈیوز سے نشاندہی کرکے فہرستیں تیارکی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق واٹس ایپ گروپس میں موجود شرپسندوں کی لوکیشنز اور ویڈیوز حاصل کرلی گئی ہیں۔قیادت کے حکم پر شرپسند کارکنان واٹس ایپ کے ذریعے جناح ہاس پہنچے تھے۔شرپسندوں کی گرفتاریوں کے لیے تفتیشی افسران کوگرفتاری کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

نواز شریف کی بطور صدر (ن) لیگ بحالی کی درخواست پر اعتراض عائد

لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے نواز شریف کی بطور صدر مسلم لیگ (ن) بحالی کی درخواست پر اعتراض عائد کر دیا۔رجسٹرار آفس کی طرف سے لگائے گئے اعتراض میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا ،لاہور ہائیکورٹ سماعت نہیں کر سکتی۔

قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی بطور مسلم لیگ (ن)کے صدر بحالی کے لئے درخواست دائرکی گئی تھی، درخواست آفاق احمد ایڈووکیٹ نے دائر کی۔ درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید، الیکشن کمیشن، وفاقی حکومت اور وزیراعظم پاکستان کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ 2017ء میں نواز شریف کو قومی اسمبلی سے نااہل قرار دیا گیا، عمران خان اور شیخ رشید نے نواز شریف کو پارٹی کی سربراہی سے ہٹانے کی درخواست دائر کی تھی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ 2018ء میں سپریم کورٹ نے نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا حکم دیا، جبکہ الیکشن کمیشن نے این اے 95 میانوالی سے عمران خان کو نااہل قرار دے دیا ہے مگر چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی سربراہی سے نہیں ہٹایا گیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نواز شریف کو پارٹی صدارت پر بحال کرنے کا حکم جاری کرے۔بعدازاں لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کر دیا اور کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا لاہور ہائیکورٹ سماعت نہیں کر سکتی۔

31مئی کو عمران خان کی پیشی ، ہائی کورٹ کی آئی جی اور ضلع انتظامیہ کو سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیراعظم عمران خان کی 31 مئی کو ممکنہ پیشی کا اسلام آباد ہائیکورٹ نے سرکلر جاری کرتے ہوئے آئی جی اور ضلع انتظامیہ کو سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی 31 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی ممکنہ پیشی کے پیش نظر رجسٹرار اسلام آباد ہائی کا سرکلر جاری کر دیا گیا جس کے مطابق آئی جی اور ضلع انتظامیہ کو سیکورٹی انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ عمران خان کی عبوری ضمانت سے متعلق کیس کی سماعت 31 مئی دن دو بجے ہو گی۔

دوسرے کیسز میں عمران خان کی عبوری ضمانت پر سماعت 31 مئی دن ڈھائی بجے ہوگی کورٹ روم نمبر 3 میں وکلاء اور صحافیوں کا داخلہ خصوصی پاس کے ذریعے ہوگا، سرکلر کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے ملازمین، عدالتی عملہ خصوصی پاس سے مستثنیٰ ہونگے ،عمران خان کے ساتھ 15 وکلاء کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہوگی،

اٹارنی جنرل اور ایڈوکیٹ جنرل آفس سے 10 وکلاء کمرہ عدالت جاسکیں گے،اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے 30 ممبران کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہوگی،انتظامیہ کو خصوصی پاس اور ڈیپارٹمنٹ کارڈ ہونے والوں کو احاطہ عدالت سے نہ روکنے کی ہدایت کر دی ہے خصوصی پاسز رکھنے والے افراد کو کمرہ عدالت نمبر ایک میں جانے کی اجازت ہوگی۔