All posts by mshijazi

ابھینندن یاد ہوگا، پاکستان بھارت کے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کی پوزیشن میں ہے،خواجہ آصف

اسلام آباد(انی این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ پاکستان بھارت کے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کی پوزیشن میں ہے، فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ابھینندن کی شکل میں دیا گیا جواب بھارت کو یاد ہوگا۔ایک ٹی وی انٹرویو میں خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ کلبھوشن جیسا ایک اور بندہ پاکستان نے ایران افغان سرحد پر پکڑا ہے،بلوچستان میں دہشت گردی کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں،بھارت کی سرپرستی میں بلوچستان میں دہشت گردی ہورہی ہے، جو کچھ جعفر ایکسپریس واقعے میں ہوا سب کو پتا ہے علیحدگی پسندوں کو بھارت نے پناہ دی ہے، بلوچستان کے علیحدگی پسند بھارت میں جاکر علاج کراتے ہیں، ٹی ٹی پی کی دہشت گردی کے تانے بانے بھی بھارت کیساتھ ملتے ہیں، اس کے کئی ثبوت ہیں۔وزیردفاع نے کہاکہ بھارت پہلگام واقعے پر دوسروں پر الزام دھرنے کے بجائے خود احتسابی کرے،تفتیش کر کے ذمہ داروں کو تلاش کرے، پاکستان پر الزام لگانا نامناسب بات ہے،یہ امکان بھی ہے کہ پہلگام حملہ خود بھارت کا ”فالس فلیگ آپریشن”ہو۔انہوںنے کہاکہ کوئی بھارت سے بھی تو پوچھے کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ لوگ مارے جا رہے ہیں تو وہاں کئی عشروں سے موجود سات لاکھ فوج کر کیا رہی ہے؟۔وزیر دفاع نے کہاکہ دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی ہو ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہے، پاکستان دہائی سے دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے، جو دہشت گردی کا شکار ہیں وہ کیسے دہشت گردی کو فروغ دیں گے، پاکستان کی افواج ہر جگہ دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہیں۔

لوگ ہمیشہ مجھے کہتے ہیں میں ماہرہ خان جیسی دکھتی ہوں، سنیتا مارشل

کراچی (این این آئی)پاکستان شوبز کی اداکارہ سنیتا مارشل نے کہاہے کہ لوگ اکثر مجھے کہتے ہیں کہ میرا چہرہ ماہرہ خان سے ملتا ہے۔نجی ٹی وی پروگرام میں میزبان اشنا شاہ نے سنیتا مارشل کی اداکارہ ماہرہ خان سے مشابہت پر سوال کیا۔جس پر سنیتا مارشل نے انکشاف کیا کہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ لوگ انہیں ماہرہ خان سے ملاتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ میں ماہرہ سے ملتی ہوں۔اشنا شاہ نے کہا کہ آپ کے ہونٹ ماہرہ خان سے ملتے ہیں جو خوبصورت ہیں۔ سنیتا نے کہاکہ میرے ہونٹ بڑے ہیں شائد اسی لئے ماہرہ جیسی لگتی ہوں۔

کترینہ کیف کی بہن ازابیل کیف نے بالی ووڈ میں انٹری، پہلی فلم کا ٹیزر ریلیز

ممبئی (این این آئی)بھارتی سپر سٹار، اداکارہ و ماڈل کترینہ کیف کی بہن ازابیل کیف نے پہلی بالی ووڈ فلم کا ٹیزر ریلیز کر دیا گیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق ازابیل کیف نے رومانوی مزاحیہ فلم سسواگتم خوش آمدید کے ذریعے بطور مرکزی اداکارہ فلمی دنیا میں انٹری دی ہے۔فلم میں ازابیل کیف کے ساتھ پلکت سمرات مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گے، ریلیز ہونے والا ٹیزر فلم کی ہنسی مذاق سے بھرپور اور محبت بھری کہانی کی جھلک پیش کرتا ہے۔فلم کی ہدایتکاری دھیرج کمار نے کی ہے اور کہانی ایک ایسی محبت کے گرد گھومتی ہے جو ثقافتی حدود کو عبور کرتی ہے، فلم میں مزاح، جذبات اور ایک خوبصورت سماجی پیغام کو دلکش انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ سسواگتم خوش آمدید کو 16مئی 2025ء کو سنیما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔پلکت سمرات نے فلم کا ٹیزر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ دو دل، دو ثقافتیں، ایک بے مثال محبت کی کہانی۔فلم کی کاسٹ میں پلکت سمرات اور ازابیل کیف کے علاوہ سہیل وید، پرینکا سنگھ، آنجہانی رتوراج سنگھ، میگھنا ملک اور ارون بالی بھی شامل ہیں۔

پاکستان سپر لیگ 10کے اگلے میچز (کل )سے لاہور قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے

لاہور ( این این آئی)کمشنر لاہور زید بن مقصود کی زیر صدارت کل (جمعرات )24اپریل سے لاہور قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ 10کے اگلے میچز کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر لاہور نے پی ایس ایل میچز کے حوالے سے پی سی بی، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ محکموں سے تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ لی۔ ضلعی انتظامیہ نے انتظامات بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قذافی سٹیڈیم میچز کے لئے ریسکیو 1122کیمپ، فیلڈ ہسپتال، کنٹرول رومز اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ سنٹرز قائم ہونگے، پی سی بی کنٹرول روم کے علاوہ خصوصی کنٹرول رومز بنیں گے، قزافی سٹیڈیم کے باہر 4پارکنگ سائٹس ہونگی، دو نشتر کمپلیکس میں ہونگی، لیپارک انتظامات کو یقینی بنائے گی، ریسکیو 1122کے اہلکار و ایل ڈبلیو ایم سی کے ورکرز پی ایس ایل میچز کیلئے ان سائیڈ و آئوٹ سائیڈ موجود ہونگے۔کمشنر لاہور نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ 10کے اگلے میچز 24اپریل سے لاہور قذافی اسٹیڈیم میں ہونگے، تمام متعلقہ محکمے شیڈول اور طریقہ کار کے مطابق پی ایس ایل میچز کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس ٹریفک فلو کو برقرار رکھنے کے لئے ٹریفک پلان ترتیب دے اور شہریوں کو ٹریفک پلان بارے رہنمائی دی جائے، ٹریفک پولیس سٹریٹیجی ترتیب دیں کہ ٹیمز کی موومنٹ کے دوران شہریوں کو آمدورفت میں کم سے کم مشکل کا سامنا ہو، کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ سٹیڈیم کے اندر اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور سٹینڈرڈز پر سخت چیک لگائیں۔کمشنر لاہور کی ہدایت پر بعد ازاں ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف نے بھی انتظامات کے حوالے سے تمام محکموں سے بریفنگ لی۔اجلاس میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122، پی سی بی افسران سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ایف بی آر کا پاکستان کسٹمز کے گریڈ 16سے اوپر کے افسران کو مالی انعامات دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (این این آئی)ایف بی آرنے پاکستان کسٹمز سروس کے گریڈ 17اور اس سے اوپر کے کیڈر افسران کو عہدے کے مطابق مالی انعامات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ایف بی آر نے کسٹمز ایکٹ 1969ء کی دفعہ 210اور دفعہ 20213ء کے تحت حاصل اختیارات کے تحت نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے ذریعے 26نومبر 2012ء کو جاری کردہ ایس آر او میں مزید ترمیم کی گئی ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ قواعد میں رول تین کے سب رول دو کے بعد ایک نیا سب رول تین شامل کیا گیا ہے جس کے تحت پاکستان کسٹمز سروس کے گریڈ 17اور اس سے اوپر کے کیڈر افسران کو مالی انعام دیا جائے گا۔یہ انعام کارکردگی مینجمنٹ اور ایف بی آر کے منظور شدہ ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت ان کی کارکردگی کی درجہ بندی کی بنیاد پر منظور کیا جائے گا، یہ اقدام محکمے کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے اور افسران کی حوصلہ افزائی کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

ملک، عوام کو اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کی ضرورت ہے، عمران خان

راولپنڈی (این این آئی) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ملک اور عوام کو اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کی ضرورت ہے،پی ٹی آئی کو کرش کرنے کیلئے ملک کو بنانا ریپبلک بنا دیا گیا، عدلیہ سمیت ہر ادارے کو تباہ کر دیا گیا ہے ۔بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے بتایاکہ 6وکلاء کے ناموں کی لسٹ دی گئی تھی، نعیم حیدر پنجھوتہ اور عثمان گل یہاں پہنچے ان کی ملاقات ہوئی ہے، میں نے کہا ہے میں باہر جاتا ہوں آپ نعیم پنجھوتہ کو ملاقات کیلئے بلا لیں، بانی کی صحت اچھی ہے، انہیں آگاہ کیا گیا کہ بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ بانی کو آگاہ کیا گیا کہ پارٹی رہنمائوں اور وکلا کو بھی روکا گیا ہے، لسٹ کے مطابق صرف 2بندے جیل تک پہنچ سکے، باقیوں کو روک لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا ہے کہ 26ویں ترمیم کے بعد جو ہو رہا ہے اس پرلیگل کمیٹی،پارٹی قیادت چیف جسٹس کو خط لکھے گی، عدالت میں ہمارے کیسز نہیں لگ رہے، بشری بی بی کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی امور پر عثمان گل اور فیصل ملک نے بانی کو بریفنگ دی ہے، ہماری بانی سے سیاسی امور پر بھی بات چیت ہوئی، باہر ہونے والی مختلف پیش رفت پر بھی انہیں آگاہ کیا ہے۔فیصل چوہدری نے بتایا کہ ہم ایک وقت میں 9، 9وکلا بھی بانی سے ملے، ملاقات بانی کی فیملی کا آئینی حق ہے،کیوں اجازت نہیں دیتے۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کی ضرورت ملک اور عوام کو ہے، پی ٹی آئی فیڈریشن کی جماعت جو پاکستان کو اکھٹا کر سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاسی رفقا سے ملاقات نہ کروانے، تین ہفتے قبل بچوں سے ملاقات ٹیلی فونک ملاقات کے حوالے سے بھی بات کی، عثمان گل نے بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا کہ توہین عدالت کی درخواست پر 28اپریل کو سماعت ہو گی۔مائنز اینڈ منرلز پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ وزیر اعلی کے پی اور سینئر لیڈر شپ آکر مجھے بریف کرے، بانی نے کہا ہے کہ مائنز اینڈ منرلز بل متنازع ہو چکا ہے، لہٰذا ضروری ہے کہ لوگوں کو اعتماد میں لیں، متنازع معاملات گڑ بڑ ہوں گے۔افغانستان سے متعلق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ انہوں نے تین سال لگا دیئے ہم نے پہلے کہا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے افغانستان سے بات چیت کرکے انہیں اس میں شامل کرنا پڑے گا۔عمران خان نے کہا کہ حکومت نے وقت کا ضیاع کیا جس سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، فوج کے جوان شہید ہوئے ان چیزوں کو مدنظر نہیں رکھا گیا، اس وقت بھی فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ نہیں آرہی۔عمران خان نے کہا کہ زرمبادلہ کے بغیر ملک میں ترقی نہیں ہو سکتی، انویسٹمنٹ تبھی آئے گی جب ملک میں قانون کی حکمرانی ہو گی۔فیصل چودھری نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو کرش کرنے کے لیے ملک کو بنانا ریپبلک بنا دیا گیا، چاہے عدلیہ ہو، ایف آئی اے یا پولیس ہر ادارے کو تباہ کر دیا گیا۔

اروشی روٹیلا کی مندر سے متعلق بیان پر وضاحت، قانونی کارروائی کی دھمکی

ممبئی (این این آئی)اپنے نام پر مندر بنائے جانے کے بیان پر اروشی روٹیلا تنازع کا شکار ہوگئیں جس پر اب اداکارہ کی وضاحت بھی سامنے آگئی۔بھارتی اداکارہ و رقاصہ اروشی روٹیلا حال ہی میں اس وقت تنازع کا شکار ہوگئیں جب انہوں نے یہ دعوی کیا کہ ریاست اتراکھنڈ میں بدری ناتھ مندر کے قریب ان کے نام پر ایک مندر قائم ہے۔ساتھ ہی انہوں نے جنوبی بھارت میں بھی اسی طرح کا مندر بنانے کی یہ کہتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ انہوں نے اس خطے میں کافی فلمیں کی ہیں۔اس بیان نے ایک تنازع کھڑا کردیا اور بدری ناتھ کے پنڈتوں اور مقامی افراد نے سخت ناراضی کا اظہار کیا۔تاہم اب اروشی روٹیلا کی ٹیم نے اس پورے معاملے پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ نے کبھی یہ دعوی نہیں کیا کہ وہ مندر ان کا ”اپنا”ہے یا انہوں نے اسے ملکیت کے طور پر پیش کیا۔بیان میں کہا گیا،اروشی روٹیلا نے صرف یہ کہا تھا کہ اتراکھنڈ میں ان کے نام پر ایک مندِر ہے، نہ کہ”اروشی روٹیلا کا مندِر”۔ لیکن لوگ مکمل بات سننے کے بجائے صرف اروشی اورمندرسن کر یہ فرض کر لیتے ہیں کہ لوگ ان کی پوجا کر رہے ہیں۔ براہِ کرم مکمل ویڈیو سنیں اور پھر رائے قائم کریں۔اروشی کی ٹیم نے واضح کیا کہ جو افراد ان کے بیانات کو غلط انداز میں پیش کر رہے ہیں، ان کے خلاف قانونی ایکشن لیا جا سکتا ہے۔ساتھ ہی انہوں نے معاشرے میں باہمی عزت اور شائستہ گفتگو کی اہمیت پر بھی زور دیا۔بیان کے آخر میں کہا گیا،یہ ضروری ہے کہ کسی بھی فرد پر بیبنیاد الزامات لگانے یا توہین آمیز تبصرے کرنے سے قبل حقائق کی مکمل تحقیق کی جائے۔ معاشرے میں سب کو عزت و احترام سے پیش آنا چاہیے تاکہ ہر فرد کے حقوق کا تحفظ ممکن ہو۔

انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کا دبئی میں ڈانس وائرل

دبئی (این این آئی)انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی دبئی میں ڈانس کرتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوگئی۔شوبز اور کھیلوں کی دنیا کے سب سے خوبصورت اور پسندیدہ جوڑوں میں سے ایک، انوشکا شرما اور ویرات کوہلی ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں، یہ جوڑا اپنی اسٹائلش عوامی تقریبات، دلکش پوسٹس اور خوشگوار چھٹیوں کے ذریعے مداحوں کے دل جیتتا رہتا ہے۔حال ہی میں انوشکا اور ویرات کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔رپورٹس کے مطابق یہ ویڈیو دبئی میں ایک شوٹ کے دوران بنائی گئی ہے، جس میں دونوں کو ایک گروپ آف ڈانسرز کے ساتھ رقص کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ویڈیو میں جہاں سب لوگ خوشی سے جھومتے دکھائی دے رہے ہیں، وہیں آرام دہ لباس میں ملبوس انوشکا اور ویرات نے سب کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی، دونوں کی کیمسٹری اور خوشگوار انداز نے ویڈیو کو مزید دلکش بنا دیا۔انوشکا شرما اور ویرات کوہلی ہمیشہ ایک دوسرے کی کامیابیوں کا جشن منانے میں پیش پیش رہتے ہیں۔یاد رہے کہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے دسمبر 2017ء میں اٹلی کے خوبصورت علاقے توسکانی میں شادی کی تھی، اس کے بعد ان کی زندگی میں مزید خوشیاں آئیں، جنوری 2021ء میں ان کی بیٹی وامیکا کی پیدائش ہوئی اور حال ہی میں فروری 2024ء میں ان کے بیٹے اکائے کی آمد ہوئی ہے۔واضح رہے کہ انوشکا شرما نے فی الحال شوبز سے کچھ فاصلہ اختیار کیا ہوا ہے، ان کی آخری جھلک نیٹ فلکس کی ایک فلم میں ایک مختصر کردار کے طور پر دیکھی گئی تھی۔

وزیراعظم سے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی ملاقات

لاہور(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں علی پرویز ملک نے آئندہ بجٹ کی تیاری میں توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات پر بریفنگ دی۔بتایاگیاکہ انٹیگریٹڈ گیس پلان کیلئے بین الاقوامی کنسلٹنٹ ووڈ میکنزی کی معاونت حاصل کی گئی ہے۔ملاقات میں وزارت خزانہ ، پیٹرولیم اور پلاننگ کمیشن کے ورکنگ گروپ کو حتمی شکل دینے کی تجاویز پر اتفاق کیاگیا۔

علامہ اقبال کا فلسفہ اورشاعری ہمیں ایک مثالی معاشرہ تعمیر کرنے کابتاتی ہے،وزیراعظم

اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی تعلیمات اور ان کے فلسفے کو اپناتے ہوئے معاشی خود انحصاری، تعلیمی انقلاب اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا، اقبال کا فلسفہ اور انکی شاعری ہمیں بتاتی ہے کہ ایک مثالی معاشرہ کیسے تعمیر کیا جا سکتا ہے، جہاں انصاف، محنت اور اخلاقیات کو فوقیت حاصل ہو، انہوں نے علم، عمل، یقینِ محکم اور خود اعتمادی پر زور دیا، جو آج بھی ہماری تمام مشکلات کا حل ہیں، نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اقبال کے پیغام کو سمجھیں، جدید علوم حاصل کریں اور ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔وزیراعظم شہباز شریف نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم وفات پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم پاکستان کے نظریاتی معمار، عظیم مفکر اور شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو ان کے یومِ وفات پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں،اقبال صرف ایک شاعر ہی نہیں بلکہ ایک ایسے اہل بصیرت رہنما تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کا تصور پیش کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ علامہ اقبال کے فلسفہ خودی اور ان کی شاعری نے نہ صرف تحریکِ پاکستان کو نظریاتی بنیاد فراہم کی بلکہ بر صغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کے اندر ایک نئی روح پھونک دی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ علامہ اقبال وہ پہلے مفکر تھے جنہوں نے 1930میں الہ آباد کے خطبے میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ مملکت کا واضح تصور پیش کیا، ان کا یہ نظریہ بعد میں قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں عملی شکل اختیار کر کے وطن عزیز پاکستان کی صورت میں شرمندہ تعبیر ہوا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اقبال نے مسلمانوں کو صرف سیاسی طور پر ہی نہیں بلکہ فکری اور روحانی طور پر بھی متحد کیا، اقبال نے بر صغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو اپنی جداگانہ تہذیب، ثقافت اور شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کا پیغام دیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج جب پاکستان کو سماجی تقسیم اور عالمی چیلنجز کا سامنا ہے، علامہ اقبال کی تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، علامہ محمد اقبال نے علم، عمل، یقین محکم اور خود اعتمادی پر زور دیا، جو آج بھی ہماری تمام مشکلات کا حل ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں ان کے فلسفے کو اپناتے ہوئے معاشی خود انحصاری، تعلیمی انقلاب اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا۔ شہباز شریف نے کہا کہ اقبال کا فلسفہ اور انکی شاعری ہمیں بتاتی ہے کہ ایک مثالی معاشرہ کیسے تعمیر کیا جا سکتا ہے، جہاں انصاف، محنت اور اخلاقیات کو فوقیت حاصل ہو۔وزیر اعظم نے کہا کہ علامہ اقبال نے ہمیشہ نوجوانوں کو قوم کا اصل سرمایہ قرار دیا۔ انہوں نے نسل نو کو شاہین سے تعبیر دیتے ہوئے جہد مسلسل، حصول علم اور اعلی اخلاقی اقدار اپنانے کی تلقین کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اقبال کے نزدیک نوجوان ہی وہ طاقت ہیں جو قوموں کو زوال سے نکال کر عروج پر پہنچا سکتے ہیں، آج کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اقبال کے پیغام کو سمجھیں، جدید علوم حاصل کریں اور ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہی وہ پیغام ہے جو ہمارے نوجوانوں کو ہر میدان میں کامیابی کی طرف لے جا سکتا ہے، ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اقبال کے خوابوں کو حقیقت بنائیں، ہمیں اپنے اندر خودی کو جگا کر علم و ہنر سے آراستہ ہو کر اور قومی یکجہتی کو مضبوط کر کے پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانا ہے،ہمیں اپنے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکیں۔انہوںنے کہاکہ آئیے اقبال کے یومِ وفات پر ہم عہد کریں کہ ہم اقبال کے نظریات کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں اپنائیں گے اور ایک مضبوط، خودمختار اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کریں گے،پاکستان پائندہ باد۔

شاہ رخ کی فلم کنگ کی کاسٹ میں ارشد وارثی شامل

ممبئی(این این آئی)بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی فلم کنگ کی کاسٹ میں ارشد وارثی شامل ہوگئے ۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 56سالہ ارشد وارثی اور شاہ رخ خان کافی عرصے سے دوست ہیں لیکن فلم انڈسٹری میں پہلا موقع ہے دونوں ایک فلم میں یکجا ہوئے ہیں۔میڈیا رپورٹ میں کہا گیاکہ ارشد وارثی کو کنگ فلم میں کاسٹ کیا گیا ہے، ان کا کردار اہم ہے لیکن اس کی تفصیل تاحال خفیہ رکھی گئی ہیں،اس سے قبل 2005 میں شاہ رخ خان نے ارشد وارثی کی فلم کچھ میٹھا ہوجائے میں مہمان کردار نبھایا تھا ۔بالی ووڈ بادشاہ کی فلم کنگ گزشتہ سال اپنے اعلان سے خبروں کی زینت بن رہی ہے، بھارت کے ساتھ دنیا بھر میں مداح اس کے منتظر ہیں۔فلم کی کاسٹ میں شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی صاحبزادی سہانا خان بھی ہیں،او ٹی ٹی پر دی آرچز سے اپنا ڈیبیو کرنے والے اداکارہ کی کنگ پہلی فلم ہے۔کنگ کے ہدایت کار سدھارتھ آنند ہیں، جنہوں شاہ رخ خان کی فلم پٹھان بھی بنائی تھی، فلم میں ابھیشیک بچن اور ابھے ورما بھی شامل ہیں۔

ناصر چنیوٹی کی ہانیہ عامر کے بھارتی پنجابی فلم سردار جی 3میں اہم کردار نبھا نے کی تصدیق

لاہور(این این آئی)پاکستانی اداکار ناصر چنیوٹی نے ہانیہ عامر کے بھارتی پنجابی فلم سردار جی 3میں اہم کردار نبھا نے کی تصدیق کردی۔پاکستانی اداکار ناصر چنیوٹی نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سردار جی 3میں میرے ساتھ پاکستان کی سپر اسٹار ہانیہ عامر بھی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہانیہ کسی سائیڈ رول میں نہیں بلکہ فلم کے اہم کردار میں نظر آئیں گی۔ناصر چنیوٹی نے بتایا کہ ہیرئن کا بھی کبھی کوئی سائیڈ رول ہوتا ہے؟ میں اس بارے میں زیادہ نہیں بتا سکتا لیکن ہانیہ عامر باکمال اداکارہ ہیں، انہوں نے بہت اچھا کام کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ فلم دیکھنے والوں کیلئے یہ سرپرائز ہو گا کہ ہانیہ پنجابی بولیں گی،سب یہی کہیں گے کہ اتنی اچھی پنجابی بولتی ہیں، انہوں نے پنجابی میں اداکاری کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔