All posts by mshijazi

پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کی فزیکل ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہو گی

راولپنڈی(این این آئی)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کی فزیکل ٹکٹوں کی فروخت 7 اپریل (پیر سے) شروع ہو گی۔ پی ایس ایل کا افتتاحی میچ 11 اپریل کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پی سی بی کے مطابق میگا ایونٹ کے فزیکل ٹکٹ پیر سے نجی کوریئر سینٹرز پر دستیاب ہوں گے۔پی ایس ایل چار شہروں راولپنڈی، کراچی، لاہور اور ملتان میں کھیلی جائے گی جس کا فائنل 18 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔ پی ایس ایل کے چاروں وینیوز کے عام ٹکٹ 650 روپے میں دستیاب ہوں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں افتتاحی میچ کے ٹکٹ 1000 روپے سے 8500 روپے تک دستیاب ہوں گے۔ شائقین کی مصروفیت اور دلچسپی میں اضافہ کرنے کے پی سی بی کے ویژن کے ایک حصے کے طور پر ہر میچ کے دوران ایک ٹکٹ ریفل کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں شائقین دلچسپ انعامات حاصل کر سکیں گے۔

حکومت صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے اور مضبوط شراکت داری کے قیام کے لیے پرعزم ہے،وزیراعظم

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے اور مضبوط شراکت داری کے قیام کے لیے پرعزم ہے، ماؤں اور بچوں کی صحت سب کے لیے روشن مستقبل کی ضمانت فراہم کرتی ہے،پاکستان نے ماں اور بچے کی صحت کے میدان میں قابلِ ذکر پیش رفت کی ہے، تاہم ہمارے سامنے اب بھی طویل سفر باقی ہے۔ عالمی یومِ صحت کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اس دن پر ہم سب کے لیے صحت اور فلاح و بہبود کے اپنے قومی عزم کی توثیق کرتے ہیں، اس سال کا تھیم ”صحت مند آغاز، امید افزا مستقبل”، زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی صحت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماؤں اور بچوں کی صحت، صحت مند خاندانوں، مستحکم برادریوں اور ایک پْرامید قوم کی بنیاد ہے، جو سب کے لیے روشن مستقبل کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان نے ماں اور بچے کی صحت کے میدان میں قابلِ ذکر پیش رفت کی ہے، تاہم ہمارے سامنے اب بھی طویل سفر باقی ہے۔ ہمیں اپنے نظامِ صحت کو اس انداز میں مستحکم کرنا ہوگا کہ وہ نہ صرف طبی، بلکہ ان وسیع تر معاشرتی عوامل سے بھی مؤثر انداز میں نمٹ سکیں جو زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی صحت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت، صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے اور مضبوط شراکت داری کے قیام کے لیے پرعزم ہے تاکہ صحت عامہ کی سہولیات میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ ڈیجیٹل ہیلتھ ٹولز کے استعمال، ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی اور کمیونٹی کی مؤثر شمولیت کے ذریعے ہم اس خلا کو پْر کرنے کے متمنی ہیں جو خاص طور پر کم سہولت یافتہ اور دور دراز علاقوں میں صحت کی خدمات کی فراہمی میں حائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ صحت 2025 مناتے ہوئے آئیے ہم صحت کے لیے ایک مربوط اور کثیر شعبہ جاتی نقطہ نظر کی ضرورت کا اعادہ کریں،اس میں صحت کی دیکھ بھال، تعلیم، غذائیت، ماحول اور نظم و نسق میں مربوط اور عملی اقدامات شامل ہونے چاہییں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں احتیاطی تدابیر پر مبنی صحت کی دیکھ بھال، یونیورسل ہیلتھ کوریج، دماغی صحت کی بہتری، اور صحت سے متعلق عدم مساوات کے خاتمے کو اپنی ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا۔ ہمارا ہدف یہ ہونا چاہیے کہ جب اور جہاں بھی ان کی ضرورت ہوہر فرد کو معیاری صحت کی سہولیات، تربیت یافتہ طبی عملہ، محفوظ علاج، اور ضروری ادویات بروقت اور بلا مالی رکاوٹ فراہم ہوں۔

حماس کی حمایت نہ کرنا ،غزہ میں جاری ظلم پر خاموشی سب سے بڑی منافقت ہے’ حافظ نعیم الرحمن

لاہور( این این آئی)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے فلسطین کی موجودہ صورتحال اور خصوصی طور پر عید کے روز سے جاری غزہ پر صہیونی افواج کی سفاکیت کے تناظر میں ملک گیر سطح پر بھرپور عوامی موبلائزیشن کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس کے تحت چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں،کارنر میٹنگز، امریکی سفارت خانہ اور قونصل خانوں کی جانب مارچز کا انعقاد کیا جائے گا۔ منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی فی الحا ل ”حق دو عوام کو تحریک”کے تحت جاری سرگرمیوں کو ری شیڈول کررہی ہے اور آج سے ہی پورے ملک میں غزہ پر عوامی موبلائزیشن کا آغاز کررہی ہے۔ 11 اپریل کو پورے پاکستان میں اور خصوصی طور پر لاہور میں احتجاج اور امریکی قونصل خانہ کی جانب مارچ ہوگا، 13اپریل کو کراچی میں شاہراہ فیصل پر اور 20 اپریل کو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ کی جانب مارچ کیا جائے گا. نائب امیر لیاقت بلوچ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری، امیر لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ اور ڈائریکٹر ڈیجیٹل میڈیا سلمان شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے عوام سے اپیل کی کہ مارچز اور مظاہروں میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں تاکہ پوری دنیا اور خصوصی طور پر ملک کے حکمرانوں کو یہ پیغام جائے کہ پاکستانی قوم ڈالروں کے عوض بکنے والی نہیں اور پاکستانیوں اور فلسطینیوں کا رشتہ ایمان کا ہے،مظلوموں کے لیے نہ کھڑے ہوئے تو روز محشر حضور پاک ۖ کو کیا منہ دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دنیا بھر کی اسلامی تنظیموں سے غزہ پر عالمی سطح پر ایک ہی رو”یوم ہڑتال”منانے کے لیے بھی رابطوں کا آغاز کررہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان سے پارلیمنٹیرین کا وفد ترکی، سعودی عرب، اردن، مصر، ایران، قطر اور دیگر اسلامی ممالک کی حکومتوں کے ممبران سے ملے اور غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کے لیے علاقہ کی جانب مارچ کرے۔ پاکستان کو مسئلہ فلسطین پر قائدانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ بدقسمتی سے حکومتی اوراپوزیشن پارٹیوں میں سے کوئی بھی امریکہ اور اسرائیل کی مذمت نہیں کررہا، سب ٹرمپ کی خوشنودی کا حصول چاہتے ہیں، اس موقع پر حماس کی حمایت نہ کرنا اور غزہ میں جاری ظلم پر خاموشی سب سے بڑی منافقت ہے، ہمیں حکمرانوں کے”معیشت کمزور”کے بہانوں کی ضرورت نہیں، معیشت انہوں نے ہی کمزور کی ہے جو برسہا برس سے عوام پر مسلط ہیں، حکمران بے حمیتی چھوڑیں، جو عرب ممالک اس خوش فہمی میں مبتلا ہیں کہ غزہ کے ملیا میٹ ہونے کے بعد ان کی باری نہیں آئے گی وہ بہت بڑی بھول میں مبتلا ہیں، یہ جان لیں اگر یہ خاموش رہے غزہ کے بعد ان کی بھی باری آئے گی، اسلامی ممالک کے پاس فوجیں، ہتھیار، وسائل موجود ہیں، اس سب کے باوجود یہ تماشا دیکھ رہے ہیں، دنیا میں ٹرمپ، نیتن یاہو اور مودی کا شیطانی اتحاد وجود میں آچکا ہے، ہر جگہ پر مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، مغرب کا انسانی حقوق کا پردہ بھی چاک ہوگیا ہے، امریکہ کی سرپرستی اور یورپی یونین اور برطانیہ کی حمایت سے عالمی سامراج اسرائیلی دہشت گردی کی مکمل پشت پناہی کررہا ہے، پوری دنیا کا باضمیر طبقہ صہیونی مظالم پر سراپا احتجاج ہے، امت بے چین ہے، حکمران طبقہ ٹس سے مس نہیں ہورہا ہے، انہوں نے مفتی اعظم تقی عثمانی، مفتی منیب الرحمن اور دیگر علمااکرام سے اپیل کی کہ وہ اتحادالعلما الاسلامی العالمی کے امت پر جہاد فرض ہونے کے فتویٰ کی روشنی میں فتویٰ جاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے غزہ کی صورتحال پر ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے،وہ حکومتی اور اپوزیشن پارٹیوں سے آئندہ بھی رابطے کریں گے اور مسئلہ فلسطین پر یکجہتی پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ قوم صرف اور صرف اسلام پر متحد ہوسکتی ہے اور اسی سے ہی قومی یگانگت پیدا ہوگی۔ انہوں نے صدرآصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے اپیل کی وہ کہ مسئلہ فلسطین پر عملی کردار ادا کریں۔ انہوں نے صدر پاکستان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جب پورے عالم اسلام میں عیدالفطر پر منائی جارہی تھی اور غزہ میں زندہ دل فلسطینی بچے ملبے کے ڈھیر کھیل رہے تھے تو اس وقت اسرائیلی افواج نے بچوں پر بمباری کی، اب تک یہ سلسلہ جاری ہے، روزانہ پچاس سے سو تک شہادتیں ہورہی ہیں، خواتین، بچوں، اقوام متحدہ کے ورکرز، ڈاکٹرز، پیرا میڈکس، صحافیوں سمیت سب کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور اس ساری صورتحال میں پوری دنیا میں قبرستان کی سی خاموشی ہے۔ جماعت اسلامی پہلے بھی مسئلہ فلسطین پر پوری یکسوئی سے کردا ادا کررہی ہے، حالیہ انتہائی تشویشناک صورتحال میں ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ازسرنو عوام کو موبلائز کیا جائے تاکہ پوری دنیا اور خصوصی طور پر پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو جگایا جائے اورعالمی سطح پر پیغام دیا جائے کہ پوری پاکستانی قوم اہل غزہ کے ساتھ ہے، انہوں نے کے پی اور شمالی پنجاب کے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاکھوں کی تعداد میں اسلام آباد مارچ میں شرکت کریں، اس طرح زندہ دلان لاہور اور کراچی کے عوام بھی شایان شان طریقے سے مارچز میں شریک ہوں، انہوں نے صحافیوں سے اپیل کہ وہ انسانیت کو بچانے کے لیے عالمی میڈیا تنظیموں سے رابطے کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں جو حماس کو بدنام کرے گا وہ صہیونیوں اور امریکہ کا آلہ کار ہوگا، اگر کوئی پاکستانی اسرائیل کے دورہ پر گیا ہے اور پاکستان میں موجود ہے اسے گرفتار کیا جائے اور پوچھا جائے کہ وہ کس کی اجازت سے وہاں گیا ہے، حکومت اس معاملہ پر وضاحت جاری کرے۔

بشری بی بی، علیمہ خان سمیت دیگر شخصیات دھڑوں کی سرپرستی کررہی ہیں، سینئر قیادت کا انکشاف

پشاور (این این آئی)پی ٹی آئی سینئر قیادت نے پارٹی میں دھڑے بندی ختم کروانے کیلئے عمران خان سے رابطے کا فیصلہ کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ دھڑوں کی سرپرستی بشری بی بی، علیمہ خان سمیت دیگر شخصیات کررہی ہیں۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق سینئر قیادت نے کہا کہ مذکورہ شخصیات کی سرپرستی کی وجہ سے پارٹی تقسیم کا شکارہورہی ہے، یہ پارٹی صرف اور صرف بانی پی ٹی آئی کے نام پر قائم اور ان کے احکامات کے تحت ہی چل رہی ہے۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے درخواست کی جائے گی کہ مخصوص کمیٹی کا اعلان کیا جائے اور ان ہی کے ذریعے پارٹی رہنمائوں اور ورکروں تک ہدایات پہنچائی جائیں، مختلف رہنمائوں کے ذریعے آنے والے پیغامات سے انتشار پیداہورہا ہے۔ذرائع کے مطابق سینئر قیادت عمران خان کے سامنے معاملہ اٹھائے گی کہ جورہنماء مختلف گروپوں کی سرپرستی کررہے ہیں انھیں ایسا کرنے سے روکا جائے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے ایکشن نہ لیاتو اختلافات کم ہونے کی بجائے بڑھتے رہیں گے، معاملہ جلد بانی پی ٹی آئی کو ملاقات کرتے ہوئے پیش کیا جائے گا۔

تحریک انصاف ٹکڑوں میں تقسیم ہوچکی ،ایک دوسرے کو چور کہنا شروع کردیا ہے، خواجہ آصف

سیالکوٹ (این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں نے ایک دوسرے کو چور کہنا شروع کردیا، تحریک انصاف ٹکڑوں میں تقسیم ہوچکی ہے۔سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے تحریک انصاف سے اقتدار حاصل کیا، جب اقتدار حاصل کیا اس وقت ہر طرف تباہی تھی، کہا جا رہا تھا ملک معاشی حالات کے باعث دیوالیہ ہوجائے گا، پی ڈی ایم کے رہنمائوں نے ملکر اس ملک کیلئے امید کی کرن پیدا کی۔خواجہ آصف نے کہا کہ کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ ملک میں بجلی سستی ہوگی، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی کی شرح میں کمی آئی، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو مشکل حالات سے نکالا۔وزیر دفاع نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن عروج پر تھی، پی ٹی آئی والوں کا لیڈر بین الاقوامی چور ہے، بانی پی ٹی آئی ہمارے ساتھ میٹنگ میں نہیں بیٹھتا تھا، بانی پی ٹی آئی اب سیاست کر رہا ہے کہ مجھے میٹنگز میں لیکر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد بھی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں جن کو گھر والے بھی ووٹ نہیں دیتے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ایک سال کے اندر ناممکن کو ممکن کر دکھایا، وزیراعلی پنجاب مریم نواز صوبے کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کی لہر ہے، پاک فوج کے جوان قربانیاں دیکر ملک کی حفاظت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجٹ سے پہلے عوام کو خوشخبریاں سنائیں گے۔

وزیراعلی کے ٹیکسلا کو تہذیبوں کا عالمی شہر بنانے کے منصوبے پر عملدرآمد تیز کردیاگیا ‘ مریم اورنگزیب

لاہور( این این آئی)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ٹیکسلا کے دورہ میں پہلے مرحلے میں شہر اور دوسرے میں انٹرنیشنل ٹورسٹ سٹی بنانے کے منصوبے پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ٹیکسلا کو تہذیبوں کا عالمی شہر بنانے کے منصوبے پر عمل درآمد تیز کردیاگیا ہے ـٹیکسلا ہیریٹیج اتھارٹی کے قیام کے لئے ٹاسک دے دیا گیا، فوری طریقہ کار کی تیاری کی ہدایت کردی ہے اور پندرہ دن میں ٹیکسلا آرٹس اینڈ کرافٹس ویلیج دوبارہ شروع کرنے اور عالمی معیار کی ٹورازم پالیسی کی تیاری کا فیصلہ، پہلا ڈرافٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ـٹیکسلا کو تجاوزات سے پاک کرنے اور پہلے شہر کی مینجمنٹ پلان کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیاگیا،قدیمی شہر اور مقامات کے مینجمنٹ پلان کا پہلا مسودہ تیا ر کرکے جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی گئیـ مینجمنٹ پلان چلانے اور اس پر عمل درآمد کی اتھارٹی اور لیگل فریم ورک پر کام شروع کرنے اورٹیکسلا شہر میں ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا فیصلہ کیاگیاـاجلاس میں بریفنگ کے دودران بتایا گیاکہ سینئر صوبائی وزیر کی ہدایت پر ٹیکسلا میں ماای پی اے کی افسر کی تعیناتی بھی کردی گئی اورٹیکسلا اور گردونواح میں صنعتوں، کارخانوں اور بھٹوں کی میپنگ کا کام مکمل کرلیا گیاـاجلاس میں ٹیکسلا سٹی ماسٹر پلان پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ـٹیکسلا میوزیم کی توسیع، بھیر اوپن ائیر میوزیم بنانے کی تجویزپر غور کیاگیا ـمنکیالا اسٹوپا، بھالار اسٹوپا، دھرما راجیکا، موہڑہ مرادو کمپلیکس کی بحالی مجوزہ ماسٹر پلان میں شامل ہےـسِرکپ شہر،کنالہ اور کلاواں کی تاریخی باقیات کے تحفظ کے لیے اقدامات ماسٹر پلان کا حصہ ہیں ـگندھارا ٹورسٹ ٹریل، داخلی گیٹ کی تعمیر، سڑکوں اور گندھارا آرٹ ویلج کی ریماڈلنگ بھی مجوزہ ماسٹر پلان میں شامل ہےـ سیاحوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم اور سٹاف کو تربیت دی جائے گیـسینٹر پرویز رشید اور صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کیاراکینِ صوبائی اسمبلی، سیکرٹری سیاحت، پلاننگ،سی اینڈ ڈبلیو، کمشنر راولپنڈی، آر پی او، ڈی سی راولپنڈی سمیت دیگر محکموں کے افسران کی اجلاس میں شرکت ـ، مریم اورنگزیب نے اپنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلی کے وژن کے مطابق ٹیکسلا کے ثقافتی ورثے اور آثار قدیمہ کو محفوظ بنانا ہےـپاکستان گندھارا سمیت قدیم تہذیب وثقافت اور ورثے کا گہوارہ ہےـوزیراعلی مریم نوازشریف نے قومی ورثے اور تاریخ وثقافت کے لئے تاریخی قدم اٹھایا ہےـوزیراعلیٰ پنجاب 170 سیاحتی مقامات اور راستوں کی تعمیرو مرمت اوربحالی کی اصولی منظوری دے چکی ہیں ـٹیکسلا میں نیشل آرٹ کالج کے قیام کی تجویز پر غور کریں گےـوزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کا بڑا ریلیف دیاـ رمضان نگہبان پیکج کے ذریعے عوام کو اربوں روپے کا ریلیف دیاگیاـبعد ازاں سینئر صوبائی وزیر نے موہڑہ مرادو اسٹوپا اور گندھارا آرٹ ویلج کا بھی دورہ کیا اور والڈ سٹی، ماسٹر پلاننگ کے ماہرین، تمام سٹیک ہولڈرز، پرائیویٹ سیکٹر اور آرکیٹیکٹس بھی اجلاس میں شریک ہوئےـ

حبا بخاری کا بچپن میں 40 ہزار روپے عیدی ملنے کا انکشاف

اسلا م آباد (این این آئی)اداکارہ حبا بخاری نے بچپن میں ملنے والی عیدی سے متعلق انکشاف کیا ہے۔حبا بخاری نے کہا ہے کہ انہیں بچپن میں 40ہزار روپے عیدی ملتی تھی ، ٹی وی شو میں اداکارہ حبا بخاری سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں حبا بخاری نے بتایا کہ مجھے آریز احمد نے شادی کے بعد پہلی عیدی 5 ہزار روپے دی تھی۔حبا بخاری نے بچپن میں ملنے والی عیدی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ میری والدہ اور والد کا خاندان بہت بڑا ہے، مجھے بچپن میں عیدی کے طور پر تقریبا 40 ہزار روپے تک ملتے تھے۔

زندگی کی حقیقت کو سمجھنے والے کبھی ناکام نہیں ہوتے ،اپنے کیرئیر سے مطمئن ہوں’ ثنائ

لاہور( این این آئی)اداکارہ ثناء نے کہا ہے کہ زندگی کی حقیقت کو سمجھنے والے کبھی ناکام نہیں ہوتے ، اپنے کیرئیر سے مطمئن ہوں ، ہمیشہ مشکلات کا سامنا کیا ہے کیونکہ غمزدہ اور اداس ہونے سے مشکلات حل نہیں ہوتیں۔ ایک انٹر ویو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ اگر کوئی انسان سیکھنا چاہے تو دنیا سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے اور اس سے بڑا کوئی استاد نہیں ، میں نے عملی زندگی کے تجربات سے بہت کچھ سیکھا ہے ،آج کے دور میں دوست اور دشمن میں تفریق کرنا بڑا مشکل ہے ، لوگوں نے چہروں پر کئی طرح کے نقاب ڈال رکھے ہیں اور جو ان کے پیچھے چھپے چہروں کو پہچاننے کی صلاحیت رکھتا ہو وہی کامیاب ہے ۔ ثناء نے کہا کہ زندگی میں اتار چڑھائو آتے ہیں لیکن انسان کو اپنے حواس بحال رکھنے چاہئیں کیونکہ اس کے بغیر آپ غلط فیصلے کر بیٹھتے ہیں۔

ہاردک پانڈیا نے آئی پی ایل میں نئی تاریخ رقم کر دی

لکھنو(این این آئی)بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں نئی تاریخ رقم کر دی۔ آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کے کپتان ہاردک پانڈیا نے لکھنو سپر جائنٹس کے خلاف وہ کارنامہ کر دکھایا جو آئی پی ایل کی 17 سالہ تاریخ میں کوئی کپتان نہ کر سکا۔ممبئی انڈینز کے خلاف لکھنو سپر جائنٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز اسکور کیے۔ممبئی انڈینز کی جانب سے کپتان ہاردک پانڈیا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 36 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔جس کے ساتھ ہی ہاردک پانڈیا آئی پی ایل میں 5 وکٹیں لینے والے پہلے کپتان بن گئے۔ پانڈیا نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پہلی بار ایک میچ میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔204 رنز کے ہدف کے جواب میں ممبئی انڈینز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بناسکی۔یوں لکھنو سپر جائنٹس نے ممبئی انڈینز کو 12 رنز سے شکست دے دی۔واضح رہے کہ اس سے قبل آئی پی ایل کی تاریخ میں کسی بھی کپتان کی بہترین بولنگ فیگرز 16 رنز دے کر 4 وکٹیں تھیں جو 2009 میں رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان انیل کمبلی نے حاصل کی تھیں۔

نیوزی لینڈ کا کلین سوئپ’پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں بھی شکست

ماؤنٹ مونگانوئی (این این آئی)ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں بھی نیوزی لینڈ نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے سیریز میں کلین سوئپ کر لیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 265 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ ایک بار پھر ناکام رہی اور پوری ٹیم 40 ویں اوور میں 221 رنز پر آؤٹ ہو گئی، نیوزی لینڈ کو میچ میں 43 رنز سے کامیابی ملی۔پاکستان کی جانب سے عبد اللہ شفیق اور بابر اعظم نے ٹیم کو 73 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن پھر کوئی بھی بڑی شراکت قائم نہ ہو سکی اور بابر اعظم کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی 50 رنز اسکور نہ کر سکا۔ کپتان محمد رضوان نے 37 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عبد اللہ شفیق اور طیب طاہر نے 33، 33 رنز کی اننگز کھیلیں۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ نے بارش کے باعث گیلی آؤٹ فیلڈ سے متاثرہ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز اسکور کیے۔کیوی کپتان مائیکل بریسویل 59 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے عاکف جاوید نے 4 اور نسیم شاہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے کیا لیکن امام الحق اننگز کی ابتدا ہی میں بیٹنگ کے دوران فیلڈر کی تھرو کی ہوئی گیند چہرے پر لگنے کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔میچ سے قبل ہونے والی بارش کے باعث میدان کا آؤٹ فیلڈ گیلا ہوگیا تھا جس کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوا، ٹاس میں تاخیر ہونے کی وجہ سے تیسرے ون ڈے میچ کو 42 اوورز تک محدود کر دیا گیا، قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، حارث رؤف کی جگہ نسیم شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔میزبان ٹیم نے مقررہ 42 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 264 رنز بنائے، کپتان بریسویل نے 40 بالز پر 58 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔نیوزی لینڈ کی ٹیم کی پہلی وکٹ 13 رنز پر گر گئی، نائیک کیلے 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، رائس ماریو نے 58 رنز کی اننگز کھیلی، ڈیرل مچل 43 اور ہنری نکولس 31 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ٹم سائفرٹ نے 26 رنز بنائے، محمد عباس 11 اور مچل ہے 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔پاکستان کی جانب سے عاکف جاوید نے 4 وکٹیں حاصل کیں، نسیم شاہ 2، فہیم اشرف اور سفیان مقیم نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آئی ایم ایف وفد کے دورے کی مصروفیات کو منظر عام پرنہ لانیکا فیصلہ

اسلام آباد (این این آئی)حکومت نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد کے کی مصروفیات کو منظر عام پرنہ لانیکا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف وفد کا کوئی تحریری شیڈول بھی نہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد کی ملاقاتوں کی اطلاعات متعلقہ محکمے کوفون پر ہی دی جائے گی۔یاد رہے کہ آئی ایم ایف کا وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچا تھا، وفد گڈ گورننس اور کرپشن کے تخلیصی جائزے کے لیے پاکستانی حکام سے بات چیت کرے گا۔ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف وفد سال 2025ـ26 کی بجٹ تجاویز کا جائزہ لے گا اور گورننس سے متعلق تکنیکی معاونت پر پاکستانی حکام سے فالو اپ مذاکرات کرے گا۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وفد آئندہ مالی سال کیلئے ٹیکس ریونیو اقدامات، اخراجات پر کنٹرول سے متعلق پاکستانی حکام سے مذاکرات کرے گا اور بجٹ کو حتمی شکل دینے کیلئے آئی ایم ایف وفد وزارت خزانہ حکام سے مل کر تجاویز تیارکریگا۔

امریکی سٹاک ایکسچینج میں بدترین مندی، ڈونلڈ ٹرمپ سرمایہ کاروں کو دلاسے دینے لگے

واشنگٹن (این این آئی)امریکی سٹاک ایکسچینج بدترین مندی کا شکار ہوگئی جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ سرمایہ کاروں کو دلاسے دینے لگے۔ غیر ملکی میڈیاکے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے درجنوں ممالک کی درآمدی اشیا پر ٹیرف عائد کرکے جس تجارتی جنگ کو چھیڑا ہے وہ خود امریکی سرمایہ کاروں کے گلے پڑ گئی،صرف 2روز میں امریکی اسٹاک ایکسچینج میں 5سال کی بدترین مندی دیکھنے میں آئی اور سرمایہ کاروں کی 60 کھرب ڈالر سے زائد رقم ڈوب گئی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے سنگین صورت حال اور امریکیوں کی ناراضگی کو بھانپتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنی پالیسی کی دفاع میں آگئے۔امریکی صدر نے کہا کہ ہم اب مزید نہ بیوقوف بنیں گے اور نہ ہی بے بسی کے ساتھ تضحیک کا سامنا کریں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ اقتصادی انقلاب ہے، ہم امریکا میں پہلے سے کہیں زیادہ روزگار اور کاروبار واپس لا رہے ہیں اور ہم یہ جنگ جیتیں گے۔انہوں نے کہا کہ تھوڑا صبر کریں یہ (تجارتی جنگ)اتنی آسان نہیں ہوگی لیکن اس کا اختتام تاریخی ہوگا۔