All posts by mshijazi

انتشار ، جلائو ، گھیرائو پھیلانے والے نا نہاد سیاستدان مذاکرات کے اہل نہیں ہوسکتے، وزیر اعظم

اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ انتشار ، جلائو ، گھیرائو پھیلانے والے نا نہاد سیاستدان مذاکرات کے اہل نہیں ہوسکتے ، ایسے لوگوں کا عسکریت پسندانہ اقدامات کیلئے احتساب ہونا چاہیے ۔اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہاکہ مذاکرات سیاسی عمل کا کلیدی جزو ہیں جو جمہوریت کے ارتقاء میں اپنا اہم کردار ادا کرتے ہیں،

تاریخ ایسے سیاسی اور آئینی کامیابیوں سے بھری پڑی ہے جب سیاسی قائدین مزاکرت کی میز پر بیٹھے اور قومی امور پر اتفاقِ رائے قائم ہواتاہم یہاں ایک بنیادی فرق یہ ہے کہ انتشار اور جلاؤ گھیراؤ پھیلانے والے ایسے لوگ جو خود کو نام نہاد سیاست دان کہلواتے ہیں، مذاکرات کے اہل نہیں ہو سکتے،ان کے عسکریت پسندانہ اقدامات کیلئے احتساب ہونا چاہیے اور یہ کوئی معیوب بات نہیں بلکہ دنیا کی ترقی یافتہ جمہوریتوں میں بھی ایسے لوگوں کا محاسبہ کیا جاتا ہے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے11کیس رپورٹ ،7مریضوں کی حالت تشویش ناک

اسلام آباد (این این آئی)ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے11کیس رپورٹ ہوئے اور7مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ منگل کوقومی ادارہ صحت کے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ایک ہزار 78ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے11افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے، اس طرح مثبت کیسز کی شرح1.02فیصد رہی اور اس دوران کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا ،تاہم7مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔کراچی میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران 45ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے11 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے۔

ممنوعہ فنڈنگ ضبطگی شوکاز، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے وکیل کو آخری موقع دیدیا

اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ ضبطگی سے متعلق شوکاز نوٹس پر سماعت کرتے ہوئیتحریکِ انصاف کے وکیل کو آخری موقع دیدیا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے سماعت کی جس کے دوران پی ٹی آئی کی جانب سے معاون وکیل نوید انجم پیش ہوئے جنہوں نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کر دی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ ہم آپ کی مرضی کی تاریخ دیتے ہیں، گزشتہ سماعت پر بھی انور منصور کی مرضی کی تاریخ دی گئی۔پی ٹی آئی کے معاون وکیل نے بتایا کہ انور منصور سندھ ہائی کورٹ میں ہیں۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں پیشی کا تو پھر کسی کو وقت نہیں ملے گا، 22 اگست کو کیس شروع ہوا، جو ابھی تک چل رہا ہے، 10 ماہ بعد بھی کیس کی سماعت شروع نہیں ہو سکی، اس طرح کام نہیں چلے گا، اس عمل کو کہیں روکنا ہو گا۔الیکشن کمیشن نے دلائل دینے کیلئے پی ٹی آئی کے وکیل کو آخری موقع دے دیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ خود پیش نہیں ہو سکیں تو کم از کم جواب تو جمع کرائیں۔پی ٹی آئی کے معاون وکیل نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکنان کو گرفتار کیا گیا، تحریکِ انصاف کے تمام عہدے دار روپوش ہیں، چھاپوں کے خوف سے پی ٹی آئی کے دفاتر بند ہیں۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ اس طرح تو پھر آئندہ جنرل الیکشن کے بعد تک سماعت ملتوی کر دیتے ہیں، الیکشن کمیشن مرکزی کیس میں فیصلہ سنا چکا ہے، آئندہ سماعت پر دلائل نہ دیے تو موجودہ ریکارڈ کی بنیاد پر فیصلہ سنا دیں گے۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ ضبطگی سے متعلق شوکاز نوٹس پر سماعت 6 جون تک ملتوی کر دی۔

پارلیمنٹ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون بنا کر عدالتی اختیار سے تجاویز کیا، صدر سپریم کورٹ بار کا تحریری جواب جمع

اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف کیس میں صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عابد زبیری نے تحریری جواب جمع کرا دیا جس میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون بنا کر عدالتی اختیار سے تجاویز کیا۔

صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون آئینی اصول کی خلاف ورزی ہے۔سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ آرٹیکل 191 کے تحت سپریم کورٹ کے پاس رولز میں ترمیم کے خصوصی اختیارات ہیں۔

صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اپنے جواب میں کہا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کا سیکشن 2، 4، 6 بینچز کی تشکیل سے متعلق ہے۔جمع کرائے گئے جواب میں صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہاکہ آرٹیکل 191 کو الگ نہیں آئین کے عدلیہ سے متعلق دیگر آرٹیکلز کے ساتھ پڑھا جائے۔

عمران خان کی گھر کے سرچ وارنٹ منسوخ کرانے کی درخواست مسترد

لاہور ( این این آئی) انسداد دہشت عدالت نے عمران خان کی گھر کے سرچ وارنٹ منسوخ کرانے کی درخواست مسترد کردی اور ریمارکس دیئے کہ ایسا کوئی قانون نہیں ہے کہ سرچ وارنٹ منسوخ کئے جائیں۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے گھر کے سرچ ورانٹ منسوخ کرانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست گزار عمران خان کی طرف سے میاں تبسم ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ عمران خان نے اپنی درخواست کمشنر لاہور اور ڈی سی لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا اور موقف اختیار کیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت سے 18مئی کو پولیس نے بدنیتی کی بنیاد پر سرچ ورانٹ حاصل کیے، جس مقدمے میں سرچ ورانٹ حاصل کیے گئے اس میں درخواست گزار کا کوئی کردار نہیں۔

عدالت کے سامنے موقف پیش کیا گیا کہ درخواست گزار نے میڈیا کی موجودگی میں فریقین کو سرچ ورانٹ پر عمل کی اجازت دے دی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ 18مئی کو جاری سرچ وارنٹ کالعدم اور غیر قانونی قرار دے۔عدالت نے عمران خان کے وکیل میاں تبسم سے استفسار کیا کہ آپ نے درخواست میں مخالف فریق پر الزامات لگائے ہیں، وہ بتائیں، کس قانون کے تحت سرچ وارنٹ کو کالعدم کیا جائے۔

عمران خان کے وکیل میاں تبسم نے عدالت کو بتایا کہ سرچ وارنٹ میں کسی مقدمہ کا ذکر نہیں ہے۔کمشنر لاہور نے عدالت کو بتایا کہ زمان پارک کے باہر تجاوزات تھیں ہم اسی کے لئے وہاں گئے تھے، ہم نے گھر کے اندر کوئی سرچ آپریشن نہیں کیا۔عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے سرچ وارنٹ پر عمل درآمد کرانا ہے۔ تفتیش افسر نے جواب دیا کہ جی سرچ وارنٹ پر عمل کرانا ہے۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کا تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ آپ نے کس تاریخ کے لئے سرچ وارنٹ لئے تھے اور آج کیا تاریخ ہو گئی۔

تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ 18مئی کے لئے سرچ وارنٹ لئے گئے تھے، عدالت عمل درآمد کے لئے کچھ مہلت دے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اب آپ نیا سرچ وارنٹ لیں گے، پرانا والا قابل عمل نہیں ہو گا۔عدالت نے ایس ایس پی صہیب اشرف سے بھی استفسار کیا کہ آپ عمران خان کے گھر کیا کرنے گئے تھے۔ جس پر ایس ایس پی صہیب اشرف نے جواب دیا کہ ہم زمان پارک کے اطراف تجاوزات ہٹانے کیلئے گئے تھے۔عدالت نے کمشنر اور ایس ایس پی کے بیانات کو ریکارڈ کا حصہ بنا دیا۔

عمران خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت سرچ وارنٹ کو منسوخ کرے۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایسا کوئی قانون نہیں ہے کہ سرچ وارنٹ منسوخ کئے جائیں۔عمران خان نے 27مئی کو انسداد دہشت گردی عدالت میں گھر کے سرچ ورانٹ منسوخ کرانے کے لیے داخواست دائر کی تھی، جس میں کمشنر لاہور اور ڈی سی لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔عمران خان نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت سے 18 مئی کو پولیس نے بدنیتی کی بنیاد پر سرچ ورانٹ حاصل کیے، عدالت 18 مئی کو جاری سرچ ورانٹ کالعدم اور غیر قانونی قرار دے۔

سندھ سے تحریک انصاف چھوڑنے والی 2 اہم شخصیات کا جہانگیر ترین سے رابطہ

لاہور ( این این آئی) سندھ سے تحریک انصاف چھوڑنے والی 2 اہم شخصیات نے جہانگیر ترین سے رابطہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا اور سندھ سے بھی کئی لوگ جہانگیر ترین سے رابطے میں ہیں اور جہانگیر ترین کی ملک بھر سے مختلف رہنمائوں سے مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کی جانب سے رواں ہفتے ہی نئی پارٹی کا اعلان متوقع ہے۔یاد رہے کہ جہانگیر ترین 9مئی کے واقعات کے بعد ایک مرتبہ پھر سے سیاست میں متحرک ہوئے اور انہوں نے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا تاہم ابھی تک انہوں نے پارٹی کے متعلق کچھ بھی میڈیا میں جاری نہیں کیا ہے۔

عمران خان نے وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کو 10ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر بیہودہ الزامات عائد کرنے کے خلاف وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کو 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے عبدالقادر پٹیل کے خلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا گیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے وکیل ابوذر سلمان نیازی کی جانب سے وفاقی وزیرِ صحت کو قانونی نوٹس بھجوایا گیا، پی ٹی آئی چیئرمین نے وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل کو 10 ارب ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عبدالقادر پٹیل 15 روز میں اپنے بیہودہ الزامات واپس لیں اور فوری طور پر چیئرمین تحریک انصاف سے غیرمشروط معافی مانگیں۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل چیئرمین تحریک انصاف کو 10 ارب بطور ہرجانہ ادا کریں، جسے شوکت خانم اسپتال میں جمع کروایا جائے گا۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عبدالقادر پٹیل نے معافی نہ مانگی تو قانونی کارروائی آگے بڑھائیں گے۔

چینی خلائی جہاز شین زو سویلین سائنسدان کو لیکر روانہ

بیجنگ(این این آئی)چین کا خلائی جہاز شین زو روانہ ہو گیا، اس مشن کی خاص بات اس میں سوار ایک سویلین سائنسدان ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق یونیورسٹی پروفیسر خلا میں جانے والے پہلے چینی شہری ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کیمطابق چین کا خلائی جہاز شین زو 16 تیانگونگ خلائی اسٹیشن کی جانب روانہ ہوا ہے۔خلائی جہاز شین زو میں 3 چینی خلا باز سوار ہیں۔چین رواں عشرے کے آخر تک چاند پر بھی انسانی مشن بھیجنا چاہتا ہے۔

بابر ہمارا جونیئر تھا اس سے ہماری کبھی لڑائی نہیں ہوئی، محمد عامر

لاہور ( این این آئی) پاکستانی کرکٹر محمد عامر نے کہا ہے کہ بابر اعظم ان کے جونیئر تھے اور انہوں نے ہمیشہ عزت کی۔ایک پروگرام کے دوران مداح کے سوال پر عامر نے بتایا کہ بابر سے میری نہیں بنتی یہ سوال اچھا ہے لیکن بابر سے میری منگنی نہیں ٹوٹی ہے جو مجھے اچھا نہ لگے، میں نے بابر کے ساتھ 5سال کرکٹ کھیلی،

اس دوران میری اور بابر کی کبھی لڑائی نہیں ہوئی ، ہماری انڈرسٹینڈنگ بہت اچھی رہی ہے، بابر ہمارا جونیئر تھا اس نے ہمیشہ ہماری عزت کی ہے۔فاسٹ بولر نے کہا کہ میری رائے کو لوگ ہمیشہ غلط سمت دے دیتے ہیں کیوں کہ کسی بھی انسان کی کسی سے متعلق رائے علیحدہ ہوتی ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اسے پسند نہیں کرتا، میں نے ہمیشہ بابر کی کرکٹ پر بات کی ہے اس سے ذاتی ہوکر بات نہیں کی، میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ بابر اچھا انسان نہیں ہے، اگر بولرز میں کسی کو شاہین اچھا لگتا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ میرے دشمن ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بابر سے متعلق میری رائے یہی رہی ہے کہ وہ ون ڈے اور ٹیسٹ کا بہترین پلیئر ہے لیکن ٹی ٹونٹی کے حوالے سے بابر سے متعلق میری رائے مختلف ہے، بطور بولر مجھے شاید بابر مشکل نہیں لگتا اگر میری اس رائے پر لوگ مجھے بابر کے مخالف کہیں تو بس اتنا کہوں گا کہ ایسے لوگوں کو اللہ ہدایت دے۔محمد عامر نے یہ بھی کہا کہ بابر پاکستان کیلئے اس وقت کا بہترین بیٹسمین ہے اور اگر ایسے ہی چلتا رہا تو وہ آگے چل کر اس جنریشن کا بہترین بیٹسمین بھی بن جائے گا ۔

کوئی یہ سوچتا ہے کہ پاکستان کو اکیلا لے کرچلوں گا تو یہ بھول ہے،شاہد آفریدی

کراچی( این این آئی) پاکستان کے سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ اگر کوئی یہ سوچتا ہے کہ پاکستان کو اکیلا لے کر چلوں گا تو یہ اس کی بھول ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ اس ملک کے لیے ہم سب نے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔

قربانیوں کا بھی ایک وقت ہوتا ہے اب ہمیں ملک کی ترقی اور کامیابی کی طرف گامزن ہونا چاہیے۔شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی یہ سوچتا ہے کہ میں ملک کو اکیلا لے کر چلوں گا تو یہ اس کی بھول ہے۔ ملک کو آگے لے جانے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ اس ملک کے لیے ہمارے بڑوں نے بہت قربانیاں دی ہیں۔

چیئرمین آئی سی سی گریگ بارکلے لاہور پہنچ گئے

لاہور ( این این آئی) چیئرمین انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی )گریگ بارکلے نجی ایئرلائنز کی پرواز سے لاہور پہنچ گئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینئر عہدیداران نے انہیں ائیرپورٹ پر خوش آمدید کیا، چیئرمین آئی سی سی دبئی سے لاہور پہنچے۔

ائیرپورٹ پر پی سی بی حکام نے پھولوں کے گلدستے پیش کیے جب کہ آئی سی سی چئیرمین پاکستان دورے پر خوش دکھائی دیئے۔پی سی بی نے چیئرمین آئی سی سی کو لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ سے بلٹ پروف گاڑی میں سخت سکیورٹی میں ہوٹل منتقل کیا۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اوورسیز کیلئے پرکشش سکیم لانے کی تجویز

لاہور( این این آئی)حکومت کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کو پرکشش سہولیات اورملک کو ڈالروں کی فراہمی یقینی بنانے کی اسکیم متعارف کروانے کی تجویزسامنے آئی ہے جس سے ترسیلات زراور زرمبادلہ میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔

حکام کے مطابق آئی ایم ایف کسی بھی قسم کی ایمنسٹی اسکیم کی پہلے ہی مخالفت کر چکا ہے اس لئے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ایمنسٹی سکیم کے بجائے رعائتی اسکیم شروع کرنے کا پلان ہے جس سے سریا، اسٹیل، الیکٹرانکس، فرنیچر، ٹائلزوغیرہ سمیت 70 ذیلی صنعتوں کا پہیہ چلے گا ۔ایف بی آر حکام کے مطابق موجودہ مالی سال کے ابتدائی دس ماہ میں 13 فیصد کمی کے ساتھ جو ترسیلات زر22 ارب 74 کروڑ ڈالر رہ گئیں ۔

مجوزہ سکیم کے مطابق پراپرٹی کی خریدری پر ادائیگی ڈالرز میں بینکنگ چینلز کے ذریعے کرنے والے اوورسیز پاکستانیوںکو ٹیکس مراعات ملیں گی ، اسٹیل اور ٹائلز سمیت بعض تعمیراتی سامان پرریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کی تجویز بھی دی گئی ہے،تعمیراتی سامان پر ڈیوٹی ٹیکس میں 15 فیصد کمی کی تجویز بھی سامنے آگئی۔مجوزہ اسکیم کے اجرا ء سے ترسیلات زراورزرمبادلہ میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے ، اس حوالے سے تعمیراتی شعبے سے متعلقہ بجٹ سفارشات مانگ لی گئی ہیں۔