All posts by mshijazi

آئندہ مالی سال پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر17ارب ڈالر سے زائد رہنے کا امکان ہے،آئی ایم ایف

اسلام آباد(این این آئی)آئی ایم ایف کی رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ رواں مالی سال میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 13ارب 92کروڑ 10لاکھ ڈالرز رہنے کا تخمینہ ہے جبکہ آئندہ مالی سال2025-26میں ذخائر 17ارب 68کروڑ 20 لاکھ ڈالرز رہنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کی اسٹاف کنٹری رپورٹ جاری کر دی۔رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو مقررہ حکومتی ہدف سے کم رہنے کا تخمینہ لگایا ہے۔آئی ایم ایف نے رپورٹ میں کہاہے کہ آئندہ مالی سال 2025-26کے دوران پاکستان کی معاشی شرح نمو میں اضافے ہو سکتا ہے جبکہ رواں مالی سال معاشی نمو 2.6 فیصد رہنے کی توقع ہے۔

بابراعظم کو لاہور قلندرز کے جارح مزاج بیٹر سیم بلنگز نے ٹرول کرنا شروع کردیا

لاہور(این این آئی)پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کو لاہور قلندرز کے جارح مزاج بیٹر سیم بلنگز نے ٹرول کرنا شروع کردیا۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنیوالے انگلش کرکٹر سیم بلنگز نے گزشتہ روز اپنی انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی، جس نے مداحوں کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔سیم بلنگز نے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں پی ایس ایل 2025 کی تیز ترین اور سُست ففٹیز کا ذکر کیا گیا تھا، جہاں بابراعظم نے مختصر ترین فارمیٹ میں 47 گیندوں پر نصف سنچری بنائی جبکہ انگلش کرکٹر نے محض 19 گیندوں میں سنگ میل عبور کیا۔لاہور قلندرز کے سیم بلنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔دوسری جانب بابراعظم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پشاور زلمی کیلئے ناپسندیدہ ریکارڈ درج کروایا تھا۔قبل ازیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بقیہ میچز کا آغاز 17 مئی سے ہوگا جبکہ ایونٹ کا فائنل 25 مئی کو لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔یاد رہے کہ بھارتی جارحیت کے باعث کھلاڑیوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے پی ایس ایل کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا تھا۔

پاکستان سے شکست، بھارتی میوزک کمپنی نے گانوں سے عاطف اسلم کا نام ہٹادیا

ممبئی (این این آئی)بھارتی میوزک کمپنی زی میوزک نے گانوں سے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا نام ہٹا دیا۔بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی تو ہوگئی لیکن بھارتیوں کو اپنی شکست ہضم نہیں ہورہی اور غصے سے بھرے بھارتی اب اپنی ہار کا بدلہ مختلف طریقوں سے لینے کی کوششیں کررہے ہیں۔بھارتی میوزک کمپنی زی میوزک نے اپنے یوٹیوب چینل پر موجود گانوں سے مشہور گلوکار عاطف اسلم کا نام ہٹا دیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ یوٹیوب پر موجود گانوں کی تفصیلات اور گانوں کے ٹائٹل سے بھی عاطف کا نام غائب کردیا گیا ہے البتہ گانوں میں عاطف اسلم کی آواز موجود ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں پہلے پاکستانی اداکاروں کے سوشل میڈیا اکائونٹس پر پابندی لگائی گئی تھی اور اب میوزک کمپنیوں نے بھی بھارتی فلموں کے البمز سے پاکستانی اداکاروں کی تصویریں ہٹانا شروع کردی ہیں۔

یوم تشکر ہماری قوم کی جرات، استقامت اور افواجِ پاکستان کی بے مثال قربانیوں کا اعتراف ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد(این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ یوم تشکر ہماری قوم کی جرات، استقامت اور افواجِ پاکستان کی بے مثال قربانیوں کا اعتراف ہے، مادر وطن کے دفاع کیلئے پوری قوم متحد ہے اور ہمارے جوان ہر محاذ پر سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جمعرات کو اپنے پیغام میں وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے لیکن اپنی خودمختاری، سالمیت اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دینا ہماری افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اور جذبہ شہادت کا عملی ثبوت ہے۔میں اس موقع پر پوری قوم، شہدا کے اہلخانہ، اور ان تمام اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ملک کے دفاع میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم ہر حال میں اپنے وطن عزیز کا دفاع کریں گے اور ہر میدان میں ترقی و استحکام کیلئے مل کر کام کریں گے۔

بیرنز نے پاکستان کی معاشی بحالی کو منی معجزہ قرار دیا ہے،احسن اقبال

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاہے کہ بیرنز نے پاکستان کی معاشی بحالی کو منی معجزہ قرار دیا ہے۔یہاں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ مختصر مدت میں پاکستان کی بڑی کامیابی پر معاشی تجزیہ کار حیران ہیں۔انہوںنے کہاکہ اڑان پاکستان پر عمل درآمد جاری ہے، ٹیم پاکستان بن کر ایسی ہی کامیابیاں حاصل کریں گے جیسی دفاعی میدان میں حاصل کیں۔احسن اقبال نے کہا کہ جنگ میں تعداد اور وسائل نہیں جذبہ اور صلاحیت ضروری ہے، ترسیلات میں ریکارڈ اضافہ جاری ہے، اس سال ترسیلات زر کو 38ارب تک پہنچائیں گے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ افراط زر 40فیصد سے 2فیصد پر آ گیا ہے، پالیسی ریٹ 23فیصد سے 11فیصد پر آ گیا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکنالوجی کی مدد سے برآمدات بڑھانے کے اقدامات کریں گے، پاکستانی معیشت بھرپور طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے۔

پاکستان ایک پرامن ملک ،کسی کیخلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا ،صدرزرداری

اسلام آباد(این این ا ئی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہاہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا ،ہم اپنے آبی حقوق کے تحفظ کیلئے قومی طاقت کے تمام ذرائع بروئے کار لائیں گے،مجھے خوشی ہے کہ دنیا نے پاکستان کے صبر و تحمل کا اعتراف کیا اور ہماری اس آپریشنل مہارت کو بھی تسلیم کیا ۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کا یوم تشکر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ آج ہم بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور یوم تشکر منا رہے ہیں، میں ربِ ذوالجلال کا شکر گزار ہوں کہ اس نے ہمیں اس نازک گھڑی میں فتح سے نوازا، میں اس کامیابی پر پاکستان کی مسلح افواج کے دلیر سپاہیوں اور پوری فوجی قیادت بالخصوص چیئرمین جائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ایئر اسٹاف اور چیف آف نیول اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ یہ کامیابی صرف پاکستان کی افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے، جو دشمن کی جارحیت کے خلاف بنیان مرصوص کی مانند کھڑے رہے۔صدرمملکت نے کہاکہ مجھے اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جنہوں نے بھارتی اشتعال انگیزی کا نہایت پیشہ ورانہ انداز، درستگی اور قوت کے ساتھ جواب دیا۔ انہوںنے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ دنیا نے پاکستان کے صبر و تحمل کا اعتراف کیا اور ہماری اس آپریشنل مہارت کو بھی تسلیم کیا جس نے دشمن کو اپنی جارحیت سے باز آنے پر مجبور کیا، ہم ثابت قدم اور متحد رہے، اور وقار کے ساتھ فتح یاب ہوئے۔صدرنے کہاکہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا تاہم، کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہئے کہ پاکستان اپنی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی مفادات پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، ہماری سرزمین کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ ہم اپنے خطے میں امن کے خواہاں ہیں،خطے میں امن اور استحکام کیلئے ہمارے عزم کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے،ہم سندھ طاس معاہدے کی کسی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ معاہدے میں یکطرفہ معطلی کی کوئی شق موجود نہیں،پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے قومی طاقت کے تمام ذرائع بروئے کار لائے گا۔صدرمملکت نے کہاکہ ہم اپنے ان بہادر سپاہیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطن عزیز کا دفاع کیا اور دشمن کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہے،ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ بطور صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان، میں آج یہ اعادہ کرتا ہوں کہ ہم ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، اور اپنی مادرِ وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے چٹان کی مانند ڈٹے رہیں گے،اللہ تعالی ہمارے وطن کو سلامت رکھے، آمین!پاکستان پائندہ باد!

وزیراعظم نے 6بھارتی جنگی طیارے مار گرانے کی تصدیق کر دی

راولپنڈی(این این آئی)وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی حالیہ کشیدگی کے دوران 6بھارتی جنگی طیارے مار گرانے کی تصدیق کر دی۔آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کامرہ میں پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس کا دورہ کیا۔دورے کے دوران وزیراعظم کو پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے پائلٹ، انجینئرز اور تکنیکی عملہ سے بات چیت کی اور ملکی دفاع کیلئے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور ثابت قدمی کی تعریف کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلااشتعال جارحیت کے جواب میں مسلح افواج نے مثالی تحمل کا مظاہرہ کیا اور پاک فضائیہ نے بھرپور جوابی کارروائی میں دشمن کے فوجی انفرااسٹرکچر کو فیصلہ کن دھچکا پہنچایا۔اس موقع پر وزیراعظم کی جانب سے 6اور 7مئی کی درمیانی شب چھٹے بھارتی میراج طیارے کو گرانے کی بھی تصدیق کی گئی۔پاک فضائیہ کی جانب سے گرائے گئے بھارتی جنگی جہازوں میں 3رافیل طیارے شامل ہیں جبکہ بھارت کا 1سخوئی 30، 1مگ 29اور 1میراج 2000طیارہ بھی گرایا گیا۔پاکستانی افواج کی جانب سے بھارت کے مجموعی طور پر 85ڈرون تباہ کئے گئے۔گرائے گئے ڈورنز میں بھارت کا 1ہیرون یواے وی اور 84کلرز ڈورن شامل ہیں۔

پاکستان وہ ملک ہے جہاں ہر مذہب کے لوگ سکون سے سانس لے سکتے ہیں، فہد مصطفی

لاہور(این این آئی)پاکستان شوبز کے اداکار اور ٹی وی میزبان فہد مصطفی نے حالیہ بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستان کے مثر دفاعی ردعمل کو سراہتے ہوئے پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔نجی ٹی وی چینل پر اپنے شو کے آغاز میں فہد مصطفی نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج مزہ ہی آگیا دل خوش ہوگیا، انہوں نے بھارت کو پیغام دیا کہ یہ وہ ملک ہے جس میں ہندو مسلمان سکھ عیسائی سب ایک ساتھ رہتے ہیں اور ان کی عزتیں ہمیشہ برقرار رہتی ہیں ایک دوسرے کو پیار اور عزت سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے بھارت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ وہ ملک نہیں ہے جہاں صرف ہندوتوا کا راج ہو بلکہ یہ وہ ملک ہے جہاں ہر بچہ سکون سے سانس لے سکتا ہے صرف اس لئے کیونکہ ہمارے دل ہمارے ذہن بہت کھلے ہوئے ہیں پاکستانی بہت بڑا دل رکھتے ہیں۔انہوں نے پاکستانی میڈیا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے بہت طریقے سے رپورٹنگ کی ہے اور تمیز کے دائرے میں رہتے ہوئے رپورٹنگ کی ہے۔ بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری میڈیا نے کوئی جھوٹ نہیں بولا وہی بتایا جو ہوا اور جو ہوا وہ بھارت کو محسوس ہوا۔انہوں نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دوبارہ نہیں کرنا بیٹا ورنہ اس بار نہ چھوڑیں گے فلم نہیں چل رہی ہے جب سچ میں ہوتا ہے تو ایسا ہوتا ہے تو اب انجوائے کرو اس کو۔فہد مصطفی نے مزید کہا کہا بھارت کو سمجھنا ہوگا کہ پاکستانی قوم اور افواج متحد ہیں، اور کسی بھی جارحیت پر خاموش نہیں رہیں گے۔ ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے اور صارفین کی جانب سے انہیں خوب سراہا جا رہا ہے۔

پاک بنگلا دیش ٹی 20 سیریز کے شیڈول میں ردوبدل

لاہور(این این آئی) پاکستان بنگلا دیش ٹی 20 سیریز کے شیڈول میں ردو بدل کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق پاک بنگلا دیش ٹی 20 سیریز 25 کے بجائے 27 مئی کو شروع کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاک بنگلا دیش ٹی 20 سیریز کا آخری میچ 3 جون کے بجائے 5 جون کو شیڈول کیا جا رہا ہے۔25 مئی کو پی ایس ایل فائنل کی وجہ سے پاک بنگلا دیش سیریز کا آغاز دو روز آگے کرنا پڑا، پی سی بی نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کو تاریخوں میں ردوبدل سے متعلق اعتماد میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی پاکستان بنگلا دیش ٹی 20 سیریز کا حتمی شیڈول جلد جاری کریگا، پاک بنگلا دیش ٹی ٹوئنٹی سیریز فیصل آباد اور لاہور میں شیڈول ہے۔واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان سپر لیگ اور بنگلا دیش سیریز کا شیڈول متاثر ہوا۔

آئی پی ایل کے ادھورے میچ کی کہانی، کون سا کھلاڑی میدان سے ننگے پیر بھاگا؟

دھرم شالہ (این این آئی)مودی کے جنگی جنون نے بھارت میں جاری آئی پی ایل کو بھی متاثر کیا مچل اسٹارک کی اہلیہ دھرم شاہ کے ادھورے میچ کی خوفناک کہانی سامنے لے آئیں۔مودی کا جنگی جنون پاکستان کے صرف چند گھنٹے کے آپریشن بنیان مرصوص کی مار ثابت ہوا۔ اس جنگی جنون نے بھارت میں جاری آئی پی ایل کو بھی متاثر کیا اور بی سی سی آئی کو اس کو ملتوی کرنا پڑا۔دھرم شالہ میں 9 مئی کی شب پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان کھیلا جا رہا میچ اچانک درمیان میں ختم کر کے اسٹیڈیم کو خالی کرا لیا گیا۔ بھارت کے اس اقدام سے جہاں بھارتی شائقین شدید بھونچکا وہیں غیر ملکی کرکٹرز میں سراسمیگی پھیل گئی۔اس رات کیا ہوا اس کی ساری خوفناک کہانی اور بھارتی نا اہلی کو آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی اہلیہ اور آسٹریلیا ویمنز ٹیم کی کپتان ایلسا ہیلی منظر عام پر لے آئیں جو اپنے شوہر کو سپورٹ کرنے کے لیے میچ میں موجود تھیں۔غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں الیسا ہلی نے بتایا کہ دھرما شالہ میں جو کچھ ہوا۔ اس سے کھلاڑیوں کو مکمل طور پر لاعلم رکھا گیا۔ میچ کے آغاز سے قبل سب کچھ ٹھیک لیکن اچانک درمیان میں میچ ختم کر کے اسٹیڈیم خالی کرا لیا گیا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس موقع پر اسٹیڈیم میں ہر جگہ افراتفری مچ گئی۔ فاف ڈوپلیسی کو جو میچ دیکھنے کے دوران جوتے بھی نہیں پہنے ہوئے تھے۔ انہیں ننگے پیر میدان سے بھاگنا پڑا۔الیسا نے کہا ہم اسٹیڈیم میں بیٹھے تھے۔ اچانک لائٹس بند ہوگئیں، اس کے بعد طرح طرح کی غیر مصدقہ اور ڈرانے والی خبریں ملتی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اس رات انتہائی خوفناک تجربہ ہوا۔انہوں نے آسٹریلوی کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ وہ بھارت جانے سے قبل حکومت کی ٹریول ایڈوائزری کو مدنظر رکھیں۔

محمد شامی بھی بھارتی میڈیا کی فیک نیوز پر برس پڑے

نئی دہلی (این این آئی)بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی بھی بھارتی میڈیا کی فیک نیوز پر برس پڑے۔محمد شامی نے بھارتی نیوز ویب سائٹ کی شائع کردہ فیک نیوز کا اسکرین شاٹ لیکر سوشل میڈیا پر پیغام جاری کردیا۔بھارتی صحافی نے روہت شرما اور ویرات کوہلی کے بعد محمد شامی کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی خبر دی تھی۔محمد شامی نے سوشل میڈیا پوسٹ پر بھارتی صحافی کو طنزیہ مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ‘بہت اچھے مہاراج، اپنی نوکری کے دن بھی گن لوکتنے دن رہ گئے، ہمارا بعد میں دیکھ لینا۔محمد شامی کا کہنا تھا کہ آپ جیسے لوگوں نے ہمارے مستقبل کا ستیاناس کیا ہوا ہے،کبھی تو اچھا بول لیا کرو۔محمد شامی نے مزید لکھا کہ معذرت کے ساتھ، یہ سب سے خراب اسٹوری ہے۔

سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے، عالمی بینک

اسلام آباد (این این آئی)عالمی بینک کے صدر نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اس معاہدے کو دونوں فریقین کی مرضی سے ختم یا اس میں ترمیم تو کی جا سکتی ہے مگر یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جاسکتا۔ سی این بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر عالمی بینک اجے بنگا نے میزبان کی جانب سے سندھ طاس معاہدے ( انڈس واٹر ٹریٹی ) کی معطلی کے بھارتی اقدام کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کیا گیا، بلکہ تکنیکی طور پر بھارتی حکومت نے اسے ‘ التوا میں’ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے میں معطلی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اس معاہدے کو ختم یا تبدیل تو کیا جاسکتا مگر اس کے لیے دونوں ممالک کا راضی ہونا ضروری ہے۔اجے بنگا نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے میں عالمی بینک کا کردار بنیادی طور پر سہولت کار کا ہے، اگر فریقین میں اختلاف ہو تو ہمارا کام فیصلہ کرنا نہیں ہے، بلکہ ان کے درمیان اختلافات کو دور کرنے کے لیے ایک غیر جانبدار ماہر یا ثالثی عدالت تلاش کرنے کے لیے ایک عمل سے گزرنا ہے۔صدر عالمی بینک نے کہا کہ ہمیں ان لوگوں کی فیس ایک ٹرسٹ فنڈ کے ذریعے ادا کرنی ہوتی ہے جو معاہدے کے وقت بینک میں قائم کیا گیا تھا، ہمارا کردار بس اتنا ہی ہے، اس سے آگے ہمارا کوئی کردار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے ابھی تک کسی بھی ملک سے سندھ طاس معاہدے ( کی معطلی ) سے متعلق کوئی اطلاع نہیں ملی ہے، میں جانتا ہوں کہ میڈیا میں اس بارے میں بہت قیاس آرائیاں ہیں کہ عالمی بینک بھارتی اقدام کا سدباب کرے گا یا نہیں، یا اس ( عالمی بینک ) سے رجوع کیا جائے گا یا نہیں، یہ سب فضول باتیں ہیں کیونکہ ہمارا ایسا کوئی کردار نہیں ہے۔اجے بنگا نے کہا کہ یہ معاہدہ دو خودمختار ممالک کے درمیان ہے اور انہیں فیصلہ کرنا ہے کہ کیا وہ اسے جاری رکھنا چاہتے ہیں، یہ ان کا فیصلہ ہوگا، یہ معاہدہ 60 سال سے چلا آرہا ہے، اگرچہ اس پر عمل درآمد کے سلسلے میں نشیب و فراز آتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس معاہدے میں عالمی بینک کا کردار وہی ہے جو معاہدے میں بیان کیا گیا ہے، نہ اس سے زیادہ اور نہ اس سے کم۔یاد رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان پر الزام تراشی کا آغاز کیا تھا جس کے بعد دونوں میں ملکوں میں سرد مہری کا شکار تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پاکستانی سفارتی عملے کو محدود کردیا تھا جبکہ بھارت میں موجود پاکستانی کے ویزے منسوخ کرتے ہوئے علاج کی غرض سے جانے والے بچوں سمیت تمام پاکستانیوں کو وطن واپس بھیج دیا تھا۔جواب میں پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کی غیرقانونی معطلی کو اعلان جنگ قرار دیتے ہوئے بھارتی سفارتی عملے کو محدود کرنے کے ساتھ سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتیوں کے ویزے منسوخ کردیے تھے، جبکہ بھارت کے ساتھ ہر قسم کی تجارت منسوخ کرتے ہوئے بھارتی پروازوں کے لیے فضائی حدود بند کردی تھی۔بعد ازاں بھارت نے 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب کوٹلی، بہاولپور، مریدکے، باغ اور مظفر آباد سمیت 6 مقامات پر میزائل حملے کیے جس کے نتیجے میں 26 شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے تھے، جس کے جواب میں پاکستان فوری دفاعی کارروائی کرتے ہوئے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے تھے۔بھارت نے 10 فروری کی رات پاکستان کی 3 ایئربیسز کو میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا جس کے بعد علی الصبح پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں’آپریشن بنیان مرصوص’ (آہنی دیوار) کا آغاز کیا تھا اور بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیسز اور کئی ایئرفیلڈز سمیت براہموس اسٹوریج سائٹ اور میزائل دفاعی نظام ایس 400 کے علاوہ متعدد اہداف کو تباہ کردیا تھا۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستان کے عوام اور مساجد کو جن ایئربیسز سے ٹارگٹ کیا گیا تھا، ان اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فجر کے وقت دشمن کے خلاف آپریشن ‘بنیان مرصوص’ کا ا?غاز کیا گیا اور بھارت پر فتح ون میزائل فائر کیے گئے تھے۔اسی طرح پاکستانی میزائلوں سے بیاس کے علاقے میں براہموس اسٹوریج سائٹ تباہ کردی گئی تھی، جبکہ پاک فوج نے پٹھان کوٹ میں ایئرفیلڈ کو بھی تباہ کردیا، راجوڑی اور نوشہرہ میں پاکستان میں دہشت گردی کروانے والے بھارتی ملٹری انٹیلی جنس کے تربیتی مراکز بھی تباہ کر دیے گئے تھے۔