All posts by mshijazi

گوری سے شادی کی تو میرے دوست پر پتھر پھینکے گئے، شاہ رخ خان

ممبئی (این این آئی)بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنی اہلیہ گوری سے شادی کے لیے پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے لب کشائی کی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہ رخ خان نے بتایا کہ میں اور گوری ایک پارٹی میں ملے تھے اور پھر کچھ عرصے کے لیے ایک دوسرے سے علیحدہ بھی ہو گئے تھے، یہ سب اس وقت ہوا جب گوری اپنے دوستوں کے ساتھ ممبئی آ گئی۔

شاہ رخ خان نے بتایا کہ گوری کو دوبارہ پانے کا عزم لیے میں بھی ممبئی پہنچ گیا اور سوئمنگ سے اس کی دلچسپی کے بارے میں جانتے ہوئے مختلف ساحل سمندروں پر گیا اور خوش قسمتی سے آخری ساحل پر گوری کو تلاش کر لیا اور پھر اس کے بعد سے آج تک ہمارا رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا چلا آ رہا ہے۔بالی وڈ سپر اسٹار نے مزید بتایا کہ شادی سے پہلے ہم دونوں نے کافی مشکلات کا سامنا کیا، گوری کے گھر والوں کی جانب سے بھی مزاحمت کی گئی اور کچھ مذہبی تنظیموں کی جانب سے بھی دوسرے مذہب کی لڑکی سے شادی کرنے کے میرے فیصلے کی مخالفت کی گئی،

گوری سے شادی کی تو میرے خلاف احتجاج کیا گیا اور میرے دوست پر پتھر بھی برسائے گئے۔شاہ رخ خان نے یہ بھی کہا کہ اب جب میں یہ سوچتا ہوں کہ اگر گوری کے والدین کی جگہ میں ہوتا تو میں بھی اپنے جیسے لڑکے سے اپنی بیٹی کی شادی نہ کرتا، اب تو میں بالکل ٹھیک ہوں اور بال پیچھے کی طرف باندھتا ہوں لیکن اس وقت میرے پاس میرے ماتھے پر ہوتے تھے اور میں ایک دوسرے مذہب سے تعلق رکھتا تھا۔بھارتی اداکار کا کہنا تھا ایسی صورت حال میں اگر میری بیٹی ہوتی اور کوئی میرے پاس آکر کہتا کہ میرے بال دیکھو اور میں ایک مختلف مذہب سے بھی ہوں میری شادی اپنی بیٹی سے کر دو تو میں کہتا کہ اپنا بوریا بستر پیک کر کے فوراً یہاں سے نکل جاؤ اس سے پہلے کہ میں تمھیں دھکے دیکر یہاں سے نکالوں، میرے خیال میں اس وقت گوری کے والدین اپنی بیٹی کی شادی میرے ساتھ نہ کرنے کے حوالے سے بالکل ٹھیک تھے۔

لوگوں نے ہمیشہ میری معصومیت کا ناجائز فائدہ اٹھایا، میرا

لاہور( این این آئی)لالی ووڈ سٹار میرا نے کہا ہے کہ لوگوں نے ہمیشہ میری معصومیت کا ناجائز فائزہ اٹھایا ہے ، میں خود شاطر ہوں اور نہ مجھے ایسے لوگ پسند ہیں ، میں ہمیشہ سادگی اور عاجزی کو پسند کرتی ہوں ۔ ایک انٹر ویو میں میرا نے کہا کہ میں معصوم ہوں یہی وجہ ہے کہ لوگ دھوکہ دینے سے باز نہیں آتے ، بعض اوقات تو میری معصومیت کا مذاق بھی اڑایاجاتاہے ۔

مجھے فخر سے کہہ سکتی ہوں میں نے کبھی کسی کو دھوکہ نہیں دیا ، اگر انجانے میں کہی ہوئی میری بات سے کسی کا دل دکھ جائے تو میں اس کا علم ہونے پر فوری معذرت کر لیتی ہوں ۔ انہوں نے اپنے ہسپتال کے منصوبے کے حوالے سے کہا کہ اس میں بہت سے لوگوں نے جان بوجھ کر رکاوٹیں کھڑی کیں ، میں یہ پراجیکٹ اپنے لئے نہیں بلکہ دکھی انسانیت کے لئے قائم کرنا چاہتی تھی ۔

گوجرانوالہ کی عدالت سے دو مقدمات میں بریت کے بعد پرویز الٰہی ایک اور مقدمے میں گرفتار

گوجرانوالا(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کو ایک اور مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا۔اینٹی کرپشن حکام نے بتایا کہ پرویزالہٰی کو پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیوں کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گوجرانوالا کی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب و پاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویز الہٰی کیس کا محفوظ فیصلہ سنا یا تھا اور گوجرانوالا کے ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ محمد افضل نے پرویز الہٰی کو دونوں مقدمات سے بری کرنے کا حکم دیا تھا۔

گزشتہ روز لاہور کی اینٹی کرپشن کورٹ نے بھی پرویز الہٰی کو مقدمے سے بری کردیا تھا جس پر انہیں گوجرانوالا میں درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔پرویز الہٰی کے خلاف گوجرانوالا تھانہ اینٹی کرپشن میں دو مقدمات درج ہیں،ان پر دونوں مقدمات میں گجرات میں سڑکوں کی تعمیر کے ٹھیکوں دوران کِک بیکس کے الزامات ہیں۔

آذربائیجان سے سستی ایل این جی خریدنے کا فیصلہ

اسلام آباد(این این آئی)پاکستان نے آذربائیجان سے سستی ایل این جی خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایل این جی خریدنے کے حوالے سے پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل)اور آذربائیجان کی سرکاری کمپنی کے درمیان معاہدہ ہو گا۔

ذرائع نے بتایا کہ آذربائیجان کی کمپنی سوکار سے ہر ماہ ایک ایل این جی کارگو خریدا جائے گا،ایل این جی کارگو کی خریداری سے متعلق سمری ای سی سی میں پیش کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق پی ایل ایل سوکار کو ڈالرز میں ادائیگیاں کرے گی،ادائیگیوں کے لیے مقامی بینک میں ایل سیز کھولی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق پی ایل ایل کو جون 2022سے اسپاٹ کارگوز کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔گزشتہ سال فروری تا ستمبر کے دوران پی ایل ایل کارگو خریدنے میں ناکامی رہی تھی۔پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان توانائی کے شعبے میں بین الحکومتی معاہدہ پہلے سے موجود ہے۔

طیب اردوان نے ترک صدر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا، وزیراعظم شہباز شریف کی تقریب میں شرکت

انقرہ (این این آئی)رجب طیب اردوان نے ترک صدر کی حیثیت سے دوبارہ حلف اٹھا لیا۔تفصیلات کے مطابق رجب طیب اردوان نے گزشتہ ہفتے منعقدہ انتخابات میں کامیابی کے بعد 3دہائی سے جاری حکمرانی کو وسعت دیتے ہوئے دوبارہ صدارت کی نئی مدت کا حلف اٹھالیا ہے۔

دارالحکومت انقرہ میں ترک پارلیمنٹ میں منعقدہ تقریب حلف برداری کے دوران رجب طیب اردوان نے کہا کہ میں بحیثیت صدر عظیم ترک قوم اور تاریخ کے سامنے اپنے وقار اور سالمیت کا حلف اٹھاتا ہوں کہ میں اپنی ریاست کی سلامتی اور آزادی کا تحفظ کروں گا۔قبل ازیں ترک صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے وزیراعظم شہباز شریف سمیت کئی دیگر عالمی رہنماء ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ پہنچے تھے۔

ڈاکٹر وں کی غفلت کا عجیب واقعہ ، بازو کے آپریشن کی بجائے آنکھ کا آپریشن کردیا

ایبٹ آباد (این این آئی)ایبٹ آباد کے نجی ہسپتال میں ڈاکٹر کی غفلت کا عجیب واقعہ پیش آیا، جہاں 80 سالہ خاتون کو بازو کے آپریشن کیلے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تاہم ڈاکٹر نے بازو کی بجائے آنکھ کا آپریشن کرکے سب کو حیران کردیا۔اہلخانہ کے مطابق خاتون کی آنکھ بالکل ٹھیک تھی تاہم ہسپتال عملے کی غفلت کی وجہ سے مریضہ کو تکلیف برداشت کرنا پڑی۔

متاثرہ خاتون کے بیٹے کے مطابق میں نے والدہ کو بازو کے آپریشن کیلئے اسپتال میں ایڈمٹ کرایا تھا، ڈاکٹر نے آپریشن کے بعد کہا کہ مبارک ہو آپ کی والدہ کی آنکھوں کا آپریشن کامیاب ہوگیا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا۔ ڈی ایچ او کی جانب سے واقعہ کی انکوائری کیلئے 3 رکنی کمیٹی بنادی گئی، جو ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے گی۔

ایران کا پاک بھارت سمیت خلیجی ریاستوں کیساتھ بحری اتحاد بنانے کا منصوبہ

تہران (این این آئی)ایران علاقائی استحکام کیلئے خلیجی ریاستوں کے ساتھ بحری اتحاد بنانے کی منصوبہ کرنے لگا۔میڈیا رپور ٹ کے مطابق ایرانی نیوی کے سربراہ رئیر ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا ہے کہ ایران کا خلیجی ممالک کے ساتھ نیول الائنس بنانیکا منصوبہ ہے جس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر اور عراق شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیول الائنس میں پاکستان اور بھارت بھی شامل ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ علاقائی ممالک نے سمجھ لیاہے تعاون میں ہی سلامتی ہے۔ اپنے انٹرویو میں ایرانی نیول چیف نے اتحاد کے قیام کی حتمی تاریخ نہیں دی ہے۔ایرانی نیول چیف نے تصدیق کی کہ متحدہ عرب امارات نے امریکی کی زیرقیادت بحری اتحاد سے سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایران نے امریکا کی زیر قیادت 38 رکنی بحری اتحاد سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

بھارت ٹرین حادثہ،ہلاکتیں 300 ہوگئیں ، زخمیوں کی تعداد 900 سے متجاوز

نئی دہلی /اسلام آباد(این این آئی)بھارتی ریاست اڑیسہ میں دو بھارتی مسافر ٹرینوں کے تصادم سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 300سے زائد ہو گئی ہے 900سے زائد افراد زخمی ہیں۔فرانسیسی میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت کے ایک عہدیدار نے کہا کہ اس ریل حادثے کو دو دہائیوں سے زائد کے عرصے میں ملک کا سب سے مہلک ترین حادثہ قرار دیا گیا ہے،

اڑیسہ فائر سروسز کے ڈائریکٹر جنرل سدھانشو سارنگی نے کہا کہ ریسکیو کا کام ابھی بھی جاری ہے اور بہت سے (افراد) شدید زخمی ہیں۔رائٹرز کی ویڈیو فوٹیج میں ہفتے کی صبح بھی پولیس اہلکاروں کو سفید کپڑوں میں ڈھکی لاشوں کو ریلوے پٹریوں سے ہٹاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ٹرینوں کا یہ تصادم جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً شام 7 بجے اس وقت ہوا جب بنگلور سے ہاوڑہ، مغربی بنگال جانے والی ہاوڑہ سپر فاسٹ ایکسپریس کولکتہ سے چنئی جانے والی کورومنڈیل ایکسپریس سے ٹکرا گئی تھی۔ریاست کے چیف سیکرٹری پردیپ جینا نے ٹوئٹر پر کہا کہ حادثے کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات مئی میں 20 فیصد تک گر گئیں

کراچی (این این آئی)مئی کے مہینے میں پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ موجودہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 15 فیصد کی کمی ہوئی۔موجودہ مالی سال میں مئی کے مہینے میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 2.09 ارب ڈالر رہا، جو اپریل 2023 کے مقابلے میں 143 فیصد زیادہ ہے۔

تجارتی خسارے میں بے پناہ اضافہ کی وجہ مئی میں اپریل کے مقابلے میں درآمدات میں 43 فیصد کا اضافہ ہے، جبکہ برآمدات میں اس مہینے میں صرف دو فیصد کا اضافہ ہوا۔وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق موجودہ مالی سال میں مئی کے مہینے میں گزشتہ سال مئی کے مہینے میں تجارتی خسارے میں 50 فیصد کی کمی ہوئی۔

موجودہ مالی سال کے پہلے 11 مہینوں میں ملک کا تجارتی خسارہ 25.7 ارب ڈالر رہا، جو گزشتہ مالی سال کے ان مہینوں کے مقابلے میں 41 فیصد کم ہے۔پاکستان کا تجارتی خسارہ رواں مالی سال 2022-23 کے پہلے 11 مہینوں (جولائی تا مئی) کے دوران 40.59 فیصد کم ہو کر 25.791 بلین ڈالر تک آگیا، جو گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 43.409 بلین ڈالر تھا۔تجارتی خسارے میں ماہانہ بنیادوں پر 142.91 فیصد اضافہ ہوا ہے، اپریل 2022 میں تجارتی خسارہ 860 ملین ڈالر کے مقابلے مئی 2023 میں 2.089 بلین ڈالر رہا۔

زیر جائزہ مدت(مالی سال 2022-23 جولائی تا مئی)کے دوران ملکی درآمدات میں 29.22 فیصد کمی واقع ہوئی، جو گزشتہ سال 72.280 بلین ڈالر سے کم ہو کر رواں سال کے دوران 51.157 بلین ڈالر پر آگئی ۔سالانہ بنیاد پر، برآمدات میں 16.69 فیصد کی کمی دیکھی گئی، مئی 2022 میں 2.624 بلین ڈالر کی برآمدات کے مقابلے مئی 2023 میں برآمدات 2.186 بلین ڈالر ریکارڈ کی گئی۔درآمدات بھی مئی 2023 میں کم ہو کر 4.275 بلین ڈالر تک آگئیں، جو مئی 2022 میں 6.760 بلین ڈالر تھیں، یہ کمی 36.76 فیصد کی منفی نمو کو ظاہر کرتی ہے۔

عمران نیازی قوم کو مسٹر کلین ہونے کا دھوکہ دیتے رہے ،حمزہ شہباز

لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران نیازی قوم کو مسٹر کلین ہونے کا دھوکہ دیتے رہے ، اب سب کچہ چٹھہ کھل چکا ، 60ارب روپے کا حساب دینا پڑے گا ، 9مئی کو ملک میں جو کچھ ہوا یہ سیاست نہیں بلکہ کھلے عام دہشت گردی ہے اور انتشار پھیلانے والوں کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوتے،

سپریم کورٹ انصاف کا سب سے اہم ستون ہے مگر کسی کی محبت اور پیار میںآئین کو دوبارہ لکھنے کی کوشش کی گئی ایسے قومیں ترقی نہیں کرتیں ،ان کو اپنی عزت اور احترام کے لیے اپنا گھر درست کرنا چاہیے، جب بھی پارٹی فیصلہ کرے گی نواز شریف وطن واپس آئیں گے اور اگلے الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے سینئر رہنما و وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کی رہائش گاہ پر انکے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سمیت دیگر بھی انکے ہمراہ تھے ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ تین چار سال میں ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اور ہم کوئی شادیانے نہیں بجا رہے ،

ابھی اندر بیٹھ کر بھی ہم یہ بات کر رہے تھے کہ یہ مکافات عمل ہے ، نواز شریف ، شہباز شریف ، مریم نواز ، احسن اقبال ، خواجہ سعد رفیق ، شاہد خاقان عباسی ، سلمان رفیق ، حافظ میاں نعمان سب کو گرفتار کیا گیا اور تب پی ٹی آئی والے دو دو گھنٹے کی پریس کانفرنس کیا کرتے تھے ،آج بتائیں یہ سب اللہ کے فضل و کرم سے با عزت بری ہوئے ہیں ، اسمبلی کے اندر شور مچاتے تھے ۔جب اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آئیے میثاق معیشت کریں تو چور ڈاکو کے نعرے لگائے گئے ،

اللہ کے فضل سے عمران نیازی کے دور میں ایف آئی اے کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا اور شہباز شریف با عزت بری ہوئے ، نواز شریف سرخرو ہوئے ، آج بتائیں 90ملین پائونڈر ، 60ارب روپے پاکستانی قوم کا غبن کیا اس کا حساب دینے کی باری آئی تو جھوٹ کا چورن بیچنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، میرا خیال ہے کہ اب یہ جھوٹ کا چورن نہیں بکے گا یہ اللہ کا نظام ہے ، جن لوگوں نے قومی خزانے پر ڈاکہ ڈالا ہے اور صرف یہ نہیں عمران نیازی قوم کو مسٹر کلین ہونے کا دھوکہ دیتے رہے آج تو سب کچہ چٹھہ کھل چکا ، دودھ کا دوھ اور پانی کا پانی ہو چکا ہے ، میرا خیال ہے کہ اس کا حساب دینا پڑے گا ۔

فلسطین میں تربوز کو جلا کر بنائی جانے والی مزیدار ڈِش کے چرچے

مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی )فلسطین میں تربوز کو جلا کر بنائی جانے والی ڈش کے دنیا بھر میں چرچے ہیں،میڈیارپورٹس کے مطابق فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں یہ ڈِش بنائی جاتی ہے اسے مقامی زبان میں تربوز کا سلاد بھی کہا جاتا ہے ، یہ ڈش لذت اور تازگی میں سب سے منفرد ہوتی ہے ۔تربوز سے تیار کردہ لازیمہ اجار یا کرسہ کے نام سے معروف علاقائی کھانے ہیں جن کی تیاری میں خاصا وقت بھی درکار ہوتا ہے ۔

رپورٹس کے مطابق عرب باشندے تربوز سے تیار کی گئی اس خصوصی ڈش کو بھی بہت پسند کرتے ہیں ،یہ علاقائی ڈِش سال کے صرف دو ماہ کے لیے ہی دستیاب ہوتی ہے ۔ اس کے لیے چھوٹے سائز کے تربوز استعمال کیے جاتے ہیں ۔ ان تربوزوں کو آگ پر بھون لیا جاتا ہے۔بھونے ہوئے تربوز کا چھلکا اتار لیا جاتا ہے ۔ اور پھر گوشت ، بینگن اور باریک کٹے ہوئے ٹماٹر ، لیموں ، لہسن ، پیاز ، اور زیتون کے تیل میں ملایا جاتا ہے ۔اس سارے آمیزے کو مٹی کے بڑے سے پیالے میں مہمانوں کو پیش کیا جاتا ہے ۔تاریخ دانوں کے مطابق اس ڈش کی ابتدا سو سال قبل مصر کے صحرائی علاقے میں ہوئی تھی ، مگر کئی افراد کا دعوی ہے کہ یہ فلسطینی لوگوں کی روائیتی ڈش ہے ۔

پاکستان میں ایشیا کپ کا انعقاد خطرے میں پڑگیا

لاہور ( این این آئی) بھارت کی ہٹ دھرمی کے پیش نظر ایشیا کپ کا میزبان پاکستان کے بجائے سری لنکا ہوسکتا ہے۔ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ایشیا کپ 2023ء کی میزبانی پاکستان کو دی گئی ہے لیکن بھارت کے پاکستان آنے سے انکار کے سبب پاکستان میں ایشیا کپ کا انعقاد خطرے میں پڑتا دکھائی دے رہا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی )اس بات پر بضد ہے کہ ایونٹ کا انعقاد پاکستان کے بجائے نیوٹرل وینیو پر ہو لیکن پاکستان ایشیا کپ کے ایونٹ کو پاکستان میں کروانے کا ہی خواہشمند ہے اس کے پیچھے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی جیسے عوامل کا متاثر ہونا کارفرما ہے۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ایک اعلی عہدیدار نے کرک بز کو بتایا کہ سری لنکا مختصر نوٹس پر ایشیا کپ کی میزبانی کے لیے تیار ہے،

فیصلہ اب اے سی سی پر منحصر ہے۔واضح رہے کہ آئی سی سی عہدیداروں کے دورے کے دوران پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح کیا ہے کہ بھارت جاکر ورلڈکپ کھیلنے کا انحصارایشیا کپ کی صورتحال پر ہے، اگر بھارت نے کوئی لچک دکھائی اور پاکستان کے فارمولے پر بات کی تو مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔