All posts by mshijazi

حکمرانوں کا لالچ ذلت اور رسوائی کی آخری حد تک پہنچ چکا ہے،شیخ رشید

لاہور ( این این آئی) سربراہ عوامی مسلم لیگ وسابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریاست اور سیاست میں ریاست لازم و ملزوم ہے، جس طرح چادر اور چاردیواری کی بے حرمتی اور تھانوں میں رشوت وصول کی جا رہی ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے لے کر آسٹریلیا تک اور چین سے لے کر سعودی عرب تک سب سمجھا رہے ہیں کہ عقل کے ناخن لیں لیکن حکمرانی کی لالچ ذلت اور رسوائی کی آخری حد تک پہنچ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کھوٹا سکہ ثابت ہوئی، غریب حقیر و ذلیل ہوگیا، امیر فقیر و رسوا ہوگیا، کاروبار تباہ ہوگئے، ڈالر 320کا بھی نہیں مل رہا، سیاسی، معاشی، اقتصادی تباہی ہو رہی ہے، میں 50سال سے ایک سیٹ کی سیاست کرتا ہوں اور میری اپنی پارٹی عوامی مسلم لیگ ہے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ 4مرتبہ میرے گھروں پر وحشیانہ چھاپے مارے اور توڑپھوڑ کی گئی ہے، پولیس افسران جو ہمیشہ میرے گھروں سے میری دونوں گاڑیاں اغواء کرنے اور ملازموں پر تشدد کرنے کے شوقین ہیں، ان کی ویڈیوز موجود ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ صرف موسم بہار کا انتظار کریں، قانون کے شکنجے میں آ کر رہیں گے، خیبر پختونخوا میں پولیس ڈرتی ہے، پنجاب اور اسلام آباد میں بیویوں ،بیٹیوں کی بے حرمتی کرتی ہے لیکن آخر کب تک۔

ایئر نیوزی لینڈ بین الاقوامی پروازوں سے قبل مسافروں کا وزن کریگی

ویلنگٹن(این این آئی )ایئر نیوزی لینڈ بین الاقوامی پروازوں میں سوار ہونے سے پہلے کچھ مسافروں کا وزن کرے گی تاکہ ان مسافروں کے اوسط وزن کا تعین کیا جاسکے۔میڈیارپورٹس کے مطابق فضائی کمپنی جون میں ایک سروے کے حصے کے طور پر رضاکارانہ مسافروں کا وزن ماپے گی۔

نیوزی لینڈ کی بین الاقوامی فضائی کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ سروے طیارے کے محفوظ اور مثر آپریشن کے لیے ضروری ہے اور یہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ضرورت ہے۔ایئرلائن کو توقع ہے کہ 10 ہزار مسافروں کا وزن کیا جائے گا اور اس نے مسافروں کو یقین دلایا ہے کہ ان کے وزن کے اعداد و شمار کوخفیہ رکھا جائے گا۔

ایئرلائن کے لوڈ کنٹرول امپروومنٹ کے ماہرایلسٹر جیمز نے ایک بیان میں کہا کہ ہم جانتے ہیں،کسی مسافر کا کانٹے پر قدم رکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔ ہم اپنے صارفین کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ کہیں بھی کوئی ڈسپلے نظر نہیں آتا۔ کوئی بھی آپ کا وزن نہیں دیکھ سکتا۔یہاں تک کہ ہم بھی نہیں! یہ مکمل طور پر گمنام اور پوشیدہ عمل ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم طیارے میں جو کچھ بھی ہوتا ہے اس کا وزن کرتے ہیں،

کارگو سے لے کر کھانے تک اور ہولڈ میں موجود سامان تک کا وزن ہوتا ہے۔ صارفین، عملہ اور کیبن بیگز کے لیے ہم اوسط وزن کا استعمال کرتے ہیں اور اس کا ہمیں اس سروے سے پتاچلتا ہے۔نیوزی لینڈ کی قومی ایئرلائن نے اس سے قبل 2021 میں اپنے اندرون ملک روٹس پر مسافروں کا وزن کیا تھا۔نیوزی لینڈ کی وزارتِ صحت کے مطابق 2020-21 میں 15 سال سے زیادہ عمر کے ہر تین میں سے ایک بالغ شخص کو موٹاپے کا شکار قراردیا گیا تھا اور موٹاپے کا شکار افراد کی شرح 34.3 فی صد تھی۔

یہ شرح 2019-20 میں 31.2 فی صد تھی۔اسی رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں خواتین میں موٹاپے کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا اور یہ 31.9 فی صد سے بڑھ کر 35.9 فی صد ہو گئی تھی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کے وزن کا نیا سروے آک لینڈ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روانہ ہونے والی ایئر نیوزی لینڈ کی کچھ پروازوں کے گیٹ لانج میں داخلے پر کیا جائے گا۔یہ فضائی کمپنی اس وقت 107 طیارے چلاتی ہے اور کرونا وائرس کی وبا سے پہلے اس پر سالانہ سفرکرنے والے مسافروں کی تعداد ایک کروڑ70 لاکھ کے لگ بھگ تھی۔

اٹلی نے سعودی عرب کو اسلحہ کی فروخت پر عائد پابندی ختم کردی

روم (این این آئی )اٹلی نے سعودی عرب کو اسلحہ کی فروخت پر عاید پابندی ختم کر دی ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اطالوی حکومت نے کابینہ کے اجلاس کے بعد ایک بیان میں اس فیصلہ کا اعلان کیا ۔اٹلی نے 2019 اور 2020 میں سعودی عرب کو فوجی سازوسامان کی برآمدات پر پابندی عاید کردی تھی تاکہ انھیں یمن تنازع میں استعمال ہونے سے روکا جاسکے۔

حکومت نے اپنے بیان میں سعودی عرب کی حالیہ امن اور ثالثی کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تبدیل شدہ زمینی صورت حال کی روشنی میں اس پابندی کی اب ضرورت نہیں رہی ہے۔اٹلی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے بارے میں اس کا فیصلہ گذشتہ ماہ متحدہ عرب امارات کو اسلحہ کی فروخت پر عاید پابندی کے خاتمے کے عین مطابق ہے۔اٹلی نے یواے ای پربھی یمن جنگ کی وجہ سے اسلحہ فروخت کرنے کی پابندی عاید کی تھی۔

سعودی عرب کی 63 فی صد آبادی کی عمر30 سال سے کم

ریاض(این این آئی )سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شماریات (جی اے ایس ٹی اے ٹی)نے مملکت کی آبادی سے متعلق نئے اعداد وشمار جاری کیے ہیں اور بتایا ہے کہ مجموعی طور پر 63 فی صد سعودی شہریوں کی عمریں 30 سال سے کم ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ اعداد و شمار سعودی عرب میں مردم شماری 2022 کے حصے کے طور پر جاری کیے گئے ہیں۔اس کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ یہ مملکت میں اب تک کی جانے والی سب سے درست اور جامع مردم شماری ہے۔سعودی عرب کی کل آبادی تین کروڑ بائیس لاکھ (32.2 ملین) نفوس تک پہنچ گئی ہے۔

اس میں ایک کروڑ اٹھاسی لاکھ سعودی شہری ہیں اور وہ کل آبادی کا 58.4 فی صد ہیں۔ ایک کروڑ چونتیس لاکھ غیرملکی، تارکینِ وطن ہیں اور وہ کل آبادی کا 41.6 فی صد ہیں۔مردم شماری کے مطابق سعودی عرب کی کل آبادی کی اوسط عمر 29 سال ہے۔مملکت میں مرد کل آبادی کا 61.2 فی صد ہیں جبکہ خواتین آبادی کا 38.8 فی صد ہیں۔

9 مئی کے واقعات نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو پاکستانی سیاست سے ہمیشہ کیلئے مائنس کردیا ہے،طلال چوہدری

مکوآنہ (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ9 مئی کے واقعات نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو پاکستانی سیاست سے ہمیشہ کیلئے مائنس کردیا ہے، اسلئے اب خواہ کوئی لاڈلا ہو یا کسی کا پروردہ کسی کو معافی نہیں ملے گی اور ریاست کی رٹ چیلنج کرنیوالوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا ئے گا۔

وہ فیصل آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل9 مئی کی صورتحال کے حوالے سے بہت بات ہورہی ہے اور اس سلسلہ میں دوبارہ زہریلا پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے اور خواتین کو استعمال کرتے ہوئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر خواتین کے ساتھ زیادتی جیسے گھٹیا الزام عائد کرنے کی پلاننگ کی جارہی ہے تاکہ پہلے یہ کہا جا ئے کہ ہماری خواتین کے ساتھ بدسلوکی ہور ہی ہے پھر اس کی آڑ میں انسانی حقوق کے اداروں کی ہمدردیاں سمیٹی جائیں اور عدلیہ پر بھی اثر انداز ہوا جا ئے لیکن جب یہ خواتین زمان پارک سے مکمل ٹریننگ لیکر ایک منصوبہ کے تحت جس کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے وہاں سے پٹرول بم لیکر نکلتی اور جناح ہاؤس و کور کمانڈر ریزیڈنس سمیت دیگر مقامات پر حملہ آور ہوتی ہیں تو اس وقت یہ لوگ کہاں تھے،

ان کی ہمیشہ سے یہ روایت رہی ہے کہ پہلے یہ خواتین کو استعمال کرتے ہیں، انہیں فرنٹ لائن پر لاکر حملے کرواتے ہیں اور پھر ان کے پیچھے چھپ کر جان بچانے کیلئے انہی عورتوں کا استعمال شروع کردیتے ہیں لیکن اب ہر ہر شخص نے دیکھا اور ان کی ویڈیوز موجود ہیں کہ وہ کس طرح ایکٹ کررہی ہیں اسلئے کسی کے ساتھ صرف اسلئے رعایت نہیں برتی جاسکتی کہ وہ عورت ہے، یا ڈریس ڈیزائنر ہے یا اس کے پاس دوہری شہریت ہے لہٰذا حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جو بھی گنہگار ہوگا وہ خواہ کتنا بھی بااثر کیوں نہ ہو اسے نہیں چھوڑا جا ئے گا اور کسی بے گناہ کے ساتھ کسی قسم کی کوئی زیادتی نہیں ہونے دی جا ئے گی۔

گھر میں کام کرنے والی خاتون نے بیٹے کو اغوا کرلیا تھا، قیصر نظامانی

کراچی(این این آئی) سینئر پاکستانی اداکار قیصر نظامانی نے کہا ہے کہ میرے بیٹے کو ماسی نے اغوا کرلیا تھا اس لیے اب ہم گھر میں مدد کے لیے کسی کو نہیں رکھتے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر نظامانی نے بتایا کہ ہمارے گھر میں کوئی ماسی نہیں ہے بلکہ میں، فضیلہ اور دیگر لوگ گھر کے سارے کام تقریباً خود کرتے ہیں۔

انہوں نے گھر میں ماسی نہ رکھنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ’جب ہم کمرشل ایریا کے اپارٹمنٹ میں رہتے تھے تو گھر میں ایک خاتون کام کرنے آتی تھیں وہ چھوٹے والے بیٹے زورین کو اْس وقت اغوا کرکے لے گئیں تھیں جب وہ تقریبا ایک سال کا تھا‘۔قیصر نظامانی نے بتایا کہ زورین بہت پیارا سا تھا، اْس کا رنگ صاف اور آنکھیں نیلی بالکل ماں کے جیسی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’ایک روز پڑوسیوں نے بتایا کہ آپ کا بچہ سیڑھیوں کے پاس پڑا ہے کیا آپ اْسے وہاں چھوڑ کر آئے ہیں؟ ہم یہ سن کر بھاگے تو وہ سیڑھیوں پر پڑا ہوا تھا، جب واقعے کا معلوم کیا تو یہ بات سامنے آئی کہ ماسی بچے کو لے کر جارہی تھی، جس سے گھر کے باہر موجود دکانداروں نے پوچھا کیونکہ وہ زورین کے بارے میں جانتے تھے۔

قیصر نظامانی کے مطابق جب خاتون سے مکینکس نے سوال کیے تو وہ بچے کو سیڑھیوں پر چھوڑ کر چلی گئی تھی، اْس کے بعد سے ہم نے گھر میں کسی کو رکھنے کا کوئی خطرہ مول نہیں لیا۔انہوں نے کہا کہ ’میں نے فضیلہ کو کہا تھا کہ اگر یہ چلا جاتا تو تم ہر سگنل پر اسے تلاش کرتیں‘۔ اداکار نے کہا کہ والدین مہربانی کر کے اپنے گھروں میں خود کام کریں اور یا انہیں اپنے گھروں میں رکھیں جن کے باپ دادا کو آپ جانتے ہوں۔

والدین کا مقام اہم ہے، ساس بھی بہت نفیس اور مددگار خاتون ہیں، حبا بخاری

کراچی (این این آئی)پاکستانی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ حبا بخار کا کہنا ہے کہ والدین کا انسان کی زندگی میں ایک اہم مقام ہوتا ہے اور یہ کوئی دوسرا نہیں لے سکتا۔انکا کہنا تھا کہ اسی طرح شوہر کے حوالے سے جو رشتے بالخصوص ساس سسر وغیرہ کا اپنا ایک مرتبہ اور اہمیت ہوتی ہے۔

انہوں نے ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہر رشتے اور تعلق کی ایک اہمیت ہے تاہم کوئی رشتہ دوسرے کی جگہ نہیں لے سکتا۔ حبا بخاری کا کہنا تھا کہ شادی شدہ زندگی میں اہم بات یہ ہے کہ آپ ان رشتوں میں توازن کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ انکی ساس نہایت ہی نفیس اور ساتھ دینے والی خاتون ہیں۔ حبا کا کہنا تھا کہ ان کے اپنے والدین نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا کہ خاندان کے ارکان کی اہمیت ہوتی ہے۔

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات سستی کر دیں

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹرقیمت میں 8روپے،ہائی سپیڈڈیزل اورلائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹرقیمت میں 5روپے کمی کا اعلان کردیا۔حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی فی لٹر قیمت8روپے کمی کیساتھ 262روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 5روپے فی لٹر کمی کیساتھ 253روپے فی لٹر ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردبدل کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ پیٹرول کی قیمت میں 8روپے فی لیٹر کمی اور ڈیزل کی قیمت میں 5روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ 15دنوں میں عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی بڑا رد و بدل نہیں ہوا اور نہ ہی روپے کی قدر میں ڈالر کے مقابلے میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ تمام چیزوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پھر بھی کوشش کی گئی جتنی بھی گنجائش ہو نکال کر عوام کو دیا جائے۔اسحق ڈار نے کہاکہ حکومت نے پچھلی دفعہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 30روپے کمی کی تھی اور اس میں مزید 5روپے کی کمی کی گئی ہے،ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت258روپے ہے اور رات 12بجے کے بعد253روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ پیٹرول کی قیمت میں پچھلی دفعہ12روپے کم کردی گئی تھی اور اب ا س میں مزید 8روپے کی کمی کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ پیٹرول کی قیمت رات12بجے سے262روپے ہوگئی ہے اور یوں مجموعی طور پر 20روپے کمی کی گئی ہے۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 12روپے کی کمی ہوئی تھی اور مزید 5روپے کمی کی گئی ہے اور 150روپے 68روپے قیمت تھی اب 147روپے 68 پیسے نئی قیمت ہوگئی ہے،یوں لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں مجموعی طور پر17روپے کی کمی کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ مٹی کے تیل کی قیمت 164روپے 7پیسے برقراررکھی گئی ہے اس میں کوئی ردو بدل نہیں کیا گیا۔اسحق ڈار نے کہا کہ قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیاہے اوریہ قیمتیں 15جون کو رات 12بجے تک ملک بھر میں برقرار رہیں گی۔

چینی صدر شی کی اپنی 100 کمپنیوں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کر نے کی ہدایت

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی ، اصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ چینی صدر شی نے اپنی 100 کمپنیوں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کر نے کی ہدایت کر دی ہے ،چین کا بیلٹ اینڈ روڈ اور پاکستان کے وڑن 2025 کو ملا کر چین اور جنوبی ایشائی ملکوں کو ملانے کا منصوبہ ہے، پاکستان خطے کی تین ارب آبادی کا مرکز بن سکتا تھا،

سی پیک میں 3 سال کے اندر 29 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی،وقت آ گیا ہے ہم تمام پاکستانیوں کو آگے لا کر ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا موقع دیں۔ بدھ کو لیڈرز ان اسلام آباد سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منا رہا ہے مگر اپنے اہداف سے بہت دور ہیں، جب حکومت میں پہلی مرتبہ آیا تو ملک 50 ویں سالگرہ منا رہا تھا،

ہم ملائشیاء گئے وژن 2020 کا جائزہ لینے گئے تو پتہ چلا کہ انہون نے پاکستان سے سیکھا ہے،جب بھی پاکستان کی اشرافیہ کے پاس گئے تو وہ کہتے تھے کہ ملک گیا آج گیا یا کل گیا۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے غریب اور عام آدمی کے پاس خواب تھا کہ پاکستان مشکل سے نکل جائیگا۔انہوںنے کہاکہ 1998 میں پاکستان کی توانائی اضافی تھی، وژن 2010 میں کہا تھا کہ 2006 میں بجلی کی قلت ہوگی ،سال 2008 میں ملک کے اندر بجلی کی قلت انتہائی تھی اور 18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے سب سے بڑا گیم چینجر پاکستان چین اقتصادی راہدری سامنے آیا ،سی پیک ایک ایسا کیچ تھا جس کو ہم نے چھوڑ دیا تو تاریخ ہمیں درے لگائے گی۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان نے 1960 کی دہائی میں موقع گنوایا جب ہم آئندہ کا جاپان کہلاتے تھے مگر 1965 کی جنگ کے بعد آگے نہ بڑھ سکے،پاکستان کے پاس دوسرا موقع 1991 میں تھا۔ سب سے پہلے معاشی اصلاحات جنوبی ایشیا میں متعارف کرائی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے معیشت کو لبرائزیشن اور ڈی ریگولیشن اور نجکاری کو اپنایا، من موہن سنگھ نے سرتاج عزیز سیاس ایس آر او کی کاپی مانگی جس پر اصلاحات کی تھیں بھارت نے وہی اپنایا۔ انہوںنے کہاکہ 1990 کی دھائی میں ہم نے اقتدار کی میوزیکل چیئر کھیلی اور اصلاحات میں پیچھے رہ گئے، سی پیک نے پاکستان کو تیسرا موقع فراہم کیا، چین کا بیلٹ اینڈ روڈ اور پاکستان کے وژن 2025 کو ملا کر چین اور جنوبی ایشائی ملکوں کو ملانے کا منصوبہ ہے،پاکستان خطے کی تین ارب آبادی کا مرکز بن سکتا تھا۔

احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک میں 3 سال کے اندر 29 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی،چینی صدر شی نے اپنی 100 کمپنیوں کو ہدایت کی کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں ۔ انہوںنے کہاکہ 18۔ 2017 میں یہ عالم تھا کہ امریکی، برطانیہ، اور دیگر ملکوں کے سفیر مجھے سے سی پیک میں شامل ہونے کا کہتے۔احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کرکٹ کی بال والا کیچ نہیں فٹبال کا کیچ تھا وہ ڈراپ کردیا،گذشتہ چار سال میں، گذشتہ حکومت نے چین کو کہا کہ سی پیک میں مہنگے قرضے دیئے ، وزیروں کو رشوت دی ہے،

میرے خلاف اور شہباز شریف پر بیہودہ الزام لگائے اور سی پیک کو اسکینڈل بنایا گیا، چین کوناراض کیا گیا اور ایک ایک کر کے ساری کمپنیاں پاکستان سے جانا شروع ہوگئیں، احسن اقبال نے کہا کہ مجھے گولی ماری گئی مگر اپنی پارٹی نہیں چھوڑی، ہم نے ناروال جیسے ضلع میں کرکٹ سٹیڈیم بنایا،ہمیں سوچنا پڑے گا کہ ہم نے کس سمت جانا ہے،آج کوئی ایک ادارہ پاکستان کو موجودہ حالت نہیں نکال سکتا،اگر کوئی حل ہے تو وہ متحد ہو کر ہی نکل سکتا ہے،ہم نے 75 سالوں میں اس لئے مار کھائی کہ ہمارے پاس ایکسپورٹ سیکٹر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ کمپنیاں جو ڈالر کماتی ہیں انہیں سپورٹ کیا جانا چاہیے،اس سال پاکستان نے بدترین موسمیاتی تبدیلی کا سامنا کیا،واٹر سکیورٹی اور فوڈ سکیورٹی پر کام جاری ہے،تاکہ ہم سمارٹ ایگریکلچر کی طرف جائیں،2035 پر ہم ایک رپورٹ جاری کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سوچ کے ساتھ ہمیں اپنا چوائس بھی ٹھیک کرنا ہو گا ،وقت آ گیا ہے کہ ہم تمام پاکستانیوں کو آگے لا کر ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا موقع دیں۔

جلائو گھیرائو توڑ پھوڑ کیس،محمود الرشید کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم

لاہور ( این این آئی) انسداد دہشت گردی عدالت نے جلائو گھیرائو اور توڑ پھوڑ کیس میں تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔انسدادِ دہشتگردی عدالت لاہورمیں تھانہ شادمان میں جلائو گھیرائو اور توڑ پھوڑمقدمہ کیس کی سماعت ہوئی۔

میاں محمود الرشید کو 2روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد پیش کیا گیا۔تفتیشی افسرانسپکٹرشوکت نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ تاہم عدالت نے محمودالرشید کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔ عدالت نے محمود الرشیدکو14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کاحکم دیدیا۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کا (ق)لیگ میں شمولیت کا امکان

مظفر آباد (این این آئی)آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی مسلم لیگ (ق)میں شمولیت کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ق)کے صدر چوہدری سرور سے سردار تنویر الیاس نے ملاقات کی ہے جس میں دونوں رہنماوں نے مستقبل میں بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے انہوں نے کہا کہ دیکھ رہے ہیں اکٹھے چل کر کیسے قوم کیلئے بہتری لاسکتے ہیں، سیاسی عدم استحکام سے معیشت تباہ ہو گئی ہے۔

پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ کئی گنا بڑھ گیا ہے،حماد اظہر

اسلام آباد (این این آئی)پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر خزانہ حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ کئی گنا بڑھ گیا ہے۔ایک بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ رجیم چینج کے بعد سے افراط زر کی شرح 3 گنا بڑھ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرنسی 14 ماہ میں ڈالر کے مقابلے میں 100 روپے سے زیادہ نیچے گری، پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ کئی گنا بڑھ گیا ہے۔سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ جب سے ہم نے حکومت چھوڑی ہے قرض لینے کی شرح دگنی ہوگئی ہے۔