All posts by mshijazi

جاپان میں وائی فائی پر مائرہ خان اور غنا علی میں جھگڑا ہوا،نوبت ہاتھا پائی تک جا پہنچی

لاہور (این این آئی)اداکارہ اور ماڈل مائرہ خان نے غنا علی کے ساتھ ہونے والے اپنے ایک جھگڑے کی حیران کن روداد سنائی ہے۔پلاسٹک سرجری کرانے پر تنقید کا سامنا کرنے والی مائرہ خان نے بتایا کہ ایک بین الاقوامی پراجیکٹ کے دوران جاپان میں ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تھا۔مائرہ خان نے بتایا کہ جاپان کے ایک علاقے میں شوٹنگ جاری تھی جہاں میرے ساتھ ساتھی اداکارہ غنا علی بھی تھیں۔اداکارہ مائرہ خان نے بتایا کہ اس پہاڑی علاقے میں وائی فائی نہیں تھا۔ جس کے لیے ہم دونوں ایک ہی ڈیوائس استعمال کر رہے تھے۔ماڈل مائرہ خان کے بقول اس پر جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ میری اور غنا علی کی ہاتھا پائی بھی ہوئی اور پھر ہم دونوں ہی رونے لگے تھے۔مائرہ خان نے بتایا کہ اس موقع پر والدہ نے ہم دونوں کے درمیان صلح کروائی اور حل یہ نکالا کہ وائی فائی ڈیوائس کا استعمال رات میں کوئی ایک شخص ہی کیا کرے گا۔اداکارہ نے اعتراف کیا کہ ان کی والدہ کی اس بات نے مجھے اور غنا علی کو دوبارہ دوست بنا دیا۔

شاہد آفریدی کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات، سابق کپتان کا والدہ کے انتقال پر تعزیت

اسلام آباد (این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے راولپنڈی میں ملاقات کی اس موقع پر شاہد آفریدی نے آرمی چیف سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے گفتگو میں کہا کہ ملک میں تفریح کا واحد ذریعہ کرکٹ ہے، محسن نقوی ایک محنتی شخص ہیں جو کرکٹ کے لیے خلوص سے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ اگر پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی وزارتِ داخلہ اور پی سی بی کی چیئرمین شپ میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں تو پاکستان کو فائدہ ہو گا، دو عہدوں کے ساتھ وہ کامیاب نہیں ہو سکتے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ محسن نقوی میں کرکٹ کی بہتری کے لیے بہت زیادہ جوش اور ہمت ہے، کرکٹ فل ٹائم جاب ہے، وزارتِ داخلہ اور پی سی بی چیئرمین شپ دونوں بڑی ذمے داریاں ہیں، دو بڑے کام ایک ساتھ نہیں ہو سکتے۔ذرائع کے مطابق قبل ازیں لاہور میں پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں ایک میٹنگ میں شاہد آفریدی نے محسن نقوی کے کاموں کی تعریف کی تھی لیکن انہیں یہ بھی کہا تھا کہ وہ اگر وزارت یا پی سی بی میں سے ایک کام کا انتخاب کریں تو اس سے وہ زیادہ بہتر انداز میں توجہ دے سکتے ہیں، محسن نقوی کے وڑن سے پی سی بی کو فائدہ ہو گا۔ذرائع کے مطابق جون میں امریکا میں ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کے دوران محسن نقوی نے شاہد آفریدی کو پی سی بی میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی۔شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ میں اپنی مصروفیات کے باوجود ہر وقت پاکستان کے لیے حاضر ہوں۔

ایک سال میں ریکارڈ 1061 پاکستانی ڈاکٹروں نے امریکہ میں رہائش حاصل کرلی

لاہور( این این آئی)پاکستانی ڈاکٹروں کی ریکارڈ تعداد نے ایک سال کے دوران امریکا میں رہائش حاصل کرلی۔پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے صدر ڈاکٹر رضوان تاج کے مطابق یہ اب تک امریکی ریزیڈنسی حاصل کرنے والے پاکستانی ڈاکٹروں کی ریکارڈ تعداد ہے۔پی ایم ڈی سی کے صدر ڈاکٹر رضوان تاج نے کامیابی کو پاکستانی میڈیکل ایجوکیشن کے معیار کی عکاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 1061 ڈاکٹروں کی کامیابی ہمارے لیے انتہائی خوشی اور مسرت کی بات ہے۔پروفیسر رضوان تاج نے کہا کہ سخت معیار اور نصاب نے عالمی سطح پر پاکستانی ڈاکٹروں کی راہ ہموار کی۔ پاکستانی ڈاکٹروں نے یو ایس ایم ایل ای، انٹرویوز اور سخت مراحل کے بعد کامیابی حاصل کی۔صدر پی ایم ڈی سی نے کہا کہ ہمارا وژن عالمی معیار کے ہیلتھ پروفیشنلز تیار کرنا ہے، پاکستانی ڈاکٹروں کی کامیابی اور عالمی صحت کے نظام میں اہم کردار ادا کرے گی۔کنگ ایڈورڈ، ڈا اور علامہ اقبال میڈیکل کالجز کے طلبا کی بڑی تعداد امریکی ریزیڈنسی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

pti

پنجاب میں پی ٹی آئی کے تنظیمی فیصلوں کا اختیار عالیہ حمزہ کو مل گیا

لاہور( این این آئی)اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے رہنمائوں کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔بانی پی ٹی آئی نے پنجاب میں تنظیمی فیصلوں کا اختیار عالیہ حمزہ کو دے دیا، عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ عالیہ حمزہ پنجاب میں تنظیم سے متعلق فیصلے کرنے میں بااختیار ہیں۔عمران خان نے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عالیہ حمزہ جس عہدے دار کو معطل کرنا چاہیں یا کوئی ذمہ داری دینا چاہیں دے سکتی ہیں، انہوں نے عالیہ حمزہ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داری سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔دوسری جانب خالد خورشید کی جانب سے احسان طور کی تعیناتی کو بھی عمران خان نے سپورٹ کیا ۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے آذربائیجان کے وزیرِ معیشت میکائیل جباروف کی وفد کے ہمراہ ملاقات

اسلام آباد (این این آئی) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے آذربائیجان کے وزیرِ معیشت میکائیل جباروف کی وفد کے ہمراہ ملاقات کی ، پاکستان آذربائیجان تعاون کے مزید فروغ پر اتفاق، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافے پر گفتگو کی گئی ، وزیرِ اعظم نے آذربائیجان کے وفد کا خیر مقدم کیا ، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کیلئے خیر سگالی کا پیغام دیا ۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے حالیہ دورہئ ِ آذربائیجان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدے، ثقافت، باہمی احترام اور بھائی چارے پر مبنی ہیں. اپنے دورہ آذربائیجان کے مابین دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر عمل درآمد کا جائزہ پیش کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے آذربائیجان کو پاکستان میں تیل کی دریافت، معدنیات و کان کنی، قابل تجدید توانائی اور علاقائی روابط کیلئے انفراسٹرکچر میں موجود سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے مستفید ہونے کی دعوت دی. وزیرِ اعظم نے اسلام آباد اور باکو کو جڑواں شہر قرار دینے کے بعد اسلام آباد میں بہترین تزئین و آرائش کے اقدامات پر آذربائیجان کی ٹیم کی تعریف بھی کی.وزیرِ اعظم نے آذربائیجان کے صدر کے متوقع دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تجارت کے حجم کو 2 ارب ڈالر پر پہنچانے کیلئے دونوں ممالک کے مابین اعلی سطح پر گہری دلچسپی اور اقدامات خوش آئند ہیں۔آذری وزیر نے پاکستان کی جانب سے انکے وفد کی شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور تجارت کے فروغ میں آذربائیجان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا. آذری وزیرِ معیشت نے قابل تجدید توانائی، وائٹ آئل پائپ لائن، سوکار کی پاکستان میں سرمایہ کاری، آذربائیجان کی پاکستان کے انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ملاقات میں وفد کی پاکستان میں ملاقاتوں، مختلف شعبوں میں تعاون، تجارت کے فروغ، بین الاقوامی شمالـجنوب مواصلاتی کاریڈور، وائٹ آئل پائپ لائن، گورننس کی بہتری کیلئے آسان سہولت مراکز کے پاکستان میں قیام اور آذربائیجان کی پاکستان میں علاقائی روابط کیلئے موٹرویز میں سرمایہ کاری پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں آذربائیجان کے وزیرِ معیشت عزت مآب میکائیل جباروف، آذربائیجان کے پاکستان میں سفیر خضر فرہادوف، نائب وزیرِ معیشت صمد بشیری، نائب وزیرِ توانائی کمال عباسوف اور اعلی سطح آذری حکام کے ساتھ ساتھ وزیرِ خارجہ و نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرائ احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطائ اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ علی پرویز ملک، مشیر وزیرِ اعظم سید توقیر شاہ، معاون خصوصی طارق فاطمی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، نیشنل کوارڈینیٹر خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل لیفیٹیننٹ جنرل سرفراز احمد اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.

وزیراعلیٰ مریم نواز کا8 خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

لاہور ( این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے8 خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے خوارجیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر اظہار تشکر کی اور کہا کہ پوری قوم سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچ آفیشلز کا اعلان

لاہور(این این آئی) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ X کے میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان ، 13امپائرز اور 7میچ ریفریز ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 اپریل سے 18 مئی تک کھیلی جائے گی۔آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل احسن رضا، پال رائفل اور کمار دھرما سینا امپائرز پینل میں شامل ہیں، ان کے علاوہ الیکس واف اور کرس براؤن بھی امپائرز پینل کا حصہ ہونگے۔پاکستان سے علیم ڈار، آصف یعقوب، فیصل خان آفریدی، راشد ریاض وقار بھی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔یہ تمام پی سی بی کے انٹرنیشنل امپائرز کا حصہ ہیں۔پی سی بی ایلیٹ پینل آف امپائرز عبدالمقیت، ناصر حسین، طارق رشید اور ذوالفقار جان بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اس ایڈیشن میں امپائرنگ کریں گے۔علیم ڈار آخری مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں امپائرنگ کریں گے۔میچ ریفریز میں آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفری رنجن مدوگالے اپنے ساتھی سری لنکن روشن مہاناما کے ساتھ میچوں کی نگرانی کریں گے۔ دیگر میچ ریفریز میں علی نقوی اور محمد جاوید ملک شامل ہیں۔ٹورنامنٹ میں افتخار احمد، اقبال شیخ اور ندیم ارشد بھی آفیشلز ہونگے۔

عمران خان توہم پرست ہوگئے تھے، نعیم بخاری

اسلام آباد (این این آئی)سینئر قانون دان نعیم بخاری نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان توہم پرست ہوگئے تھے وہ کہتے تھے آج کا دن، یہ راستہ اور کپڑے اچھے نہیں، وہ مردم اور عورت شناس بھی نہیں ہیں۔ پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے نعیم بخاری نے کہاکہ میں پی ٹی آئی کا کارکن ہوںاور آج بھی عمران خان کو پسند کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس سب کے باوجود یہ حقیقت ہے کہ عمران خان توہم پرست ہوگئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی توہم پرستی کا یہ عالم تھا کہ وہ دن، راستے اور حتی کہ کپڑوں کے بارے میں رائے دیتے اور انہیں اچھا یا برا مانتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اگر میں عمران خان کا مشیر ہوتا تو مشورہ دیتا کہ انہیں القادر ٹرسٹ کی زمین کو ہاتھ بھی لگانا نہیں چاہئے تھا۔ نعیم بخاری نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان مردوں کو پہچان سکتے ہیں اور نہ ہی عورتوں کو، وہ فواد چوہدری کو کیسے منتخب اور بابر اعوان کو مشیر کیسے بناسکتے ہیں؟۔انہوں نے کہا کہ ریاست کا ملکیتی ہار آپ توشہ خانہ سے کیسے لے سکتے ہیں؟ ،بطور وزیراعظم کوئی پین یا پنسل بھی تحفہ ملے تو وہ ریاست کی ملکیت ہے۔

آج کوئی ایسا ہے جو پارٹی کیلئے باہر نکلے؟ ،شیر افضل مروت نے سوال اٹھا دیا

اسلام آباد (این این آئی)رہنماء پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے سوال اٹھایا ہے کہ آج کوئی ایسا پارٹی میں ہے جو پارٹی کے لیے باہر نکلے؟پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیر افضل مروت نے کہاکہ آج کل تو ہم ملنگ بنے ہوئے ہیں، ہم آزاد منش بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کھیل کا آغاز ہی بانی پی ٹی آئی کی ٹیم سے ہوا۔ انہوں نے کہاکہ 9مئی کے بعد میں پارٹی کی اجازت سے باہر نکلا، انہوں نے استفسار کیا کہ آج کوئی ایسا پارٹی میں ہے جو پارٹی کے لیے باہر نکلے؟۔

پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس، علی امین کے بیان پر اظہار ناراضی

اسلام آباد (این این آئی)پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں علی امین گنڈاپور کے اسد قیصر، عاطف خان اور شہرام ترکئی سے متعلق بیان پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔اراکین نے کہا کہ اہم عہدے پر بیٹھ کر غیر ذمہ دارانہ بیان پارٹی کو نقصان کا سبب ہے۔عاطف خان نے علی امین گنڈاپور کے بیان پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا علی امین سے اختلاف ہوسکتا ہے، اسد قیصر یا شہرام ترکئی کے متعلق الفاظ کیوں ادا کیے۔ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی تفصیل پارلیمانی پارٹی کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پارٹی رہنماں کے متعلق سازشی کا کبھی لفظ استعمال نہیں کیا، پانی پی ٹی آئی نے کہا تھا عاطف خان، اسد قیصر، ان افراد کی وفاق میں ہمیں ضرورت ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ انھیں قومی اسمبلی کی نشست پر ٹکٹ دوں، بانی پی ٹی آئی نے ٹکٹ کے معاملے پر کسی رہنماء کے خلاف الفاظ استعمال نہیں کیے۔اجلاس میں موجود پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے کہا کہ پارٹی کے کسی رکن کو معزز ممبر کے خلاف ایسے الفاظ ادا نہیں کرنے چاہئیں، ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں جو بانی پی ٹی آئی کی رہائی میں رکاوٹ بنیں۔

پنجاب اپنے پانی کے حصے سے جو بھی منصوبہ بنائے کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے، اسحاق ڈار

اسلام آباد (این این آئی)نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے کہا ہے کہ پنجاب اپنے پانی کے حصے سے جو بھی منصوبہ بنانا چاہے تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔جاری بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ بعض اوقات کچھ غلط فہمیاں پیدا ہوجاتی ہیں ان غلط فہمیوں کو دور کرنا چاہیے، ہم سب بھائی ہیں میرا پی پی سے قریبی تعلق ہے نہروں کا معاملہ پہلے ایکنک میں آیا ایکنک میں آٹھ ارکان ہوتے ہیں مجھے وزیر اعظم نے ایکنک کے اجلاس کی صدارت کی سونپی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایکنک میں پی پی پی نے اعتراض کیا تو میں نے اس منصوبے پر مزید کارروائی موخر کردی، کچھ ارکان اس منصوبے پر بات کرنا چاہتے تھے، میں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی و یکجہتی سے زیادہ کچھ نہیں، اس کے بعد ایکنک کے اجلاس کے کسی ایجنڈے پر میں نے نہروں کا مسئلہ نہیں آنے دیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک وزیر نے کچھ نامناسب بیان دیا، میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ دریائے سندھ کا ایک قطرہ بھی پنجاب میں نہیں لیا جائے گا، پنجاب اپنے پانی کے حصے سے جو بھی منصوبہ بنانا چاہے تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

صبا قمر کا ساحل کنارے پرسکون سالگرہ کا جشن

کراچی (این این آئی)عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے ساحل کنارے پرسکون ماحول میں سالگرہ کا کیک کاٹ کر سوشل میڈیا پر رونق لگادی۔صبا قمر کا شمار ان ورسٹائل شخصیات میں کیا جاتا ہے جو اپنی زندگی کا ہر لمحہ کھل کر جینے کی امنگ لیے پیدا ہوتی ہیں، زندگی کی ہر چھوٹی بڑی خوشیوں کو کھل کر جیتی ہیں اور پھر بات جب خود کے جنم دن کی ہو تو پھر دور کہیں پرسکون ماحول کی تلاش میں نکل پڑتی ہیں۔ایسا ہی کچھ انکی سالگرہ کے حالیہ جشن میں دیکھنے کوملا جب انہوں نے ساحل کنارے پرسکون ماحول میں سالگرہ منانے کا فیصلہ کیا۔ماڈلنگ و اداکاری کے ساتھ ساتھ میزبانی کی دنیا میں بھی خوب نام کمانے والی صبا قمر ایک باصلاحیت اور پاکستان کی صفِ اول کی اداکارہ ہیں۔اداکارہ صبا قمر نے اپنے کریئر کا آغاز 2004 میں کیا اور پھر اداکاری کی دنیا میں قدم جمانے کے بعد کبھی پیچھے مڑ کر نہ دیکھا۔