All posts by mshijazi

وفاقی حکومت کا عالمی مارکیٹ سے پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری سے متعلق اہم فیصلہ

اسلام آباد(این این آئی) وفاقی حکومت نے عالمی مارکیٹ سے پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری سے متعلق اہم فیصلہ کرلیاہے۔ذرائع کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیاں پاکستانی پورٹس پر خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات خرید سکیں گی،غیرملکی آئل سپلائر کمپنیاں خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات پاکستانی پورٹس پر بانڈڈ اسٹوریج میں رکھیں گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کسٹم بانڈڈ ویئر ہاؤس پالیسی کی سمری ای سی سی میں پیش کرنے کی منظوری دے دی۔ذرائع نے بتایا کہ نئی پالیسی سے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پربینک چارجز اور دیگر اخراجات ختم ہوجائیں گے اور نئی پالیسی سے ریفائنریوں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو سستے دام پر تیل مل سکے گا۔

ذرائع کے مطابق عالمی بینکوں کے رویے اور زرمبادلہ کی کمی کے پیش نظر نئی پالیسی تیار کرلی گئی، ملکی کرنسی میں بھی پیٹرولیم مصنوعات خریدی جاسکیں گی، غیر ملکی آئل سپلائرز شیڈولڈ بینکوں میں صرف ایل سی کھلنے پر پیٹرولیم مصنوعات ریلیز کردیں گے۔ذرائع کے مطابق بانڈڈ اسٹوریج کی سہولت سے پاکستان کی اسٹریٹیجک آئل اسٹوریج ممکن ہوجائے گی۔

نپولین کو نئی راہ دکھانے والی چیونٹیوں کے بارے میں نئے انکشاف سے سائنسدان حیران

واشنگٹن (این این آئی )سائنسدانوں کی ایک ٹیم چیونٹیوں کے بارے میں اس نئے انکشاف سے حیران رہ گئی کہ وہ اپنے ٹھکانے پر واپسی کا راستہ جانتی ہیں۔ ایک تحقیق کے نتیجے میں یہ ظاہر ہوا کہ جب وہ کالونی سے باہر خوراک کی تلاش میں جاتی ہیں تو ان خاص نشانیوں کے مدد سے واپسی کا رستہ ڈھونڈ لیتی ہیں جنہیں وہ خود بناتی ہیں۔

امریکن جرنل آف کرنٹ بایولوجی میں شائع ہونے والی یہ جدید تحقیق پچھلے مفروضوں کو کمزور کرتی ہے کہ چیونٹیوں کے گروہ سورج کو اپنی نقل و حرکت کے لیے استعمال کرتے ہیں، یا فاصلوں کی پیمائش کے لیے اپنے قدموں کو گنتے ہیں یا وہ سونگھنے کی حس پر انحصار کرتے ہیں۔ٹیم نے اپنی تحقیق میں چیونٹیوں کی کیٹگلیفس فورٹس نوع کا مطالعہ کیا، جسے عربی میں صحرا کی چیونٹی کہا جاتا ہے۔

جو تیونس میں سالٹ پینز کے قریب ہموار اور بے نشان سطح پر پھیلی ہوئی ہے۔یہ عام طور پر خوراک کی تلاش میں کالونی سے باہر صحراں میں لمبا فاصلہ طے کرتی ہیں، حالانکہ راستے پر کوئی قدرتی نشان نہیں ہوتا اور ان کے پاں کے نیچے زمین کا درجہ حرارت شدید تر ہوتا ہے، جو بعض اوقات یہ 60 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔تاہم جس بات نے ہمیشہ سائنسدانوں کا تجسس بڑھایا اور انہیں حیران کیا وہ یہ ہے کہ جب ان چیونٹیوں کو کھانے یا محفوظ کرنے کے لیے کوئی شے ملتی ہے، تو وہ آسانی سے واپس اپنے ٹھکانے پر آپہنچتی ہیں۔

تیونس میں ٹیم نے یہ بھی دیکھا کہ چیونٹیاں اپنی کالونیوں کو اس طرح ڈیزائن کرتی ہیں جو ان کے جغرافیائی محل وقوع کے مطابق ہو۔اس ٹیم کے محقق اور برلن کے میکس پلانک انسٹی ٹیوٹ کے سائنسدان، ڈاکٹر مارکس کنیڈن، ایک ارتقائی ماہر حیاتیات ہیں جو 25 سال سے صحرائی چیونٹیوں کا مطالعہ کر رہے ہیں۔ان کے مطابق سالٹ پینز حہاں یہ رہتی ہیں، اس میں کوئی نمایاں خصوصیات نہیں تھیں۔ مگر کالونیوں کے داخلی راستوں پر کچھ انتہائی چھوٹے ٹیلے نمودار ہوئے، ان میں سے کچھ 40 سینٹی میٹر کی اونچائی تک پہنچ گئے۔

سائنسدانوں کی رائے ہے کہ چیونٹیاں خود رستوں پہ یہ نشانات اور ٹیلے رستہ پہچاننے کے لیے بناتی ہیں۔لیکن جب سائنس دانوں نے نشانیوں سے خالی ماحول میں چیونٹیوں کے بنائے ہوئے ٹیلوں کو ہٹا دیا تو کم تعداد میں چیونٹیاں اپنا صحیح راستہ تلاش کر پائیں، اور جتنی جلدی ممکن ہو سکے نشانات کو دوبارہ بنانا شروع کر دیتی ہیں۔ایک اور تجربے میں، سائنسدانوں نے کالونی کے داخلی راستوں کے قریب چھوٹے سیاہ سلنڈروں سمیت مصنوعی نشانات لگائے، پھر ان ٹیلوں کو ہٹا دیا جو چیونٹیوں نے بنائے تھے۔

مگر چیونٹیوں نے دوسرے نئے نشانات نہیں بنائے اور مصنوعی نشانات کی مدد سے رستہ ڈھونڈ لیا۔تحقیق میں جرمن انسٹی ٹیوٹ سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر ماریلیا فریرے لکھتی ہیں کہ ہم نے دیکھا کہ صحرائی چیونٹیاں ہمارے پہلے کی معلوم حد سے کہیں زیادہ فاصلہ طے کرنے کے قابل ہوتی ہیں، یہ روزانہ دو کلومیٹر سے زیادہ سفر طے کرتی ہیں۔تاہم، ہم نے موت کی شرح میں غیر متوقع اضافہ بھی دیکھا، جب کالونی کے باہر خوراک کی تلاش کرنے والی 20 فیصد چیونٹیوں کو طویل فاصلہ طے کرنے کے بعد بھی راستہ نہیں ملا تو وہ ہماری آنکھوں کے سامنے مر گئیں۔

ہمیں تاریخ سے ایک واقعہ بھی سائنسدانوں کے نظریہ کی حمایت کرتا نظر آتا ہے کہ جب نپولین بونا پارٹ ایک جنگ تقریبا ہار گیا اور فوج اور سازوسامان کے ضیاع کے بعد ایک جگہ بیٹھ کر سوچنے لگا تو ایک چیونٹی کو رینگتے ہوئے دیکھا جسے نپولین نے اپنی انگلی سے روکنے کی کوشش کی لیکن اس نے ہمت نہ ہاری اور ہر بار خاص سمت میں آگے بڑھنے کی کوشش کرتی رہی۔نپولین کو چیونٹی سے تحریک ملی ، اس نے اپنی فوج کو دوبارہ جمع کیا اور بغیر رستہ بدلے مخالف فرج پر حملہ کیا اور چیونٹی کی طرح فتح حاصل کی۔

پنجاب پولیس نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جھوٹی تصاویر اور ویڈیوز کی حقیقت عیاں کر دی

لاہور( این این آئی)پنجاب پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 9 مئی سے متعلق وائرل تصاویر اور ویڈیوز کو جھوٹا پروپیگنڈہ قرار دے دیا۔پنجاب پولیس نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جھوٹی تصاویر اور ویڈیوز کی حقیقت عیاں کر دی اور تمام پرانی تصاویر اور ویڈیوز سے متعلقہ واقعات کے اصل حقائق عوام کے سامنے رکھ دئیے۔

تفصیلات کے مطابق متعدد تصاویر اور ویڈیوز کئی ماہ پہلے واقعات پر مبنی ہیں جنہیں 09 مئی سے جوڑ کر جھوٹا پروپیگنڈہ کیا گیا ہے۔ کے پی کے، سندھ اور ٹریننگ اداروں میں پیش آنے والے واقعات کی تصاویر کو غلط انفارمیشن کے ساتھ شیر کیا گیا اور اس منظم کمپین کا مقصد شہریوں کو گمراہ کرکے پنجاب پولیس کو بدنام کرنا تھا تاہم پنجاب پولیس کے بروقت رسپانس کے باعث جھوٹا پروپیگنڈہ زائل ہو گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ جھوٹے پروپیگنڈہ میں ملوث تمام اکاؤنٹس کے خلاف سائبر کرائم قوانین کے تحت کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور قومی اداروں پر الزام تراشی میں ملوث شرپسندوں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔

لوگ پولیس، رینجرز کی وردیوں میں بندے اٹھا رہے ہیں، کسی کو پروا نہیں، ہائی کورٹ

اسلام آباد (این این آئی)سابق مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کے بھائی مراد اکبر کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے ہیں کہ لوگ پولیس اور رینجرز کی وردیوں میں بندے اٹھا رہے ہیں اور کسی کو پروا ہی نہیں۔

سابق مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کے بھائی مراد اکبر کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت اسلام ا?باد ہائی کورٹ میں جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔عدالتی حکم پر ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد بخاری اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون، لاپتا مراد اکبر کے وکیل قاسم ودود عدالت میں پیش ہوئے، ایس پی نوشیروان اور ڈی ایس پی لیگل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

ایڈووکیٹ جنرل نے درج مقدمے کی تفصیل عدالت میں پیش کیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ یہ بتائیں جو لوگ آئے وہ نہ سی ٹی ڈی کے نہ رینجر کے تھے، یہ کنفرم کریں، جس پر ڈی ا?ئی جی نے بتایا کہ جی بالکل ان میں سے کوئی نہیں تھا۔عدالت نے پوچھا کہ فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کون ہے، ڈی ا?ئی جی نے عدالت کو بتایا کہ جی بالکل ہم اس کو دیکھیں گے عدالت ہمیں وقت دے۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر گاڑیاں اور افراد کا تعین ہوگیا تو اس کے نتائج ہوں گے، اتنے لوگ جب سی ٹی ڈی اور رینجرز کی وردی میں آئیں گے تو یہ شیم فل ایکٹ ہوگا۔جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ کروڑوں روپے سیف سٹی پر لگ گئے، لوگوں کی ذاتی ویڈیوز بنا بنا کر اپلوڈ کردیتے ہیں لیکن چور اور ڈاکوؤں کو نہیں پکڑتے۔عدالت نے استفسار کیا کہ کہاں ہیں ڈی جی رینجرز؟ وزارت دفاع سے کون ہے۔

عدالت نے ڈی جی رینجرز کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر ڈی جی رینجرز کے خلاف شوکاز نوٹس جاری کروں گا، وہ ذمہ دار ہیں اگر ان کی وردی استعمال ہو رہی ہے تو۔انہوںنے کہاکہ اسلام آباد کے اندر اتنے لوگوں نے مل کر ایک بندے کو اٹھایا، پولیس، رینجرز اور سی ٹی ڈی کی وردی میں لوگ آکر بندہ لے گئے۔فاضل جج نے استفسار کیا کہ کیا وہ جعلی لوگ تھے، آپ نے پرچہ کیوں نہیں درج کیا؟

پولیس اور رینجرز کی وردی میں چوریاں ہو رہی ہیں۔اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ پہلے رینجرز کو ڈائریکشن نہیں تھی، جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ میں ابھی آرڈر کر دیتا ہوں سمجھ لگ جائے گی سب کو۔جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ ورنہ اسلام آباد میں نہ آئی جی کو رہنے کا حق ہے نہ کسی اور کو، ڈی جی رینجرز کو پتا ہونا چاہیے تھا کہ ان کی وردی اگر استعمال ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ پولیس اور رینجرز کی وردیوں میں بندے اٹھا رہے ہیں اور کسی کو پروا ہی نہیں۔

عدالت نے وزارت دفاع کے نمائندے کو ہدایت کی کہ ڈی جی رینجرز کو کہیں آئندہ سماعت پر خود آئیں۔جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ اس کا اثر آئے گا۔عدالت نے سیکریٹری داخلہ، ڈی جی رینجرز کو پیر (5 جون) کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔عدالت نے کہا کہ اپنی اپنی ایف آئی آر لے کر آئیے گا، اپنے اپنے ادارے کی وردی آپ نے بچانی ہے، میں پھر ان سے پوچھوں گا کہ اسلام آباد میں آپ اپنی وردی کیوں نہیں سنبھال سکتے؟جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ آرڈر کا مقصد آئندہ اصلی وردی والوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے، اگر آپ اس طرح کام نہیں کرسکتے تو آپ لوگ گھر چلے جائیں، اگر عمل درآمد نہ ہوا تو وزیر اعظم کو بلاؤں گا۔عدالت نے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔

سنجیدہ مذاکرات صرف وزیر اعظم شہباز شریف سے ہوسکتے ہیں، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (این این آئی)وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تحریک اور حکومت کے درمیان مذاکرات صرف وزیر اعظم شہباز شریف کے ذریعے ہوسکتے ہیں۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ اگر سنجیدہ مذاکرات چاہتے ہیں تو وہ صرف وزیراعظم جناب شہبازشریف سے ہی ہو سکتے ہیں۔

دریں اثنا انھوں نے وضاحت کی ہے کہ پرویز الہی کے خلاف کیس نو مئی کے واقعات پر مبنی نہیں بلکہ ان کی بطور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب مبینہ بدعنوانی سے متعلق ہے۔انہوںنے کہاکہ کیس تحریک انصاف سے علیحدگی والا نہیں ہے۔

پرویز الٰہی نے بطور وزیر اعلیٰ اپنے حالیہ دور میں بہت کرپشن کی اور فرح گوگی والا کام بڑے دھڑلے سے کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ ٹھیکوں میں 10 فیصد کمیشن اور گرین لینڈ کو براؤن لینڈ کروا کر اربوں روپے کمائے، جہاز کے ذریعے (ان کے بیٹے) مونس الٰہی نے ڈالرز بیرون ملک منتقل کیے۔

اردنی ولی عہد الحسین اور سعودی شہری رجوہ آل سیف شادی کے بندھن میں بندھ گئے

عمان(این این آئی )اردن کے ولی عہد الحسین بن عبداللہ الثانی سعودی شہری رجوہ آل سیف سے شادی کے بندھن میں بندھ گئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب دارالحکومت عمان کے قصر زہران میں منعقدہ ہوئی ۔اس میں امریکی خاتون اول جل بائیڈن، برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ اور قطر کی شیخہ موزہ بنت ناصر، بیلجیئم، اسپین، ڈنمارک، نیدرلینڈز اور جاپان کے شاہی خاندانوں کی شخصیات نے شرکت کی ۔

اس کے بعد نیا شاہی جوڑا ایک خصوصی سرخ موٹر قافلے میں دارالحکومت کی مرکزی شاہراہ سے الحسینیہ محل کے لیے روانہ ہوا۔ محل کے احاطے میں شاہ عبداللہ دوم کے دفاتر ہیں۔ نو بیاہتا جوڑے کو ایک فوجی بینڈ کے ساتھ لے جایا گیا اور دارالحکومت کی شاہراہوں سے گذارہ گیا تھا۔شہزادہ حسین اور رجوہ آل سیف کھلی چھت والی گاڑی میں کھڑے تھے اور سڑک کے کنارے موجود خیر خواہوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہاتھ ہلا رہے تھے۔

سرخ موٹر قافلے کی تاریخ ملک کے بانی شاہ عبداللہ اول سے جڑی ہوئی ہے۔ وہ سفید گھوڑوں کے جلوس پر اہم تقریبات میں پہنچتے تھے۔ ان کے ساتھ نیلے رنگ کی پتلون اور سرخ بلیزر میں ملبوس سوار ہوتے تھے۔اب ان کی جگہ آٹھ روشن سرخ لینڈ روور گاڑیوں اور 11 موٹر سائیکلوں پر مشتمل موٹر قافلے کو خصوصی مواقع پر استعمال کیا جاتا ہے۔ موٹر قافلے کے ارکان اردن کی فوجی وردی اور قومی سرخ اور سفید لباس پہنتے ہیں، جسے عربی میں شیمغ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

ملک بھر میں شادی کی تقریب کو براہ راست دیکھنے کے لیے بڑی اسکرینوں کے سامنے لوگ جمع ہو رہے تھے اور بہت سے شرکا جھنڈے لہرا رہے تھے اور اردن کے حکمران خاندان ہاشمیوں کی جانب سے پہنے گئے سفید اور سرخ رنگ کے اسکارف پہنے ہوئے تھے۔عمان کے وسط میں واقع قدیم رومن ایمفی تھیٹر میں اردن کے گلوکار حسین سلمان نے شادی پر مبارک باد کے گانوں سے لوگوں کو محظوظ کیا۔

چھے ہزار نشستوں پر مشتمل یہ تھیٹر قریبا مکمل طور پر بھرا ہوا تھا، جہاں خاندانوں نے گانا گایا اور بچوں نے اپنے گالوں پرجشن حسین پینٹ کیا اور تالیاں بجائیں۔اردن کے دارالحکومت عمان میں برسوں میں ہونے والی سب سے بڑی شاہی تقریب کے حوالے سے جوش و خروش پایا جارہا تھا جہاں الحسین اور ان کی دلھن کی مبارک باد کے بینرز بسوں کی زینت بنے ہوئے ہیں اور پہاڑیوں کی گلیوں میں لٹک رہے ہیں۔

سعودی عرب نے حج کے لیے سب سے بڑے آپریشنل پلان کا آغاز کردیا

ریاض (این این آئی)حرمین شریفین کے امور کی صدارت نے اس سال کے حج سیزن کے لیے اپنا سب سے بڑا آپریشنل پلان شروع کردیا۔ یہ منصوبہ کورونا وبا کے خاتمے کے بعد لاکھوں کی تعداد میں حجاج کرام کی واپسی کے تناظر میں بنایا گیا ہے۔

اس میںدو مقدس مساجد کے امور کے جنرل صدر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کو منعقد میڈیا فورم کے دوران آپریشنل پریذیڈنسی پلان کے مندرجات کا انکشاف کیا۔ اس پلان میں سٹرٹیجک اہداف سے متعلق کئی اہم محوروں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

اس موقع پر وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق رابعہ بھی موجود تھے۔اور جنرل صدر نے اشارہ کیا کہ یہ آپریشنل منصوبہ ان عظیم کامیابیوں اور طویل مدتی کامیابیوں کی توسیع ہے جو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ان کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں حرمین شریفین کے مہمانوں کو فراہم کی جانب والی تمام خدمات میں بہتری لاتی ہے۔

ڈاکٹر السدیس نے اس بات پر زور دیا کہ آپریشنل پلان کئی ستونوں پر مبنی ہے جن میں سب سے اہم اور مرکزی اہمیت اللہ کے گھر آنے والے مہمان کو حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل پریذیڈنسی اس سال کے اپنے منصوبے میں رضاکارانہ اور انسانی ہمدردی کے کاموں کو وقف کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ دو مقدس مقامات دنیا کی سب سے بڑی رضاکارانہ کمیونٹی ہیں۔ سعودی عرب کے نوجوان مرد و خواتین کی بڑی تعداد ضیوف الرحمن کی خدمت پر یقین رکھتی اور رضاکارانہ کاموں میں پیش پیش ہوگی۔

ڈاکٹر السدیس نے ایک مربوط سروس سسٹم کی فراہمی کا حوالہ دیا۔ اس سسٹم میں وہ تمام وہ مقامات شامل ہیں جن سے معزز مہمان گزرتا ہے۔ ان میں چھ علاقے اہم ہیں۔ یہ بیرونی صحن، نماز کے ہالز، صحن مطاف، سعودی دالان اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں ریاض الجن ہیں ۔انہوں نے واضح کیا کہ اللہ کے مہمانوں کو مقررہ جگہ پر سہولیات اور گردش کرنے والی سہولیات فراہم کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ کنگ عبدالعزیز کمپلیکس میں غلاف کعبہ کی تیاری، لائبریریوں اور ایوان صدر کی دیگر سہولیات شامل ہیں۔ ان سب سہولیات کا مقصد ضیوف الرحمن کے تجربے کو بہتر بنانا اور ان پر روحانی اثرات کو گہرا کرنے کی کوشش کرنا ہے۔

مصر میں حج کیلئے قرض کی پیشکش کے بعد حلال وحرام کی نئی بحث چھڑ گئی

قاہرہ(این این آئی)انتہائی حیرانی کے ساتھ ساٹھ سالہ عبدالفتاح سلامہ کو یہ خبر ملی کہ مصر کے متعدد بینکوں نے حج اور عمرہ کے مناسک ادا کرنے کے خواہشمندوں کو قرض دینے کی پیشکش کی ہے۔ تاہم عبدالفتاح سلامہ کا ماننا ہے کہ قرض پر بیت اللہ کی زیارت کا خواب پورا نہیں ہوگا کیوںکہ قرض کی اس رقم میں سود شامل ہے۔

میں جانا نہیں چاہتا اور میں مشکوک پیسوں سیحج کا فریضہ ادا نہیں کرسکتا۔میڈیارپورٹس کے مطابق چند لفظوں میں بزرگ نے مصریوں کی حالیہ دنوں کے دوران پیش آنے والے تنازعہ کی کیفیت کا خلاصہ بیان کردیا ہے۔ اس معاملے پر اس وقت مصرمیں عوامی اور مذہبی حلقوں میں بحث چھڑی ہوئی ہے۔ مذہبی اسکالرز کی طرف سے قرض پر حج کی ممانعت بیان کرتے ہیں تاہم بعض نے اس کے جواز میں بھی دلائل دیے۔

جب کہ معاشی تجزیہ کاروں کے پاس صرف اعدادو شمار کا گورکھ دھندہ ہی ہوتا ہے۔ مصری حکومت کے عہدیداروں کا خیال ہے کہ مہنگائی کے دور میں قرض پر حج یا عمرہ کے لیے قرض معاشی دبا کو کم کرسکتا ہے۔مصر کے متعدد بینکوں خاص طور پر مصر، دی یونائیٹڈ بینک اور فیصل اسلامک بینک آف مصر نے حج یا عمرہ کے مناسک ادا کرنے کے خواہشمندوں کو 17 فیصد سالانہ کی شرح سود پر بینک قرض کی پیشکش کی۔  انہیں یہ رقم 10 سال کی مدت میں واپس کرنا ہوگی۔تینوں بینکوں کے اعلان نے مصری معاشرے میں تنازع کو جنم دیا۔ یہ تنازع سوشل میڈیا پر مزید بحث کی شکل اختیار کرگیا ہے۔

اگرچہ بعض لوگوں نے بنکوں کی اس آفر کا خیر مقدم کیا ہے مگر زیادہ تر لوگ اس کو حج اور عمرہ کی مقدس عبادت کی روح کے منافی سمجھتے ہیں۔43 سالہ محمد فاروق ایک سرکاری ملازم ہیں مگران کا کہنا ہے کہ بنکوں سے سود پر قرض لے کرحج یا عمرہ کرنا خلاف منطق ہے۔ یہ عبادت ہے اور عبادت کے لیے ہمیں اپنی حلال کی کمائی میں سے پیسہ خرچ کرنا چاہیے۔ بنکوں سیقرض لے کرحج کرنا مناسب نہیں۔باسٹھ سالہ عبدالفتاح سلامہ ایک ریٹائرڈ ملازم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حج کے لیے قرضوں کا اعلان کرنا ایک غیر معقول مظہر ہے جس کا مصری اس وقت تجربہ کر رہے ہیں۔ صرف وہی لوگ کر سکتے ہیں۔

پاکستان میں پیاز کی پیداوار کے تناسب سے کون سا صوبہ سب سے آگے ہے؟ جانئے

مکوآنہ (این این آئی)پاکستان میں پیاز کی پیداوار کے تناسب سے سندھ پہلے، بلوچستان دوسرے، پنجاب تیسرے، خیبر پختونخوا چوتھے نمبر پر آگیا۔جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے بتایا کہ سندھ میں پیاز کی مجموعی پیداوار 39 فیصد، بلوچستان میں 35 فیصد، پنجاب میں 18 فیصد، خیبر پختونخواہ میں 8فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ پیاز کی پیداوار کے لحاظ سے ہمارا ملک نہ صرف خود کفیل ہو گیا ہے بلکہ پیاز کو دوسرے ممالک کو برآمد کرکے قیمتی زر مبادلہ بھی کمایا جا رہاہے۔ انہوں نے بتایاکہ رواں مالی سال کے دوران پیاز کی شاندار پیداوارکے باعث برآمد میں اضافہ کابھی امکان ہے۔

70سے زائد موجودہ اور سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے جہانگیر ترین کے ساتھ چلنے کی حامی بھر لی

لاہور( این این آئی)سینئر سیاستدان جہانگیر خان ترین سے وزیر اعظم کے مشیر ملک نعمان احمد لنگڑیال نے لاہور میں ملاقات کی ۔ جس میں مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں نئی پارٹی کے قیام اور نام کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔

علاوہ ازیں 70سے زائد موجودہ اور سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے سینئر سیاستدان جہانگیر ترین کے ساتھ چلنے کی حامی بھر لی ہے ،پارٹی کے قیام کے اعلان کے ساتھ ہی شمولیت کے رجحان میں مزید تیزی آئے گی ۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چھوڑنے والے رہنمائوں کی اکثریت نہ صرف سینئر سیاستدان جہانگیر خان ترین اور ان کے قریبی ساتھیوں سے رابطے میں ہیں بلکہ مستقبل میں ان کے ساتھ چلنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے ۔

ذرائع کے حوالے سے بتایا گیاہے کہ جہانگیر ترین کی جانب سے آئندہ ہفتے باضابطہ طور پر اپنی پارٹی کے قیام کا اعلان بھی متوقع ہے، جہانگیر ترین پارٹی کے قیام کا اعلان پریس کانفرنس میں کریں گے ۔ذرائع کے مطابق کچھ رہنما دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر بھی گامزن ہیں اور جیسے ہی جہانگیر ترین کی جانب سے سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کیا جائے گا شمولیت کے رجحان میں مزید تیزی آئے گی ۔ بتایا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی بھی جہانگیر ترین سے ملاقات کا امکان ہے جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا ہ اور سندھ سے پی ٹی آئی کی سابقہ قیادت نے بھی جہانگیر ترین کو حمایت کا یقین دلا دیا ہے، بتایا گیا ہے کہ فواد چودھری بھی جہانگیر ترین سے رابطے میں ہیں۔

چودھری پرویز الٰہی کرپشن کے مقدمے سے ڈسچارج، دوسرے مقدمے میں دوبارہ گرفتار

لاہور ( این این آئی) لاہور کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے مقدمے سے ڈسچارج کر دیا جس کے فوری بعد اینٹی کرپشن نے دوسرے مقدمے میں انہیں گرفتار کر لیا ۔

ضلع کچہری لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضی ورک نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی جانب سے پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔پرویز الٰہی کو بکتر بند گاڑی میں عدالت تک پہنچایا گیا جہاں وہ سہارے کے ساتھ اندر گئے۔اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے عدالت سے چوہدری پرویز الٰہی کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔

سرکاری وکیل غلام صلاح الدین نے موقف اختیار کیا کہ پرویز الٰہی سے تفتیش کرنا درکار ہے، انہوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے خزانے کو نقصان پہنچایا۔دستاویزات ریکور کرنی ہیں اور دیگر شریک ملزمان کی گرفتاری بھی کرنی ہیں، جو ادائیگیاں ہوئی وہ اور جو جو کمیشن لیا گیا اسے بھی ریکور کرنا ہے۔

سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بوگس کمپنیوں کو غیر قانونی طور پر ادائیگیاں کی گئی، پراجیکٹ کو منظوری سے پہلے جاری کر دیا گیا، بولیاں بھی منظوری سے پہلے مانگی گئیں۔سرکاری وکیل کے پرویز الٰہی کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر دلائل مکمل ہونے کے بعد اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے وکیل نے دلائل کا آغاز کیا۔

وکیل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے کہا کہ 17، 22 اور 57کلومیٹر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت میں بوگس ادائیگیاں کی گئی ہیں۔انہوں نے موقف اختیار کیا کہ لالہ موسیٰ، سمیت دیگر علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر مرمت کے غیر قانونی ٹھیکے دیئے گئے۔سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ چودھری پرویز الٰہی سے مزید تفتیش درکار ہے عدالت جسمانی ریمانڈ فراہم کرے۔

وکیل پرویز الٰہی رانا انتظار نے کہا کہ تمام منصوبوں سے متعلق فنڈز مختص کرنے سے لے کر جاری کرنے تک کی تمام دستاویزات موجود ہیں۔وکیل نے کہا کہ فرضی اور بوگس کاغذات تیار کرنے کا الزام لگایا گیا ہے لیکن ایک بھی بوگس کاغذ عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، یہ تو جو ان کی بات نہ مانے اس کے خلاف کیس کر دیتے ہیں۔ایڈووکیٹ انتظار حسین کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے بڑی کوشش کی آپ کو تبدیل کروانے کی کیونکہ آپ ان کے لیے اچھے نہیں ہیں۔

فاضل جج نے کہا کہ میرے پاس فائل آنی ہے، آپ لوگوں کے دلائل سننے کے بعد قانون کے مطابق فیصلہ کر دینا ہے، میں نے فیصلے میں اپنی طرف سے کوئی چیز نہیں ڈال دینی تھی۔وکیل پرویز الٰہی نے کہا کہ اب تو اینٹی کرپشن والے نیا قانون لا رہے ہیں، جج بھی ان کا اپنا افسر ہوا کرے گا، جس پر جج نے کہا کہ ان کی اپنی مرضی ہے جو مرضی کریں۔وکیل نے دلائل دیتے ہوئے مزید کہا کہ 17جنوری 2023ء کو 36 کروڑ کی ادائیگی ہوئی اس وقت محسن نقوی وزیر اعلی تھے تو ان کو بھی پکڑیں، اینٹی کرپشن کا افسر ٹیکنیکل انکوائری کر رہا ہے جو قانونی ہے، ٹیکنیکل رپورٹ ایس این ڈبلیو ہی تیار کر سکتا ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ڈیپوٹیشن پر کسی ڈپارٹمنٹ سے آیا ہوا بندہ اپنے مین ڈپارٹمنٹ سے متعلق انکوائری کر سکتا ہے؟۔ اینٹی کرپشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت کسی بھی معاملے کی انکوائری رولز کے تحت شروع کر سکتی ہے، قانونی طریقہ کار اختیار کر کے چودھری پرویز الٰہی کو گرفتار کیا گیا۔عدالت نے استفسار کیا کہ جب بجٹ منظور ہوتا ہے تو کیا اسی وقت یہ طے نہیں کیا جاتا کہ اتنے فنڈز فلاں ضلع کے لیے ہیں؟ ۔جس پر اینٹی کرپشن کے وکیل نے بتایا کہ کس ضلع کو کتنا فنڈ دینا ہے یہ کابینہ کا اختیار ہے۔

بعدازاں جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضی ورک نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد چودھری پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضی نے پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ناکافی شواہد کی بنا پر انہیں کرپشن کے مقدمے سے ڈسچارج کردیا۔عدالت نے ہدایت کی کہ چوہدری پرویز الٰہی اگر کسی مقدمے میں مطلوب نہیں تو فوری رہا کیا جائے۔دوسری جانب ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے چوہدری پرویز الٰہی کو دوبارہ گرفتار کر لیا ہے،پرویز الٰہی کے خلاف کرپشن کے الزامات پر اینٹی کرپشن گوجرانولہ میں مقدمہ درج ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کرپشن کے مقدمے میں ڈسچارج کرنے کے فیصلے کے خلاف بھی اپیل میں جائے گی،ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پرویز الٰہی کے مقدمے میں بہت سے اہم نکات کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ صدر تحریک انصاف پرویز الٰہی کے خلاف کرپشن کے مختلف الزامات میں انکوائریاں جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن کی جانب سے پرویز الٰہی کو راہداری ریمانڈ لیکر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کے حوالے کیا جائے گا اور وہیں منتقل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ صدر پی ٹی آئی پرویز الٰہی کی رہائش گاہ کا ایک ہفتے تک جاری رہنے والے محاصرے کے بعد یکم جون کو انسداد بدعنوانی اسٹیبلشمنٹ کی ایک ٹیم اور پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔اے سی ای کے مطابق پرویز الٰہی اختیارات کے ناجائز استعمال اور ترقیاتی فنڈز میں غبن سے متعلق کیس میں مطلوب تھے۔نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے دعوی کیا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما نے گرفتاری کے خلاف مزاحمت کی تاہم پولیس نے ان کی گاڑی کی اگلی کھڑکی توڑ کر انہیں گرفتار کرلیا۔اس سے قبل اپریل کے اختتام پر بھی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی ٹیم نے سابق وزیر اعلی پنجاب کی گلبرگ رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا جس کے دوران گھر کا مرکزی گیٹ توڑنے کے لیے بکتر بند گاڑی کا استعمال کیا تھا۔تاہم پولیس اور اے سی ای انہیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی، البتہ چھاپے کے دوران اہلکار چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ میں بھی داخل ہوئے، اس دوران مزاحمت پر کچھ افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

جہانگیر ترین کی نئی سیاسی پارٹی کا نام کیا ہو گا فیصلہ جلد متوقع

اسلام آباد (این این آئی)سینئر سیاستدان جہانگیر ترین کی نئی سیاسی پارٹی کا نام کیا ہو گا فیصلہ جلد متوقع ہے ۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کی جانب سے اپنی سیاسی پارٹی کے نام کا اعلان تاحال نہیں ہوسکا ،جہانگیر ترین سیاسی پارٹی کے نام کا فیصلہ ہونے کے بعد جماعت کی رجسٹریشن کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کریں گے،جہانگیر ترین کی قانونی ٹیم کی نئی سیاسی جماعت کی رجسٹرشن کے لیے الیکشن کمیشن آنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ۔جہانگیر ترین کی قانونی ٹیم سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کے لیے جمعہ کو دو بجے الیکشن کمیشن پہنچنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔