All posts by mshijazi

پی ایس ایل 10، لیگ مرحلے کے صرف 5 میچز رہ گئے

لاہور(این این آئی)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 میں لیگ مرحلے کے اب صرف 5 میچز رہ گئے ہیں، ٹیموں کے درمیان پلے آف مرحلے تک رسائی کی جنگ جاری ہے، البتہ ملتان سلطانز پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 11 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے، اس کے ابھی 2 میچز اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطان کے خلاف باقی ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ 8 میچز میں 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، کوئٹہ کے علاوہ اس کا دوسرا میچ کراچی کنگز سے ہونا ہے، کراچی کنگز نے بھی 8 میچز میں 10 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔اس کے میچز پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ہوں گے، لاہور قلندر اور پشاور زلمی اگر مگر کے چکر میں پھنسے ہوئے ہیں، لاہور قلندرز 9 میچز کھیل چکی ہے اور 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھا نمبر ہے اس کا آخری لیگ میچ پشاور زلمی سے ہے، جو جیتنا لازمی ہے۔پشاور زلمی جو کہ اس وقت 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے لیکن اس کے 2 میچز باقی ہیں، چھٹی ٹیم ملتان سلطان پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔

بھارتی جارحیت کے باوجود پی ایس ایل میچز جاری رکھنے کا فیصلہ

لاہور(این این آئی)بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملے کے بعد ملک بھر میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز شیڈول کے مطابق جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔پی سی بی کے ترجمان کے مطابق پی ایس ایل 10 کا ایونٹ اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا اور تاحال کسی بھی میچ کو منسوخ یا مؤخر کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔اس سلسلے میں آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ ہوگا۔ پی سی بی کے مطابق میچ کا ٹاس شام 7 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔تمام میچز کے لیے سیکیورٹی کو فول پروف بنایا جا رہا ہے تاکہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے کو کھیل کے میدان میں قومی عزم کی علامت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے پیغام دیا گیا ہے کہ کھیل اور عوامی حوصلے کو دشمن کی جارحیت سے متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔

پاکستان کا بھارت کو منہ توڑ جواب، بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرائے

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کی مسلح افواج نے رات گئے کیے جانے والے بھارت کے بزدلانہ حملے کے جواب میں منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرائے ،ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر،6 مہار بٹالین ہیڈکوارٹرز اور مختلف چیک پوسٹیں اڑا ڈالیں جس کے بعد بھارتی فوج نے ایل اوسی کے 4 سیکٹرز میں پوسٹوں پر سفید جھنڈے لہرا کر شکست تسلیم کرلی۔ بدھ کی صبح وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی ہے، پاک فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر دشمن کی پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے، پاکستان کے مؤثر جواب کے بعد بھارت کی متعدد پوسٹیں تباہ ہوئیں جبکہ پاکستان نے بھارت کے 5 لڑاکا طیارے اور کئی ڈرون مار گرائے۔عطااللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وزیراعظم صورتحال کا لمحہ بہ لمحہ جائزہ لے رہے ہیں۔دریں اثنا سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایل او سی کے چورا کمپلیکس ، چکوٹھی سیکٹر، لیپہ سیکٹر میں پوسٹ وانجل فارورڈ اور سانگھڑ پوسٹ بلمقابل چری کوٹ سیکٹر پر سفید جھنڈے لہرادئیے، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جنگ کے دوران سفید جھنڈا لہرانے کا مطلب ، شکست تسلیم کرنا ہے۔قبل ازیں وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے رات 2 بجکر 45 منٹ پر 2 بھارتی طیارے مار گرائے جانے کی تصدیق کی، تیسرے بھارتی طیارے کو نشانہ بنانے کی تصدیق سرکاری میڈیا پی ٹی وی کے ذریعے صبح 3 بج کر 42 منٹ پر کی گئی جس میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ نے اونتی پورہ سے 17 ناٹیکل میل جنوب مغرب میں ایک اور بھارتی رافیل طیارہ مار گرایا ہے۔فوجی ترجمان نے صبح 4 بجے کے قریب صورتحال کے تازہ ترین اعداد و شمار فراہم کیے، چوتھے اور پانچویں طیارے کی تصدیق صبح 5 بجے کے بعد وزیر دفاع، وزیر اطلاعات اور فوج کی جانب سے کی گئی۔ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق پاکستان نے بھارت کے 5 لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں، بھارتی طیاروں کو بھارت کی حدود میں مار گرایا، تباہ کیے گئے بھارتی طیاروں میں 3 رافیل، ایک سخوئی 30 اور ایک مگ 29 شامل ہے جبکہ پاکستان کے تمام طیارے محفوظ ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نے ایک ہیرون ڈرون بھی مار گرایا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایل او سی پر بھارت کی جانب سے ہونے والی جارحیت کا بھی بھرپور جواب دیا ہے،پاک فوج نے بھارتی فوج کا انفنٹری بریگیڈ ہیڈکوارٹرز، 6 مہار بٹالین ہیڈکوارٹرز اور مختلف چیک پوسٹیں اڑا ڈالیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بٹل سیکٹر میں دھرمسل l اور ll، نیزہ پیر سیکٹر میں شاہپور، کوٹ کٹھیرا سیکٹر کوٹلی میں سرلیا ون پوسٹ بھی تباہ کردی گئیں۔پاکستانی آرٹلری نے خاکی ٹیکری چیک پوسٹ، گفدار پوسٹ، چھتری پوسٹ بھی اڑادیں جبکہ پیرکانٹی سیکٹرمیں چوکی سے 50 فوجی بدحواسی میں بھاگ نکلے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی جارحیت کا پاک فوج اْسی کی زبان میں جواب دے رہی ہے، مسلح افواج کی جوابی کارروائیوں میں دشمن کو بھاری نقصان ہوا ہے۔اس سے قبل سکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ پاک فوج کی میزائل اسٹرائیک نے ایل او سی پر دودنیال سیکٹر میں دشمن کی پوسٹ تباہ کردی۔دریں اثنا پاکستان رینجرز نے صبح کے وقت شکر گڑھ سیکٹر میں بھارتی فوج کی ڈرون کے ذریعے در اندازی کی کوشش ناکام بنادی بعدازاں کوٹلی سیکٹر میں بھی بھارتی فوج کا ڈرون مار گرایا، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ڈرونز کے ذریعے در اندازی کی ناکام کوششیں کی جا رہی تھی، اس سے قبل برنالہ سیکٹر میں بھی بھارت کا ڈرون مار گرایا گیا تھا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے میں مصروف ہیں۔

راولپنڈی کی تمام سوسائٹیز میں بلیک آؤٹ رکھنے کا حکم جاری

راولپنڈی(این این آئی)بھارتی جارحیت اور سیکیورٹی کے پیش نظر راولپنڈی کی تمام نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں مکمل بلیک آؤٹ رکھنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔راولپنڈی کی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والے حکم نامے کے مطابق شام 7سے صبح 5بجے تک نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں مکمل بلیک آؤٹ رہے گا۔ حکم نامے میں لکھا گیا کہ تمام رات اسٹریٹ لائٹس بھی بند رکھی جائیں گی۔ رہائشی بھی گھروں کے باہر اور پورچ وغیرہ کی لائٹس بند رکھنے کے پابند ہوں گے۔انتظامیہ نے گھروں اور دفاتر کی کھڑکیاں مکمل کور رکھنے، گھروں میں محدود لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔شہریوں کو بلیک آؤٹ کے دوران غیر ضروری سفر سے بھی اجتناب کی ہدایات کی گئی ہے۔

اگر بھارت نے جنگ کو بڑھاوا دیا تو نیوکلیئر جنگ ہو سکتی ہے،خواجہ آصف

اسلام آباد(این این آئی)وزیر داخلہ محسن نقوی سے اٹلی کے ہم منصب نے ملاقات کی اور بھارت کی بزدلانہ کارروائی و جارحیت کے حوالے سے آگاہ کیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی سے اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی نے ملاقات کی جس میں محسن نقوی نے اطالوی ہم منصب کو گزشتہ رات بھارت کی بزدلانہ کارروائی اور جارحیت کے محرکات سے آگاہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے کشیدگی میں کمی لانے کیلئے بامقصد کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔اطالوی وزیر داخلہ نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 26شہریوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بھارت نے شہری آبادی کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائیں اور بچوں خواتین سمیت 26شہریوں کو شہید کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کے 5لڑاکا طیارے تباہ کئے۔ پہلے دن سے بھارت کے خطرناک عزائم سے دنیا کو آگاہ کر رہے تھے،خطے کی صورتحال کو خراب کرنے کا ذمہ دار بھارت ہے ۔ ملاقات میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان تجارتی، سکیورٹی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی جبکہ اٹلی کے ساتھ سکیورٹی، انسداد منشیات و انسانی سمگلنگ اور دہشتگردی کے خلاف تعاون مزید موثر بنانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔اطالوی وزیر داخلہ نے انسداد دہشتگری، انسانی اسمگلنگ اور انسداد منشیات میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ غیر قانونی امیگریشن اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی ہمارا اولین ہدف ہے۔ملاقات میں دونوں ممالک نے منشیات اور دیگر جرائم کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا۔اس موقع پر اطالوی وزیر داخلہ نے کہاکہ بارڈر سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اطالوی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی، پاکستان اور اٹلی کے مابین منشیات کی روک تھام کیلئے تعاون کو مزید آگے بڑھانے کیلئے تیار ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ پچھلے سال 3000سے زائد غیر قانونی انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد اور 500سہولت کار پکڑے جا چکے ہیں، اٹلی اور پاکستان کے مابین انٹرنیشنل جرائم کے ضمن میں ڈیکلریشن اور مائیگریشن اور لیبر موبیلٹی پر ایم او یو سائن کرنے پر اتفاق ہوا۔ اٹلی کے وزیر داخلہ نے انسانی اسمگلنگ اور منشیات کی روک تھام میں پاکستانی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

صدرزرداری سے اطالوی وزیرداخلہ کی ملاقات

اسلام آباد(این این آئی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے اٹلی کے وزیر داخلہ کے ساتھ پاکستان کے خلاف بھارتی بلا اشتعال فوجی جارحیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہا پسند بھارتی حکومت نے پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہاکہ پاکستان اٹلی کے ساتھ مختلف شعبوں میں باہمی سود مند تعاون بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔صدر پاکستان نے اٹلی کے وزیر داخلہ کے ساتھ پاکستان کے خلاف بھارتی بلا اشتعال فوجی جارحیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انتہا پسند بھارتی حکومت نے پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت کے جارحانہ اقدامات سے خطے کیلئے خطرناک نتائج نکلیں گے۔اٹلی کے وزیر داخلہ نے پاکستان پر بھارتی حملے میں شہید ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔انہوںنے کہاکہ موجودہ صورتحال کے خاتمے کیلئے پاکستان کے تحفظات اپنی حکومت اور عالمی برادری تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی انسانی اسمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کر رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کی بڑی گنجائش ہے۔میٹیو پینٹے ڈوسی نے کہاکہ اٹلی میں ایک لاکھ 60ہزار پاکستانی تارکین وطن اطالوی معاشرے اور ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔صدر مملکت نے نازک حالات میں پاکستان کا دورہ کرنے پر اطالوی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں ، اٹلی میں قانونی نقل مکانی ، ہنرمند لیبر کی نقل و حرکت آسان بنانے کیلئے پاکستان اور اٹلی کے مابین مفاہمت کی 2یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔

تمام تعلیمی ادارے (آج ) معمول کے مطابق کھلیں گے

لاہور( این این آئی)پنجاب حکومت کے مطابق تمام تعلیمی ادارے آج ( جمعرات) کے روز معمول کے مطابق کھلیں گے۔وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام تعلیمی ادارے آج جمعرات کے روز کھلیں گے۔ تعلیمی اداروں میں چھٹیاں بڑھانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔عظمی بخاری کے کہا کہ آئندہ کے حوالے سے فیصلہ صورتحال کو دیکھ کر کریں گے۔

بچوں اور 31معصوم شہریوں کو شہید کرنا بھارتی دہشتگردی ہے ،بھرپور جواب دیں گے،ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی(این این آئی)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بچوں اور 31معصوم شہریوں کو شہید کرنا بھارت کی دہشت گردی ہے اور اس کا بھرپور جواب دیں گے،کون سامذہب دوسرے مذاہب کی عبادت گاہوں ،ان کی مقدس کتابوں کوشہیداوربے حرمتی کرنے کی اجازت دیتاہے؟پاکستان نے دفاع میں صرف ملٹری ٹارگٹس کا انتخاب کیا اور معصوم لوگوں کو نشانہ نہیں بنایا، الحمد اللہ جھڑپوں یا دراندازی میں پاک فوج کے کسی بھی اہلکار یا فضائیہ کے کسی بھی طیارے کو نقصان نہیں پہنچا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ معصوم بچے جنہیں زندگی کی بہاریں دیکھنی تھیں کیا یہ وہ دہشت گرد ہیں جنہیں بھارت نے نشانہ بنایا،ہمیں بھارت سے اسی طرح کی چیزوں اور بربریت کی امید تھی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے دہشت گردی کو فروغ دینے کے ثبوت دنیا کے سامنے ہیں اور آج عالمی سطح پر سب جانتے ہیں کہ بھارت دہشت گردی و قتل و غارت میں ملوث ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ریاست پاکستان نے جب دہشت گردوں پر زمین تنگ کرنی شروع کی تو وہ خود اپنی فوج کے ساتھ دہشت گردی کی کارروائی پر اتر آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 6اور 7کی شب بچوں کو نشانہ بنانا دہشت گردی ہے، ہم اس دہشت گردی کا بھرپور جواب دیں گے،کس طرح پاکستان میں مساجد کو نشانہ بنا کر قرآن پاک کو شہید کیا گیا جبکہ 31معصوم شہری شہید ، 71زخمی ہوئے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے سوال کیا کہ وہ کون سا مذہب اور انسانیت ہے جس میں کسی بھی مذہب کی عبادت گاہوں اور مقدس کتابوں کی بے حرمتی کرنے کی اجازت دی جائے۔انہوں نے بتایا کہ ایک اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان نے دفاع میں صرف اور صرف ملٹری ٹارگٹس کا انتخاب کیا اور معصوم لوگوں کو نشانہ نہیں بنایا، یہ وہ اہداف تھے جنہوں نے پاکستان کو نشانہ بنایا۔انہوںنے کہاکہ دشمن اپنے ہتھیاروں سے لیس ہوکر آیا تو پاکستان کی بہادر ایئرفورس نے جدید طیاروں کو مار گرایا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں بھارت کے بریگیڈ ہیڈ کوارٹر، لائن آف کنٹرول پر چیک پوسٹیں تباہ کرنے کی تصاویر بھی دکھائیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت مسلسل دراندازی کررہا ہے جس پر پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیا جارہا ہے اور اب تک بھارت نے مختلف سیکٹرز پر سفید پرچم بھی لہرایا ہے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ الحمد اللہ جھڑپوں یا دراندازی میں پاک فوج کے کسی بھی اہلکار یا فضائیہ کے کسی بھی طیارے کو نقصان نہیں پہنچا۔ انہوں نے بتایا کہ مرید کے اور دیگر علاقوں میں عالمی و آزاد میڈیا کو دکھایا گیا اور انہوں نے یہ سب دیکھا۔انہوں نے بتایا کہ جب بھارت نے حملہ کیا تو 67مسافر طیارے فضا میں تھے اور ان میں سیکڑوں مسافر سوار تھے، یہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کی ایئرلائنز تھیں، ان تمام مسافروں کو بھارت نے اپنے جنون کی بھینٹ چڑھایا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ قوم کو پاک فوج اور پاک فوج کو اپنے بہادر قوم پر بھروسہ ہے اور ہم متحدہ ہوکر وطن کا دفاع کریں گے، عوام کی حفاظت کیلیے پاک فوج کبھی کمپرومائز نہیں کرے گی۔ قوم تمام اختلافات کو بھلا کر فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی جس پر میں انہیں فوج کی جانب سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

شاہ رخ خان کی میٹ گالا 2025 میں دھواں دار انٹری

ممبئی (این این آئی)شاہ رخ خان کی میٹ گالا 2025 میں شاندار انٹری نے فیشن کی دنیا میں نیا باب لکھ دیا۔ بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے فیشن کی دنیا کے سب سے بڑے ایونٹ”میٹ گالا 2025”کے ریڈ کارپٹ پر شاندار انداز میں جلوے بکھیرتے ہوئے سب کی نظریں اپنی طرف مبذول کروائیں اور دنیا بھر میں تہلکہ مچا دیا۔شاہ رخ خان نے ایونٹ کی تھیم کی مناسبت سے مکمل سیاہ لباس کا انتخاب کیا۔ طویل کوٹ، گہری وی نیک شرٹ اور ہم رنگ پتلون کے امتزاج نے ان کی دلکش شخصیت کو مزید اجاگر کیا، اس مکمل مونوکروم لک نے شائقین اور بین الاقوامی میڈیا کو حیرت میں ڈال دیا۔بالی ووڈ کنگ کے میٹ گالا انداز میں زیورات کا انتخاب بھی خاصا توجہ طلب رہا، انہوں نے اپنی گردن پر چاندی کی کئی تہوں پر مشتمل چین بھی پہنی، ان کے گلے میں آویزاں بڑا ”K” پینڈنٹ سب کی توجہ کا مرکز بنا رہا جو بلاشبہ ”کنگ خان”کی پہچان بن گیا۔شاہ رخ نے ہاتھوں میں کئی انگوٹھیاں پہن کر اپنے لک میں ڈرامائی اثر پیدا کیا جبکہ سبیاساچی کی پہچان سمجھی جانے والی منفرد بروچ کو بھی اپنے کوٹ کا حصہ بنایا۔شاہ رخ خان کی یہ پہلی میٹ گالا موجودگی تھی، لیکن ان کی انٹری، اعتماد اور فیشن کا انتخاب ایسا تھا کہ ہر طرف صرف ان کا تذکرہ سنائی دیا۔ سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں، ان کے لک کو لاکھوں افراد نے پسند کیا، جبکہ بین الاقوامی فیشن ناقدین نے بھی ان کے انداز کو بے حد سراہا۔

بھارت اور جنوبی افریقا کی خواتین ٹیموں کا پانچواں میچ آج ہوگا

کولمبو(این این آئی)بھارت اور جنوبی افریقا کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان سہ ملکی سیریز کا پانچواں میچ آج (بدھ کو) کھیلا جائے گا۔ یہ میچ آرپریماداسا سٹیڈیم، کولمبو میں کھیلا جائے گا اور صبح 9 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔سہ ملکی سیریز میں میزبان سیر لنکا،بھارت اور جنوبی افریقا کی خواتین ٹیمیں پنجہ آزما ہیں۔بھارتی ویمنز ٹیم نے سہ ملکی سیریز کا اپنا پہلا میچ میزبان سری لنکن خواتین ٹیم سے 9 وکٹو ں سے جیت لیا تھا جبکہ دوسرا میچ جنوبی افریقا سے 15 رنز سے جیتا تھا۔ سہ ملکی سیریز کا پانچواں میچ جنوبی افریقا اور بھارت کی خواتین ٹیموں کے درمیان 7مئی کو آر پریما داسا سٹیڈیم،کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ سہ ملکی سیریز کاچھٹا میچ 9 مئی کو میزبان سری لنکا اور جنوبی افریقا کی ویمنز ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گاجبکہ تین ملکی سیریز کا فائنل میچ 11 مئی کو کھیلا جائے گا۔سہ ملکی سیریز میں ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف چار،چارمیچز کھیلے گی جس میں سرفہرست دو ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔تین ملکی سیریز کے فائنل سمیت تمام میچز آر پریما داسا سٹیڈیم،کولمبو میں کھیلے جائیں گے اور صبح 9 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوں گے۔

سنسنی خیز میچز جاری’فخر زمان نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا

لاہور(این این آئی)پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن میں سنسنی خیز میچز جاری ہیں فخر زمان نے پی ایس ایل کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 ویں ایڈیشن کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہے۔ لاہور قلندرز کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان نے لیگ کا ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔فخر زمان نے گزشتہ روز کراچی کنگز کے خلاف 33 گیندوں پر 51 رنز اسکور کیے۔ لاہور قلندرز گوکہ یہ میچ نہ جیت سکی لیکن اس کے جارح مزاج اوپنر نے نصف سنچری بنا کر پی ایس ایل کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان کی یہ پی ایس ایل میں اپنی ٹیم کے لیے 24 ویں نصف سنچری تھی اور وہ پاکستان سپر لیگ میں کسی بھی ایک ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ نصف سنچری بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں۔ان کے پیچھے دو سال سے پشاور زلمی کی نمائندگی اور قیادت کرنے والے بابر اعظم ہیں جنہوں نے کراچی کنگز کی جانب سے 23 نصف سنچریاں اسکور کی ہوئی ہیں۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان 22 نصف سنچریوں کے ساتھ تیسرے، کامران اکمل پشاور زلمی کی جانب سے 15 نصف سنچریاں اسکور کرکے چوتھے جبکہ بابر اعظم اپنی حالیہ فرنچائز پشاور زلمی کے لیے 14 نصف سنچریاں بنا کر اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔

خواجہ آصف کے بیان کو سیاسی مخالفین اپنے فائدے کیلئے استعمال کر رہے ہیں، مولانا فضل الرحمن

لاہور (این این آئی) سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کے حالیہ بیان نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے، تاہم ان کا نقطہ نظر ذاتی نہیں لگتا بلکہ اس بیان کو سیاسی مخالفین اپنے فائدے کیلئے استعمال کر رہے ہیں، ہندوستان کے اندر خود نریندر مودی پر شدید تنقید ہو رہی ہے، پاکستان میں سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن وطن کی حفاظت کیلئے پوری قوم متحد ہے۔پروفیسر ساجد میر کی وفات پراظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر سویلین کو قتل کرنے کا الزام بے بنیاد اور بلاجواز ہے، اور اس طرح کے الزامات سے وہ خود مشکوک ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے اندر خود نریندر مودی پر شدید تنقید ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن وطن کی حفاظت کیلئے پوری قوم متحد ہے اور ہر پاکستانی وطن کے دفاع کیلئے ایک صف میں کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کے حالیہ بیان نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے، تاہم ان کا نقطہ نظر ذاتی نہیں لگتا بلکہ اس بیان کو سیاسی مخالفین اپنے فائدے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔مولانا فضل الرحمن نے دینی مدارس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کو سوسائٹی سے الگ نہیں رکھا جا سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ شوال میں دینی مدارس کے داخلے ہوتے ہیں اور اس سال اتنا زیادہ رش ہے کہ وقت سے پہلے ہی داخلے بند کرنا پڑ گئے، مدارس اب مزید داخلے لینے کی گنجائش نہیں رکھتے۔