All posts by mshijazi

اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کردی گئیں، وزیراعظم

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے اسلام آباد میں خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے سفیر اور سروں کے تاج ہیں،انہیں ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کی سہولت دی جائے گی تاکہ انہیں پاکستان نہ آنا پڑے،آرمی چیف جنرل عاصم منیر سچے پاکستانی اور زبردست پروفیشنل ہیں، جو دل میں ہوتا ہے وہی بات ان کے زبان پر ہوتی ہے، اللہ کے کرم سے ان کے ہاتھوں میں پاکستان کا دفاع محفوظ ہے، پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا اور جو کوئی میلی آنکھ سے دیکھے گا تو اس آنکھ کو پاکستانی پاؤں تلے روند دیں گے۔ منگل کوسمندر پار پاکستانیوں کے پہلے سالانہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ایک کروڑ سے زائد پاکستانی مختلف ممالک میں مقیم ہیں اور انہوں نے وہاں شبانہ روز محنت سے اپنا، خاندان اور ملک کے لیے نام کمایا۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے سفیر ہیں، آپ ہمارے سروں کے تاج ہیں، بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں نے اپنی محنت اور لگن سے اپنا نام کمایا، ایک کروڑ سے زائد اوورسیز پاکستانیوں نے ملک کی خدمت کی۔شہباز شریف نے کہا کہ ہم آپ کی جتنی بھی پذیرائی کریں وہ کم ہے، اس لیے نہیں کہ آپ اربوں ڈالر بھیج رہے ہیں، وہ آپ اپنی محنت عظمت اور دیانت سے بھیج رہے ہیں اور پاکستان کو درپیش فارن ایکسچینج کے چینلج کے گیپ کو پورا کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم نے آپ کے تمام پوائنٹس کو نوٹ کیا، ہم آپ کی سہولت کیلئے جو آپ پاکستان کی عظیم خدمت کررہے ہیں اور معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے بے پناہ کاوشیں کررہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ آپ لوگ پاکستان کا جھنڈا بیرون ملک میں بلند کررہے ہیں، جس کے لیے جتنی بھی مراعات آپ کے قدموں میں نچھاور کریں وہ کم ہے، انشاللہ وہ وقت آئے گا جب آپ کی پذیرائی کے لیے اور جائز مطالبات کو منظور کرنے کے لیے تمام اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سچے پاکستانی اور زبردست پروفیشنل ہیں، جو دل میں ہوتا ہے وہی بات ان کے زبان پر ہوتی ہے، اللہ کے کرم سے ان کے ہاتھوں میں پاکستان کا دفاع محفوظ ہے، پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا اور جو کوئی میلی آنکھ سے دیکھے گا تو اس آنکھ کو پاکستانی پاؤں تلے روند دیں گے۔انہوںنے کہاکہ ملک کے اندر جو دہشت گردی پھیلائی گئی ہے، اس کے تانے بانے کہاں ملتے ہیں وہ ہم سب جانتے ہیں، دہشت گردوں کی فنڈنگ کون کررہا ہے، لیکن اصل بات یہ ہے کہ جو عظیم قربانیاں دی جارہی ہیں اور ماضی میں بھی جب دہشت گردوں نے پاکستان میں دہشت گردی کا بازار گرم کیا تھا تو 80 ہزار لوگوں نے جام شہادت نوش کیا، اس میں ڈاکٹرز سمیت سیاستدان، دکاندار اور مزدور بھی شامل تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جو جہاد کیا اور جنگ لڑی، اس کی مثال عصر حاضر میں نہیں ملتی، آج پھر اسی تاریخ کو دہرایا جارہا ہے، کیا وجہ ہے کہ 2018 میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوچکا تھا اور دنیا کی تاریخ میں کوئی دوسری مثال نہیں ملتی کہ اتنی بڑی دہشت گردی کی یلغار کو ختم کرنا آسان کام نہیں تھا۔انہوںنے کہاکہ پچھلے چند سالوں میں فاش غلطیاں کی گئیں، سوات سمیت دیگر مقامات پر درجنوں نہیں بلکہ سیکڑوں لوگوں کو آباد کیا گیا، ماضی کی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ہونے والے واقعات کے تانے بانے کہاں سے ملتے ہیں؟انہوں نے کہا کہ وطن کا جوان ہم سب کی حفاظت کیلئے اپنے بچوں کو یتیم کرجائے اور پھر سوشل میڈیا پر اس کے خلاف جو زہر اگلا جائے تو کیا وہ برداشت کیا جاسکتا ہے، اس کے لیے کوئی نرم گوشہ رکھ سکتا ہے، یہی فرق ہے ہارڈ اسٹیٹ اور سافٹ اسٹیٹ میں، ہارڈ اسٹیٹ کے یہی تقاضے ہیں جب کہ سافٹ اسٹیٹ کے جو دوسرے تقاضے ہیں وہ آپ اچھی طرح جانتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں جو معاشی استحکام آرہا ہے، یہ آپ کی شبانہ روز محنت اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، ایسا ہی ٹیم ورک رہا تو پاکستان دنیا کی سب سے بڑی طاقت بنے گا، پاکستانیت سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں، اگر آپ کسی عہدے پر ہیں تو سب ٹھیک لیکن جب عہدے پر نہیں تو آپ پاکستان کے خلاف سازشیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کے مقدمات کے جلد سے جلد فیصلوں کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کردی گئی ہیں جبکہ پنجاب میں بھی ایسی عدالتوں کے قیام کا عمل جاری ہے، اس سلسلے میں پنجاب میں قانون سازی ہوچکی ہے اور بلوچستان میں بھی بہت جلد یہ کام ہوگا۔انہوںنے کہاکہ ویڈیو لنک کے ذریعے شواہد کی ای ریکارڈنگ کی سہولت بہت جلد دی جائے گی تاکہ آپ کو پاکستان نہ آنا پڑے اور مقدمات کی بھی ای فائلنگ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، یہ کام انشااللہ 90 دن کے اندر مکمل ہوجائے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی چارٹر یونیورسٹیز میں تمام سمندر پار پاکستانیوں کے بچوں کے لیے 10 ہزار سیٹوں میں 5 فیصد کوٹہ فکس کیا جارہا ہے، اسی طرح سے وفاق میں ڈگری دینے والے اداروں میں 10 ہزار سیٹوں میں 5 فیصد کوٹہ آپ کے بچوں کے لیے مختص کیا جارہا ہے۔انہوںنے کہاکہ سمندر پار پاکستانیوں کے بچوں کے لیے میڈکل کالجوں میں 15 فیصد کوٹہ رکھا جارہا ہے، اس فیصلے سے 3 ہزار بچوں کو میڈیکل کالجز میں پاکستان میں داخلہ مل سکے گا جب کہ کاروباری لین دین اور بینک کے معاملات میں سب کو فائلرز کے طور پر ٹریٹ کیا جائے گا، اس سے آپ کو ٹیکس ادائیگی میں بہت ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی خواتین کے لیے جو پاکستان میں سرکاری نوکری حاصل کرنا چاہیں ان کے لیے عمر کی حد کو 5 سال سے بڑھا کر 10 سال کی جارہی ہے۔وزیراعظم نے اعلان کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی بے پناہ خدمات کے عوض ہر سال 14 اگست کو جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں کارنامے انجام دیے، حکومت کی جانب سے انہیں سول ایوارڈ دیے جائیں گے۔انہوںنے کہا کہ ان کے نام پاکستانی سفارت خانے، وزارت سیفران اور او پی ایف ملکر تجویز کریں گے، ہر سال 15 ایسے خواتین وحضرات جو اسٹیٹ بینک کے ذریعے ملک کو سب سے زیادہ فارن ایکسچینج بھیجیں گے ان کو سول ایوارڈز دیا کرے گی جب کہ میرپور میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کا قیام عمل میں لایاجائیگا۔

وزیراعظم کی قیادت میں معیشت کے استحکام ،معاشی و ڈھانچہ جاتی اصلاھات کاسفرجاری رہے گا، وزیرخزانہ

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداونگزیب نے کہاہے کہ فچ کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری ملکی معیشت اورپوری قوم کیلئے اہم خبرہے،وزیراعظم کی قیادت میں کلی معیشت کے استحکام اور معاشی و ڈھانچہ جاتی اصلاحات کاسفرجاری رہے گا، ہمارامطمع نظر بوم اینڈبسٹ سائیکل سے نکل کرجامع اورپائیداراقتصادی نموہے۔منگل کواپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں وزیر خزانہ نے کہاکہ افراط زرمیں 6دہائیوں کے بعد ریکارڈ کمی ہوئی ہے،وزیراعظم نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کردی ہے، کل ایک ماہ میں 4.1ارب ڈالر ریکارڈ ترسیلات زرکی ایک اوراچھی خبرآئی ہے،جاری مالی سال کے اختتام پرترسیلات زر کا حجم 38ارب ڈالرتک پہنچ جائے گا۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ کریڈٹ ریٹنگ کی بین الاقوامی ایجنسی فچ نے پاکستان کی ریٹنگ بہترکردی ہے،، فچ نے کہاہے کہ پاکستان کامعاشی پیش منظرمثبت اورمستحکم ہے،ریٹنگ ادارہ نے پاکستان کی ریٹنگ ٹرپل سی سے بی مائنس کردی ہے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ 2022میں جب پاکستان معاشی مشکلات کاشکارہوااس وقت ہماری ریٹنگ بی مائنس تھی اورہماری ریٹنگ ڈاون گریڈکرکے ٹرپل سی سی سی کردی گئی تھی،جولائی 2024میں پاکستان کی ریٹنگ ٹرپل سی پلس کردی گئی اس وقت یہ بات کہی گئی تھی کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ سٹینڈبائی پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل کیا ہے، اس کے بعدسے لے کراب تک پاکستان کے کلیدی معاشی اشاریوں میں مسلسل بہتری آرہی ہے اور پاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہاہے، اسی ایجنسی نے سوال اٹھایاتھا کہ کیاپاکستان کلی معیشت کے استحکام کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرسکتاہے اورکیا ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے عمل کومکمل کیاجاسکتاہے یانہیں۔وزیرخزانہ نے کہاکہ الحمدللہ پاکستان نے اپنی کارگردگی دکھائی ہے اورتمام پاکستانیوں کورپورٹ پڑھنی چاہئے، پاکستان نے مقداری اور ڈھانچہ جاتی بنچ مارک حاصل کئے ہیں، ریٹنگ ایجنسیاں عمومی پائیداریت کودیکھتی ہے، فچ کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری نہایت خوش آئندہے،ہم نے معاشی استحکام کے بنیادی منزل کوحاصل کرلیاہے اس سفرکواب آگے لے کرجاناہے،ہم نے ابھی رکنانہیں ہے،وزیراعظم کی قیادت میں ہم سب نے پاکستان میں اصلاحات کے ایجنڈاکوآگے بڑھانے کاسفرجاری رکھناہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری سے مقامی اورغیرملکی سرمایہ کاروں کے اعتمادمیں اضافہ ہوگا، پاکستان میں منرلز کانفرنس کامیاب رہی ہے،مختلف ممالک کے 300سے زیادہ مندوبین نے اس کانفرنس میں شرکت کی تھی، اس وقت سمندرپارپاکستانیوں کی کانفرنس جاری ہے،اس سے پائیداراقتصادی ترقی کے حوالہ سے ہمارے اعتمادکی بحالی کی عکاسی ہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارامطمع نظر بوم اینڈبسٹ سائیکل سے نکل کرجامع اورپائیداراقتصادی نموہے۔ وزیرخزانہ نے معاشی کامیابیوں کے سفرمیں حکومت کی معاشی ٹیم اورنجی شعبہ کے شراکت داروں کابھی شکریہ اداکیا اورکہاکہ وہ پوری قوم کواس اہم کامیابی پرمبارکبادپیش کرتے ہیں۔

درجہ حرارت میں اضافہ، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ، الرٹ جاری

پشاور (این این آئی)خیبرپختونخوا کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کے باعث گلیشیرز سے بننے والی جھیلوں (گلاف)کے پھٹنے کا خطرہ شدت اختیار کر گیا ہے،صورتحال کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے حساس اضلاع کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، سوات اور کوہستان کو حساس قرار دیتے ہوئے وہاں کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیش گوئی ہے جس کے باعث گلاف (گلیشئیل آٹبرٹس فلڈ)کے امکانات بڑھ گئے ہیں، جو کسی بھی وقت سیلابی صورتحال کا باعث بن سکتے ہیں۔پی ڈی ایم اے نے ہدایت دی ہے کہ حساس علاقوں کی مقامی آبادی کو فوری طور پر خبردار کیا جائے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی سروسز اور ریسکیو اہلکار ہمہ وقت الرٹ رہیں۔ ساتھ ہی تمام دستیاب وسائل اور ہنگامی سامان پہلے سے موجود رکھنے کی بھی تاکید کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔مراسلے میں سیاحوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے مکمل طور پر گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، خصوصا ان علاقوں میں جہاں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے امکانات زیادہ ہیں۔پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ زمینی صورتحال پر کڑی نظر رکھیں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت پیشگی انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ کیا جا سکے۔

وزیراعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونیوالی کمی کی رقم سے این 25 کو دو رویہ کرنے کا اعلان

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی کابینہ نے نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام بارے بل پارلیمنٹ بھیجنے ،پیٹرولیم پراڈکٹس آرڈیننس 1961ء میں ترمیم ،سسٹین ایبل انوسٹمنٹ سکوک فریم ورک کی منظوری دے دی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونیوالی کمی کی رقم سے بلوچستان کی اہم شاہراہ این 25 کو دو رویہ کرنے کا اعلان کردیا ۔جاری بیان کے مطابق منگل کو وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اعلان کیا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کو صارفین تک منتقل کرنے کی بجائے اس رقم کو بلوچستان کی سب اہم شاہراہ(این 25چمن، کوئٹہ،قلات،خضدار،کراچی شاہراہ)کو دو رویہ کرنے میں استعمال کیا جائے گا تاکہ بلوچستان کے عوام کو سفر کی بہترین سہولیات میسر آسکیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قومی شاہراہ کی بحالی موٹر وے کے معیار پر کی جائے۔ مزید برآں اسی بچت سے کچھی کینال کا فیز 2 بھی مکمل کرنے میں استعمال ہو گی جس سے صوبہ بلوچستان کی سینکڑوں ایکڑ زمین سیراب ہو گی اور صوبے سمیت پاکستان بھر میں خوشحالی آئے گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی جو خصوصی طور پر وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شریک تھے نے بلوچستان کے عوام کیلئے این 25کی بحالی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کیلئے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر پیٹرولیم پراڈکٹس (پیٹرولیم لیوی)آرڈیننس 1961ء میں ترمیم کی منظوری دے دی اس ترمیم میں قومی محصولات میں اضافہ ہو گا۔وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر حکومت کی ڈومیسٹک سیکیورٹیز جاری کرنے کے حوالے سے سسٹین ایبل انوسٹمینٹ سکوک فریم ورک کی منظوری دی، یہ فریم ورک مقامی طور پر پائیدار سرمایہ کاری کیلئے سکوک جاری کرنے کے حوالے مددگار ثابت ہو گا جس کے تحت پائیدار ماحولیات اور قابل تجدید توانائی کے حوالے سے منصوبوں کی فنڈنگ کی جا سکے گی۔ یہ فریم ورک پائیدار ترقیاتی اہداف ، نیشنلی ڈٹرمنڈ کانٹری بیوشنز 2021ء اور قومی ایڈیپٹیشن پلان 2023ء کی تکمیل میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ وفاقی کابینہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سفارش پر نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے بل کو پارلیمنٹ بھیجنے کی بھی منظوری دے دی ۔

9 مئی کو نیب کی تحویل میں تھا، سیاسی انتقام کے لیے مقدمات میں نامزد کیا گیا’ عمران خان

لاہور ( این این آئی) لاہور ہائی کورٹ میں جناح ہائوس حملہ سمیت 9مئی کے 8مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے موقف اپنایا ہے کہ 9 مئی 2023ء والے دن اسلام آباد میں نیب کی تحویل میں تھا، سیاسی انتقام کے لیے سازش کا الزام کا لگا مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل 2رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی جناح ہائوس حملہ سمیت نو مئی کے 8مقدمات میں ضمانتوں پر سماعت کی۔بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ایڈووکیٹ سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ میرے دلائل آخری تاریخ پر مکمل ہو چکی ہے۔سرکاری وکیل نے کہا کہ 9مئی کے ان تمام کیسز کا ریکارڈ سپریم کورٹ میں موجود ہے، بیرسٹر سلمان صفدر نے استدلال کیا کہ سپریم کورٹ میں ضمانت کی اخراج کی درخواستیں ہیں جب کہ لاہور ہائی کورٹ میں 8 کیسز میں ضمانتوں کے لیے، میرے علم کے مطابق کچھ ضمانت کی درخواستیں کل اور کچھ پرسوں کے لیے جا چکی ہیں۔بانی پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ 9مئی والے دن اسلام آباد میں نیب کی تحویل میں تھا، سیاسی انتقام کے لیے سازش کا الزام کا لگا مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائی کورٹ 8 مقدمات میں ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے۔عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 17اپریل تک ملتوی کردی، انسداد دہشتگری عدالت لاہور نے 27نومبر کو بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں خارج کی تھیں۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی 9مئی کے 21کیسز میں ضمانت منظور ہو چکی ہے۔بانی پی ٹی آئی کے خلاف 300سے زائد کیسز درج ہوئے ہیں، آج بھی ریکارڈ پیش نہ ہونے کی وجہ سے سماعت ملتوی ہوئی۔سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے درخواست ہے وہ بانی پی ٹی آئی کی اپیلوں پر فیصلہ کرے، بانی پی ٹی آئی کے خلاف پنجاب میں اب صرف 8کیسز ضمانت کے لیے رہ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تقریباً تمام کیسز میں بانء پی ٹی آئی کی ضمانت منظور ہو چکی ہے۔اسپیشل پراسیکیوٹرز کو کیسز میں اب دلائل دینا چاہیں، بہانے نہ کریں۔

حکومت نے بسنت پر عائد پابندی اٹھانے پر غور شروع کردیا

اسلام آباد(این این آئی)بسنت کے تہوار کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب کے شہریوں کیلئے اچھی خبر سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق حکومت بسنت کے تہوار پر سے پابندی ہٹانے کی تجویز پر غور کررہی ہے۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لندن میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ حکومت بسنت تہوارمنانے پرنظرثانی کررہی ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ حفاطتی اقدامات کے ساتھ بسنت کو منایا جانا چاہیے۔

غصے میں گھر کے دروازے و لاک توڑ دیتی ہوں، حرا مانی

کراچی (این این آئی)اداکارہ حرا مانی نے غصے پر قابو نہ پانے کا اعتراف کر لیا جس کے نتیجے میں وہ سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گئیں۔یوٹیوب شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ میں اتنا غصہ کرتی ہوں کہ گھر کے سارے دروازے توڑ دیتی ہوں، لاک ٹوٹے ہوئے ہوتے ہیں، یہ سب کچھ اس وقت ہوتا ہے جب میں فارغ ہوتی ہوں، اسی لیے مانی کہتا ہے کام کرتی رہو، تم کام کے بغیر عجیب ہو جاتی ہو۔اداکارہ کی اس گفتگو پر سوشل میڈیا پر سخت ردِعمل سامنے آیا ہے، صارفین نے ان کے رویے کو غیر ذمے دارانہ اور تشویش ناک قرار دیا ہے۔

عمران خان و بشری بی بی سے ملاقات کیلئے وکلا کی فہرست جیل حکام کو بھجوا دی گئی

راولپنڈی (این این آئی)اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان و اہلیہ بشری بی بی سے وکلاء اور فیملی کی ملاقات سے متعلق فہرست تیار کر کے جیل حکام کو بھجوادی گئی۔ترجمان نیاز اللہ نیازی کی جانب سے بھیجی گئی فہرست کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے بیرسٹر گوہر علی، سلمان اکرم راجا اور سلمان صفدر ملاقات کریں گے۔ذرائع کے مطابق ملاقات کرنیوالوں میں نیاز اللہ نیازی، نعیم پنجھوتھہ اور ظہیر عباس کا نام بھی شامل ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ سے بانی کی رہائی میں داد رسی کی امید نہیں رکھتا،شریفوں کے ہاتھ لمبے ہیں، شیر افضل مروت

اسلام آباد(این این آئی)رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی میں داد رسی کی امید نہیں رکھتا،پی ٹی آئی کے پاس کھانے کیلئے پیسے نہیں تو امریکا میں لابنگ کا پیسہ کہاں سے آیا؟۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ میں اوورسیز پاکستانیوں کے کنونشن میں گیا تھا، یہ وہ لوگ ہیں جو پاکستان کو پال رہے ہیں، سالانہ31ارب ڈالر پاکستان بھیجتے ہیں۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ پاکستانیوں کو چاہیے اوورسیز پاکستانیوں کی عزت کریں، یہ بیچارے یہاں پراپرٹی بناتے ہیں اور مقامی پاکستانی ان پر قبضہ کرلیتے ہیں۔انھوں نے کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔شیرافضل مروت نے کہاکہ ٹرمپ انتظامیہ سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی میں داد رسی کی امید نہیں رکھتا، میرا خیال ہے شریفوں کے ہاتھ بہت لمبے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کوئی اوورسیز پاکستانی بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی کوشش کرتا ہے تو ستائش کرتا ہوں،امریکا سے اپنے خرچے پر پاکستان آنا اور یہاں پر منتیں ترلے کرنا آسان بات نہیں، میرے خیال میں امریکا سے آئے وفد کو بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں دی جائیگی۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ اسٹبلشمنٹ پی ٹی آئی سے مذاکرات میں سنجیدہ نہیں،ان کا مقصد بانی پی ٹی آئی کو جیل کے اندر رکھنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پہلے ہمیں امید تھی 26ویں آئینی ترمیم نے عدالتوں کا بھی گلا گھونٹ دیا، پی ٹی آئی کے پاس کھانے کیلئے پیسے نہیں تو امریکا میں لابنگ کا پیسہ کہاں سے آیا؟۔رکن قومی اسمبلی نے کہاکہ بل ابھی پڑے ہوئے ہیں، پی ٹی آئی وکلا کے کروڑوں روپے کی نادہندہ ہے، بانی پی ٹی آئی کی سب سے بڑی غلطی یہ ہے کہ پاکستانیوں نے دو تہائی اکثریت کا مینڈیٹ دیا۔ انہوںنے کہاکہ جنید اکبر سمجھدار ہیں ہم نے سیاسی جدوجہد کرنی ہے تو انہیں چیلنج نہیں کرنا چاہیے، ایسے بیانات کہ بندوقوں کی نالیاں صاف کرکے تیاری کریں اس کا مقصد ہے ہم ان کو چیلنج کر رہے ہیں۔ شیر افضل مروت نے کہاکہ میرے ساتھ جنہوں نے فارورڈ بلاک بنانے کیلئے رابطہ کیا میں نے انہیں منع کردیا، میں نے کہا ہے کہ میں بانی پی ٹی آئی کا ساتھ نہیں چھوڑ سکتا، کسی ایسے فارورڈ بلاک کا حصہ نہیں بنوں گا جو پی ٹی آئی کی تقسیم کا باعث بنے۔

پی ٹی آئی والے 26نومبر کی ٹھکائی کے بعد اب اسلام آباد نہیں آئیں گے، طلال چوہدری

اسلام آباد(این این آئی)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے 26نومبر کی ٹھکائی کے بعد اب اسلام آباد نہیں آئیں گے۔نجی ٹی وی کودیئے گئے ایک انٹرویومیں طلال چوہدری نے کہاکہ کسی جماعت یا گروہ کو نظام حکومت معطل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیر مملکت نے کہاکہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کسی کی ذات کی وجہ سے نہیں رکتے، امریکا کے ساتھ تعلقات پہلے کی طرح مضبوط اور قائم و دائم ہیں، ٹرمپ انتظامیہ آنے کے بعد بھی کئی وفود پاکستان آچکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پہلے یہ فیصلہ تو کر لیں کہ پاؤں پڑنا ہے یا گریبان پکڑنا ہے، آپ تو پاؤں پڑے ہوئے ہیں کہ ہماری طرف منہ ہی کر کے کوئی دیکھ لے۔طلال چوہدری نے کہاکہ پاکستان میں کوئی این آر او نہیں ہوگا، کوئی ریاست بلیک میل نہیں ہوگی،9مئی یا 26نومبر کی طرح کسی کو ڈرامہ کرنے کا شوق ہے تو وہ کر کے دیکھ لے۔وزیر مملکت نے کہا کہ جو لوگ دہشت گردوں کو لے کر آئے تھے وہ آج بھی شرمندہ نہیں ہیں۔

ایک اور میثاق جمہوریت تک موجودہ صورتحال تبدیل نہیں ہوسکتی، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد(این این آئی)وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جب تک ایک اور میثاق جمہوریت نہیں ہوگا تب تک موجودہ صورتحال تبدیل نہیں ہوسکتی۔نجی ٹی وی کودیئے گئے ایک انٹرویو میں راناثناء اللہ نے کہاکہ پی ٹی آئی اپنے معاملات میں بری طرح الجھتی جارہی ہے اور جب تک یہ جماعت الجھی رہے گی پاکستانی سیاست کو بھی الجھائے رکھے گی، یہ جس راستے پر جانا چاہتے ہیں اس سے جمہوریت مضبوط نہیں ہوگی، یہ جس راستے پر جانا چاہتے ہیں اس سے ان کو کوئی منزل نہیں ملے گی۔مشیر وزیراعظم نے کہاکہ کہا جا رہا ہے ہم نے اپنے مسائل اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کر کے حل کرنے ہیں، یہ مسائل ایسے حل نہیں ہوں گے ، جب سیاسی قیادت سر جوڑے گی حل ہوں گے لیکن بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں میں نے اسٹیبلشمنٹ سے ہی بات کرنی ہے۔انہوںنے کہاکہ مذاکراتی کمیٹیز میں جو گفتگو ہوئی سب کو پتا ہے کہ وہاں سے کون چھوڑ کر بھاگا تھا؟ یہ لوگوں کے گھروں تک جا کر ذاتی طور پر زچ کرتے ہیں، عون عباس کو جس طرح گرفتار کیا گیا میں نے اس کی مذمت کی تھی۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جہاں سے راستہ تلاش کرنا چاہتے ہیں وہاں سے نہیں ملے گا، پی ٹی آئی دور میں ہر طرح کے مسائل موجودہ دور سے زیادہ تھے، اگر سیاسی مسائل بھی حل ہوں تو جو معاملات ایک سال میں حل ہوں ایک ماہ میں ہوں۔انہوںنے کہاکہ سیاسی جماعتوں میں تقاریر اور خطابات میں بڑی بڑی باتیں ہوجاتی ہیں، میرا یقین ہے جب تک سیاسی جماعتیں بیٹھ کر بات نہیں کریں گی اور ایک اور میثاق جمہوریت نہیں ہوگا تو موجودہ صورتحال تبدیل نہیں ہوسکتی۔

ہانیہ عامر کا عالیہ بھٹ کے انداز میں ڈانس مداحوں کو بھا گیا

ممبئی (این این آئی)مقبولیت میں بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ کو پیچھے چھوڑنے والی پاکستانی معروف و چلبلی اداکارہ ہانیہ عامر نے عالیہ بھٹ کا روپ دھار لیا۔خود کو پاکستانی عالیہ بھٹ کہلائے جانے پر خوش ہونے والی اداکارہ نے ساڑھی پہنے ان کی فلم راکی اور رانی کی پریم کہانی کے گانے تم کیا ملے پر رقص کر کے ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ڈمپل کوئین ہانیہ عامر نے اسٹوری شیئر کی ہے، جس نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔سوشل میڈیا پر متحرک رہنے والی شوخ و چنچل اداکارہ نے اپنی قریبی دوست اور مشہور گلوکارہ یاشال شاہد کے ساتھ اپنے گھر میں عالیہ بھٹ کی طرح ڈانس کیا۔قابلِ توجہ بات یہ ہے کہ انہوں نے عالیہ کے انداز میں لمبے پلو والی ساڑھی بھی زیب تن کی اور اپنی آواز میں تم کیا ملے بھی گنگنایا۔ویڈیو میں ہانیہ کی بہترین دوست و گلوکارہ یاشال شاہد بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتی دکھائی دیں۔