All posts by mshijazi

کفرٹوٹا’بابر اعظم پی ایس ایل میں 400 چوکے لگانے والے پہلے بیٹر

لاہور(این این آئی)پاکستان کے سپر اسٹار بیٹر بابر اعظم نے پی ایس ایل 10 میں لاہور قلندرز کے خلاف ایک ہی میچ میں لیگ کی تاریخ کے کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔طویل عرصہ سے بیٹنگ میں جدوجہد کرنے والے پاکستان کے اسٹار بیٹر اور پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی قیادت کرنے والے بابر اعظم نے لاہور قلندرز کے خلاف نا قابل شکست نصف سنچری اسکور کر کے اپنی ٹیم کو دوسری فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔تاہم اس کے ساتھ ہی وہ پی ایس ایل میں کئی ریکارڈز اپنے نام کرنے میں بھی کامیاب رہے۔بابر اعظم نے لاہور قلندرز کے خلاف 42 گیندوں پر 56 رنز کی اننگ کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ اس اننگ میں انہوں نے ایک چھکا لگانے کے ساتھ 7 چوکے بھی لگائے۔اس کے ساتھ ہی وہ پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں 400 چوکے لگانے والے پہلے بیٹر بن گئے۔ اس فہرست میں فخر زمان 254 چوکوں کے ساتھ دوسرے جب کہ محمد رضوان 236 چوکے لگا کر تیسرے نمبر پر ہیں۔

ڈکی بھائی کیخلاف نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس نے کارروائی کا آغاز کردیا

لاہور(این این آئی)معروف پاکستانی یوٹیوبر ڈکی بھائی کے خلاف نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس نے کارروائی کا آغاز کردیا۔تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں انہیں ہائی وے پر ڈرائیونگ کے دوران اپنی گاڑی کو آٹو موڈ پر لگا کر گاڑی کے اسٹیئرنگ پر ٹانگیں رکھ کر سوتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ڈکی بھائی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی بڑی تعداد نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور یوٹیوبر کے اس اقدام کو غیر ذمے دارانہ قرار دیتے ہوئے ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔صارفین نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس کو باضابطہ شکایات درج کروائی تھیں۔صارفین کی شکایات پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے یوٹیوبر سعد رحمن کے خلاف غفلت، لاپرواہی سے گاڑی چلانے اور اوور اسپیڈنگ کا مقدمہ درج کرلیا ۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ڈکی بھائی کی اسٹیئرنگ پر پاؤں رکھ کر گاڑی چلانے کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام بھی جاری کیا ہے۔

عمران اشرف کی طبیعت ناساز، مداحوں سے دعاؤں کی اپیل

کراچی(این این آئی)پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمران اشرف کی طبیعت ناساز ہو گئی۔اداکار عمران اشرف نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن انسٹاگرام کے اکاؤنٹ پر اپنی صحت سے متعلق مداحوں کے ساتھ اپ ڈیٹ شیئر کی ہے۔اداکار نے اسٹوری شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ بہتر محسوس نہیں کر رہا ہوں۔عمران اشرف نے اسٹوری میں مداحوں سے اپیل کی ہے کہ مجھے دعاؤں کی ضرورت ہے، میری صحت یابی کیلئے دعا کریں۔

بشری انصاری کی زارا نور عباس کے کلاسیکل ڈانس کی تعریف

کراچی (این این آئی)بشری انصاری نے زارا نور عباس کے کلاسیکل ڈانس کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔پاکستان کی سینئر اور ورسٹائل اداکارہ بشری انصاری حال ہی میں اپنی بھانجی زارا نور عباس کے کلاسیکل ڈانس کی تعریف کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کی زد میں آ گئیں۔زارا نور عباس معروف اداکارہ اسما عباس کی بیٹی اور بشری انصاری کی بھانجی ہیں، وہ اپنی اداکاری کے ساتھ ساتھ رقص سے بھی گہرا شغف رکھتی ہیں۔زارا نور عباس نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام اکانٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ کلاسیکل ڈانس کی ریہرسل کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔ویڈیو کے کیپشن میں زارا نے بتایا ہے کہ حمل کے دوران میں نے ڈانس کرنا چھوڑ دیا تھا، لیکن اب دوبارہ مشق کر رہی ہوں، فی الحال میرے ڈانس میں مہارت اور نرمی کی کمی ہے، لیکن میں بہتر ہونے کی کوشش کر رہی ہوں۔مداحوں کی جانب سے ویڈیو کو کافی پزیرائی ملی، مگر کچھ صارفین نے تنقید بھی کی، خاص طور پر جب بشری انصاری نے کمنٹ سیکشن میں زارا کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے لکھا کہ یہ میری اچھی لڑکی ہے، پلیز اب اسے مت روکنا! ہفتے میں ایک بار مجھے آپ سے یہ فن چاہیے! ماشا اللہ۔

اگر مجھے موقع ملا تو میں آئی پی ایل کھیلوں گا ، محمد عامر

اسلا م آباد(این این آئی)پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے پاکستانی اور بھارتی لیگز میں انتخاب سے متعلق ایک بار پھر لب کشائی کر تے ہوئے کہاہے کہ اگر مجھے موقع ملا تو میں آئی پی ایل کھیلوں گا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے پیسر سے جب ایک ٹی وی پروگرام میں پوچھا گیا کہ شیڈول متصادم ہونے کی صورت میں وہ پی ایس ایل اور آئی پی ایل میں سے کس کا انتخاب کریں گے تو انہوں نے لگی لپٹی رکھنے کے بجائے کہا کہ صاف بات تو یہ ہے کہ اگر مجھے موقع ملا تو میں آئی پی ایل کھیلوں گا اور میں یہ بات سب کے سامنے کہہ رہا ہوں۔محمد عامر نے کہا کہ اگر مجھے اگر ایسا کوئی موقع نہیں ملتا تو پھر میں پی ایس ایل میں حصہ لوں گا، آئندہ برس تک مجھے بھارتی لیگ میں شرکت کا موقع مل سکتا ہے، اگر ایسا ہوتا ہے تو اس میں کیا مضائقہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ آئندہ برس بھی دونوں لیگز متصادم ہوں گی، اس بار تو چیمپیئنز ٹرافی کی وجہ سے ایسا ہوا۔محمد عامر نے کہا کہ اگر مجھے پہلے پی ایس ایل میں منتخب کر لیا گیا تو پھر میں دستبردار نہیں ہو سکوں گا، اگر ایسا ہوا تو پھر مجھ پر ٹورنامنٹ میں شرکت پر پابندی لگا دی جائے گی۔یاد رہے کہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث رہنے والے محمد عامر اب برطانوی شہریت کے حامل ہیں۔

پریانکا چوپڑا کی نئی ہالی ووڈ فلم ہیڈز آف اسٹیٹ کا سنسنی خیز ٹریلر جاری

ممبئی (این این آئی)عالمی شہرت یافتہ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی نئی ہالی ووڈ فلم ہیڈز آف اسٹیٹ کا سنسنی خیز ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے، جس میں وہ عالمی سازش کے خلاف جان ہتھیلی پر رکھ کر لڑتی دکھائی دے رہی ہیں۔فلم میں ایکشن، ایڈونچر اور ہنسی کے تڑکوں کا زبردست امتزاج ہے، جس میں پریانکا کے ساتھ جان سینا، ادریس البا اور جیک کوائیڈ جیسے بڑے نام شامل ہیں۔فلم کی کہانی ایک بین الاقوامی مشن پر مبنی ہے، جہاں امریکی صدر (جان سینا)اور برطانوی وزیرِ اعظم (ادریس البا)دشمنوں کے نرغے میں پھنس جاتے ہیں، ان کی جان بچانے اور دنیا کو ایک بڑی تباہی سے بچانے کے لیے میدان میں آتی ہیں پریانکا چوپڑا بطور خفیہ ایجنٹ نوئل بسے، ٹریلر میں دکھائے گئے مناظر ہوش اڑا دینے والے ہیں، جن میں ہوائی جہاز پر حملہ، ایکشن سے بھرپور جھڑپیں اور 2 عالمی رہنماں کو بچانے کی سنسنی خیز جدوجہد شامل ہے۔فلم 2 جولائی 2025 کو پرائم ویڈیو پر ریلیز ہو گی اور ناظرین اسے انگریزی، ہندی، تمل، تیلگو اور ملیالم زبانوں میں دیکھ سکیں گے۔

مودی سن لے، دریائے سندھ ہمارا ہے، اس میں یا تو ہمارا پانی بہے گا یا خون، بلاول بھٹو

سکھر(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے مودی سرکار کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہاہے کہ مودی سن لے، دریائے سندھ ہمارا ہے، اس میں یا تو ہمارا پانی بہے گا یا ان کا خون، ہم ڈٹ کر بھارت کا مقابلہ کریں گے، ہماری فوج بھارت کو منہ توڑ جواب دے گی۔سکھر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا تو بھارت نے پاکستان پر الزام لگا دیا، مودی نے پاکستان پر جھوٹے الزامات لگائے ہیں، ہماری افواج بھارت کو منہ توڑ جواب دے گی۔بلاول بھٹو نے کہاکہ ہر پاکستانی سندھو کا سفیر بن کر کہے گا سندھو پر ڈاکہ نا منظور، یہ دریا ہم سب کا ہے، دشمن کی آنکھ ہمارے دریا پر ہے، سندھ دریا سے ہمارا پانی بہے گا یا ان کا کا خون بہے گا، مودی کی سندھو کے حوالے سے کوششیں ناکام کروائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے طے کر لیا ہے کہ نیا کینال عوام کی مرضی کے بغیر نہیں بنے گا، تمام صوبوں کی رضا مندی کے بغیر کینال نہیں بن سکتے، طے ہوگیا ہے کہ آپ کی مرضی کے بغیر کوئی نئی نہر نہیں بنے گی۔پی پی پی چیئرمین نے کہاکہ سندھ نے اپنے اعتراضات مشترکہ مفادات کونسل میں رکھے ہیں، سندھ حکومت نے پانی کے معاملے پر جولائی سے اعتراضات کیے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہاکہ پیپلز پارٹی کا یکم مئی کو میرپورخاص میں جلسہ ہوگا، 2 مئی کو مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہوگا، تمام صوبوں کی مرضی کے بغیر کوئی کینالز نہیں بنیگی،یہ ممکن نہیں ہوتا اگر پیپلزپارٹی کیجیالے جدوجہد نہیں کرتے، باہمی مشاورت کے بعد زرعی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے، معاہدے کے تحت پانی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ جن منصوبوں پر اتفاق رائے نہیں ہوگا وہ منصوبہ واپس متعلقہ ادارے کو بھیجا جائیگا۔

مودی سرکار کی نفرت کی سیاست بھارت کے درجنوں ٹکرے کرے گی،خواجہ آصف

اسلام آباد(این این آئی)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ مودی سرکار کی نفرت کی سیاست بھارت کے درجنوں ٹکرے کرے گی،پاکستان پہ الزام لگانے سے پہلے اپنی منجھی تھلے ڈانگ پھیرو۔جمعہ کووزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ مودی سرکار جان لے جب آپ کشمیر میں لاکھوں کی آبادی کو سالوں محصور رکھیں، مستقل کرفیو نافذ ر کھیں، ان پہ زندگی تنگ کر دیں، 10لاکھ فوج مسلط کرکے پوری نسل کو یرغمال بنالیں اور ظلم کی انتہا کر دیں تو مودی پھر اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں، پاکستان پہ الزام لگانے سے پہلے اپنی منجھی تھلے ڈانگ پھیرو، یہ واردات آپ کی دہشت گردانہ ذہنیت کا کارنامہ ہے یا پھر”ظلم پھر ظلم بڑھتا ھے تو مٹ جاتا ہے …خون پھر خون ہے ٹپکے گا تو جم جائے گا”۔خواجہ آصف نے کہا کہ مودی سرکار کی نفرت کی سیاست منی پور، ناگا لینڈ، تری پورہ، چھتیس گڑھ، پنجاب، کشمیر اور بہت سے علاقے بھارت کے درجنوں ٹکرے کرے گی۔انہوںنے کہاکہ محبت اور رواداری بانٹیں آپ گجرات کے نہیں، ہندوستان کے وزیراعظم ہیں جو قومیتوں اور مذاہب کا مجموعہ ہے، ہندو توا کا پرچار بھارت کے اتنے ٹکرے کرے گا، آپ سے گنتی بھی نہیں ہوگی۔وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت کے اندر بھی شانتی رکھیں اور ہمسایوں سے بھی شانتی سے رہیں،دہشت گردی کینیڈا امریکہ اور ہمسایوں کو ایکسپورٹ نہ کریں، اپنی اوقات میں رہیں۔

فواد خان اور وانی کپور کی فلم کیخلاف سوشل میڈیا پر بائیکاٹ مہم زور پکڑ گئی

ممبئی (این این آئی)پہلگام واقعے کے بعد پاکستان کے سپر اسٹار فواد خان کی بالی ووڈ فلم ابیر گلال کی ریلیز خطرے میں پڑگئی ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں منگل کے روز پیش آنے والے واقعے میں 26 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر سیاح شامل تھے۔ اس واقعے کے بعد فواد خان اور بھارتی اداکارہ وانی کپور کی فلم شدید تنقید کی زد میں آ گئی ہے اور بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے خلاف سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔فلم ابیر گلال کا ٹیزر یکم اپریل کو جاری کیا گیا تھا، یہ فلم جو پہلے ہی تنقید کی زد میں تھی اب اس کی ریلیز اور کامیابی متاثر ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ فلم کیخلاف سوشل میڈیا پر بائیکاٹ مہم کا آغاز کیا جاچکا ہے۔بھارتی شدت پسند حلقے کی جانب سے اس فلم میں فواد خان کو کاسٹ کرنے پر اعتراض کیا جا رہا ہے۔ بھارتی فلم اور ٹیلی ویژن ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اشوک پنڈت نے فلم کی ریلیز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک فلم نہیں بلکہ قومی سلامتی کا مسئلہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنا اس وقت قابلِ قبول نہیں جب ان کا ملک بھارت کے خلاف سرگرم ہو۔ یہی نہیں انہوں نے کرکٹ میچز اور بین الاقوامی شوز میں پاکستانی فنکاروں کی شرکت پر بھی سوالات اٹھائے۔دوسری جانب فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز (FWICE) کے صدر بی این تیواری نے بھی اعلان کیا کہ وہ ابیر گلال کی بھارت میں ریلیز کی اجازت نہیں دیں گے، اور اگر فلم ریلیز ہوئی تو سخت کارروائی کی جاسکتی ہے جبکہ عوام کی جانب سے بھی سخت ردعمل آئے گا۔یاد رہے کہ فواد خان فلم جو پہلے بھی کئی بھارتی فلموں میں کام کر چکے ہیں ابیر گلال کیساتھ طویل مدت کے بعد واپسی کر رہے تھے تاہم اب ان کی بالی ووڈ میں واپسی خطرے میں دکھائی دے رہی ہے۔

ایمن اور منال کے بھائی معاذ خان کی شادی کی تقریبات کا آغاز

کراچی (این این آئی)ادکارہ بہنوں ایمن خان اور منال خان کے بھائی معاذ خان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہو گیا، مایوں کی خوبصورت تصاویر منظرِ عام پر آ گئیں۔پاکستان کی معروف اور باصلاحیت اداکارہ ایمن خان اور منال خان کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے، کیونکہ ان کے چھوٹے بھائی معاذ خان کی شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ گزشتہ برس معاذ خان کا نکاح صبا کے ساتھ ایک سادہ اور نجی تقریب میں انجام پایا تھا اور اب ان کی مایوں کی خوبصورت تقریب کراچی میں منعقد ہوئی ہے۔مایوں کی تقریب نہایت رنگا رنگ اور خوشیوں بھری تھی، جس میں خاندان کے قریبی عزیز و اقارب اور دوست احباب نے شرکت کی۔ایمن خان اس موقع پر نیلے رنگ کے دیدہ زیب لباس میں جلوہ گر ہوئیں، جس پر سنہری کڑھائی اور گوٹے کا کام کیا گیا تھا، ان کے انداز نے سوشل میڈیا پر خوب داد سمیٹی۔منال خان نے بھی روایت کے مطابق ایک خوبصورت آتشی گلابی اور سنہری جوڑا زیب تن کیا، جس میں وہ نہایت دلکش دکھائی دے رہی تھیں۔دولہا معاذ خان نے سفید روایتی کرتا شلوار پہنا، جبکہ دلہن صبا نے آتشی گلابی اور نیلے رنگ کے امتزاج سے تیار کردہ خوبصورت لباس کا انتخاب کیا، جو ان کے ذاتی برانڈ MK Wears کی تخلیق تھا۔ان کی جوڑی نہایت خوبصورت اور خوش باش نظر آئی اور سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے خوب پسند کی جا رہی ہے۔سوشل میڈیا پر ان لمحات کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔مداح اس خوبصورت جوڑی کے لیے نیک تمناں کا اظہار کر رہے ہیں اور شادی کی دیگر تقریبات کے منتظر ہیں۔

کھیل کے دوران پاس رہ کر ان کی رہنمائی کرنا چاہتا ہوں، محمد رضوان

ملتان (این این آئی)پی ایس ایل 10 میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے وکٹ کیپنگ نہ کرنے کی وجہ بیان کردی۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ میں فیلڈرز کے قریب رہنا چاہتا ہوں، ان سے براہ راست گفتگو کرنے کی وجہ سے وکٹ کیپنگ نہیں کررہا۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کے بولرز ایسے کھلاڑی ہیں جو پیشہ ورانہ کرکٹ میں نئے ہیں، عبید شاہ جیسے کھلاڑیوں نے ابھی تک وہ تجربہ حاصل نہیں کیا جو ہمارے زیادہ تجربہ کار بولرز کو حاصل ہوسکتا ہے۔محمد رضوان نے کہا کہ میں کھیل کے دوران ان کی رہنمائی کرنا چاہتا ہوں، یہ سمجھنا چاہتا ہوں کہ ان کے ذہنوں میں کیا چل رہا ہے اور ان کی مدد بھی کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ دستانے نہ پہن کر آزادانہ طور پر گھوم سکتے ہیں اور کھلاڑیوں سے گفتگو کرسکتے ہیں جو تیم کے حوصلے اور ہم آہنگی کے لیے بہت ضروری ہے۔واضح رہے کہ رضوان کی جگہ سلطانز کی وکٹ کیپنگ کے فرائض عثمان خان انجام دے رہے ہیں۔ملتان سلطانز نے کل لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں پہلی کامیابی حاصل کی جبکہ آج ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

پی ایس ایل 10، محمد رضوان اور کولن منرو پر بھاری جرمانہ

لاہور ( این این آئی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)سیزن 10کے 13ویں میچ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو پر جرمانہ عائد کردیا گیا، دونوں کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کے درمیان گرما گرمی کا واقعہ ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہونے والے ایک میچ کے دوران پیش آیا، جب افتخار احمد کے بالنگ ایکشن پر اعتراض کے باعث محمد رضوان اور کولن منرو آمنے سامنے آگئے تھے۔اس موقع پر میدان میں تنا کی کیفیت پیدا ہوئی تاہم امپائرز نے فوری مداخلت کرتے ہوئے معاملہ رفع دفع کروایا۔پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، جس پر دونوں کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔واقعے کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے امپائرز کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے نظم و ضبط کی پاسداری کی یقین دہانی کرائی ہے۔لیگ انتظامیہ نے تمام کھلاڑیوں کو یاد دہانی کروائی ہے کہ پی ایس ایل ایک بین الاقوامی سطح کی لیگ ہے اور اس میں کھیل کے اصولوں، سپورٹس مین اسپرٹ اور ضوابط کی پابندی انتہائی اہم ہے۔