All posts by mshijazi

دہشتگردی کیخلاف قومی اتفاق رائے کی ہر کوشش کا خیر مقدم کریں گے،رانا ثنا اللہ

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف قومی اتفاق رائے کے لئے جب بھی جہاں سے بھی کوشش ہوگئی اس کا خیر مقدم کریں گے۔میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دہشت گردی پر سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ہے، پاکستان سے آگے اور کوئی چیز نہیں ہے۔مشیر وزیراعظم نے کہا کہ قومی ایشوز پر اتفاق رائے قومی ضرورت ہے، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فوج کی پشت پر ہے۔

سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر آگیا، (آج)عید ہوگی

ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر آگیا، (آج) 30 مارچ بروز اتوار کوعید الفطر ہوگی۔شوال کا چاند نظر آنے سے سرکاری طور پر رمضان المبارک کے اختتام اور عید الفطر کے آغاز کا اعلان کیا جاتا ہے۔خلیج ٹائمز کے مطابق سعودی عرب اور عمان میں شوال کا چاند نظر آگیا اور (آج) 30 مارچ بروز اتوار عید الطفر ہوگی۔اس سے قبل، سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس ہوا جبکہ سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ کوئی بھی شخص شوال کا چاند دیکھے تو اس کی اطلاع قریبی عدالت یا مقامی حکام کو دیں۔سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کوئی بھی شخص شوال کا چاند دیکھے تو اس کی اطلاع قریبی عدالت یا مقامی حکام کو دیں۔سعودی شاہی دیوان کے مطابق شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں، سعودی عرب میں عیدالفطر اتوار 30 مارچ کو منائی جائے گی،بھارت، بنگلادیش، انڈونیشیا، ملائیشیا اور برونائی میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا ہے۔

شہباز شریف کا مصری صدر سے ٹیلیفونک رابطہ ،عید الفطر کی مبارکباد پیش

لاہور( این این آئی) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے مصر کی قیادت، حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خوشحالی، امن اور ترقی کے لیے دعا کی۔ وزیر اعظم نے گزشتہ برس دسمبر میں اپنے دورہ قاہرہ کا ذکر کیا جہاں انہوں نے ڈی ایٹ سربراہی اجلاس میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مصر کے ساتھ پاکستان کے موجودہ تعاون اور دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے اہم عالمی و علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ مصری صدر نے بھی وزیرِ اعظم کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور اس خوشی کے موقع پر پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مصر کی پاکستان کے ساتھ باہمی طور پر مفید تعاون کو مضبوط بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے مصر کے انسدادِ ہیپیٹائیٹس سی پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے اسکی کامیابی پر مصری صدر کو مبارکباد پیش کی. وزیرِ اعظم نے پاکستان کے ہیپیٹائیٹس پروگرام میں مصر سے تعاون کی درخواست کی۔مصری صدر نے کہا کہ عید کے بعد اس حوالے سے مصر کی وزارت صحت کا اعلی سطح وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

سلمان خان کا برسوں بعد سنجے دت کیساتھ فلم کرنے کا اعلان

ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے انڈسٹری کے منا بھائی سنجے دت کیساتھ برسوں بعد نئی فلم کرنے کا اعلان کردیا۔سلمان خان نے عید پر ریلیز ہونے والی اپنی فلم سکندر کی پروموشن کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس خبر کا اعلان کیا کہ وہ جلد سنجے دت کے ساتھ ایک بہترین فلم کرنے والے ہیں۔ سلمان نے دعوی کیا کہ یہ ایک دلچسپ پراجیکٹ ہوگا اور نیکسٹ لیول کی فلم کو جو شائقین کو بیحد متاثر کرے گی۔ تاہم انہوں نے اس پراجیکٹ کے بارے میں مزید معلومات بتانے سے گریز کیا۔سلمان نے بتایا کہ فلم کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کی جانب سے ابھی تک اس فلم کا اعلان نہیں کیا گیا ہے تاہم یہ پائپ لائن میں ہے۔یاد رہے کہ سلمان خان فلم سکندر میں پہلی مرتبہ جنوبی بھارتی اداکارہ رشمیکا مندنا کے ساتھ اسکرین شیئر کر رہے ہیں جو ان سے عمر میں 31 برس چھوٹی ہیں۔ یہ فلم عید الفطر کے موقع پر 30 مارچ 2025 کو ریلیز ہوگی جس کی بکنگ جاری ہے اور اس فلم کے پہلے دن کے ہی 1 کروڑ سے زائد کے ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔

فیروز خان کی پہلی شادی ناکام رہی دوسری کامیابی سے چل رہی ہے

کراچی (این این آئی)فیروز خان ورسٹائل پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلمی اداکار ہیں جنہوں نے خانی، عشقیہ، خدا اور محبت رومیو ویڈز ہیر اور حبس جیسے ہٹ ڈراموں سے بڑی کامیابی اور شہرت حاصل کی۔فیروز خان کی شادی سیدہ علیزہ سے ہوئی تھی لیکن شادی کے کچھ عرصے بعد ہی دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی، علیزہ سے اداکار کے دو بچے بھی ہیں۔ تاہم اب فیروز خان ڈاکٹر زینب سے شادی کر چکے ہیں اور خوشحال ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔حال ہی میں فیروز خان نے برطانیہ میں مقامی لوگوں کی طرف سے منعقدہ ایک ایوارڈ تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کی۔ میڈیا ٹاک کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ اپنی جیون ساتھی ڈاکٹر زینب سے کیسے ملے تھے۔اپنی اہلیہ سے ملاقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ میں نے آپ کو بتایا تھا کہ وہ میری ڈاکٹر تھیں، وہ میرے دل کی ڈاکٹر (تھراپسٹ)تھیں، اور اب وہ میرے بلوں کی ڈاکٹر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ زینب ایک خوبصورت لڑکی ہے، ماشااللہ اور میں بہت خوش ہوں کہ اللہ نے مجھے اتنا خوبصورت ساتھی دیا ہے، وہ میرے ساتھ ہر اچھے اور برے میں کھڑی رہتی ہے۔ فیروز خان کے مداح ان کے لیے خوش ہیں اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ کئی لوگ انہیں ان کے بیانات پر ٹرول بھی کر رہے ہیں۔

روہت شرما کا انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے دستبرداری کا امکان

نئی دہلی (این این آئی)بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے دستبردار ہونے کا امکان ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریڈ بال کرکٹ میں فارم کی وجہ سے روہت شرما دستبردار ہو سکتے ہیں، انہوں نے اس حوالے سے پہلے ہی فیصلہ کر لیا ہے جبکہ ویرات کوہلی کے اسکواڈ میں جگہ برقرار رکھنے کا قوی امکان ہے۔یاد رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف روہت شرما نے 3 ٹیسٹ میچز میں 31 رنز اسکور کیے تھے جبکہ وہ سڈنی ٹیسٹ سے دستبردار ہوئے تھے۔بھارتی کرکٹ ٹیم کا 45 روزہ دورہ انگلینڈ 20 جون سے ہیڈنگلے ٹیسٹ سے شروع ہو گا۔انگلینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔

شوگر ملز مالکان کو چینی سے متعلق معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد(این این آئی)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چینی کی قیمتوں میں کمی کے رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم شوگرملز مالکان کو اس حوالے سے ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت چینی کی صورت حال پر اجلاس ہوا جس میں کمیٹیوں کے درمیان ہونے والے معاہدوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔اسحاق ڈار کی جانب سے شوگر ملز مالکان کو معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی اور کہا گیا کہ معاہدے کے تحت ملک میں چینی کی قیمت 164 روپے فی کلو یا اس سے کم ہے۔نائب وزیراعظم نے ملک بھر میں چینی کی سپلائی اور قیمتوں کو ریگولیٹ کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اتحاد و اتفاق سے پاکستان کے معاشی و معاشرتی چیلنجز اور دہشت گردی پر قابو پائیں گے، وزیراعظم

اسلام آبا د(این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اتحاد و اتفاق سے پاکستان کے معاشی و معاشرتی چیلنجز اور دہشت گردی پر قابو پائیں گے، ہماری کامیابی کا راز اتحاد، اتفاق، انتھک محنت اور جذبہ حب الوطنی میں مضمر ہے، قومی ترقی میں کردار ادا کرنا ہر شعبہ زندگی کے فرد کی ذمہ داری ہے، علماء کرام دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اپنا کردار ادا کریں، ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دینا پاکستان کیلئے دی جانے والی عظیم قربانیوں سے بے وفائی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو ”رب ذوالجلال کا احسان۔ پاکستان ڈے ”کی مناسبت سے وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا انعقاد جمعة الوداع بالخصوص رمضان المبارک کی 27 ویں شب کی مناسبت سے کیا گیا۔ پاکستان لیلة القدر، جمعة الوداع، ماہ رمضان المبارک 1366ھ بمطابق 14 اگست 1947ء کو وجود میں آیا۔تقریب میں وفاقی وزراء ، اراکین پارلیمنٹ، اسلامی ممالک کے سفیروں ، علماء کرام پاکستان بھر سے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور نوجوانوں نے شرکت کی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ میرے لئے اس تقریب میں شرکت اعزاز ہے، رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی صورت میں ایک نعمت جیسا عظیم تحفہ دیا جس پر آ کا جتنا شکر ادا کریں، وہ کم ہے، ڈاکٹر قبلہ ایاز نے ایک مفصل اور جامع خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام کسی معجزے سے کم نہیں، پاکستان کے قیام کیلئے کی گئی جدوجہد کی مثال کم ہی ملتی ہے، اس نعمت کا شکر تب ہی ادا کیا جا سکتا ہے کہ ہم اپنے اجداد کی عظیم قربانیوں اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں جن کی قربانیوں سے پاکستان معرض وجود میں آیا، آج 77 سال بعد ان قربانیوں کا تقاضا یہ ہے کہ آئیں یکجان دو قالب ہو جائیں اور اتفاق و اتحاد سے پاکستان کو درپیش معاشی، معاشرتی مسائل اور دہشت گردی کا خاتمہ کریں، اس میں جہاں زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کا فرض ہے وہاں سب سے بڑی ذمہ داری علماء کرام کی ہے، دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ایک مرتبہ پھر افواج پاکستان قربانیاں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں تفریق اور مذہبی منافرت یا ذاتی خواہشات کو آگے لانے کیلئے قومی مفاد کو قربان کرنے کی سوچ ان قربانیوں سے بے وفائی ہے، پاکستان کیلئے بڑی قربانیاں دی گئیں، آج یہاں ترقی و خوشحالی کی بجائے اندرونی تفریق ہے، ملکی استحکام، عزت اور وقار دائو پر لگایا جا رہا ہے جس پر آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی کچھ نہیں گیا، ہم فیصلہ کر لیں کہ پاکستان کے وسیع تر مفاد کی خاطر اپنی تمام ذاتی خواہشات اور انا کو پاکستان کے تابع کر دیں، اس سے بڑی پاکستان کی کوئی اور خدمت نہیں ہو سکتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ رمضان المبارک ہم سب پاکستانیوں کیلئے انتہائی امید کا حامل ہے، پاکستان دنیا کی واحد اسلامی نظریاتی قوت ہے جسے اللہ تعالیٰ نے جوہری قوت سے نوازا ہے، ایٹمی پھیلائو کے خلاف پوری دنیا کی جوہری طاقتیں متحد ہیں اور اس سے تجاوز کرنے والے کو سزا دینے کیلئے تیار ہیں، ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ 1998ء میں پاکستان ایٹمی قوت بنا، اللہ نے پاکستان کو اپنے دشمنوں کے مقابلہ میں بہادر فوج کے ساتھ ساتھ جوہری طاقت سے بھی نوازا ہے، کوئی بھی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، یہ اللہ تعالیٰ کا پاکستان پر بڑا کرم ہے، اس کے علاوہ بھی بے شمار نعمتیں عطاء کی ہیں، بہترین ذہن دیئے ہیں، ملک میں باصلاحیت افراد کی کمی نہیں ہے، اللہ نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے، کھربوں ڈالر کے خزانے پہاڑوں میں پوشیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے تانے بانے دور تک جاتے ہیں، ان دہشت گردوں کو جہاں سے سیاسی اور مالی مدد ملتی ہے اس کا ایک مقصد یہ ہے کہ پاکستان کو جو بے پناہ قدرتی وسائل دستیاب ہیں ان سے پاکستان فائدہ نہ اٹھا سکے، ایسی سوچ رکھنے والے عقل کے اندھے ہیں، ان وسائل کے بل بوتے پر ہم اپنی قوم کو خوشحال اور اپنے ذمہ قرضے ختم کر سکتے ہیں اور اپنا سر فخر بلند کرکے اقوام عالم میں شامل ہو سکتے ہیں، اس میں رکاوٹ ڈالنے والے عقل کے اندھے ہوں گے، ایسے لوگ پاکستان کے دشمن اور ایجنٹ ہیں، انہیں پاکستان کی ترقی و خوشحالی گوارہ نہیں، انہیں جہاں سے مالی مدد ملتی ہے ہم سب اس سے اچھی طرح واقف ہیں، آج رمضان المبارک میں ہمیں اس بات کا تعین کرنا ہو گا کہ کب تک یہ خون بہایا جاتا رہے گا، کب تک ہماری افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان اپنی جانوں کی قربانیاں دیتے رہیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دن یہ تقاضا کرتا ہے کہ اللہ کے حضور سربسجود ہو کر اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور صدق دل سے سبق حاصل کرکے آگے بڑھیں، قوم کے اتحاد اور خوشحالی کیلئے ذاتی اختلافات کو دفن کریں، ذاتی خواہشات کو قربان کریں، اسی طرح ہم اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتے ہیں، قائداعظم نے بھی ہمیں کام، کام اور صرف کام کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم اور علامہ اقبال نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں ہر کوئی اپنی مذہبی آزادی برقرار رکھ سکے، پاکستان ایسی ریاست بنے جس میں اقلیتیں بھی آزاد ہوں اور ان کے حقوق کا بھرپور تحفظ کیا جائے، قائداعظم نے فرمایا تھا کہ پاکستان کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ ہم صرف غیر ملکی حکومت سے آزادی چاہتے ہیں اس سے حقیقی مراد اسلامی نظریہ ہے جس کا تحفظ نہایت ضروری ہے اور اس مقصد کیلئے ہم سب کو من حیث القوم اپنی توانائیاں صرف کر دینی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کے احکامات، رسول اللہ کے اسوہ حسنہ اور اپنے عظیم محسنوں کی تعلیمات پر چلنے کا آج فیصلہ کر لیں تو کوئی پہاڑ اور سمندر ہمارے راستے میں حائل نہیں ہو سکتا اور جلد اقوام عالم میں اپنی طاقت کے بل بوتے پر اپنا مقام حاصل کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس لئے معرض وجود میں نہیں آیا تھا کہ ہم قرض کی زندگی بسر کرتے رہیں، جب تک ہم پاکستان کو مضبوط معاشی قلعہ نہیں بنا لیتے تب تک یہ سلسلہ چلتا رہے گا، معاشی آزادی کے بغیر سیاسی آزادی ممکن نہیں، اس مہینے میں ہمیں فیصلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دستور میں کہا گیا ہے کہ ریاست اپنے شہریوں کو اس قابل بنائے گی کہ وہ اپنی زندگیاں اسلام کے مطابق گزار سکیں، پاکستان میں کوئی قانون اور ضابطہ قرآن و سنت کے منافی نہیں بن سکتا، اگر ہم نے اپنے پائوں پر کھڑا ہونا ہے اور پاکستان کو معاشی طاقت بنانا ہے تو ہمیں اس دشوار گزار راستے سے ایک بار گزرنا ہو گا جہاں سے تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ ہر قوم گزری ہے، قوموں کی تاریخ میں نشیب و فراز آتے ہیں تاہم مسلسل محنت اور جدوجہد سے انہوں نے عروج حاصل کیا، رسول اللہ نے بھی ہمیں دن رات اس کی تعلیمات دی ہیں، ان تعلیمات پر مکمل عمل نہ کرنا ہماری بدقسمتی ہے، ہمارے نوجوانوں کو تعمیر وطن کیلئے اپنے آپ کو وقف کرنا ہو گا، اقبال نے ان نوجوانوں کو شاہین کا خطاب دیا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت اپنے اخراجات میں کمی کرے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں جدید علوم و ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کیلئے جتنے وسائل درکار ہوئے وہ مہیا کریں گے۔ وزیراعظم نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ملک کی ترقی میں نوجوانوں کے کردار، حکومت کے نوجوانوں کے لئے اصلاحاتی اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے تعلیم، روزگار، ڈیجیٹل معیشت اور کاروباری مواقع میں نوجوانوں کے لئے جاری مختلف منصوبوں کا ذکر کیا۔وزیراعظم اپنے خطاب میں پاکستان کے قیام کے بنیادی نظریے، اس کی جغرافیائی، دفاعی اور معاشی اہمیت پر بھی اظہار خیال کیا۔ وزیراعظم نے اس امر کو اجاگر کیا کہ پاکستان 27 رمضان المبارک (شب قدر) کو ایک اسلامی نظریاتی ریاست کے طور پر معرض وجود میں آیا جس کی بنیاد پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الہ الا اللہ کے اصول پر رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے انقلابی اقدامات اٹھائے گئے ہیں، اس کے ثمرات جلد سامنے آئیں گے، نوجوانوں نے مسلسل محنت، نظم و ضبط اور مقصد میں پختہ یقین محکم سے اپنے والدین، بانیان پاکستان اور پوری قوم کی توقعات پر پورا اترنا ہے، عصری دنیا میں میڈیا، سوشل میڈیا اور نوجوانوں کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، میڈیا کی طاقت کو مثبت تبدیلی لانے کیلئے استعمال کیا جانا اشد ضروری ہے، علماء اور دانشوروں سے گزارش ہے کہ وہ مثبت سوچ اور تحقیق کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ غلط معلومات اور پروپیگنڈا کو روکا جا سکے، بدقسمتی سے آج غلط معلومات اور بے بنیاد پروپیگنڈے کے ذریعے معاشرے میں زہر گھولا جا رہا ہے اور تقسیم پیدا کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مشکل حالات کے باوجود محنت کا اعتراف کرتا ہے، اس سے ہمارا حوصلہ بڑھنا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہر مکتبہ فکر کو اپنے عقیدے کے مطابق بات کرنے کا حق ہے تاہم اپنے خیالات کے ساتھ ساتھ دوسرے کے خیالات کا بھی احترام کیا جانا چاہئے، غلط معلومات اور پروپیگنڈے نے پاکستان میں بے یقینی کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ترقی و خوشحالی امن کے ساتھ جڑی ہے جبکہ امن و سکون ترقی اور خوشحالی کے ساتھ جڑا ہے، ہمیں سمجھنا چاہئے کہ اگر مل کر آگے بڑھیں گے تو یہ ملک چند سالوں میں نہ صرف خطے کے ہمسایہ ممالک کو پیچھے چھوڑ دے گا بلکہ قائداعظم کے خواب کو ضرور شرمندہ تعبیر کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جو قابض اور ظالم افواج کے ظلم و جبر کا نشانہ بنے ہوئے ہیں، فلسطین میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیل نے پھر نسل کشی کا وحشیانہ سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا ہے، 50 ہزار فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے جو سراسر ظلم ہے جو انسانیت کی برداشت سے باہر ہو چکا ہے، پاکستان کے 24 کروڑ عوام اس کی مذمت کرتے رہیں گے، ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان مظلوم خطوں کے مسلمانوں کو آزادی عطاء فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کامیابی کا راز اتحاد، اتفاق، انتھک محنت اور جذبہ حب الوطنی میں مضمر ہے، اللہ نے پاکستان کو اپنی خاص رحمت سے نوازا ہے، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم دنیا کو بتا دیں کہ ہم محبت، انصاف، امن اور اسلامی اصولوں کی روشنی میں ترقی کرتا ہوا عظیم ملک پاکستان ہیں، اللہ پاکستان کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور ہمیں ملک و قوم کی خدمت کے مشن میں کامیابی سے ہمکنار کرے۔

فیصل آباد،دوران ڈکیتی خاتون سے اجتماعی زیادتی کے واقعے میں ملوث دوسرا ملزم بھی گرفتار

فیصل آباد(این این آئی)پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ڈکیتی کے دوران خاتون سے اجتماعی زیادتی کے واقعے میں ملوث دوسرے ملزم کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی شناخت بھی ہو گئی، تاحال ان کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔دو روز قبل فیصل آباد میں تھانہ ساندل بار کے علاقہ 62 ج ب چنن کے موٹروے کے قریب ناکہ لگا کر کھڑے 2 مسلح ملزمان نے موٹر سائیکل سوار عدنان اور اس کی اہلیہ سے لوٹ مار کی اور تیسرے ساتھی ملزم علی شیر کو بلا کر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث 2 ملزمان فیصل اور علی شیر کو گرفتار کرلیا اور ملزم فیصل کے قبضے سے چھینا گیا موبائل فون بھی برآمد کرلیا۔ایس پی اقبال ٹاؤن عابد ظفر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزم علی شیر نے ساتھیوں کے ہمراہ خاتون سے ریپ کا اعتراف کیا جبکہ گرفتار ملزم کے 2 ساتھیوں میں عمر حیات اور فیصل شامل ہیں، گرفتار ہونے والے ملزمان میں فیصل ڈکیتی، راہزنی کا ریکارڈ یافتہ ہے۔پولیس کی جانب سے گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے جبکہ دیگر ایک ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔اس سے قبل ایس پی اقبال ٹاؤن کا کہناتھا کہ تین ڈاکوؤں نے ایک فیملی کو روکا اور دوران ڈکیتی خاتون کا ریپ کیا، متاثرہ خاتون زرعی یونیورسٹی میں ملازمہ تھی۔محمد عابد ظفر نے بتایا کہ 25 تاریخ کو رات 10 بجے یہ واقعہ پیش آیا، جس کے بعد ٹیمیں تشکیل دیں اور 24 گھنٹے میں ملزم علی شیر کو گرفتار کیا جس نے جرم قبول بھی کر لیا ہے۔فیصل آباد میں ڈکیتی میں اجتماعی زیادتی کا ملزم چند گھنٹے میں گرفتار ہونے پر وزیراعلی مریم نواز شریف نے کامیاب کارروائی پر پولیس کو شاباش دی۔مریم نواز نے ملزم علی شیر کے دو ساتھیوں کی جلد گرفتاری یقینی بنانے اور دلخراش واقعہ کے ذمہ دار ملزم کے خلاف سزا یقینی بنانے کی ہدایت کی۔مریم نواز نے کہا کہ خواتین کے خلاف ذیادتی کے واقعات قطعاً قابل قبول نہیں۔ خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرینگے۔واضح رہے کہ تھانہ ساندل بار کے علاقے چنن کے کا رہائشی عدنان اپنی اہلیہ کے ساتھ جا رہا تھا، جب وہ موٹروے پل کے قریب پہنچے تو 3 نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے ان کو روک لیا، ان سے نقدی اور موبائل فون چھیننے کے بعد ان کو گنے کے کھیت میں لے گئے جہاں پر ڈاکوؤں نے شوہر کو درخت کے ساتھ رسیوں سے باندھ کر اس کی بیوی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور فرار ہو گئے۔واقعہ کے بعد زیادتی کا شکار خاتون اور اس کے شوہر کا ویڈیو بیان بھی سامنے آیا تھا۔ جس میں شوہر نے ایک ملزم علی شیر کو نامزد کیا تھا۔ جس پر پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ملزم علی شیر کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے، واقعہ کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

عمران خان کی واضح ہدایت کے باوجود علی امین فضل الرحمن کے خلاف ہرزہ سرائی کررہے ہیں، جے یو آئی

پشاور(این این آئی)جے یو آئی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور عمران خان کی واضح ہدایات کے باوجود مولانا فضل الرحمن کے خلاف ہرزہ سرائی کررہے ہیں اس عمل سے حکومت اور غیر جمہوری قوتوں کو فائدہ ہوگا۔اپنے بیان میں ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا کہ علی امین گنڈاپور تحریک انصاف اور جے یو آئی کے درمیان فاصلوں کو بڑھانے کی سازش کررہے ہیں،گرینڈ اپوزیشن میں رکاوٹ سے حکومت اور غیر جمہوری قوتوں کو فائدہ ہوگا، علی امین گنڈا پور تحریک انصاف کے گوربا چوف ہیں پی ٹی آئی کو بیرونی نہیں اندرونی سازشوں سے خطرہ ہے۔ترجمان اسلم غوری نے کہاکہ جب اپوزیشن اتحاد بننے کے قریب ہوتا ہے سازشی عناصر اپنا کام شروع کر دیتے ہیں، علی امین اپنی حکومت کو دوام دینے کیلئے اپوزیشن اتحاد سے خوف زدہ ہیں، پی ٹی آئی قیادت پارٹی کے اندر سازشیوں پر نظر رکھے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن گرینڈ الائنس کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، گنڈا پور نے علماء کی تضحیک کرکے اپنی گھٹیا ذہنیت کا اظہار کیا ہے، علماء کرام انبیاء کے وارث ہیں ان کی توہین برداشت نہیں کی جائے گی، پی ٹی آئی وضاحت کرے علی امین کا علمائ کے بارے میں بیان ان کی پارٹی پالیسی ہے؟۔

وزیراعظم شہباز شریف کا آئی جے پرنسپل روڈ پر حادثے کا نوٹس ،ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت ، رپورٹ طلب

اسلام آباد(این این آئی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد آئی جے پرنسپل روڈ پر حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت اور اس حادثے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیاہے۔وزیراعظم نے جاں بحق افراد کی مغفرت کی دعا اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔وزیراعظم نے زخمی افراد کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کا اپنے آبائی علاقہ کا دورہ، دوستوں، محلے داروں سے ملاقات

لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنے آبائی علاقہ کا اچانک دورہ کیا۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے آبائی علاقہ ریلوے روڈ پر پرانے دوستوں اور محلے داروں سے بھی ملاقات کی۔نواز شریف سے پارٹی ورکرز نے بھی ملاقات کی، نواز شریف آبائی علاقہ کا دورہ کرکے جاتی امرا ء واپس پہنچ گئے۔