All posts by mshijazi

ملائیشیا میں روکے گئے پی آئی اے کے طیارے کو وطن واپسی کی اجازت مل گئی

کوالالمپور/کراچی (این این آئی)ملائیشیا کی عدالت نے کوالالمپور میں روکے گئے قومی ایئر لائن پی آئی اے کے طیارے کو وطن واپسی کی اجازت دے دی،عدالت نے طیارے کو روکنے کا حکم کو معطل کر دیا، پی آئی اے کی لیگل ٹیم نے 3 دن میں عدالتی حکم کو معطل کروا کے طیارہ واگزار کروا لیا۔

ذرائع کے مطابق 26 مئی کو ملائیشیا کی مقامی عدالت نے بغیر پی آئی اے کو طلب یا نوٹس کیے طیارہ روکنے کے احکامات جاری کیے تھے۔طیارہ روکنے کے احکامات 29 مئی کو طیارے کی روانگی سے چند منٹ قبل پی آئی اے اور ایئر پورٹ حکام کو وصول کروائے گئے۔پی آئی اے کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مقامی عدالت نے جمعے کو طیارہ روکنے کے حکم کو پی آئی اے کے حق میں ختم کر دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا طیارہ کال سائن 6893 کے ساتھ فیری فلائٹ (مسافروں کے بغیر) پرواز کر کے واپس آئے گا، بھارتی فضائی حدود میں داخلے کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے طیارہ ابھی تک پرواز نہیں کر سکا۔بھارتی ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کے طیارے کو بھارتی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی، بھارتی حدود میں داخلے کی اجازت نہ ملنے سے طیارے کی روانگی میں مسلسل تاخیر ہوئی۔طیارے کی روانگی کا وقت دو مرتبہ تبدیل کیا گیا ابھی بھی حتمی وقت نہیں ملا، بھارتی حکام خالی طیارے کو فضائی حدود میں داخلے کی اجازت دینے کے لیے پی آئی اے سے وضاحت چاہتے ہیں۔

پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیارے کو مسافروں کے بغیر پرواز کر کے وطن واپس آنا ہے، پی آئی اے حکام اجازت کے لیے بھارتی ایوی ایشن سے مسلسل رابطے میں ہیں، اجازت کے بعد توقع ہے کہ طیارہ ہفتے کی رات کوالالمپور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو جائے گا۔ پی آئی اے ترجمان نے کہا کہ ملائیشیا کی عدالت نے لیزنگ کمپنی کی درخواست پر پی آئی اے کے طیارے کو کوالالمپور ایئر پورٹ پر روک لیا تھا، طیارہ 29 مئی سے کوالالمپور ایئر پورٹ پر کھڑا ہے۔پی آئی اے اور آئرش لیزنگ کمپنی کے درمیان طیارے کے انجن کی لیز فیس کا تنازع ہے، بوئنگ 777 ملائیشیا کی عدالت کے حکم پر روکے جانے سے پی آئی اے کو لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہوا۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مختلف اشیاء پر ٹیکس بڑھانے اور برقرار رکھنے کی تجویز

اسلام آباد (این این آئی)آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مختلف اشیاء پر ٹیکس بڑھانے اور برقرار رکھنے کی تجویز ہے۔ذرائع ایف بی آر کے مطابق آئندہ بجٹ میں بچوں کے امپورٹڈ دودھ پر سیلز ٹیکس بڑھانیکی تجویز ہے جس کے تحت امپورٹڈ ڈبے کے دودھ پر سیلز ٹیکس 12 سے بڑھا کر 18 فیصد کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈبے میں بند گوشت اور مچھلی پر سیلز ٹیکس 18 فیصد کرنے کی تیاریاں جارہی ہیں جبکہ ڈبے میں بند مرغی اور اس کی دیگر اشیاء پر بھی سیلز ٹیکس 18 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔ ذرائع کے مطابق روز مرہ استعمال کی اشیاء پر سیلز ٹیکس 18 فیصد پر برقرار رکھا جائے گا جبکہ چائے، چینی، جام، جیلی پر بھی سیلز ٹیکس کی شرح 18 فیصد پر برقرار رکھنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق صابن، سرف، برتن دھونے کے لیکوڈ، ٹوتھ پیسٹ، ٹوتھ برش اور ماؤتھ فریشنر پر سیلز ٹیکس 18 فیصد برقرار رکھنے کا امکان ہے۔

نادرا نے آنکھوں کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کا نیا نظام ’’آئرس‘‘متعارف کرا دیا

اسلام آباد(این این آئی)نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنے مراکز پر آنکھوں کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کا انتہائی قابل اعتبار نظام “آئرس” متعارف کرا دیا ہے جس کی بدولت شہریوں کی شناختی معلومات میں دہرے اندراج کے کسی بھی امکان کو مکمل طور پر ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

نادرا نے شہریوں کی بائیومیٹرک معلومات کے دہرے اندراج پر قابو پانے کے لئے انگلیوں کے نشانات پر مبنی نظام ایک دہائی پہلے متعارف کرایا تھا جسے مزید مستحکم بنانے کے لئے اس میں چہرے کی تصویر کی شناختی معلومات کو شامل کیا گیا۔آئرس نظام کو انگلیوں کے نشانات اور چہرے کی شناخت کے موجودہ نظاموں کے ساتھ استعمال میں لایا جائے گا۔

نادرا ہیڈکوارٹرز میں اس نظام کے انتہائی کامیاب آزمائشی تجربے کے بعد اب اس نظام نے بلیو ایریا اسلام آباد، پیکو روڈ لاہور اور ڈی ایچ اے کراچی میں واقع نادرا میگا سنٹرز میں کام شروع کر دیا ہے اور مرحلہ وار پروگرام کے تحت اس ٹیکنالوجی کو ملک بھر میں نادرا کے 700 سے زائد مراکز پر متعارف کرایا جائے گا۔

بائیومیٹرک شناخت کے اس خودکار نظام میں دونوں آنکھوں کی پتلیوں کے گرد موجود دائرہ نما حصے کی انتہائی پیچیدہ شکل کے تجزیہ سے حاصل ہونے والی معلومات کا اندراج کیا جاتا ہے کیونکہ ہر فرد میں اس دائرہ نما حصے کی شکل مختلف اور منفرد ہوتی ہے۔ آنکھوں کے ذریعے شناخت میں غلطی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے جس کی بدولت یہ نظام انتہائی قابل اعتبار اور درست ہے۔

نادرا کی انتھک کوششوں اور مسلسل محنت کی بدولت متعارف کرائے گئے اس نظام کے آغاز پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ شناخت کے انتہائی اعلیٰ معیار پر مبنی اس نظام میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے جس کی بدولت کسی بھی شہری کی شناخت اب انتہائی محفوظ ہو گئی ہے جس میں غلطی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ نظام انسان کی آنکھوں میں اتر کر اس کی حقیقی شناخت تک جا پہنچتا ہے اور ڈیجیٹل دنیا میں اس کے وجود کو ہمیشہ کے لئے امر کر دیتا ہے۔اس نظام کا اجراء￿ شہریوں کی شناخت کو محفوظ سے محفوظ تر بنانے کے لئے ہماری کوششوں میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ چیئرمین نادرا نے کہا کہ نادرا کی اس تاریخی کامیابی کی بدولت پاکستان میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گا جس میں فرد کی شناخت اس کے آئرس بائیومیٹرکس کے ذریعے کی جائے گی جو غلطی کے کسی بھی خدشے سے پاک ہو گی۔

طارق ملک نے کہا کہ اس نظام کی ایک منفرد خوبی یہ ہے کہ دونوں آنکھوں کے آئرس چونکہ ایک جیسے ہوتے ہیں اس لئے شناخت کے دہرے اندراج اور شناختی معلومات کے غلط استعمال کا خطرہ بھی ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری محکمے ہوں یا مالی خدمات فراہم کرنے والے ادارے، حساس معلومات کو استعمال کرنے والی دیگر صنعتیں ، شناخت کی قابل اعتبار تصدیق ان سب کی کارکردگی کو محفوظ بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

آئرس بائیومیٹرک ٹیکنالوجی کا آغاز شناخت کے کسی بھی عمل کو ہر قسم کی غلطی سے محفوظ بنانے کی جانب ایک انتہائی اہم اقدام ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ نادرا دہرے اندراج کی روک تھام کے لئے انگلیوں کے نشانات اور چہرے کی تصویر پر مبنی نظاموں کا استعمال انتہائی کامیابی کے ساتھ کر رہا ہے۔ آنکھوں کے ذریعے شناخت کے اس نئے نظام کی بدولت ہر فرد کی منفرد شناخت کا نظام نہ صرف مضبوط ہو گا بلکہ کم عمر بچوں کی بائیومیٹرک شناخت کی سہولت بھی اس میں شامل ہو گی۔

آئرس کی سکیننگ کے لئے خصوصی انفراریڈ کیمرہ استعمال کیا جاتا ہے جو آئرس کی شکل کا تجزیہ کر کے اس کی ڈیجیٹائزیشن کرتا ہے جس کی بدولت آئرس کی شناخت میں جعلسازی تقریباً ناممکن ہو جاتی ہے۔ آئرس کی پیچیدہ اشکال کو میچنگ کے لئے ایک خاص شکل میں لانے کے لئے ریاضی کے الگورتھم کا استعمال کیا جاتا ہے۔ چہرے کی شناخت، انگلیوں کے نشانات اور آئرس کے ذریعے شناخت کے تینوں نظاموں کے ایک ساتھ استعمال سے شہریوں کی شناختی معلومات میں کسی بھی غلطی یا جعلسازی کا امکان ختم ہو جائے گا اور نادرا انتہائی درست طریقے سے ان کی تصدیق کر سکے گا۔

خیبرپختونخوا میں اینٹی بائیوٹک سے ٹھیک نہ ہونے والا ٹائیفائیڈ

پشاور(این این آئی)سندھ، پنجاب اور اسلام آباد کے بعد خیبرپختونخوا میں بھی اینٹی بائیوٹک سے ٹھیک نہ ہونے والا ٹائیفائیڈ پھیل گیا،صوبے بھر میں گزشتہ 2 ماہ میں ٹائیفائیڈ کے 10 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹرارشاد علی نے بتایا کہ ٹائیفائیڈ کیسب سے زیادہ 1600کیسز پشاور میں رپورٹ ہوئے۔ڈائریکٹر محکمہ صحت کے مطابق ان دنوں پھیلنے والے ٹائیفائیڈ میں اینٹی بائیوٹکس کام نہیں کر رہیں، ٹائیفائیڈ مرض میں بعض اینٹی بائیوٹکس کام کرنا چھوڑ دیتی ہیں، صفائی نہ رکھنے پریہ بیماری دوسروں کو منتقل ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آلودہ پانی اورغذا کیاستعمال سے یہ ٹائیفائیڈ بڑھتا ہے۔

جیل انتظامیہ کی غفلت ،لاپرواہی ،قیدی جان کی بازی ہار گیا

مانانوالہ(این این آئی)ڈسٹرکٹ جیل انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی سے قیدی جان کی بازی ہار گیا عباس نامی قیدی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے جیل انتظامیہ سے کئی روز تک ہسپتال لے جانے کے لیے منت سماجت کرتا رہا قیدی دل کے مسئلے اور سینے میں درد کی کئی روز تک تک جیل انتظامیہ سے شکایت کرتا رہا مگر کسی نے نہ سنی ،

طبیعت ناساز ہونے پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا مگر حالت مزید بگڑنے پر لاہور ریفر کر دیا گیا عباس میو ہسپتال لاہور میں دم توڑ گیا عباس علی ننکانہ صاحب کا رہائشی تھا اور 302 کے کیس میں جیل میں قید تھا، لواحقین نے مطالبہ کیا ہے کہ جیل انتظامیہ کی غفلت اور لا پرواہی پر اعلی حکام فوری طور پر نوٹس لے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں۔

گریجویشن پر بیٹی کو گلے لگانے والے بزرگ سعودی کی ویڈیو وائرل

ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں ایک طالبہ کی گریجوایشن کی ڈگری لینے کے موقعے پر اس کی والد کی طرف سے بیٹی کو خوشی سے لگے لگانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ مقبول ہونے والی اس ویڈیو پر صارفین کی طرف سے گریجویشن کرنے والی لڑکی کو مبارک باد پیش کی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اس کے والد کی طرف سے خوشی کے اظہار کو والد کی پدرانہ شفقت کی عمدہ مثال قرار دیا ہے۔

بیٹی کی گریجویشن کی تقریب میں موجود بزرگ سعودی شہری نے بیٹی کو مبارک باد دینے کے لیے گل دستہ تھام رکھا تھا۔ انہوں نے بیٹی کو گل دستہ پیش کیا۔سوشل میڈیا صارفین نے بزرگ شہری کے اس اقدام کی تعریف کرنے نے ساتھ ساتھ گریجویشن کرنے والی سعودی لڑکی کو مبارک باد پیش کی ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ بزرگ بڑے باپ ہوتے ہیں اور بیٹی باپ جیسی ہی نظر آتی ہے، چاہے وہ کتنی ہی بوڑھی کیوں نہ ہو۔ایک اور نے مزید کہا کہ باپ اپنی بیٹی کی طاقت میں طاقت، اس کی استقامت میں ثابت قدمی اور ہر قدم پر اس کا حامی ہوتا ہے۔ اسے پیار سے گلے لگاتا ہے اور اسے پوری گرمجوشی کے ساتھ آگے بڑھاتا ہے۔سعودی جامعات، صنعتی اداروں، کالجوں اور اسکولوں میں اس وقت تعلیمی سال کے اختتام کے قریب طلبا کی گریجویشن کے کانوکیشن منعقد ہو رہے ہیں۔

ایک ماہ کے دوران یمن میں 7 ہزار بارودی سرنگیں ہٹا دی گئیں، سعودی عرب

صنعاء(این این آئی)یمنی زمینوں کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کے سعودی منصوبے مسام نے مئی کے مہینے کے دوران بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں میں جنگ کے تقریبا 7 ہزار دھماکہ خیز مواد کو ہٹانے اور تباہ کرنے کا انکشاف کیا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق پراجیکٹ کے میڈیا سینٹر نے اپنی ماہانہ رپورٹ میں کہا کہ تکنیکی ٹیموں نے مئی 2023 کے مہینے میں 3,989 بارودی سرنگیں، نہ پھٹنے والے آرڈیننس اور دھماکہ خیز آلات کو صاف کیا۔ اس طرح اس سال کے آغاز سے کلیئر ہونے والے دھماکہ خیز مواد پر مبنی اشیا کی کل تعداد 20 ہزار 465 ہوگئی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ ماہ کلیئر کیے گئے 3,239 غیر پھٹنے والے آرڈیننس، 674 اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں، 48 اینٹی پرسنل بارودی سرنگیں، 28 دھماکہ خیز آلات کے علاوہ یمنی علاقے کے 10 لاکھ 71 ہزار 569 مربع میٹر رقبہ کو صاف کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسی مہینے کے دوران پراجیکٹ ٹیموں نے مجموعی طور پر بارودی سرنگوں، نہ پھٹنے والے آرڈیننس اور دھماکا خیز آلات کو تباہ کرنے کے لیے 2 ہزار 877 آپریشن کیے۔

ماریب گورنری کے ضلع حریب میں 14 بارودی سرنگوں کو محفوظ بنایا اور ایک فارم کو محفوظ بنایا ہے۔پراجیکٹ ٹیموں نے مسلسل چوتھے مہینے بھی شبوا گورنریٹ کے اسیلان ضلع میں حید بن عاقل کے علاقے میں آثار قدیمہ کے اہم ترین علاقوں میں بارودی سرنگوں کو محفوظ کرنے اور ہٹانے کا عمل جاری رکھا۔ اس علاقے کی تاریخ چوتھی صدی قبل مسیح کی ہے۔رپورٹ میں اشارہ کیا گیا ہے کہ جون 2018 کے آخر میں مسامپروجیکٹ کے آغاز سے اب تک کل 4 لاکھ 70 دھماکہ خیز اشیا کو کلیئر کیا گیا ہے۔

ان اشیا میں بارودی سرنگیں، نہ پھٹنے والا اسلحہ اور ایک دھماکہ خیز ڈیوائس شامل ہے۔ پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک 4 کروڑ 64 لاکھ 39 ہزار 132 مربع میٹر رقبہ کو بارودی مواد سے پاک بنایا گیا۔حوثی ملیشیا جنگ کے تمام فریقوں میں واحد فریق ہے جو مختلف اقسام اور سائز کی بارودی سرنگیں اور دھماکہ خیز آلات نصب کرتی ہے۔ انسانی حقوق کی رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ حوثی ملیشیا نے 20 لاکھ سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی ہیں جس سے 20,000 سے زیادہ شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

امریکی خاتون اول کا مصرکی سب سے بڑی دینی درس گاہ جامعہ الازھر کا دورہ

واشنگٹن (این این آئی)امریکی خاتون اول جل بائیڈن نے مصر کی سب سے بڑی دی ی درس گاہ جامعہ الازہر کا دورہ کیا۔ اس دورے کے موقعے پر یونیورسٹی کی صدر پروفیسر ڈاکٹر سلامہ داد نیامریکی خاتون اول کو وزٹ کرایا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق جامعہ الازھر کے دورے کے دوران لی گئی تصاویر میں جل بائیڈن اسلامی روایات کا احترام کرتے ہوئے اسکارف پہنے نظر آئیں۔مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور ان کی اہلیہ نے امریکی خاتون اول کا استقبال کیا جو اردن کے ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ دوم اور شہزادی رجوہ کی کی شادی میں شرکت کے بعد اردن سے دو روزہ دورے پر قاہرہ پہنچی تھیں۔جل بائیڈن نے مصری صدر کی اہلیہ مسز انتظار السیسی کا مصر میں پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔

جِل بائیڈن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے آفیشل پیج پر لکھا کہ دنیا کی ماں مصر میں پرتپاک استقبال کے لیے آپ کا شکریہ۔قاہرہ میں امریکی سفارت خانے نے ایک پریس بیان میں کہا ہے کہ مصر جل بائیڈن کے ایک ہفتے کے دورے کا دوسرا پڑا ہے جس میں خطے کے 4 ممالک شامل ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ نے اردن کے ولی عہد اور ان کی اہلیہ شہزادی رجوہ الحسین کو ان کی شادی کی تقریب کے موقع پر مبارکباد دی تھی۔ امریکی خاتون اول اردنی شاہی خاندان کی طرف سے خصوصی دعوت پر عمان پہنچی تھیں۔

بھارتی فلم ’’اوم شانتی اوم ‘‘میں شاہ رخ خان کا والد بننے کیلئے ایک روپیہ معاوضہ لیا تھا،جاویدشیخ

کراچی(این این آئی)پاکستان کے لیجنڈری اداکار جاوید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بھارتی فلم میں اداکار شاہ رخ خان کا والد بننے کیلئے ایک روپیہ معاوضہ لیا تھا۔سینئر اداکار جاوید شیخ نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران بھارتی فلموں میں اپنے ڈیبیو سے متعلق بات کی ہے۔

اداکار نے بتایاکہ انہیں شاہ رخ خان کی سب سے بڑی فلم ’’اوم شانتی اوم‘‘ آفر ہوئی تھی،یہ فلم بھارتی معروف ہدایتکار فرح خان کی بھی بطور ہدایتکار ڈیبیو فلم تھی۔جاوید شیخ نے کہاکہ انہیں اس فلم میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے والد کا کردار ادا کرنا تھا،شاہ رخ کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات تھی اسی لیے انہوں نے اس فلم میں کام کرنے کے پیسے نہیں لیے تھے۔

انہوں نے بتایاکہ فلم کی ٹیم کا مینیجر ان کے پاس آیا اور پوچھا کہ سر اس فلم میں کام کرنے کا معاوضہ کتنا لیں گے، جس پر پہلے تو میں نے پیسے لینے سے صاف انکار کر دیا پھر ٹیم کے اصرار کرنے پر میں نے اس فلم کے لیے1روپیہ معاوضہ مانگا تھا۔جاوید شیخ نے کہا کہ ٹیم واپس گئی اور شاہ رخ اور فرح خان کو بتایاکہ جاوید شیخ پیسے لینے سے انکار کر رہے ہیں۔اداکار نے بتایاکہ بعد ازاں میرا معاوضہ پھر شاہ رخ خان اور فرح خان نے متعین کیا تھا کہ مجھے کتنا معاوضہ دینا ہے۔

علیزے شاہ کی سوشل میڈیا پر معنی خیز پوسٹ توجہ کا مرکز بن گئی

لاہور( این این آئی) خوبرو اداکارہ علیزے شاہ کی سوشل میڈیا پر معنی خیز پوسٹ توجہ کا مرکز بن گئی اور لوگ اس پر اپنے اندازوں کے مطابق قیاس کر رہے ہیں۔

انسٹاگرام پر اداکارہ علیزے شاہ نے نئی تصاویر شیئر کیں جس میں انہیں مشرقی لباس میں خوشگوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔علیزے شاہ نے شیئر کی گئی تصاویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’’تیز ہوائیں آپ کی یاد دلاتی ہے کیا آپ جانتے ہیں‘‘۔علیز ے شاہ کی پوسٹ کے بعد لوگ اس پر اپنے اپنے اندازے کے مطابق قیاس کر رہے ہیں۔

یمنی زیدی کی نئی آنے والی فلم نایاب کی عکس بندی مکمل

لاہور( این این آئی)اداکارہ یمنی زیدی کی پہلی فلم ’’نایاب ‘‘کی عکس بندی مکمل ہوگئی، فلم کی کہانی فی میل کرکٹر کی جدوجہد پر مبنی ہے۔یمنی زیدی فلم میں ایک کرکٹر کا کردار ادا کررہی ہے۔ یمنی زیدی نے اپنے انسٹاگرام اسٹوریز میں اس فلم کے حوالے سے اپ ڈیٹ دیتے ہوئے بتایا کہ نایاب کی عکس بندی کو مکمل کر لیا ہے۔

اس فلم کی شوٹنگ 54 دن میں مکمل ہوئی۔فلم میں یمنی زیدی کے ساتھ محمد فواد خان ، جاوید شیخ سمیت دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ یمنی نے کہا کہ 11 سالہ کیئریرمیں پہلی فلم کا انتخاب کیا اور اس کی بنیادی وجہ فلم کا اسکرپٹ ہے۔انہوں نے اس فلم کے لیے بے حد محنت کی کیونکہ ان کو اس فلم سے قبل گیند اور بلا تک پکڑنا نہیں آتا تھا تاہم اس فلم کے لیے انہوں نے خصوصی ٹریننگ ،فلم کی کہانی علی عباس نقوی اور باسط نقوی نے لکھی ہے ۔

آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ بابر اعظم، شاہین آفریدی کے معترف

کینبرا( این این آئی) آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ نے پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے کھیل کی تعریف کردی۔ رواں سال کے آخر میں شیڈول پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کی پروموشنل ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے اسٹیو اسمتھ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ایک شاندار کھلاڑی ہے۔

گزشتہ چند سالوں میں اس نے اپنے کھیل کو بہت بہتر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز میں ہمیں بابر اعظم کو قابو کرنا ہوگا۔ بابر ایک خطرناک کھلاڑی ہے جو بہترین پیس کے ساتھ زیادہ رنز بناتا ہے۔آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ شاہین آفریدی کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آسٹریلیا کے دورے کے بعد شاہین بھی اپنے کھیل میں بہتری لائے ہیں۔ اسمتھ کا کہنا تھا کہ شاہین کی گیند کو سوئنگ کرنے کی صلاحیت اس کی بڑی خوبی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سیریز میں شاہین آفریدی خطرناک ہوں گے۔