All posts by mshijazi

کسان ریڑھ کی ہڈی، خوشحالی ملک کی خوشحالی ہے، یوسف رضا گیلانی

حجرہ شاہ مقیم (این این آئی )قائم مقام صدر پاکستان اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کسان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اگر کسان خوشحال ہو گا تو ملک خودبخود ترقی کرے گا، اس لیے حکومت کو زراعت اور کاشتکاروں کے مسائل پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سجادہ نشین دربار حضرت شاہ مقیم سید اعجاز علی شاہ گیلانی کی وفات پر تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی سید رضا علی گیلانی، سجادہ نشین سید اسد علی گیلانی سمیت معززین بھی موجود تھے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وہ اپنے برادر ان لا سید اعجاز علی گیلانی کی وفات پر تعزیت کے لیے حجرہ آئے ہیں، کیونکہ اس سے قبل وہ سرکاری دورے پر جنوبی کوریا گئے ہوئے تھے۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی ایک کاشتکار ہیں، اور بطور وزیرِاعظم انہوں نے زراعت کے شعبے کو بھرپور ترجیح دی، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ اس دور میں چینی، کپاس اور گندم کی برآمد ممکن ہوئی، اسمگلنگ کا خاتمہ ہوا اور اجناس کی امدادی قیمتیں کسانوں کے فائدے میں بہتر کی گئیں۔سندھ میں نہری پانی کی تقسیم سے متعلق بلاول بھٹو کے حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ “بلاول بھٹو نے جو موقف اختیار کیا ہے وہ پاکستان پیپلز پارٹی کا اجتماعی فیصلہ ہے۔ حکومت سے علیحدگی کی بات بھی پارٹی کی متفقہ رائے کی بنیاد پر کی گئی ہے اور پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔”،انکی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔

ملک میں 20 سے زائد مقامات پر غیر ملکی فوڈ چینز کو نشانہ بنانا افسوسناک ،شیخوپورہ میں قیمتی جان کا ضیاع دلخراش واقعہ ہے، طلال چوہدری

اسلام آباد (این این آئی) وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں 20 سے زائد مقامات پر غیر ملکی فوڈ چینز کو نشانہ بنانا افسوسناک ہے، شیخوپورہ میں ایک قیمتی جان کا ضیاع انتہائی دلخراش واقعہ ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چودھری نے بتایا کہ وزیراعظم اور وزارت داخلہ نے تمام صوبوں کو شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ عالمی فوڈ چینز پاکستان میں 100ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کر چکی ہیں اور 100فیصد واجب الادا ٹیکس بھی ادا کرتی ہیں، جبکہ بدقسمتی سے مقامی ہوٹلز اور ریسٹورانٹس ٹیکس چوری میں ملوث پائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چاہے سی پیک ہو یا مائنز اینڈ منرلز، غیر ملکی سرمایہ کار ہمارے تاج کے قیمتی نگینے ہیں۔ ریکوڈک، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور سی پیک میں ہونے والی سرمایہ کاری ہمارا قومی فخر ہے۔طلال چوہدری نے واضح کیا کہ اگرچہ ہم فلسطین میں جاری سنگین ناانصافی کو تسلیم کرتے ہیں، تاہم فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے نام پر سرمایہ کاروں پر حملے قابلِ مذمت اور ناقابلِ جواز ہیں۔ بین الاقوامی قوانین کی پابندی کرنے اور روزگار فراہم کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ اس موقف کو واضح کرنے اور عوامی غلط فہمیاں دور کرنے کیلئے متعلقہ فتوے میڈیا سے شیئر کیے جا چکے ہیں۔ وزیر مملکت داخلہ نے خبردار کیا کہ سرمایہ کاروں پر حملہ کرنے والوں سے دہشت گردوں کی طرح نمٹا جائے گا، کیونکہ جب تک ایسے پرتشدد واقعات بند نہیں ہوں گے، پاکستان میں عالمی سرمایہ کاری ممکن نہیں ہو سکے گی۔

نواز ،شہباز شریف نے پیپلز پارٹی سے بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کی ہدایت کی ہے’ رانا ثنا اللہ

لاہور( این این آئی)وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ارسا ایکٹ کی موجودگی میں کسی سے ناانصافی نہیں ہو سکتی۔مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلز پارٹی سے بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کی ہدایت کی ہے، اکائیوں کے پانی سمیت وسائل کی منصفانہ تقسیم پر مکمل یقین رکھتے ہیں، پیپلز پارٹی وفاق کا حصہ ہے، آئینی عہدوں پر رہتے ہوئے بات زیادہ ذمہ داری سے کرنی چاہیے۔اپنے بیان میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہمیں پیپلز پارٹی کی قیادت کا بہت احترام ہے، 1991 میں صوبوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے اور 1992 کے ارسا ایکٹ کی موجودگی میں کسی سے ناانصافی نہیں ہو سکتی، کسی صوبے کا پانی دوسرے صوبے کے حصے میں نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس امر کو یقینی بنانے کے لیے ملک میں آئینی طریقہ کار اور قوانین موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پانی کے مسئلے پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، معاملات میز پر بیٹھ کر حل کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ اکائیوں کی مضبوطی کو وفاق کی مضبوطی سمجھتے ہیں، ماضی کی طرح اسی طرز عمل پر چلتے رہیں گے ، آئین و جمہوریت پر پختہ یقین رکھنے والی جماعت کے طور پر اکائیوں اور اس میں رہنے والے عوام کے حقوق کے تحفظ پر سمجھوتہ کیا نہ کریں گے۔ بات چیت اور مشاورت ہی ہر مسئلے کا حل ہے۔

اکشے نے سلمان سے متعلق جواب دیکر مداحوں کے دل جیت لیے

ممبئی (این این آئی)بالی وڈ اسٹار اکشے کمار نے سلمان خان کی فلم سکندر کے فلاپ ہونے پر حیران کن ردعمل کا اظہار کیا۔سلمان خان کی فلم سکندر عید الفطر پر ریلیز ہوئی تھی لیکن یہ فلم باکس آفس پر ناکام ہوگئی۔ 200کروڑ بجٹ میں بننے والی سکندر اب تک بھارت میں 128کروڑ کما سکی ہے۔سکندر کی ناکامی نے سلمان خان کو پریشان کیا ہے اور اب ایک بار پھر وہ فٹنس پر دھیان دینے لگے ہیں۔سکندر کے فلاپ ہونے پر اکشے کمار نے بھی ردعمل کا اظہار کیا اور دہلی میں اپنی فلم کیسری 2 کی تقریب میں سکندر سے متعلق سوال پر کہا کہ ایسا ہو نہیں سکتا ٹائیگر زندہ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔انہوں نے کہا کہ سلمان ایسی نسل کا ٹائیگر ہے جو زندگی میں کبھی مر نہیں سکتا، میرا دوست ہے اور میں ہمیشہ اس کے ساتھ ہوں۔خیال رہے کہ سلمان خان اور اکشے کمار اچھے دوست ہیں، دونوں نے ساتھ کئی فلمیں بھی کی ہیں۔

آئی پی ایل میں دوران میچ کھلاڑیوں کے بلے چیک ہونے لگے، روہت اور پانڈیا کے بلے چیک ہونے کی ویڈیو وائرل

ممبئی (این این آئی)انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران کھلاڑیوں کو بلوں کے سائز کا ناجائز فائدہ اٹھانے سے روکنے کے لیے میچز کے دوران ہی بیٹرز کے بیٹ چیک ہونے لگے۔آئی پی ایل میں امپائرز کی جانب سے متعدد کھلاڑیوں کے بلوں کے سائز چیک کیے جا چکے ہیں جبکہ بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما اور آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کے بلے چیک ہونے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہیں۔میچز کے دوران امپائرز کی جانب سے کھلاڑیوں کے بیٹ کے سائز چیک کیا جانا معمول کی عادت ہے تاہم عموماً ایسا ڈریسنگ روم میں ہوتا ہے تاہم اس بات آئی پی ایل کے سیزن کے دوران میچز کے دوران ہی امپائرز کی جانب سے کھلاڑیوں کے بیٹ چیک کیے جا رہے ہیں۔گزشتہ روز کھیلے گئے ایک میچ کے دوران فیلڈ امپائرز نتن میمن اور سدھرشن کمار کی جانب سے فل سالٹ، شمرون ہیٹمیئر، نتیش رانا اور ریان پراگ کے بلوں کے سائز چیک کیے گئے جبکہ امپائرز کرس گیفنی اور ونود شیشن کی جانب سے ممبئی انڈینز کے کپتان ہاردک پانڈیا کا بلا بھی چیک کیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہے۔اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کے بلے کا سائز چیک کیے جانے کی ویڈیو بھی وائرل ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روہت شرما جب بیٹنگ کے لیے گراؤنڈ کی جانب جا رہے ہیں تو امپائر ان کے پاس آتا ہے اور مخصوص گیج (آلے) کی مدد سے ان کے بلے کا سائز چیک کرتا ہے۔آئی پی ایل میں امپائرز کی جانب سے کھلاڑیوں کے بلوں کے سائز بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر چیک کیے جا رہے ہیں تاکہ بیٹرز بلوں کے سائز کا ناجائز فائدہ نہ اٹھا سکیں۔آئی سی سی کے قوانین کے مطابق بلے کی چوڑائی 4 اعشاریہ 25 انچ (10 اعشاریہ 79 سینٹی میٹر) سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے جبکہ بلے کے درمیان کی موٹائی 2 اعشاریہ 64 انچ تک ہونی چاہیے۔بلے کے کناروں کی موٹائی ایک اعشاریہ 56 انچ تک ہونی چاہیے جبکہ بلے کی لمبائی 38 انچ سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔خیال رہے کہ آئی پی ایل کے موجودہ سیزن کے 29 میچز میں اب تک 525 چھکے لگ چکے ہیں، سب سے زیادہ 31 چھکے ویسٹ انڈیز کے نکولس پورن لگا چکے ہیں۔

محمد عامر سے ہمیشہ اچھا مقابلہ رہتا ہے، سیم بلنگز

کراچی (این این آئی)لاہور قلندرز کے غیر ملکی کھلاڑی سیم بلنگز نے کہا ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر سے ہمیشہ اچھا مقابلہ رہتا ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے میچ کی شکست سے سبق سیکھا اور اپنے کھیل میں بہتری لائے، بطور بیٹنگ لائن ہم نے پارٹنر شپ کو اہمیت دی۔سیم بلنگز نے کہا کہ فخر زمان اور ڈیرل مچل نے زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، رشاد حسین نے بہت زبردست بولنگ کی، مڈل اوور میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کا ماحول ایک فیملی جیسا ہے، اردو کے الفاظ بولنا سیکھے ہیں، مقامی پلیئرز سے ہم آہنگی اچھی ہوتی ہے۔لاہور قلندرز کے غیر ملکی کھلاڑی نے کہا کہ پہلا پی ایس ایل ہی میرا پہلا فرنچائز ٹورنامنٹ تھا، پاکستان آ کر کھیلنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے، دنیا میں کسی کو شک نہیں کہ پاکستاں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔سیم بلنگز نے کہا کہ انگلینڈ، پاکستان اور دیگر ملکوں کی لیگز بھی بہترین ہیں۔

وزیراعظم سے مصطفی کمال کی ملاقات،قومی انسداد پولیو مہم کی مستقل نگرانی کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر صحت کو قومی انسداد پولیو مہم کی مستقل نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔بدھ کو وزیراعظم سے وفاقی وزیر نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن سید مصطفی کمال نے ملاقات کی۔وفاقی وزیر سید مصطفی کمال نے شعبہ صحت میں جاری منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو وفاق کے زیر انتظام ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج کیلئے مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ملاقات میں وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو قومی انسداد پولیو مہم کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے قومی انسداد پولیو مہم کی مستقل نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ جناح میڈیکل کمپلیکس کا منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ ملاقات میں اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس کے منصوبے کی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جو کچھ ہورہا ہے وہ عمران خان کو تنہا کرنے کیلئے ہورہا ہے، علیمہ خان

اسلام آباد(این این آئی)علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تین سو کیسز ہیں، انہیں اپنے وکلا اور ترجمان سے بھی ملنے نہیں دیا جارہا، جو کچھ ہورہا ہے وہ عمران خان کو تنہا کرنے کیلئے ہورہا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں سلمان اکرم راجہ کے ساتھ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ جو کچھ ہورہا ہے عمران خان کو تنہا کرنے کیلئے ہورہا ہے، عمران خان کو فیملی اور وکلاء سے نہیں ملنے دیا جارہا، ان کے خلاف تین سو کیسز ہیں، گزشتہ روز عمران خان کے کیسز لڑنے والے تین وکلاء کو اندر جانا تھا مگر عمران خان کے ترجمان نیاز اللہ نیازی کو بھی نہیں جانے دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وکلاء نے عمران خان سے ملاقات میں کیسز کے حوالے سے گفتگو کرکے ہدایت لینی ہوتی ہے، جیل عملہ دیگر افراد کو ملاقات کیلئے بھیج دیتا ہے، جیل عملہ غیر متعلقہ افراد کو ملاقات کیلئے بھیج کر عدالتی حکم پورا کرتا ہے، سلمان صفدر کیسز ڈسکس کرنا چاہ رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وکلاء جب ملنے گئے ہی نہیں تو کیسز آگے کیسے بڑھ گئے؟ ہم عدالتوں میں گھوم رہے ہیں رضاکارانہ طور پر جن کا کیسز سے تعلق نہیں وہ ملنے نہ جائیں، اْن لوگوں سے کہنا چاہوں گی وکلاء سے ملاقات نہ ہونے کی سازش کا حصہ نہ بنیں، ہم بھائی کے کسیز کو لے کر سنجیدہ ہیں، ہم نے سیاست نہیں کرنی ہم نے ٹی وی چینل پر نہیں بیٹھنا۔علیمہ خان نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی سے وکلاء کی ملاقات کے بعد جس کو ملنا ہے وہ م مل لے، پہلے وکلاء کو کیسز سے متعلق بات کرنی ہوتی ہے اور ترجمان کو عمران خان کا پیغام لانا ہوتا ہے مگر لوگ پانچ منٹ کی ملاقات کیلئے اندر جاتے ہیں اور باہر آکر تماشا لگادیتے ہیں، ہم ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کر رہے ہیں، گزشتہ روز ٹاک شوز میں ہمارے وکلاء کو ٹارگٹ کیا گیا، بیرسٹر گوہر کا نام بھی گزشتہ روز فہرست میں تھا۔

اسحق ڈار سے برطانیہ کی وزارت ہائوسنگ، کمیونٹیز اور لوکل گورنمنٹ میں پارلیمانی انڈر سیکرٹری لارڈ واجد خان کی ملاقات

اسلام آباد(این این آئی)نائب وزیراعظم اسحق ڈار سے برطانیہ کی وزارت ہائوسنگ، کمیونٹیز اور لوکل گورنمنٹ میں پارلیمانی انڈر سیکرٹری لارڈ واجد خان نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ دفتر خاجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم نے ایک مضبوط، وسیع البنیاد، کثیر جہتی پاکستان-برطانیہ شراکت داری کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور خیر سگالی تعلقات کو فروغ دینے میں برطانوی پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔ لارڈ واجد خان نے معاشی اصلاحات کیلئے حکومت کے عزم کو تسلیم کرتے ہوئے کہاکہ اس کے پاکستان کے معاشی استحکام پر حوصلہ افزا اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

قتل کی دھمکی کے بعد سلمان خان کا مبہم بیان سامنے آ گیا

ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ اداکار سلمان کو جان سے مارنے کی دھمکی کے کچھ ہی گھنٹے بعد ان کا مبہم بیان سامنے آ گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ممبئی ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن کے واٹس ایپ نمبر پر ایک بار پھر سلمان خان کے لیے دھمکی موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ سلمان خان کو ان کے گھر میں داخل ہونے کے بعد مار ڈالیں گے اور ان کی گاڑی کو بم سے اڑا دیں گے۔بعد ازاں ممبئی پولیس نے اس حوالے سے شکایت درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا۔اب اس موصول ہونے والی دھمکی کے بعد سلمان خان نے اپنی نئی تصویر اور پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔سلمان خان نے جِم کے ٹریننگ سیشن سے تصویر شیئر کر کے لکھا ہے کہ حوصلہ افزائی کے لیے آپ کا شکریہ۔سوشل میڈیا پر سلمان خان کی یہ نئی تصویر اور اس میں دکھائی دینے والی ان کی محنت اور فٹنس کو دیکھ کر مداح حیران رہ گئے جس کے بعد اس پر تعریف کرنے والوں کی لائن لگ گئی۔علاوہ ازیں کچھ مداحوں نے سلمان خان کی تصویر اور ان کے پیغام کو دھمکی دینے والوں سے بھی جوڑ دیا۔رپورٹس کے مطابق سلمان خان کی اس نئی پوسٹ اور اس میں لکھے گئے الفاظ نے مداحوں کو تجسس میں ڈال دیا ہے کہ اداکار نے یہ الفاظ کس کے لیے لکھے ہیں۔دوسری جانب مداح اس کو دھمکی دینے والوں کے لیے پیغام بھی قرار دے رہے ہیں تاہم ابھی تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ چیز سامنے نہیں آئی ہے۔

فواد خان کی بھارتی فلم کے پہلے گانے نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی

ممبئی (این این آئی)ہندوتوا کے غنڈوں کی دھمکیوں کو کسی خاطر میں نہ لاتے ہوئے پاکستانی اداکار فواد خان کی بھارتی فلم عبیر گلال میں وانی کپور کے ساتھ فلمایا گیا پہلا نغمہ خدایا عشق یوٹیوب پر ریلیز کردیا گیا۔فواد خان کی جس فلم کا ان کے بھارتی اور پاکستانی مداحوں کو بے چینی سے انتظار ہے اس کا پہلا نغمہ یوٹیوب پر ریلیز کردیا گیا۔فلم عبیر گلال کے گانے خدایا عشق کو ارجیت سنگھ اور شلپا راو نے گایا ہے جب کہ اس کی مدھر موسیقی امیت ترویدی نے ترتیب دی ہے۔گانے کے دل کو چھولینے والے الفاظ معروف نغمہ نگار کمار نے لکھے ہیں جب کہ اس کی عکس بندی برطانیہ میں ہوئی ہے۔گانے میں فواد خان اور وانی کپور کے درمیان رومانوی کیمسٹری سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلم جذباتی اور جاندار اداکاری سے سجی ہوگی۔یاد رہے کہ یہ فلم 9 مئی 2025 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی جس کی کہانی ایسے دو اجنبیوں کے گرد گھومتی ہے جنہیں قسمت نے ملادیا اور وہ غیر متوقع طور پر محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔فواد خان 9 سال بعد کسی بھارتی فلم میں نظر آئیں گے جس پر جہاں انھیں انتہاپسندوں کی جانب سے دھمکیاں ملیں تو وہیں بھارتی اداکاروں نے حمایت کا یقین دلایا ہے۔

اگر شعیب ملک کھیل رہے ہیں تو معین خان اور ویوین رچرڈز کو بھی کھیلنا چاہیے’باسط علی

کراچی (این این آئی) سابق کرکٹر باسط علی کا کہنا ہے کہ اگر شعیب ملک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے کھیل رہے ہیں تو پھر معین خان اور ویوین رچرڈز کو بھی کھیلنا چاہیے۔ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر باسط علی نے کہا کہ کوئٹہ کے کپتان سعود شکیل ہیں وہ میرے ساتھ رہ چکے ہیں جب انہیں کوئی بات غلط لگتی تو وہ بحث کرتے ہیں، شعیب ملک نے 15 گیندوں میں 14 رنز بنائے اور کوئی باؤنڈری نہیں لگائی۔انہوں نے کہا کہ شعیب ملک بہت بڑے پرفارمر ہیں اس میں کوئی شک نہیں یا تو اسپن وکٹ ہو تو ان کا کھیلنا بنتا ہے، ان کا نمبر 4 پر آنے کا کوئی فائدہ نہیں وہ بڑی ہٹ نہیں مار سکتے۔باسط علی نے کہا کہ آپ 219 رنز کا تعاقب کررہے ہیں تو بڑی ہٹ لگانی ہے، خواجہ نافع بیٹھے ہیں شعیب ملک کو نہیں کھیلنا چاہیے تھا اگر وہ کھیل رہے ہیں تو پھر معین خان اور ویوین رچرڈز کو بھی کھیلنا چاہیے۔سابق کرکٹر نے کہا کہ پھر سرفراز احمد کیوں نہیں کھیل رہے تو وہ ان سے زیادہ اچھے ہیں، میں جس سعود شکیل کو جانتا ہوں میرا نہیں خیال کے وہ اگلا میچ کھیلیں گے۔