All posts by mshijazi

پانی کے معاملے پر بھارت کو اس بار جیسا ہی جواب دیا جائے گا، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد(این این آئی)وزیر اعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پانی کے معاملے پر بھارت کو اس بار جیسا ہی جواب دیا جائے گا۔ایک انٹرویو میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کی تحقیقات کے بغیر حملہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کہہ دیا تھا، اگر ہماری سالمیت پر حملہ ہوا تو جواب دیں گے، ہمارے جواب کے بعد نریندر مودی نے سیز فائر کی درخواست کی۔مشیر وزیراعطم نے کہاکہ بھارت کو پانی کے معاملے پر بھی ایسا ہی جواب دیا جائے گا جیسا اس بار دیا گیا۔انہوںنے کہاکہ کشمیر کا معاملہ تو ہر قیمت پر سامنے رکھا جائے گا، مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر دوبارہ اجاگر ہوا ہے، پہلے تو مودی اس پر بات کیلئے تیار ہی نہیں تھے۔

پاک فضائیہ کو بھارت کی فضائیہ کے مقابلے 6صفر سے کامیابی ملی، ائیروائس مارشل

راولپنڈی(این این آئی)پاک فضائیہ کے ائیروائس مارشل اورنگزیب احمد نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کو بھارت کی فضائیہ کے مقابلے 6صفر سے کامیابی ملی۔پریس کانفرنس کے دوران پاک فضائیہ کے ائیروائس مارشل اورنگزیب احمد نے بتایاکہ بھارتی فضائیہ کی جارحیت پر اس کے طیارے مار گرائے اور پاک فضائیہ کو بھارت کی فضائیہ کے مقابلے 6صفر سے کامیابی ملی۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے ڈرون طیاروں سے پاکستانی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، ڈرونز سویلین کی جگہ آتے تھے تو اسے احتیاط سے گراتے تھے، پاکستان نے تمام ڈرونز اور بغیرپائلٹ طیاروں کابروقت پتا لگایا۔انہوںنے کہاکہ براہموس میزائل کے حملے کو بھی ائیر ڈیفنس سسٹم نے ناکارہ بنایا، پاک فضائیہ نے اپنی بھرپورصلاحیتوں سے دشمن کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر

ترجمان پاک فوج کی بھارتی پائلٹ کی پاکستانی تحویل بارے خبروں کی تردید

راولپنڈی(این این آئی)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بھارتی پائلٹ کی پاکستانی تحویل میں ہونے کی خبروں کی تردید کردی۔پریس کانفرنس کے دوران بھارتی پائلٹ کی گرفتاری سے متعلق زیر گردش خبروں بارے سوال کے جواب میں ترجمان پاکستان فوج نے کہاکہ میں واضح کردوں کہ ہمارے پاس کوئی بھارتی پائلٹ نہیں ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ صرف سوشل میڈیا پر پراپیگنڈہ ہے، بھارت کا کوئی پائلٹ ہماری تحویل میں نہیں ہے۔

پی ایس ایل ملتوی ہونے سے متعلق بھارتی میڈیا ”جھوٹی خبریں”پھیلانے لگا

دبئی (این این آئی)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کو ملتوی کرنے سے متعلق بھارتی میڈیا جھوٹی خبریں پھیلانے لگا۔بھارتی اسپورٹس ویب سائٹس نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان کو دبئی میں پی ایس ایل کے میچز کروانے کی اجازت نہیں دی تاہم اسکے برعکس پاکستانی حکومت کی ہدایت پر پی ایس ایل انتظامیہ نے ٹورنامنٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔گزشتہ روز بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی امیر ترین لیگ آئی پی ایل کو دبئی میں منتقل کرنے پر صاف انکار کردیا تھا جس پر ہندوستان کو شدید غصہ تھا۔ دبئی کے اعلیٰ حکام نے آئی پی ایل منتظمین کو دوٹوک جواب دیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پی ایس ایل کیلئے پہلے ہی گراؤنڈ بْک کروالیا ہے۔قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کے بقیہ میچز دبئی میں کروانے کا اعلان کردیا تھا تاہم پاک بھارت کشیدگی کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ایونٹ روکنے پر زور دیا اور یوں پی ایس ایل کو ملتوی کردیا گیا۔

بھارت سے سیز فائر ہوسکتا ہے تو پی ٹی آئی سے بھی ہونا چاہیے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پاکستان نے مکار دشمن کو بروقت اور بھرپور جواب دیا،آئندہ کوئی جارحیت کی تو تب بھی ایسا سخت جواب آئے گا،بھارت سے سیز فائر ہوسکتا ہے تو پی ٹی آئی سے بھی ہونا چاہیے۔ جاری بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں سیز فائر خوش آئند ہے، ایسے اقدامات کیے جائیں کہ مستقبل میں ایسے واقعات نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ سیز فائر ہوسکتا ہے تو پی ٹی آئی کے ساتھ بھی سیاسی سیز فائر ہونا چاہیے، بانی پی ٹی آئی سب سے بڑی جماعت کے لیڈر ہیں اور وہ جیل میں ہیں،بانی پی ٹی آئی سے پارٹی قیادت اور کارکن ملاقات نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت جارحیت سے باز نہیں آرہا تھا، پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا تھا، قوم نے بھارت کو سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالا تر ہوکر جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے مکار دشمن کو بروقت اور بھرپور جواب دیا، کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے پاکستان نے بھرپور جواب دیا اور بھارت کا غرور خاک میں ملایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جو بھارت کو جواب دیا وہ پوری دنیا نے دیکھا، بھارت نے آئندہ کوئی جارحیت کی تو تب بھی ایسا سخت جواب آئے گا۔

حج 2025 گزشتہ سالوں کے مقابلے میں مثالی ہوگا،وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف

مکہ مکرمہ (این این آئی)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے پاکستانی حج مشن کی جانب سے عازمین حج کے لیے کیے گئے غیر معمولی انتظامات کا حوالہ دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ حج 2025 گزشتہ سالوں کے مقابلے میں مثالی ہوگا۔ہفتہ کو سرکاری میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے انہیں خصوصی طور پر پاکستانی عازمین حج کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سعودی عرب بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر سال حج کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی زائرین کے لیے مدینہ منورہ کے علاقے مرکزیہ میں 100 فیصد رہائش کا انتظام کیا گیا ہے جو کہ مسجد نبوی سے صرف 5 سے 10 منٹ کی مسافت پر ہے۔وفاقی وزیر نے حج مشن کی پوری ٹیم کے لگن کی تعریف کی، جو چوبیس گھنٹے عازمین حج کی مدد کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ان کی عقیدت پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ زائرین کے لیے آرام دہ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے تمام کیمپ مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ ہوں گے،کیمپوں میں صوفے اور بستروں سے لیس ہوں گے جس سے حجاج کرام انہیں بیٹھنے اور سونے دونوں کے لیے استعمال کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حاجیوں کے سامان کو ذخیرہ کرنے کے لیے اونچے اسٹوریج ریک کی شکل میں کافی ذخیرہ کرنے کی جگہ بھی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے پاکستانی حجاج کے لیے بھرپور انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے سعودی حکام کی مسلسل حمایت اور تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔سردار محمد یوسف نے تمام عازمین حج پر زور دیا کہ وہ سعودی حکومت کی طرف سے جاری کردہ قواعد و ضوابط اور ہدایات پر سختی سے عمل کریں کیونکہ یہ حج کے آسان اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے بنائے گئے ہیں۔انہوں نے زائرین پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی، امت مسلمہ کے اتحاد اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں اور ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لیے دعا کریں۔حج فلائٹ آپریشنز کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پاکستانی عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جا رہا ہے جبکہ باقی ماندہ عازمین کو ہوائی جہاز سے براہ راست مکہ مکرمہ پہنچایا جائے گا۔قبل ازیں وفاقی وزیر نے مکہ مکرمہ کے ہوٹل میں مدینہ سے آنے والے عازمین حج کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو، ڈائریکٹر عزیز اللہ خان، کوآرڈینیٹر ذوالفقار خان اور سعودی کمپنی الراجیحی کے حکام بھی موجود تھے۔ اللہ تعالی کی طرف سے آنے والے مہمانوں کو خصوصی تحائف بھی پیش کیے گئے۔

احسن اقبال کی زیر صدارت ترقیاتی بجٹ پر اعلی سطحی اجلاس،اڑان پاکستان وژن سے ہم آہنگ منصوبوں کو ترجیح دینے پر اتفاق

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت آئندہ مالی سال 2025-26 کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP)کیلئے ترجیحی منصوبوں کے تعین پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں رکن منصوبہ بندی کمیشن اور وزارت کے سینئر افسران نے مختلف شعبوں کے اہم منصوبوں پر بریفنگ دی۔ یہ اجلاس حکومت پاکستان کے ترقی و استحکام کے ایجنڈے کو ہر حال میں جاری رکھنے کے عزم کا مظہر ہے۔اجلاس میں ان منصوبوں کو ترجیح دی گئی جو اڑان پاکستان اور 5Es قومی اقتصادی فریم ورک سے ہم آہنگ ہوں، جن میں برآمدات، برابری و بااختیاری، ای-پاکستان، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی، اور توانائی و بنیادی ڈھانچے کے شعبے شامل ہیں۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود ہم پاکستان کی ترقی کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم عوام کی بہتری اور ملک کی ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔پاک بھارت حالیہ صورتحال اور دفاعی صلاحیتوں اور اقتصادی استحکام پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم امن کے خواہاں ہیں، لیکن ملکی سالمیت اور بقا سے بڑھ کر کچھ اہم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے، ہماری مضبوط دفاعی صلاحیت مضبوط اور جدید نظام پر استوار ہے۔ ہم بھارت کو اپنی بقا سے کھیلنے یا معیشت کو غیر مستحکم کرنے یا ترقیاتی ایجنڈے کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ جب قوم میں عزم ہو تو کوئی چیلنج ناقابلِ عبور نہیں ہوتا۔وزیرِ منصوبہ بندی نے کہا کہ آئندہ پی ایس ڈی پی کو اڑان پاکستان اور اس کے اہداف سے ہم آہنگ بنایا جائے گا، ایسے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی جو پیداواریت میں اضافے اور 5ایز فریم ورک میں طئے کردہ اہداف کے حصول کا باعث بنیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ جاری منصوبوں میں ایسے منصوبے جو تکمیل کے قریب ہیں ان کے لیے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔احسن اقبال نے کہا کہ وزارتِ منصوبہ بندی ایک منظم، مربوط اور موثر ترجیحاتی عمل کے ذریعے ایسے منصوبوں کا انتخاب کر رہی ہے جو قومی ترقیاتی اہداف کے حصول میں مددگار ہوں گے، جن میں انفراسٹرکچر کی بہتری، انسانی وسائل کی ترقی، قومی تشخص کا فروغ، اور مستقبل کے ترقی یافتہ پاکستان کے لئے وسائل کی فراہمی اور سرمایہ کاری شامل ہے۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ اگرچہ چیلنجز بہت بڑے ہیں، مگر حکومت پاکستان ہر شعبے پر توجہ دے رہی ہے تاکہ عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ آنے والے مالی سال میں زمینی حقائق اور چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے وزارتِ منصوبہ بندی نے ترقیاتی بجٹ کو از سر نو ترتیب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم وسائل کے درست استعمال پر توجہ دے رہے ہیں تاکہ اہم منصوبے جاری رہیں اور اڑان پاکستان وژن اور وفاقی حکومت کی ترجیحات کے مطابق ترقی کے سفر کو آگے بڑھایا جا سکے۔ یہ حکمتِ عملی ہمیں آئندہ مالیاتی منظرنامے میں بہتر انداز سے آگے بڑھنے میں مدد دے گی۔

اسحاق ڈار کا چین، اماراتی وزرائے خارجہ سے رابطہ، صورتحال سے آگاہ کردیا

اسلام آباد (این این آئی)نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے چین اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کو فون کرکے بھارت کے ساتھ ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کردیا۔دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید سے رابطہ کیا اور اس موقع پر اماراتی وزیرخارجہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کیا۔نائب وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام کے لیے متحدہ عرب امارات کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی سے بھی رابطہ کیا اور اسحاق ڈار نے بھارتی جارحیت اور پاکستان کے ردعمل پر وانگ ژی کو آگاہ کیا۔چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے پاکستان کے تحمل اور ذمہ دارانہ رویے کو سراہا اور کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے کھڑا ہے۔اس موقع پر دونوں رہنماں نے قریبی رابطے اور آئندہ دنوں میں مسلسل ہم آہنگی پر اتفاق کیا۔

حبا بخاری نے اپنے جعلی ایکس اکائونٹ کی وضاحت پیش کر دی

لاہور (این این آئی) اداکارہ حبا بخاری نے جعلی ایکس اکائونٹ کی جانب سے ان سے منسوب کیے گئے متنازع بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وضاحت پیش کی ہے کہ ان کا کوئی آفیشل ٹوئٹر اکانٹ نہیں ہے۔گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک اکانٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان سے متعلق ایک بیان حبا بخاری کے نام سے شیئر کیا تھا جس پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آیا۔حبا بخاری نے اپنے انسٹاگرام اکانٹ پر سٹوری کے ذریعے اپنے مداحوں کو آگاہ کیا کہ وہ ایکس (ٹوئٹر) پر موجود نہیں ہیں اور ان کے نام سے چلنے والا اکانٹ جعلی ہے۔اداکارہ نے اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ ایسے جعلی اکانٹس کو فورا رپورٹ کریں تاکہ غلط معلومات کے پھیلا کو روکا جا سکے۔

مشکل حالات ہوں تو اندازہ ہوتا ہے فوج کتنی ضروری ہے، انور مقصود

کراچی (این این آئی)مشہور مصنف انور مقصود نے کہا ہے کہ مشکل حالات ہوں تو اندازہ ہوتا ہے فوج کتنی ضروری ہے، آج 25 کروڑ پاکستانی سپاہی بن گئے ہیں۔پاک بھارت کشیدگی بارے بات کرتے ہوئے انور مقصود نے کہا کہ میرے پاس ہتھیار نہیں، میرا ہتھیار میرا قلم ہے تو جو کچھ بھی مجھ سے ہو سکتا ہے میں اس ملک کیلئے کروں گا۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے پرچم کی عزت بالکل اسی طرح کرتا ہوں جیسے کوئی ہندوستانی اپنے پرچم کی عزت کرتا ہے۔انور مقصود نے کہا کہ مجھے بھارت کے 5جہاز گرنے کی اتنی خوشی نہیں ہے جتنا دکھ معصوم پاکستانیوں کے جانی نقصان کا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگ شروع کرنا بہت آسان ہے ایک چھوٹے سے واقعے سے ہی جنگ شروع کی جا سکتی ہے لیکن اسے ختم کرنا بہت مشکل ہے، تو دعا کریں کہ سلسلہ آگے نہ بڑھے۔انور مقصود نے کہا کہ مودی کو ووٹ ملے ہیں لیکن شاید اس حادثے کے بعد انہیں کچھ عقل آجائے کہ وہ مسلمانوں کے ساتھ برا سلوک کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زمانہ بدل گیا ہے تو مودی کو سمجھنا چاہیے کہ اب کوئی بھی جنگ نہیں چاہتا۔ انور مقصود نے کہا کہ سب ملک کو ترقی کرتے دیکھنا چاہتے ہیں تو اس کیلئے ہم سب پاکستانیوں کو بھی اسی جانب چلنا پڑے گا جس طرف ہماری حکومت اور فوج چلنا چاہتی ہے۔

پاک بھارت صورتحال کو بغور مانیٹر کر رہے ہیں، کرکٹ آسٹریلیا

سڈنی (این این آئی)آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مقامی حکومت پی سی بی، بھارتی بورڈ اور مقامی حکومتی اتھارٹیز سے رابطے میں ہے۔پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے کہا گیا کہ وہ موجودہ صورتحال سے متعلق مشاورت کر رہے ہیں۔کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں موجود کھلاڑیوں اور اسپورٹس اسٹاف سے رابطے میں ہیں۔

پاک۔بھارت کشیدگی،پی ایس ایل کے باقی 8 میچز ملتوی کر دیے گئے

اسلام آبا د(این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے باقی آٹھ میچز ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی صورتحال مزید خراب ہوئی ہے، 78 ڈرونز نے دراندازی کی ہے اور بھارت کی جانب سے زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے ہیں۔اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے مشورے پر کیا گیا ہے، جنہوں نے بھارت کی جانب سے بڑھتی ہوئی جارحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ رائے دی، اس وقت پوری قوم کی توجہ اور جذبات بجا طور پر ان بہادر مسلح افواج کی طرف ہیں جو پاکستان کی خودمختاری کا بھرپور دفاع کر رہی ہیں۔اعلامیے کے مطابق پی سی بی اور تمام کھلاڑی شہداء کے اہلِ خانہ اور مادرِ وطن کے دفاع میں مصروف سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پی سی بی اپنے تمام شراکت داروں، فرنچائزز، کھلاڑیوں، براڈکاسٹرز، اسپانسرز اور منتظمین کی کوششوں اور تعاون کا اعتراف کرتا ہے، جنہوں نے اب تک ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا۔پی سی بی کے مطابق کرکٹ خوشی اور اتحاد کا ذریعہ ہے، تاہم اس وقت ایک وقفہ لینا چاہیے جب ملک ایسی سنگین صورتحال کا سامنا کر رہا ہو۔