All posts by mshijazi

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور کی ملاقات، پاک بھارت کشیدگی سمیت مختلف امور زیر غور

اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور پاک بھارت کشیدگی سمیت مختلف امورزیر غور آئے جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ بھارت کی بلا اشتعال اور بلا جواز جارحیت پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس جارحیت سے علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز السعود کے ساتھ ساتھ ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز السعود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیرِاعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے مزید فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا، اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ہندوستان کے پاکستان کے خلاف میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی جس کی وجہ سے کئی بے گناہ شہری بشمول خواتین اور بچوں کی شہادت واقع ہوئی اور املاک کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کی بلا اشتعال اور بلا جواز جارحیت پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس جارحیت سے علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ وزیرِ اعظم نے پاکستان کی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے دفاع وطن میں مثالی حوصلے اور جرات کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پر عزم ہے اور اسے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے مطابق اپنے دفاع کے لیے اقدامات لینے کا پورا پورا حق حاصل ہے۔ وزیرِاعظم نے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے اور علاقائی امن قائم کرنے کے لیے سعودی حکومت کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ سعودی وزیر مملکت نے پاکستانی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش ہے. انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے کشیدگی میں کمی کے ساتھ ساتھ پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام تصفیہ طلب تنازعات کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے مطالبے کا اعادہ کیا۔

پاک فضائیہ نے بھارت کے تین رافیل سمیت پانچ طیارے گرانے کے ثبوت پیش کر دیئے

راولپنڈی(این این آئی)پاک فضائیہ نے انٹرنیشنل میڈیا کے سامنے تین بھارتی رافیل سمیت 5طیاروں کو گرانے کے ثبوت پیش کر دیئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایئر وائس مارشل اورنگزیب نے انٹرنیشنل میڈیا کے سامنے تین بھارتی رافیل سمیت 5طیاروں کو گرانے کے ثبوت پیش کر دیئے ہیں۔ایئر وائس مارشل اورنگریز نے تین بھارتی رافیل سمیت 5بھارتی طیاروں کو گرانے کے ثبوت پیش کرتے ہوئے بھارتی طیاروں کے نمبرز اور تباہ ہونے کی لوکیشن بھی دکھائی جبکہ بھارتی پائلٹس کی آپس میں گفتگو بھی سنوائی ۔ آڈیو کال میں بھارتی رافیل کے فارمیشن کمانڈر نے کہا کہ ہمارا ایک ممبر مسنگ ہے ، فضا میں ایک دھماکہ سنا ہے ۔

بھارت کو ایک اور شکست، آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے دوسری قسط کی منظوری دیدی

واشنگٹن/اسلام آباد(این این آئی)بھارت کو ایک اور بڑی شکست ہو گئی،آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ نے پاکستان کیلئے قرض کی قسط کی منظوری دے دی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے قسط کی منظوری اور بھارت کے اوچھے ہتھکنڈے ناکام ہونے پر اظہار اطمینان کیا ہے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، پاکستان کے خلاف بھارت کو عالمی سطح پر ایک اور خفت کا سامنا کرنا پڑا، آئی ایم ایف نے پاکستان کے قرض اور کلائمنٹ فنانسنگ کی منظوری دے دی۔بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا جس میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ایک ارب ڈالر کے لگ بھگ مالیت کے قرضے کی اگلی قسط کیلئے پاکستان اور آئی ایم ایف جائزہ ٹیم کے درمیان طے پائے اسٹاف سطح کے معاہدے اور ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی پروگرام کے تحت پہلے اقتصادی جائزہ کو منظوری کیلئے پیش کیا گیا۔آئی ایم ایف بورڈ نے تفصیلی غور کے بعد اقتصادی جائزہ اور قرضے کی اگلی قسط جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ذرائع نے بتایاکہ اس کے علاوہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کلائمٹ فنانسنگ کے تحت بھی ایک ارب 30کروڑ ڈالر کی منظوری دی گئی۔ذرائع کے مطابق بورڈ کی جانب سے 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالرکی اگلی قسط جاری کرنے کی منظوری کے بعد توقع ہے کہ اگلے چند روز میں یہ رقم پاکستان کے اکانٹ میں منتقل ہوجائے گی۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے پاکستان کیلئے ایک ارب ڈالر کی قسط کی منظوری اور بھارت کے اس کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے ناکام ہونے پر اظہار اطمینان کیاہے۔وزیراعظم نے اس حوالے سے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوصال سمیت حکومت کی معاشی ٹیم کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معاشی صورتحال بہتر اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہے، بھارت یک طرفہ جارحیت سے ہماری ملکی ترقی سے توجہ ہٹانے کی مزموم سازش کر رہا ہے، بین الاقوامی اداروں نے بھارت کے جھوٹے پراپیگینڈے کو ذمہ دارانہ انداز سے مسترد کیا، آئی ایم ایف کے پروگرام کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام ہوئیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ پروگرام سے پاکستان کی معیشت کو مستحکم اور اسے طویل مدتی بحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی، حکومت ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے کی بہتر کارکردگی اور نجی شعبے کی ترقی جیسے اہم شعبوں کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، گزشتہ چودہ ماہ میں بہتر معاشی اعشاریے حکومت کی مثبت پالیسیوں کا مظہر ہیں، پاکستان کے معاشی استحکام کے لائحہ عمل، موثر کارکردگی اور اس حوالے سے پائیدار منصوبہ بندی کے لئے پرعزم ہیں۔

پاک فوج ایمان سے سرشار سیسہ پلائی دیوار کی مانند عوام کے ساتھ اکٹھی ہے، اداکارہ ریما

لاہور (این این آئی)پاکستان کی سینئر اداکارہ ریما اور اداکار اعجاز اسلم بھارتی جارحیت پر بول پڑے۔ریما نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اپنے دشمن کو منہ توڑ جواب دینا جانتا ہے، پاک فوج ایمان سے سرشار سیسہ پلائی دیوار کی مانند عوام کے ساتھ اکٹھی ہے، بھارت ذاتی مفادات نکال کر عوام اور انسانیت کی فلاح کو ترجیح دے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ بھارت خطے کے امن کو خراب مت کرے، پاکستان زندہ باد ہے ہمیشہ زندہ باد رہے گا۔اس کے علاوہ اداکار اعجاز اسلم نے بھارت کی بزدلانہ کارروائی پر برہمی کا اظہار کیا۔اعجاز اسلم نے کہا کہ جنگ جذبے سے لڑی جاتی ہے جو بھارتی فوج کے پاس نہیں ہے، عام شہریوں پر بزدلانہ حملے کرنا یہ کوئی بہادری نہیں ہے، سفید جھنڈے لہرانے کا وقت نہیں، بزدل بھارتی فوج کو بہادر افواج منہ توڑ کارروائی سے جواب دیگی۔اداکار نے کہا کہ ابھینندن کے واقعے کے بعد بھارتی فوج کا پول کھل گیا تھا، ہمیں اپنی افواج اور جوانوں پر فخر ہے۔

بھارت نے بدترین شکست کے بعد ”پی ایس ایل”کو نشانے پر رکھ لیا

نئی دہلی (این این آئی)بھارت نے جنگی میدان میں پاکستان کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شریک غیرملکی کھلاڑیوں کو نشانے پر رکھ لیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق بھارت کی انتہاپسند حکمراں جماعت پی جے پی نے اپنے جھوٹے پروپیگنڈے کو پھیلانے کیلئے انڈین میڈیا کا سہارا لے لیا ہے تاکہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کو سپوتاژ کیا جاسکے۔انڈین میڈیا نے پی ایس ایل میں شریک کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر پراپیگنڈہ شروع کردیا ہے جبکہ انڈین پریمئر لیگ میں شریک غیر ملکی کرکٹرز خصوصا نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ انگلینڈ کے 7 کھلاڑی سیم بلنگز، جیمز ونس، ٹام کرن، ڈیوڈ ولی، کرس جارڈن، ٹام کوہلر کینمور اور لیوک ووڈ پی ایس ایل میں شامل ہیں تاہم ڈیوڈ ولی، کرس جارڈن نے فرنچائز ملتان سلطانز سے بات کی ہے کہ وہ گھر روانہ ہونا چاہتے ہیں۔ادھر حقیقت یہ ہے کہ پی ایس ایل میں شریک ملتان سلطانز کی ٹیم پہلے ہی کوالیفائر کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے جبکہ فرنچائز کو اپنا آخری میچ اتوار کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف کھیلے گی۔

تیرا ہر ایک ذرہ ہم کو اپنی جان سے پیارا، شعیب اختر کا قومی پرچم کی تصویر پوسٹ کر کے پیغام

اسلام آباد (این این آئی)سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے سوشل میڈیا پر اکائونٹ پر قومی پرچم کی تصویر پوسٹ کر کے لکھا کہ تیرا ہر ایک ذرہ ہم کو اپنی جان سے پیارا۔سابق فاسٹ بولر کے اس پیغام کو صارفین نے بہت پسند کیا اور اس کے کمنٹ سیکشن میں بھی لوگوں نے پاکستان سے اپنی بے حد محبت کا اظہار کیا۔یاد رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے آزاد کشمیر میں مظفر آباد، کوٹلی اور باغ سمیت مریدکے اور شگر گڑھ میں سول آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے 31 پاکستانیوں کو شہید اور 57 کو زخمی کیا۔پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت ما منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 3 رافیل طیاروں سمیت بھارت کے 5 طیاروں کو تباہ کیاجبکہ پاک فوج نے مقبوضہ کشمیر میں کئی بھارتی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا۔

بھارت کے بزدلانہ حملے شرمندگی میں بدل گئے، محمد حفیظ

لاہور (این این آئی)پاکستان کے سابق کرکٹر محمد حفیظ نے بھارتی حملوں کو بزدلانہ اور شرمناک قرار دیا ہے۔سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں محمد حفیظ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بزدلانہ اور غیر قانونی حملے شرمناک اقدام میں بدل گئے۔محمد حفیظ نے لکھا کہ ہم بحیثیت قوم پاکستان کے دفاع کیلیے متحد ہیں۔ کرکٹر کے بیان پر صارفین نے کمنٹ سیکشن میں پاکستان سے اپنی محبت کا بھی کھل کر اظہار کیا۔

کمسن بچوں سمیت بے گناہ شہریوں کو شہید کر کے بھارت نے ننگی جارحیت کا ارتکاب کیا،خمیازہ بھگتنا ہوگا’مریم نواز

لاہور ( این این آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور سمیت دیگر مقامات پرڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے 12 مقامات پر بھارتی ڈرون بروقت گرانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیاہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے انتظامیہ، پولیس، ریسکیو سروسز اور پاک فضائیہ کے بروقت ریسپانس کو سراہا اورلاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور او ردیگر شہروں میں پولیس، انتظامیہ اور دیگر اداروں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے ڈرون حملو ں میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈرون حملوں کے دوران زخمی شہری او رافسران کے بہترین علاج کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے متعلقہ علاقوں میں انتظامی افسران کو زخمیوں کے علاج کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ کمسن بچوں سمیت بے گناہ شہریوں کو شہید کر کے بھارت نے ننگی جارحیت کا ارتکاب کیاہے،بھارت کوبے گناہ شہریوں پر حملے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ پوری قوم پاک فوج کے افسران اور سپاہیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔دنیا بھر میں بھارتی پائلٹ کی نااہلی اور ناکامی کا استعارہ بن چکے ہیں ۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ بھارت کا غرور رافیل طیارے زمین پر ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں،شہدا ء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا۔بھارت نے آبی ذخائر پر حملہ کر کے عالمی قوانین کی واضح خلاف ورزی کی ہے۔

بھارتی اور امریکی وزراء خارجہ میں رابطہ، مارکو روبیو کا خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور

واشنگٹن(این این آئی)بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو میں ٹیلیفونک رابطہ ہواہے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس کے مطابق مارکو روبیو نے دوران گفتگو خطے میں فوری کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ترجمان نے بتایاکہ مارکو روبیو نے پاک بھارت براہ راست مذاکرات کی حمایت کی اور بہتر روابط کے فروغ کی کوششیں جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔

اسحق ڈار کا اٹلی کے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا

اسلام آباد(این این آئی)نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار نے اٹلی کے وزیر خارجہ و بین الاقوامی تعاون انتونیو تاجانی سے علاقائی صورتحال پر بات چیت کیلئے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے اپنے اطالوی ہم منصب کو بھارت کی جانب سے پاکستانی خودمختاری کی کھلم کھلا خلاف ورزی سے تفصیلی آگاہ کیااورسٹینڈ آف ہتھیاروں کے استعمال سے شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کے عمل پر بریفنگ دی۔ترجمان کے مطابق انہوں نے بھارت کے بزدلانہ حملوں کی سخت مذمت کی،بھارتی بزدلانہ حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت عام شہری شہید ہوئے،وزیر خارجہ نے بھارت کے اقدامات کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی اقدامات خطے کے امن و امان کو خطرے میں ڈال رہے ہیں،بھارتی اقدامات دو جوہری طاقتوں کو ایک بڑے تنازع کے قریب لے جا رہے ہیں۔دوسری جانب اطالوی وزیر خارجہ تاجانی نے پاکستان میں جانوں کے ضیاع پر گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے خطے میں بڑھتی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے بات چیت کی فوری ضرورت پر زور دیا، دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

پرچی صرف پاکستان تک چلتی ہے انکی، علیزے شاہ کا شوبز انڈسٹری پر طنز

کراچی (این این آئی)پاکستان شوبز کی اداکارہ اور ماڈل علیزے شاہ نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر اپنے بیباک انداز سے دیئے گئے بیان کی وجہ سے صارفین کی توجہ سمیٹ لی ہے۔حال ہی میں انہوں نے انسٹاگرام سے اپنی تمام پوسٹس ڈیلیٹ کرنے کے بعد ایک تنقیدی بیان جاری کیا جس میں انہوں نے شوبز انڈسٹری میں سفارش اور تعلقات کی بنیاد پر کام حاصل کرنے کے رجحان کا انکشاف کیا۔علیزے نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ انہوں نے کبھی غیر اخلاقی طریقے سے کام نہیں لیا، اور ان کے مطابق صرف پاکستان میں ہی ایسے لوگوں کے لیے جگہ ہے جو”پرچی”کے ذریعے آگے بڑھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جو افراد بند دروازوں کے پیچھے خفیہ معاملات طے کرتے ہیں، وہ خود کو پیشہ ور کہتے ہیں، جب کہ جو اس نظام کا حصہ نہ بنے، انہیں بدتمیز قرار دیا جاتا ہے۔اداکارہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ صارفین ان کی صاف گوئی کی تعریف کر رہے ہیں، جب کہ دیگر کا کہنا ہے کہ علیزے شاہ محض تنازعات کے ذریعے خبروں میں رہنے کی کوشش کر رہی ہیں کیونکہ اب انہیں کام نہیں مل رہا۔یاد رہے کہ اب سے کچھ دن قبل علیزے شاہ نے سوشل میڈیا سے دوری کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ان کے نئے بیانات سامنے آنے پر صارفین انکی سوشل میڈیا پرواپسی پر بھی طنز کر رہے ہیں۔

ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی رومانٹک کامیڈی فلم لو گرو 6 جون کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی

کراچی (این این آئی)پاکستان کی سپر اسٹار ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی نئی فلم ”لو گرو”کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔پاکستانی فلمی شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید ایک بار پھر بڑے پردے پر ایک ساتھ جلوہ گر ہو رہے ہیں، اس بار فلم ”لو گرو”میں یہ مقبول جوڑی رومانوی مناظر میں دکھائی دے گی۔اس فلم کی ریلیز عید الضحی کے موقع پر ہونے جا رہی ہے۔ فلم کی پروڈکشن ہمایوں سعید، شہزاد نصیب اور جرجیس سیجا نے کی ہے جس کے زیادہ تر مناظر لندن میں فلمائے گئے ہیں۔رومینٹک کامیڈی کے ماہر واسع چوہدری نے اس فلم کی کہانی لکھی ہے، جو اس سے قبل”جوانی پھر نہیں آنی”کے دونوں حصے لکھ چکے ہیں۔”لو گرو”میں ماہرہ اور ہمایوں کے ساتھ ایک مضبوط اداکاروں کی ٹیم شامل ہے جن میں مومنہ اقبال، میرا سیٹھی، سہائے علی ابرو، عمارہ ملک، عدنان شاہ ٹیپو، مرینہ خان، انی زیدی، عثمان پیرزادہ اور جاوید شیخ شامل ہیں۔فلم کا ٹریلر مداحوں کے دل جیتنے میں کامیاب رہا ہے جس کے بعد انہیں بیصبری سے اس کی ریلیز کا انتظار ہے۔ لو گرو 6 جون 2025 کو پاکستان کے سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔