All posts by mshijazi

علی ظفر پھر پی ایس ایل 10 کا ترانہ پیش کرنے کو تیار، علی ترین کا مایوسی کا اظہار

لاہور (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کا ترانہ ہر دلعزیز گلوکار علی ظفر کی آواز میں جلد جاری کیا جائے گا جس پر ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے مایوسی کا اظہار کر دیا۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ملتان سلطانز کے مالک نے اپنے اعتراض کا اظہار کھل کر کر دیا۔علی ترین نے پی ایس ایل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انسٹا اسٹوری شیئر کی ہے۔انہوں نے اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ پی ایس ایل نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے بجائے ایک ہی فنکار پر انحصار کیوں کرتا ہے؟ملتان سلطانز کے مالک نے لکھا ہے کہ پاکستان کے پاس بہت سارے حیرت انگیز فنکار ہیں، پھر بھی تقریباً آدھے سے زیادہ ترانے ایک ہی درمیانی عمر کے گلوکار کو دے دیے گئے، اس کے باوجود کہ فرنچائزز کو فنکار کے حوالے سے خدشات ہیں۔علی ترین نے لکھا کہ وہ اسے اب تک کا سب سے بڑا پی ایس ایل قرار دے رہے ہیں لیکن پھر بھی انہی آوازوں کو ری سائیکل کر کے پیش کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ پی سی بی نے پی ایس ایل 10 کے آفیشل ترانے کے گلوکار کا اعلان ایک پوسٹر شیئر کر کے کر دیا ہے، جس کے مطابق اس سال بھی نوجوانوں کے پسندیدہ گلوکار علی ظفر پی ایس ایل کے گانے میں آواز کا جادو جگائیں گے۔علی ظفر اس سے قبل بھی متعدد بار پی ایس ایل کا ترانہ گا چکے ہیں۔گزشتہ سیزن میں بھی پی ایس ایل اینتھم ‘کْھل کے کھیل’ میں انہوں نے ہی اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کا ا?غاز 11 اپریل سے ہو گا، یہ ایونٹ 18 مئی تک کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں منعقد ہو گا۔

پانچواں ٹی 20،نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

ولنگٹن (این این آئی)نیوزی لینڈ نے پانچویں ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1ـ4 سے اپنے نام کرلی۔ویلنگٹن میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنزبنائے، نصف سنچری بنانے والے کپتان سلمان علی آغا اور 28 رنز بنانے والے شاداب خان کے علاوہ کوئی قابل ذکر کھیل پیش نہ کرسکا جبکہ 8 بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔حسن صفر، محمد حارث 11، عمیر یوسف اور عثمان خان 7،7 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ عبدالصمد بھی 4 رنز ہی بناسکے۔شاداب خان 28، جہانداد خان ایک، حارث رؤف 6 جبکہ سفیان مقیم اور محمد علی کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمز نیشم نے 5، جیکب ڈی 2 جبکہ بین سیئرز اور اش سوڈھی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ٹیم سیفرٹ نے 10 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر 97 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے 128 رنز کا ہدف 10 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، پاکستان کی جانب سے دونوں وکٹیں سفیان مقیم نے حاصل کیں۔آخری میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی تھیں، شاہین شاہ آفریدی، خوشدل شاہ اور ابرار احمد کو ڈراپ کرکے عمیر بن یوسف، سفیان مقیم اور عثمان خان کو موقع دیا گیا تھا۔

190ملین پائونڈزریفرنس، بشری بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر جلد سماعت کی استدعائ

اسلام آباد (این این آئی)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے 190ملین پائونڈز کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر جلد سماعت کی استدعا کر دی۔بشری بی بی نے درخواست پر جلد سماعت کی استدعا کرتے ہوئے مو قف اپنایا کہ 25مارچ کو سزا معطلی کا کیس سماعت کیلئے مقرر تھا، مرکزی وکیل قتل کے مقدمے میں سپریم کورٹ میں مصروف تھے، عدالت نے مختصر کاز لسٹ کی وجہ سزا معطلی کی درخواستیں بھی عید کے بعد تک ملتوی کر دیں۔درخواست میں بشری بی بی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار 54سالہ ہائوس وائف ہیں، سزا معطلی کی درخواست مرکزی اپیل کے ساتھ عید سے قبل سماعت کیلئے مقرر کی جائے۔

فیسیلیٹیشن آن ویلزٹریفک پولیس کی قابل تحسین سروس ہے، طلال چودھری

اسلام آباد(این این آئی)وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ فیسیلیٹیشن آن ویلز ٹریفک پولیس کی قابل تحسین سروس ہے۔وفاقی دارالحکومت میں فیسیلیٹیشن آن ویلز سروس کے معائنہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ سروس وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کے ویژن کے تحت شروع کی گئی ہے، جس کا مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا، تجدید اور لرنر پرمٹ جیسی سہولیات فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سہولت اسلام آباد کے مختلف تعلیمی اداروں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور تجارتی مراکز میں فراہم کی جا رہی ہے، اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی قابلِ تحسین ہے، یہ اقدام عوام کو سہولت فراہم کرنے اور گورننس کے جدید اصولوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔وزیر مملکت نے کہا کہ مختلف اداروں میں ایسی مزید عوامی سہولتیں متعارف کروانے کیلئے کام جاری ہے، اسلام آباد ٹریفک پولیس کی مکینک آن ویلز سروس کی بھی قابل تعریف ہے ۔انہوں نے کہا کہ مکینک آن ویلز سروس مرکزی شاہراہوں پر گاڑیوں کو فوری مدد فراہم کر رہی ہے، شہری ان جدید سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، شہری ان سہولیات سے مستفید ہونے کے لیے ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں۔

موجودہ لیڈرشپ کے ہوتے عمران کی رہائی میں کامیابی کی امید نہیں’فواد چودھری

لاہور( این این آئی)سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ موجودہ لیڈرشپ کے ہوتے عمران کی رہائی میں کامیابی کی امید نہیں،پی ٹی آئی کی سینئر لیڈر شپ سے سیاست چھڑوائی گئی، اب صرف عمران خان اورلوگ ہیں، لوگ پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈرشپ کونہیں جانتے، موجودہ لیڈرشپ کا کینڈی شاپ جانے والے بچوں جیسا حال ہے۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ذات کے ساتھ لوگ جڑے ہوئے ہیں، سلمان اکرم راجہ پانامہ میں نوازشریف کے وکیل تھے، ان کو سیاست کا پتہ نہیں ، سلمان اکرم راجہ سے جو اختلاف کرتا ہے اسے نکال دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالت میں انڈرٹیکنگ دینا غلط تھا، کور کمیٹی میں مشاورت کے بعد انڈرٹیکنگ نہیں دینی چاہیے تھی، میں نے تو بانی پی ٹی آئی سے کہا پہلے ایک عثمان بزدار اب آپ نے کئی شامل کر لیے، وکیلوں کو بھاری فیسیں دیں لیکن میڈیا سیل کوبند کردیا گیا، یہ احمقوں کا اجتماع ہے ان کو کوئی عقل نہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ بانی کوجیل میں 600 دن ہو گئے، باہر ہونا چاہیے تھا، موجودہ لیڈرشپ کے ہوتے ہوئے کسی کامیابی کی امید نہیں رکھی جاسکتیں، عمران خان نے گرینڈ ڈائیلاگ کی میری تجویز سے اتفاق کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ لیڈرشپ ایک سال میں سیاسی الائنس نہیں بنا سکی، عمران خان کو باہر نکالنے کی آخری سنجیدہ کوشش بشری بی بی نے کی ہیں، موجودہ لیڈرشپ کا ایک ہی کام لوگوں کو پارٹی سے نکالنا ہے، ہائیکورٹ نے کہا ہے جیل س کے باہر آکر سیاسی گفتگو نہیں کریں گے۔

اداکارہ صحیفہ جبار سوشل میڈیا سے اپنی تصاویرلگانے سے گریزاں

لاہور (این این آئی)پاکستانی ڈراموں کی معروف اداکارہ صحیفہ جبار نے اپنی اور فیملی کی تصاویر سوشل میڈیا پر نہ لگانے کے حوالے سے اظہار خیال کیا ہے۔صحیفہ نے نجی ٹی وی کے شو میں مہمان کی حیثیت سے شرکت کی جہاں میزبان اشنا شاہ نے ان سے سوال کیا کہ آپ نے کبھی اپنے شوہر کی اور اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر نہیں لگائی تو اس کی کیا وجہ ہے، اس کے جواب میں اداکارہ صحیفہ جبار بتایا کہ ہماری شادی ایک وائرل شادی تھی۔انھوں نے بتایا کہ شادی پر ہوا یہ کہ انڈسٹری کے تین چار دوستوں کو آنا تھا، پھر یہ ان تین چار سے آٹھ لوگوں کو پتا چلا، جب انڈسٹری کے لوگ آئے تو باقی فیملی کے لیے یہ ایک خوشی اور حیرت کی بات تھی۔صحیفہ جبار نے کہا کہ اس وجہ سے شادی کی پکچرز وائرل ہوتے ہوتے وہ کافی بڑا ہوتا چلا گیا، اس کے بعد مجھے کئی شوز پر بلایا گیا، مگر میرے میاں نے صاف منع کردیا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں بھی اسی سوچ کی حامل تھی کہ کہیں پر جاکر اپنے شوہر کو بٹھا کر رکھوں، جو کرتے ہیں یہ ان کیلیے اچھا ہوتا ہوگا، مگر ہم اس طرح کے نہیں تھے۔صحیفہ جبار نے بتایا کہ شروع میں ہم پھر بھی تصاویر لگالیتے تھے لیکن پھر وقت کے ساتھ مجھے پتا چلا اور مجھے ان چیزوں سے بہت ڈر لگتا ہے کہ اللہ نہ کرے کہ اگر زندگی میں کل کو کچھ غلط ہوتا ہے تو وہ جو تصاویر نکلتی ہیں اور پرانی پکچرز آتی ہیں نئی پکچرز آتی ہیں۔یہ ساری تصاویر جڑتی ہیں اور ہیڈ لائن بنتی ہیں تو میں نہیں چاہتی ہوں کہ کسی بھی طرح کا ٹراما کسی بھی فیملی کو گزارنا پڑے جبکہ نظر بھی اس کی ایک بہت بڑی وجہ تھی کہ تصویر نہیں لگاتی۔

ڈیوڈ وارنر کراچی کنگز کے نئے”باس” بن گئے

لاہور (این این آئی)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز کراچی کنگز نے 10ویں ایڈیشن کیلئے کپتان تبدیل کرلیا۔قومی ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کراچی کنگز میں اب بطور عام کھلاڑی کے طور پر پلئینگ الیون کا حصہ ہوں گے، پی ایس ایل کے گزشتہ ایڈیشن میں کپتانی کی ذمہ داری انہی کے سپرد تھی۔ورلڈکپ جیتنے والے تجربہ کار اوپنر ٹی20 کرکٹ میں جارحانہ بیٹنگ کیلئے مشہور ہیں، وہ کراچی کنگز کی قیادت کرتے ہوئے ٹیم کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پْرعزم ہیں، وارنر بگ بیش سمیت دنیا کی مختلف لیگز میں قیادت کرچکے ہیں۔کراچی کنگز نے 13 جنوری کو حضوری باغ لاہور میں منعقدہ پلیئرز ڈرافٹ 2025 میں کراچی کنگز نے اپنی پہلی ترجیح کے طور پر انھیں منتخب کیا تھا۔ٹیم انتظامیہ نے گزشتہ سیزن کے کپتان شان مسعود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی زیر قیادت نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج آیا جس نے ٹیم کو نئی سمت دی۔فرنچائز اونر سلمان اقبال نے کہا کہ ہم ڈیوڈ وارنر کو کراچی کنگز فیملی میں خوش آمدید کہنے پر بیحد خوش ہیں، ان کی بطور قائد اور بیٹر کارکردگی ہماری ٹیم کے ویژن سے مطابقت رکھتی ہے۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل سیزن 10 کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا، کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 12 اپریل کو نیشنل اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔

سب کا ریکارڈ ایک جیسا ہے، بس بولنے سے پہلے سوچنا چاہیے، سرفراز احمد

کراچی (این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے تجزیہ نگار بن کر بیٹھنے اور تنقید کرنے والے کرکٹرز کو احتیاط کا مشورہ دے دیا۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ یہ لوگ گراؤنڈ میں کچھ اور ٹی وی پر بیٹھ کر کچھ باتیں کرتے ہیں، جبکہ سب کا ریکارڈ دیکھا جائے تو ایک جیسا ہی نکلے گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے بھی میڈیا پر بطور تجزیہ نگار بیٹھنے کی پیش کش ہوئی اور حالیہ چیمپئنز ٹرافی میں تین، چار جگہ سے پیش کش تھی۔ لوگ گراؤنڈ میں کچھ اور ٹی وی پر بیٹھ کر کچھ باتیں کرتے ہیں۔سرفراز احمد نے کہا کہ بڑے کرکٹرز نے کیا کچھ نہیں بولا، یہ اُن کے بارے میں بات کرتے ہیں جن کے ساتھ کھانا کھایا اور بھول جاتے ہیں تو آپ ساتھ تھے تو کہتے تھے ان جیسے کرکٹرز نہیں اب تنقید کررہے ہیں۔سابق کپتان نے تنقید کرنے والے تجزیہ نگاروں کو کہا کہ یا تو آپ اُس وقت غلط تھے جب تعریف کررہے تھے یا پھر اب غلط تنقید کررہے ہیں، میرا خیال ہے کہ بات کو توازن کے ساتھ کرنا چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں کسی ایک کی بات نہیں کرتا، یہ جتنے بھی لوگ ٹی وی پر ہیں سب کے ساتھ کھیلا، ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کہ اتنا اچھا کرکٹر نہیں مگر اللہ نے کسی قابل نہ ہونے پر بھی عزت دی۔سرفراز احمد نے تجزیہ نگار بن کر بیٹھنے اور موجودہ کھلاڑیوں کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کا ریکارڈ اٹھا کر دیکھ لیں ایک جیسا ہی ہوگا اس لیے میں کہتا ہوں کہ آپ کو بولنے سے پہلے سوچنا چاہیے۔

معمول سے کم بارشیں، تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی شدید کمی، خشک سالی کا خطرہ

اسلام آباد(این این آئی)رواں سال معمول سے کم بارشوں کے باعث تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی شدید کمی ہوگئی۔نجی ٹی وی کے مطابق مختلف دریاؤں میں پانی کا بہاؤ انتہائی کم سطح پر ہے جس کے باعث محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہیکہ متاثرہ علاقوں میں خشک سالی کی صورت میں حالت مزید بگڑ سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ماہ بھی ملک میں معمول سے کم بارش ہونے کا امکان ہے اور بڑھتے درجہ حرارت کے پیش نظر خشک سالی کا خطرہ رہے گا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پاکستان میں ستمبر 2024 سے 21 مارچ 2025 تک بارشیں معمول سے 40 فیصد کم ہوئیں، دیگر صوبوں کے مقابلے میں سندھ میں سب سے کم بارشیں ہوئیں۔

حکومت نے بلاول کی ثالثی کی پیشکش مان لی، پی ٹی آئی سے بات کرنے کی ذمہ داری بھی انہی کو دیدی

اسلام آبا د(این این آئی)حکومت نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ثالثی کی پیشکش مانتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سے بات کرنیکی ذمہ داری بھی انہی کو دے دی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری تحریک انصاف سے اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی حاصل کرلیں تو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ بلانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری خود حکومت میں ہیں اگر پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو یہ ہماری ہی کامیابی ہوگی۔ایک سوال پر رانا ثنا ء اللہ نے کہاکہ پیکا قانون کی ضرورت ہے ، اس کے غلط استعمال کی شکایت بھی جائز ہے ، اس پر بیٹھ کر بات ہونی چاہیے۔

زبان کے پکے ہیں،بجلی قیمتیں کم ہوں گی،اویس لغاری

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی، اگلے چند روز میں میری باتیں ثابت ہوجائیں گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا میں بجلی کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کی باتیں درست نہیں ہیں۔صحافی کے سوال کہ کیا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کا فائدہ عوام کو دیں گے؟ پر اویس لغاری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم زبان کے پکے ہیں،ہماری زبان پچھلی حکومت جیسی نہیں۔اویس لغاری نے کہا کہ وزیر اعظم خوش خبری سنائیں گے، ہم دو دن پہلے کریں یا دو دن بعد کریں جیسے ہی وقت موزوں ہوگا قیمتیں کردیں گے۔

حکومت نے چینی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق دعوں کو مسترد کردیا

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی حکومت نے ملک میں چینی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق دعوں کو سختی سے مسترد کردیا۔منگل کووفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں چینی کی قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، سیکرٹری صنعت، اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ تمام چاروں صوبوں کے نمائندے زوم کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس کے شرکاء کو چینی کی ایکس مل اور ریٹیل قیمتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے چینی کی قیمتوں میں تضاد کے دعوں کو سختی سے رد کرتے ہوئے کہا کہ شوگر ملز چینی کی تھوک قیمت 159روپے فی کلو مقرر کرنے پر متفق ہو چکی اور تمام صوبوں کو اس معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اجلاس میں مختلف صوبوں میں چینی کی قیمتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، پنجاب میں چینی کی تھوک قیمت 159روپے اور ریٹیل قیمت 164روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، سندھ میں چینی کی ریٹیل قیمت 168روپے فی کلو ہے، خیبر پختونخوا میں ایکس مل چینی کی قیمت 164روپے فی کلو ہے۔وفاقی وزیر رانا تنویر نے خیبرپختونخوا حکام کو ہدایت دی کہ طے شدہ نرخ 159روپے فی کلو کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔بلوچستان کے نمائندوں نے چینی کی قیمتوں میں کمی کے رجحان کی نشاندہی کی اور اجلاس کو بتایا کہ بلوچستان میں چینی کی موجودہ قیمت 168روپے فی کلو ہے۔رانا تنویر حسین نے واضح کیا کہ چینی کی قیمتوں میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی ناقابل قبول ہے اور تمام صوبے قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں۔