All posts by mshijazi

(کل )کی ہڑتال اسرائیل، بھارت اور امریکہ پر مشتمل مثلث کے خلاف ہے’حافظ نعیم الرحمن

لاہور ( این این آئی) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کل (ہفتہ ) 26اپریل کی ہڑتال اسرائیل، بھارت اور امریکہ پر مشتمل مثلث کے خلاف ہے، قوم متحد ہو کر پیغام دے کہ وہ ان تینوں سے نفرت کرتی ہے اور اہل غزہ کے ساتھ ہے، شیطانی ٹرائی اینگل پوری دنیا میں بدامنی کا سبب ہے۔پشاور میں آل تاجران غزہ یکجہتی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کر کے آبی جارحیت کی، پاکستان عالمی عدالت سے رجوع کرے، معاہدہ کے آرٹیکل 12کے مطابق ایک ملک اسے ختم نہیں کر سکتا، عالمی برادری مودی حکومت کے یکطرفہ اقدام کا نوٹس لے، ہندوتوا سرکار مسلمانوں، دلتوں، عیسائیوں سمیت بھارت میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے خلاف ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ بھارت کے خلاف پوری قوم کو متحد کرے، پہلے سے ایکسپوز مودی کو دنیا کے سامنے مزید ایکسپوز کیا جائے۔ امیر جماعت اسلامی کے پی عبدالواسع، امیر پشاور بحراللہ خان، صدر پاکستان بزنس فورم کاشف چودھری، صدر سرحد چیمبر آف کامرس فضل مقیم اور تاجروں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔امیر جماعت نے کہا کہ 26اپریل کو پہیہ جام کے لیے ٹرانسپورٹر سے بھی رابطے کررہے ہیں، ملک بھر میں شٹرڈائون کے ساتھ پہیہ جام بھی ہو گیا تو دنیا کو مزید واضح پیغام جائے گا، تاجروں سے اپیل کرتا ہوں کہ مکمل یکسوئی سے ہڑتال کریں، پوری دنیا کو پتا لگنا چاہیے کہ ہم فلسطین کے ساتھ ہیں۔ اسرائیل گزشتہ ڈیڑھ برس سے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، حماس نے اسے 7اکتوبر کو شکست دے دی، صہیونی افواج اب بچوں، خواتین اور سویلین کو نشانہ بنا رہے ہیں، ہماری بدقسمتی کہ 57اسلامی ممالک کا حکمران طبقہ اس ظلم پر خاموش ہے، مسلم حکمران امریکا کی جانب للچائی نظروں سے دیکھ رہے ہیں، انھیں صرف اپنا اقتدار عزیز ہے۔ انھوں نے کہا کہ حماس نے پوری انسانیت کو مزاحمت کا درس دیا، امت میں قبلہ اول اورمسجد اقصیٰ کے تحفظ کے لیے موجودہ بیداری کا کریڈٹ بھی حماس کے مجاہدین اور اہل غزہ کو جاتا ہے، ابراہیم معاہدہ کے ذریعے اسرائیل کی بالادستی کے قیام کی امریکی سازش حماس کے مجاہدین نے ناکام بنا دی، صہیونی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے پاکستان، سعودی عرب، انڈونیشیا سمیت دیگر ممالک پر دبائو تھا، اب کوئی ایسا سوچ بھی نہیں سکتا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں ہمیں بحیثیت قوم اہل غزہ کے لیے وہ سب کچھ کرنا چاہیے جو ہم کر سکتے ہیں۔ اسرائیل کو فائدہ کو پہنچانے والی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے، حکمرانوں پر پریشر بڑھایا جائے، قوم کو اپنی صفوں میں موجود اسرائیل کے حامیوں کو ایکسپوز کرنا ہو گا۔ جہاد کے فتویٰ اور اسرائیل کے معاشی بائیکاٹ کا مذاق اڑانے والے امریکی اور صہیونی ایجنٹ ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران بھارت کے سامنے بزدلی کا مظاہرہ نہ کریں، مقبوضہ کشمیر میں دس لاکھ قابض افواج موجود ہیں، پہلگام واقعہ مودی سرکار کی سازش ہے تاکہ ریاستی الیکشن میں ہونے والی بدترین شکست کا بدلہ لینے کے لیے کشمیریوں پر مزید ظلم کرنے کا بہانہ تراشہ جائے، نئی دہلی مقبوضہ وادی میں وہی کرنا چاہتا ہے جو اسرائیل فلسطین میں کر رہا ہے، یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے فالس فلیگ آپریشن کیا، اس سے قبل بھی اس طرح کے ڈرامے رچائے گئے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام اپوزیشن پارٹیوں سے رابطے کرے، سیاسی ورکرز اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر بھارت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں۔ بانی جماعت اسلامی سید مودودی نے ایوب خان کی بھرپور مخالفت کی تاہم 1965ء کی جنگ کے موقع پر انھوں نے حکومت کی غیرمشروط حمایت کا اعلان کیا تھا، جماعت اسلامی ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

بھارتی حکومت نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سے پاکستان کو باضابطہ آگاہ کر دیا، ذرائع

نئی دہلی/اسلام آباد(این این آئی)بھارتی حکومت نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سے پاکستان کو باضابطہ آگاہ کر دیا، بھارتی سیکریٹری آبی وسائل نے پاکستانی ہم منصب کو خط کے ذریعے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اطلاق فوری طور پر ہوگا۔دوسری جانب پاکستان نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا بھارتی اعلان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پانی کے بہاؤ کو روکنے کی کوشش جنگ سمجھی جائے گی، پوری قومی قوت سے جواب دیا جائے گا۔

اداکارہ کاجول نے فلم میں شاہ رخ خان کی بہن بننے سے انکار کر دیا تھا

ممبئی (این این آئی)بالی وڈ فلموں میں جہاں اداکارائوں کو عموما رومانوی اور دلکش کردار دیے جاتے ہیں، وہیں بعض اوقات انہیں روایتی تصور سے ہٹ کر کرداروں کی پیشکش بھی ہوتی ہے۔لیکن اکثر دیکھا گیا ہے کہ معروف اداکارائیں ایسی آفرز قبول کرنے سے گریز کرتی ہیں، خاص طور پر جب انہیں کسی بڑے ہیرو کی بہن کا کردار ادا کرنے کو کہا جائے۔ایسا ہی ایک دلچسپ واقعہ سن 2000میں ریلیز ہونے والی فلم”جوش”کے دوران سامنے آیا، جب ہدایتکار منصور خان نے ایک مشہور اداکارہ کو شاہ رخ خان کی جڑواں بہن کا کردار آفر کیا اور ان کا ردعمل سب کو حیران کر گیا۔فلمساز منصور خان، جو قیامت سے قیامت تک اور جو جیتا وہی سکندر جیسی کلاسک فلموں کے لیے جانے جاتے ہیں، نے حالیہ انٹرویو میں اپنی 2000کی فلم جوش کے حوالے سے کچھ دلچسپ انکشافات کیے ۔ اس فلم میں شاہ رخ خان اور ایشوریا رائے نے جڑواں بہن بھائی کا کردار ادا کیا تھا، لیکن ابتدا میں فلم کی کاسٹ بالکل مختلف ہونی تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جوش فلم کے ہدایتکار منصور خان نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے فلم میں شاہ رخ خان کی جڑواں بہن کا کردار پہلے کاجول کو آفر کیا تھا۔منصور خان نے بتایا کہ میں نے جیسے ہی کاجول کو شاہ رخ کی بہن کے کردار کی تفصیل سنائی تو کاجول نہ صرف حیران ہوئیں بلکہ فلم کی آفر پر شدید ردعمل بھی دیا۔ ہدایتکار منصور کے مطابق کاجول نے اسکرپٹ سننے کے بعد کہا کہ وہ یہ فلم بالکل نہیں کریں گی کیونکہ وہ میکس یعنی شاہ رخ کے کردار کو ادا کرنا چاہتی تھیں، جو فلم کا سب سے زیادہ دلکش رول تھا۔ نہ کہ شاہ رخ کی بہن کاکردار کریں۔اس انکار کے بعد منصور نے جب ایشوریا رائے سے رابطہ کیا تو انہوں نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے بہن کا کردار قبول کر لیا۔ ہدایتکار منصور خان کا کہنا ہے کہ ایشوریا نے اسکرپٹ کو کہانی کے طور پر دیکھا، کسی رول کی بڑی یا چھوٹی حیثیت پر بات نہیں کی۔ وہ بہت پروفیشنل تھیں اور میرے نزدیک ”جوش”میں ایشوریا کی پرفارمنس ان کی بہترین پرفارمنسز میں سے ایک تھی۔یاد رہے کہ کاجول اس سے قبل دل والے دلہنیا لے جائیں گے اور کچھ کچھ ہوتا ہے جیسی مشہور فلموں میں شاہ رخ کی ہیروئن بنی تھیں اور دونوں کی جوڑی کا شمار بالی وڈ کی مشہور جوڑیوں میں ہوتا ہے۔

بابر دوبارہ فارم کو بحال کرنے کے لیے اپنے فطری انداز میں کھیلیں’عمرااکمل

کراچی (این این آئی)ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل ایک مرتبہ بابر اعظم کی حمایت میں سامنے آگئے۔پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر عمر اکمل نے بابر کی حالیہ فارم پر بڑھتی ہوئی تنقید پر بات کی اور زور دیا کہ بابر دوبارہ فارم کو بحال کرنے کے لیے اپنے فطری انداز میں کھیلیں۔اپنے یوٹیوب چینل پر عمر اکمل نے بابر کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور مداحوں، ناقدین کو صبر کی تلقین کی۔عمر اکمل نے اسٹار بیٹر کو مشورہ دیا کہ وہ بڑھتے ہوئے دباؤ اور تنقید کے درمیان اپنے فطری انداز کے کھیل میں واپس آجائیں۔انہوں نے کہا کہ بابر ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے لیکن وہ اب بھی پاکستان کا بہترین بلے باز ہے، میری بابر اعظم سے درخواست ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کو بھول کر صرف اپنی کرکٹ پر توجہ دیں۔ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ بابر سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں اور وہ نوجوان کرکٹرز کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔عمر اکمل کا کہنا ہے کہ اگر بابر اعظم اپنے نیچرل گیم کی طرح کھیلتا ہے تو رنز آئیں گے اور پھر وہ تیز رفتاری سے اننگز کھیل کر ٹی 20 اسکواڈ میں جگہ بنالے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کنگز کے خلاف بابر اعظم نے 46 رنز بنائے تھے اس سے قبل وہ تین میچوں میں صفر، 1 اور 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

فیصل رحمن نے فیصل قریشی کو ورسٹائل اداکار ، عدنان صدیقی کو بہترین ماڈل قرار دے دیا

کراچی (این این آئی)فیصل رحمن نے فیصل قریشی کو ورسٹائل اداکار ، عدنان صدیقی کو بہترین ماڈل قرار دے دیا۔ایک انٹرویو میں فیصل رحمن نے کہا کہ دانش تیمور میں فلمی صلاحیت موجود ہے لیکن انہیں ایک زبردست سکرپٹ اور ہنر مند ہدایتکار کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی پوری صلاحیت دکھا سکیں۔انہوں نے کہاکہ ہمایوں سعید چونکہ خود پروڈیوسر بھی ہیں، اس لئے وہ فلمیں کر سکتے ہیں اور ان کیلئے مواقع موجود ہیں۔عمران عباس سے متعلق فیصل رحمن نے کہا کہ وہ بھی فلمی میٹریل ہیں، لیکن انہیں چاہئے بالوں کو چہرے سے ہٹا کر رکھیں تاکہ ان کا چہرہ زیادہ نمایاں ہو۔فہد مصطفی کے بارے میں ان کی رائے کچھ یوں تھی کہ وہ ایک ہمہ جہت فنکار ہیں، صرف اداکار نہیں اور یہی ان کی خوبی ہے، تاہم فیصل نے وضاحت کی کہ وہ روایتی فلمی مٹیریل نہیں ہیں، مگر ان کی شخصیت ایسی ہے جو لوگوں کو پسند آتی ہے۔فیصل رحمان نے فیصل قریشی کو ورسٹائل اداکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان جیسا آل رائونڈر کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔احسن خان کے بارے میں انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ ان کے کام سے زیادہ واقف نہیں ہیں، جبکہ نعمان اعجاز کو پہلے تو وہ پہچان ہی نہیں سکے اور بعد میں بھی ان کے کام کو یاد کرنے میں مشکل پیش آئی۔آخر میں عدنان صدیقی کے بارے میں فیصل رحمن نے کہا کہ وہ ایک بہترین ماڈل ہیں، لیکن بطور اداکار انہیں بہت زیادہ متاثر نہیں کر سکے۔

آج عدالتی آرڈر کی توہین ہو رہی ہے کل ہر ادارے کی توہین ہوگی، علیمہ خان

اسلام آباد (این این آئی)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ اگر آج عدالت کی اس طرح توہین ہو رہی ہے تو کل پھر ہر چیز اور ہر ادارے کی توہین ہوگی، جب جج اور جج کے آرڈر کی توہین ہوگی تو پھر ہمیں انصاف نہیں ملے گا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں چیف جسٹس سے بات کرنا چاہتی تھی جج صاحب پہلے کی طرح اٹھ گئے تھے لیکن نیاز اللہ نیازی صاحب نے بات کی، کل ہماری پٹیشن لگے گی تو میں چیف صاحب سے بات کروں گی، چیف جسٹس ہمیں انصاف دلا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بہت خوف ہے اور عدالتی حکامات پر بالکل بھی عمل نہیں ہو رہا، اگر آج اسی طرح توہین ہو رہی ہے تو کل پھر ہر چیز اور ہر ادارے کی توہین ہوگی، جب جج اور جج کے آرڈر کی توہین ہوگی تو پھر ہمیں انصاف نہیں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ جب عدالت کے آرڈر کی توہین ہوگی تو پھر کسی پاکستانی کو انصاف نہیں ملے گا اسی لیے ہم محروم بیٹھے ہیں توہین عدالت کی سزا ہے کہ چھ ماہ کے لیے جیل جانا پڑتا ہے۔

وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس (آج) طلب کرلیا

اسلام آباد (این این آئی ) وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی اقدامات پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس (آج) جمعرات کو طلب کرلیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ بھارتی اقدامات پر وزیراعظم شہباز شریف قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس (آج) جمعرات کو طلب کرلیا ہے ،اجلاس میں اعلی حکومتی و عسکری قیادت اجلاس میں شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں بھارتی اقدامات کے خاطر خواہ جواب کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ابھینندن یاد ہوگا، پاکستان بھارت کے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کی پوزیشن میں ہے،خواجہ آصف

اسلام آباد(انی این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ پاکستان بھارت کے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کی پوزیشن میں ہے، فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ابھینندن کی شکل میں دیا گیا جواب بھارت کو یاد ہوگا۔ایک ٹی وی انٹرویو میں خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ کلبھوشن جیسا ایک اور بندہ پاکستان نے ایران افغان سرحد پر پکڑا ہے،بلوچستان میں دہشت گردی کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں،بھارت کی سرپرستی میں بلوچستان میں دہشت گردی ہورہی ہے، جو کچھ جعفر ایکسپریس واقعے میں ہوا سب کو پتا ہے علیحدگی پسندوں کو بھارت نے پناہ دی ہے، بلوچستان کے علیحدگی پسند بھارت میں جاکر علاج کراتے ہیں، ٹی ٹی پی کی دہشت گردی کے تانے بانے بھی بھارت کیساتھ ملتے ہیں، اس کے کئی ثبوت ہیں۔وزیردفاع نے کہاکہ بھارت پہلگام واقعے پر دوسروں پر الزام دھرنے کے بجائے خود احتسابی کرے،تفتیش کر کے ذمہ داروں کو تلاش کرے، پاکستان پر الزام لگانا نامناسب بات ہے،یہ امکان بھی ہے کہ پہلگام حملہ خود بھارت کا ”فالس فلیگ آپریشن”ہو۔انہوںنے کہاکہ کوئی بھارت سے بھی تو پوچھے کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ لوگ مارے جا رہے ہیں تو وہاں کئی عشروں سے موجود سات لاکھ فوج کر کیا رہی ہے؟۔وزیر دفاع نے کہاکہ دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی ہو ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہے، پاکستان دہائی سے دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے، جو دہشت گردی کا شکار ہیں وہ کیسے دہشت گردی کو فروغ دیں گے، پاکستان کی افواج ہر جگہ دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہیں۔

لوگ ہمیشہ مجھے کہتے ہیں میں ماہرہ خان جیسی دکھتی ہوں، سنیتا مارشل

کراچی (این این آئی)پاکستان شوبز کی اداکارہ سنیتا مارشل نے کہاہے کہ لوگ اکثر مجھے کہتے ہیں کہ میرا چہرہ ماہرہ خان سے ملتا ہے۔نجی ٹی وی پروگرام میں میزبان اشنا شاہ نے سنیتا مارشل کی اداکارہ ماہرہ خان سے مشابہت پر سوال کیا۔جس پر سنیتا مارشل نے انکشاف کیا کہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ لوگ انہیں ماہرہ خان سے ملاتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ میں ماہرہ سے ملتی ہوں۔اشنا شاہ نے کہا کہ آپ کے ہونٹ ماہرہ خان سے ملتے ہیں جو خوبصورت ہیں۔ سنیتا نے کہاکہ میرے ہونٹ بڑے ہیں شائد اسی لئے ماہرہ جیسی لگتی ہوں۔

کترینہ کیف کی بہن ازابیل کیف نے بالی ووڈ میں انٹری، پہلی فلم کا ٹیزر ریلیز

ممبئی (این این آئی)بھارتی سپر سٹار، اداکارہ و ماڈل کترینہ کیف کی بہن ازابیل کیف نے پہلی بالی ووڈ فلم کا ٹیزر ریلیز کر دیا گیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق ازابیل کیف نے رومانوی مزاحیہ فلم سسواگتم خوش آمدید کے ذریعے بطور مرکزی اداکارہ فلمی دنیا میں انٹری دی ہے۔فلم میں ازابیل کیف کے ساتھ پلکت سمرات مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گے، ریلیز ہونے والا ٹیزر فلم کی ہنسی مذاق سے بھرپور اور محبت بھری کہانی کی جھلک پیش کرتا ہے۔فلم کی ہدایتکاری دھیرج کمار نے کی ہے اور کہانی ایک ایسی محبت کے گرد گھومتی ہے جو ثقافتی حدود کو عبور کرتی ہے، فلم میں مزاح، جذبات اور ایک خوبصورت سماجی پیغام کو دلکش انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ سسواگتم خوش آمدید کو 16مئی 2025ء کو سنیما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔پلکت سمرات نے فلم کا ٹیزر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ دو دل، دو ثقافتیں، ایک بے مثال محبت کی کہانی۔فلم کی کاسٹ میں پلکت سمرات اور ازابیل کیف کے علاوہ سہیل وید، پرینکا سنگھ، آنجہانی رتوراج سنگھ، میگھنا ملک اور ارون بالی بھی شامل ہیں۔

پاکستان سپر لیگ 10کے اگلے میچز (کل )سے لاہور قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے

لاہور ( این این آئی)کمشنر لاہور زید بن مقصود کی زیر صدارت کل (جمعرات )24اپریل سے لاہور قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ 10کے اگلے میچز کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر لاہور نے پی ایس ایل میچز کے حوالے سے پی سی بی، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ محکموں سے تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ لی۔ ضلعی انتظامیہ نے انتظامات بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قذافی سٹیڈیم میچز کے لئے ریسکیو 1122کیمپ، فیلڈ ہسپتال، کنٹرول رومز اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ سنٹرز قائم ہونگے، پی سی بی کنٹرول روم کے علاوہ خصوصی کنٹرول رومز بنیں گے، قزافی سٹیڈیم کے باہر 4پارکنگ سائٹس ہونگی، دو نشتر کمپلیکس میں ہونگی، لیپارک انتظامات کو یقینی بنائے گی، ریسکیو 1122کے اہلکار و ایل ڈبلیو ایم سی کے ورکرز پی ایس ایل میچز کیلئے ان سائیڈ و آئوٹ سائیڈ موجود ہونگے۔کمشنر لاہور نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ 10کے اگلے میچز 24اپریل سے لاہور قذافی اسٹیڈیم میں ہونگے، تمام متعلقہ محکمے شیڈول اور طریقہ کار کے مطابق پی ایس ایل میچز کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس ٹریفک فلو کو برقرار رکھنے کے لئے ٹریفک پلان ترتیب دے اور شہریوں کو ٹریفک پلان بارے رہنمائی دی جائے، ٹریفک پولیس سٹریٹیجی ترتیب دیں کہ ٹیمز کی موومنٹ کے دوران شہریوں کو آمدورفت میں کم سے کم مشکل کا سامنا ہو، کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ سٹیڈیم کے اندر اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور سٹینڈرڈز پر سخت چیک لگائیں۔کمشنر لاہور کی ہدایت پر بعد ازاں ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف نے بھی انتظامات کے حوالے سے تمام محکموں سے بریفنگ لی۔اجلاس میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122، پی سی بی افسران سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ایف بی آر کا پاکستان کسٹمز کے گریڈ 16سے اوپر کے افسران کو مالی انعامات دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (این این آئی)ایف بی آرنے پاکستان کسٹمز سروس کے گریڈ 17اور اس سے اوپر کے کیڈر افسران کو عہدے کے مطابق مالی انعامات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ایف بی آر نے کسٹمز ایکٹ 1969ء کی دفعہ 210اور دفعہ 20213ء کے تحت حاصل اختیارات کے تحت نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے ذریعے 26نومبر 2012ء کو جاری کردہ ایس آر او میں مزید ترمیم کی گئی ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ قواعد میں رول تین کے سب رول دو کے بعد ایک نیا سب رول تین شامل کیا گیا ہے جس کے تحت پاکستان کسٹمز سروس کے گریڈ 17اور اس سے اوپر کے کیڈر افسران کو مالی انعام دیا جائے گا۔یہ انعام کارکردگی مینجمنٹ اور ایف بی آر کے منظور شدہ ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت ان کی کارکردگی کی درجہ بندی کی بنیاد پر منظور کیا جائے گا، یہ اقدام محکمے کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے اور افسران کی حوصلہ افزائی کے لیے اٹھایا گیا ہے۔