All posts by mshijazi

معروف اداکار فیروز خان ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے

کراچی (این این آئی)فیروز خان کے بین الاقوامی منصوبوں سے متعلق بیان پر سوشل میڈیا صارفین کا شدید ردعمل سامنے آگیا۔پاکستان کے معروف اداکار فیروز خان ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، اپنے متنازع بیانات اور منفرد انداز کے باعث وہ اکثر و بیشتر میڈیا اور سوشل میڈیا پر چھائے رہتے ہیں، اس بار ان کی خبروں میں آنے کی وجہ ایک بین الاقوامی انٹرویو ہے، جس میں انہوں نے اپنے عالمی سطح پر ملنے والے منصوبوں پر بات کی۔اداکار نے دعوی کیا کہ انہیں متعدد بین الاقوامی فلموں اور منصوبوں کی آفرز موصول ہو رہی ہیں۔ انٹرویو میں اداکار کے اندازِ گفتگو، لہجے اور دعوں نے سوشل میڈیا صارفین کو بھڑکا دیا، ان کے انگریزی لہجے کو جعلی اور اندازِ گفتگو کو خود پسندانہ قرار دیا جا رہا ہے، کئی صارفین نے سخت الفاظ میں ان پر تنقید کی۔ایک صارف نے کہا خدارا، کوئی ان کی مدد کرے، یہ شخص شدید نارسیسسٹک(خود پسندی)کا شکار ہے، ایک اور نے کہا کہ اس کی تھراپی کا خرچ میں دے دیتا ہوں، بس کسی ماہرِ نفسیات کے پاس لے جائیں۔ایک اور صارف نے لکھا کہ جب بھی پاکستانی فنکاروں کو مقامی سطح پر کام نہیں ملتا، وہ بھارت یا کسی بین الاقوامی ملک کی طرف رخ کر لیتے ہیں اور جھوٹے دعوے کرنے لگتے ہیں۔بعض کا کہنا ہے کہ کیا یہ صرف مجھے لگتا ہے یا واقعی ہر کوئی ایک سطحی، بناوٹی اور خود پر فخر کرنے والا شخص دیکھ رہا ہے؟یہ پہلا موقع نہیں کہ فیروز خان کو عوامی تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہو، اس سے قبل بھی وہ کئی بار اپنے بیانات، ازدواجی زندگی کے تنازعات اور دیگر حرکات کی وجہ سے میڈیا کی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں۔

یوسف رضا گیلانی کا معروف اداکار اور کامیڈین جاوید کوڈو کے انتقال پر گہرے دکھ وافسوس کا اظہار

اسلام آبا د(این این آئی) چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے معروف اداکار اور کامیڈین جاوید کوڈو کے انتقال پر گہرے دکھ وافسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیا ن میں چیئرمین سینیٹ نے جاوید کوڈو کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے فن کے شعبے میں جاوید کوڈو کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوںنے کہاکہ پوری قوم ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی ۔ یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ جاوید کوڈو کے انتقال سے میڈیا انڈسٹری ایک نامور اداکار سے محروم ہو گئی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا ء کی ۔

پی ایس ایل ،ہر میچ میں موٹر سائیکل کے ساتھ ڈھیروں انعامات کا اعلان

لاہور( این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 10 کے ہر میچ میں ٹکٹ ہولڈرز کو ایک موٹر سائیکل اور ڈھیروں انعامات دینے کا اعلان کردیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 10 میں شائقین کی دلچسپی کیلئے انعامات کی بارش کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہر میچ میں موٹر سائیکل کے ساتھ کئی انعامات شائقین کرکٹ کے منتظر رہیں گے۔رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل 10 کے ہر میچ میں ایک خوش قسمت ٹکٹ ہولڈر کو موٹرسائیکل انعام میں دی جائے گی، قرعہ اندازی میں شائقین گولوٹ لو کی ایپ کے ذریعے جو موبائل فون پر پلے اسٹور اور ایپل اسٹور کے ذریعے ڈان لوڈ ہوسکتی ہےآن لائن شرکت کرسکیں گے۔شائقین کرکٹ میچ ٹکٹ کا کیو آرک وڈ گو لوٹ لو کی ایپ پر اسکین کرکے قرعہ اندازی میں شامل ہوسکتے ہیں، شائقین گو لوٹ لو کی قرعہ اندازی میں ایک شفاف خود کار پراسیس سے آسانی سے شامل ہوں گے، گو لوٹ لو کے کیو آر کوڈ ہر انکلوژر کے انٹری گیٹ پر لگے ہوئے ہیں۔حکام کے مطابق جیتنے والے خوش نصیب کا نام میچ کی اننگز کے بریک کے دوران اعلان کیا جائے گا، ہر میچ کے اختتام پر فاتح کو موٹر سائیکل انعام میں دی جارہی ہے۔پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل ایکس کی ٹکٹیں پی سی بی ڈاٹ ٹی سی ایس ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے پر آن لائن اور ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہیں۔

آصف زرداری اور پیپلز پارٹی نے سندھ کا پانی بیچ دیا، عمر ایوب

ہری پور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور پیپلز پارٹی نے سندھ کا پانی بیچ دیا ہے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیٹ سیاسی اسیران کو رہا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جمہوری پارٹی ہے اور اختلافات ہوتے رہتے ہے لیکن بانی پی ٹی آئی کی بات فائنل ہوتی ہے، صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی نے سندھ کا پانی بیچ دیا ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ بلوچستان کے حالات خراب ہیں۔ اور سردار اختر مینگل انصاف مانگ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پر لاٹھی چارج کیا گیا۔ اور گولیاں برسائی گئیں لیکن ہم نے جمہوری طریقہ اپنایا،بانی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ہر کال پر لبیک کریں گے۔

ایک لاکھ 60 ہزار ہنرمند پاکستانی بیلا روس بھیجنے پر اتفاق ہوا، اسحاق ڈار

لندن(این این آئی)نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایک لاکھ 60 ہزار ہنرمند پاکستانی بیلا روس بھیجنے پر اتفاق ہوا ہے۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ بیلا روس کے دورے کے بعد ان کے ہمراہ ہی لندن پہنچے۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سیاست میں بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف پوری پارٹی کو چلا رہے ہیں۔ جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومت نواز شریف سے ہدایات لیتی ہیں۔بیلا روس کے دورے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیلا روس کا دورہ بہت کامیاب رہا۔ اور ایک لاکھ 60 ہزار ہنر مند پاکستانی بیلا روس بھیجنے پر اتفاق ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف (آج) پیر کو وطن واپس روانہ ہوں گے۔

دہشتگرد افغانستان سے آپریٹ کررہے ہیں، افغانستان دہشتگردوں کو لگام ڈالے، وزیراعظم

لندن (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد افغانستان سے آپریٹ کر رہے ہیں، افغانستان دہشت گردوں کو لگام ڈالے،پاکستانی عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہاکہ دورہ بیلا روس میں زراعت سمیت دیگرشعبوں میں تعاون پر بات ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معدنیات کے بے پناہ ذخائر ہیں، معدنیات کے حوالے سے مشینری بیلاروس میں بنتی ہے، زرعی مشینری کیلئے بیلاروس کی کمپنیوں سے جوائنٹ وینچرکریں گے، بیلا روس کی ذراعت کے شعبے میں مہارت سے فائدہ اٹھائیں گے اور بیلاروس میں بننے والی زرعی مشینری بھی پاکستان میں بنے گی۔انہوںنے کہاکہ ڈیڑھ لاکھ پاکستانیوں کو بیلارس میں روزگاردینے پرمفاہمت ہوئی۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد افغانستان سے آپریٹ کر رہے ہیں، افغانستان دہشت گردوں کو لگام ڈالے، افغان عبوری حکومت کو کئی بار کہا ہے دوحا معاہدے پرعمل کریں اور دہشت گردوں کو افغان سر زمین استعمال نہ کرنے دیں لیکن کالعدم دہشت گرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ کرتی ہیں اور کئی پاکستانیوں کو شہید کرچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام، افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہم ہمسائے نہیں بدل سکتے، یہ ہم پر منحصر ہے کہ اچھے ہمسائے کی طرح رہنا ہے یا تنازعات کے ساتھ۔انہوںنے کہاکہ نوازشریف کی لیڈر شپ میں پاکستان کو ترقی کی راہ پر لے کر چل رہے ہیں، پنجاب اسپیڈ بھی پاکستان اسپیڈ تھی اور اب سپر پاکستان اسپیڈ ہے، ترقی کرتا اورخوشحال پاکستان ہماری منزل ہے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیزکنونشن میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ملاقات کا موقع ملے گا، کنونشن اوورسیز پاکستانیوں سے بات چیت کرنے کا بہت شاندار موقع ہے، کنونشن میں اووسیزپاکستانیوں کے جائزمطالبات کوسنیں گے اورجس قدرہوسکا عمل کریں گے۔شہباز شریف نے کہاکہ پاکستانی عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اس سال ترسیلات زرمیں کافی اضافہ ہوا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف نے بیلاروس کا دورہ کیا تھا، اس دورے میں نواز شریف بھی ان کے ہمراہ تھے۔

پی ایس ایل 10 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دیدی

راولپنڈی(این این آئی)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)کے دسویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 80 رنز سے شکست دے دی، کپتان سعود شکیل اور فن ایلن کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنائے،جواب میں پشاور زلمی کے 5 کھلاڑی کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس چلے گئے ،صائم ایوب کے سوا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکا اور پوری ٹیم 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی،13.1اوور میں پشاور زلمی کی پوری ٹیم 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کوئٹہ کے ابرار احمد مین آف دی میچ قرار پائے۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل 10 کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان سعود شکیل اور فن ایلن کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنائے تاہم 217 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں صائم ایوب کے سوا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکا اور پوری ٹیم 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی، 13.1اوور میں پشاور زلمی کی پوری ٹیم 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کو پہلے ہی اوور میں کپتان بابراعظم کی وکٹ کی صورت میں دھچکا لگا جو کھاتہ کھولے بغیر ہی محمد عامر کا شکار بن گئے۔تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے محمد حارث بھی 13 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، ٹام کولر کیڈ مور بھی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے جبکہ اوپننگ بلے باز صائم ایوب اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 50 رنز پر ہی آئوٹ ہوگئے۔آل رائونڈر حسین طلعت 35 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، میکس برائنٹ، الزاری جوزف اور صفیان مقیم صفر پر آئوٹ ہوئے۔ مچل اوون نے 13 گیندوں پر 31 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی لیکن وہ ان کی ٹیم کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے 4، محمد عامر اور عثمان طارق نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ ایک وکٹ کائل جمیسن کے حصے میں آئی۔اس سے قبل، پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فن ایلن اور سعود شکیل نے جارحانہ آغاز فراہم کیا، فن ایلن 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 25 گیندوں پر 53 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے۔تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے حسن نواز 41 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جب کہ کپتان سعود شکیل نے 42 گیندوں پر 59 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ریلی روسو نے 10 گیندوں پر 21 اور کشال مینڈس نے 14 گیندوں پر 35 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور دونوں ناٹ آئوٹ رہے۔پشاور زلمی کی جانب سے محمد علی سب سے مہنگے بالر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 57 رنز دئیے۔ علی رضا، صفیان مقیم اور الزاری جوزف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 10 کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کولن منرو کی ناقابل شکست نصف سنیچری کی بدولت لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی چوہدری شجاعت حسین کو مسلم لیگ ق کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد و نیک خواہشات کا اظہار

اسلام آباد (این این آئی)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے چوہدری شجاعت حسین کو مسلم لیگ( ق) کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ ق بطور سیاسی جماعت قانون ساز اسمبلیوں میں عوامی امنگوں کی یونہی نمائندگی اور ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی ۔ پرائم منسٹر آفس پریس ونگ سے ہفتہ کو جاری تہنیتی بیان میں وزیرِ اعظم نے چوہدری سالک حسین کو سینئر نائب صدر، طارق حسن کو جنرل سیکرٹری، چوہدری شافع حسین کو پارٹی کا پنجاب میں صدر، ڈاکٹر محمد امجد کو چیف آرگنائزر اور غلام مصطفی ملک کو مرکزی سیکرٹری اطلاعات منتخب ہونے پر بھی مبارکباد دی۔ انہوں نے مسلم لیگ ق کی نو منتخب قیادت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ق حکومت کی اہم اتحادی سیاسی جماعت ہے جس نے گزشتہ دور حکومت میں پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کیلئے اپنی سیاست کی قربانی میں سب اتحادیوں کا ساتھ دیا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اس امید کا اظہار بھی کیا کی بطور سیاسی جماعت مسلم لیگ ق قانون ساز اسمبلیوں میں عوامی امنگوں کی یونہی نمائندگی اور ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔

pti

پی ٹی آئی رہنمائوں پر مائنز اینڈ منرل بل سے متعلق بیانات پر پابندی عائد

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں مائنز اینڈ منرل ترمیمی بل سے متعلق بیانات پر پابندی عائد کرتے ہوئے بل کی منظوری عمران خان کی اجازت سے مشروط کردی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے معدنیات بل کی منظوری عمران خان کی اجازت سے مشروط کردی جب کہ بل پر بریفنگ کے لئے منتخب نمائندوں کا اجلاس چودہ اپریل کو طلب کرلیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے مائنز اینڈ منرل ترمیمی بل کے معاملے پر سخت ہدایات جاری کیں جب کہ کمیٹی نے صوبائی حکومت کو بلز پر جلد بازی نہ کرنے کی بھی ہدایات دے دی۔پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ بلز پر کسی کارکن یارکن نے بات کی تو اس کے خلاف کاروائی ہوگی جب کہ حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیے بغیر بل اسمبلی میں پیش نہ کرے۔دوسری جانب، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)نے منرلز اینڈ مائنز ایکٹ 2025 کو مسترد کردیا۔اے این پی خیبرپختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین کے مطابق منرلز اینڈ مائنز کا ایکٹ پہلے سے موجود ہے، نئے ایکٹ کی ضرورت ہی نہیں، یہ بل 18 ویں آئینی ترمیم کے خلاف ہے جس میں یہ فیصلہ ہوا تھا کہ ہر صوبے کا اپنے قدرتی وسائل پر حق ہوگا۔واضح رہے کہ خیبر پختونخوا مائنز اینڈ منرلز ترمیمی بل 2025 کے معاملے پر پی ٹی آئی رہنماں میں اختلافات سامنے آئے تھے۔مائنز اینڈ منرلز ترمیمی بل پر وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور عاطف خان کے درمیان واٹس گروپ میں تلخ کلامی ہوئی تھی۔عاطف خان نے پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے واٹس ایپ گروپ میں مائنز اینڈ منرلز ترمیمی بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ بل عوام کے حق میں نہیں ہے۔

اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے، لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا

لاہور /اسلام آباد /پشاور (این این آئی)پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں اور دارالحکومت اسلام آباد میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا ، زلزلے کے جھٹکوں کے دور ان شہری کلمہ طیبہ اور درود شریف کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر آگئے ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاوہ پنجاب میں راولپنڈی، چکوال، چنیوٹ، حسن ابدال، اٹک، میانوالی جبکہ خیبر پختونخوا میں سوات، بونیر، لوئر دیر، لکی مروت، مالاکنڈ، مہمند، شبقدر، شانگلہ اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے پر لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارات سے باہر نکل آئے۔زلزلے سے کسی قسم کے مالی یا جانی نقصانات کی فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ملی۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 5 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 12 کلو میٹر تھی۔زلزلے کا مرکز راولپنڈی سے 60 کلو میٹر شمال مغرب میں تھا، زلزلے کے جھٹکے 12 بجکر 31 منٹ پر محسوس کئے گئے۔صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)پنجاب کو زلزلے کے بارے میں ابتدائی رپورٹس موصول ہوگئی ہے۔لاہور، راولپنڈی، گجرات اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 5 ریکارڈ کی گئی، جبکہ زلزلے کا مرکز راولپنڈی کا شمال مغرب جبکہ گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔انہوںنے کہاکہ پنجاب کے کسی بھی علاقے سے جانی و مالی نقصان کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی جبکہ زلزلے کے آفٹر شاکس سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو الرٹ رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز چوبیس گھنٹے الرٹ ہیں۔

کامیابی کیلئے شہرت یا دولت ہی نہیں سنجیدگی بھی ضروری ہے، لائبہ خان

کراچی(این این آئی)پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ لائبہ خان نے کہا ہے کہ شوبز کی دنیا میں کامیابی کے لیے محض شہرت یا دولت کا ہونا کافی نہیں بلکہ خود کو سنجیدگی سے لینا بھی ضروری ہے۔لائبہ خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ اداکار جو اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے بیچ توازن برقرار رکھتے ہیں، وہ ذہنی سکون اور کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔اداکارہ نے کہا کہ ابتدا میں انہیں لگتا تھا کہ محبت ایک خواب کی مانند ہوتی ہے، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ احساس ہوا کہ محبت کرنا آسان ہے، مگر اسے نبھانا ایک بہت مشکل کام ہے۔اس کے لیے قربانی، صبر اور ایک بڑے دل کی ضرورت ہوتی ہے ان کے نزدیک ظاہری شکل وصورت سے زیادہ عزت دینے کی صلاحیت اہمیت رکھتی ہے کیونکہ وقت کے ساتھ ساتھ محبت تو کم ہوسکتی ہے لیکن یہ عزت ہی ہے جو کسی رشتے کو مضبوط بناتی ہے۔

جنوبی افریقی کرکٹر پر ایک سال تک پی ایس ایل کھیلنے پر پابندی عائد

لاہور (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقی آل راؤنڈر کوربن بوش پر ایک سال تک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے کی پابندی عائد کردی۔پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر کوربن بوش نے پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن سے دستبردار ہونے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔کوربن بوش کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مجھے پی ایس ایل سے دستبردار ہونے کے اپنے فیصلے پر افسوس ہے، میں پاکستانی عوام اور پشاور زلمی کے مداحوں سے معذرت خواہ ہوں۔انہوںنے کہاکہ پی ایس ایل ایک شاندار ٹورنامنٹ ہے اور میں اس بات کو سمجھتا ہوں کہ میری اس حرکت سے شائقین کو شدید مایوسی ہوئی۔کاربن بوش نے کہا کہ میں نہ صرف اپنے عمل کی مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں بلکہ اس کے نتائج کو بھی تسلیم کرتا ہوں جس میں ایک سال کی پابندی اور جرمانہ شامل ہے۔انہوںنے کہاکہ میں اس ناخوشگوار تجربے سے سیکھنے کے لیے پرعزم ہوں اور امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں نئے جذبے کے ساتھ پی ایس ایل میں واپسی کروں گا۔خیال رہے کہ پی سی بی نے جنوبی افریقی آل راؤنڈر پر ایک سال تک پی ایس ایل کھیلنے پر پابندی عائد کردی، یعنی وہ پاکستان سپر لیگ کے اگلے (11ویں) ایڈیشن میں منتخب ہونے کے اہل نہیں ہوں گے۔اس سے قبل، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقی آل رائونڈر کوربن بوش کو قانونی نوٹس جاری کیا تھا، یہ نوٹس کوربن بوش کی جانب سے پی ایس ایل میں اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کے سبب بھیجا ہے۔کوربن بوش کو پشاور زلمی نے پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹ میں ڈائمنڈ کیٹیگری میں منتخب کیا تھا، تاہم انہوں نے پاکستان سپر لیگ کھیلنے کے بجائے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ممبئی انڈین کو جوائن کرلیا تھا۔بعد ازاںپاکستان سپر لیگ 10 کے ریپلیسمنٹ ڈرافٹ میں پشاور زلمی نے پورے سیزن کے لیے کوربن بوش کی جگہ ڈائمنڈ کیٹیگری میں جنوبی افریقہ کے جار لِنڈے کو منتخب کرلیا تھا۔